Tag: تائیوان

  • تائیوان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، ایمرجنسی نافذ

    تائیوان میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، ایمرجنسی نافذ

    تائیوان میں طوفان دناس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، 2 افراد کے ہلاک جبکہ 330 سے زائد کے زخمی ہونے اطلاعات ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تائیوان کے جنوبی علاقوں میں طوفان دناس نے ریکارڈ 220 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہواؤں اور شدید بارشوں نے تباہی مچادی، جس کے باعث دو افراد ہلاک اور 330 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث 5 لاکھ گھروں کی بجلی منقطع، اسکول بند اور 300 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

    چین نے ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، جہاں طوفان کے جلد پہنچنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب امریکی ریاست ٹیکساس کے وسطی علاقوں میں شدید بارش نے تباہی پھیلا دی جہاں سیلاب کے باعث مختلف حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد 50 ہوگئی۔

    خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس میں امدادی کارکنوں نے مزید درجنوں کیمپرز، چھٹیاں گزارنے والوں اور رہائشیوں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے۔

    ٹیکساس حکام نے بتایا کہ سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ کیر کاؤنٹی میں تباہی کے مرکزی مقام سے باہر کے علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

    حکام نے بتایا کہ سان انتونیو کے شمال مغرب میں تقریباً 85 میل شمال مغرب میں دریائے گواڈیلوپے کے اردگرد کے علاقے میں اچانک طوفان کے نتیجے میں 38 سینٹی میٹر بارش ہونے کے بعد 850 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا جن میں سے کچھ درختوں سے چمٹے ہوئے تھے۔

    مصر میں دو گاڑیوں میں خوفناک تصادم، 9 جاں بحق، 11 شدید زخمی

    ہلاک شدگان میں 15 بچے بھی شامل ہیں جبکہ کئی لڑکیاں تاحال لاپتا ہیں۔ مختلف علاقوں میں کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ مکانات اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں۔

    درخت گرنے سے راستے بند ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے آٹھ سو افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ ریاست کے گورنر گریگ ایبٹ نے ہنگامی حالت کا دائرہ کئی علاقوں تک وسیع کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مزید وفاقی امداد کی درخواست کی ہے۔

  • تائیوان میں زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    تائیوان میں زلزلہ، عمارتیں لرز اُٹھیں

    تائیوان کے شمال مشرق میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جس سے لوگ خوفزدہ ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کا کہنا ہے کہ تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں عمارتیں لرز اٹھیں، زلزلے کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی۔

    یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلہ تقریباً 70 کلو میٹر (43 میل) کی گہرائی میں تائی پے کے قریب یلان کاؤنٹی میں آیا ہے۔

    یلان فائر حکام کے مطابق فوری طور پر نقصان یا زخمیوں کے حوالے سے کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ تائیوان میں آخری بار بڑا زلزلہ اپریل 2024ء میں آیا تھا، جس کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی تھی۔ مہلک زلزلہ 25 سال میں سب سے زیادہ طاقت ور تھا۔

    اُس وقت آنے والے زلزلے سے تقریباً 17 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ زلزلے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور ہوالین کے آس پاس کی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

    میانمار میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 3,471 تک پہنچ گئی

    دوسری جانب میانمار میں آنے والے خوفناک زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بارش کے باعث امدادی سرگرمیاں شدید متاثر ہیں، ہزاروں افراد تباہ شدہ گھروں کے ملبے پر کھلے آسمان تلے میدانوں میں رہنے پر مجبورہیں۔

    میانمار میں 28 مارچ کو سات اعشاریہ سات شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں ہلاکتوں کی تعداد 3,471 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 4,671 افراد شدید زخمی ہیں۔

  • آبنائے تائیوان سے کینیڈین بحری جہاز گزرنے پر چین کو غصہ آ گیا

    آبنائے تائیوان سے کینیڈین بحری جہاز گزرنے پر چین کو غصہ آ گیا

    تائپے: کینیڈا کے جنگی بحری جہاز کی آبنائے تائیوان آمد پر چین نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے کینیڈین جنگی جہاز کی آبنائے تائیوان میں آمد پر غصے کا اظہار کیا ہے، چین کی فوج نے پیر کو کہا کہ آبنائے سے گزرنے والا کینیڈا کا جنگی جہاز حساس آبی گزرگاہ میں ’’امن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔‘‘

    چینی فوج کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ کینیڈا کے اقدامات جان بوجھ کر مشکلات میں اضافہ کرنے اور آبنائے تائیوان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔

    ترجمان نے کہا چین نے مانیٹرنگ کے لیے اپنی فضائی اور بحری افواج کو علاقے کی طرف روانہ کر دیا ہے اور وہ تمام خطرات اور اشتعال انگیزیوں کا سختی سے مقابلہ کرے گا۔

    دنیا کا اسٹیج چین کے حوالے کرنے پر امریکا زندگی بھر افسوس کرتا رہے گا، سابق برطانوی وزیر اعظم کا انٹرویو

    کینیڈا نے چین کے رد عمل پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس نے پیر کی صبح 6 بجے سے 24 گھنٹوں کے دوران جزیرے کے قریب 41 چینی طیارے اور 9 جنگی جہاز ریکارڈ کیے ہیں۔

    تائیوان کی وزارت دفاع نے پیر کو کہا کہ آبنائے کا تعلق چین سے نہیں ہے، یہ تائیوان کا ہے، اور تناؤ پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش سے عالمی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔

    واضح رہے کہ اتوار کو کینیڈا کا بحری جنگی جہاز آبنائے تائیوان سے گزرا تھا۔ بیجنگ تائیوان کو ایک باغی صوبے کے طور پر دیکھتا ہے اور اس جزیرے کو چینی سرزمین سے الگ کرنے والے پانیوں پر دائرہ اختیار کا دعویٰ کرتا ہے۔

    دوسری طرف امریکا اور اس کے اتحادی باقاعدگی سے اس 180 کلومیٹر (112 میل) آبنائے سے گزرتے ہیں، تاکہ اس کی حیثیت ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ کے طور پر مستحکم کی جا سکے، تاہم اس پر چین شدید ناراض ہوتا ہے۔

  • پیجرز کس نے بنائے؟ تائیوان کی کمپنی کا بڑا بیان سامنے آ گیا

    پیجرز کس نے بنائے؟ تائیوان کی کمپنی کا بڑا بیان سامنے آ گیا

    تائپے: لبنان میں ہزاروں لوگوں کو نشانہ بنانے والے پیجرز کے ہولناک دھماکوں کے سلسلے میں تائیوان کی کمپنی کا اہم بیان سامنے آ گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان کی وائرلیس کمپنی ’’گولڈ اپولو‘‘ نے آج بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ انھوں نے وہ پیجرز نہیں بنائے جو منگل کو لبنان میں ہونے والے دھماکوں میں استعمال کیے گئے۔

    روئٹرز کے مطابق تباہ شدہ پیجز کی تصاویر کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ ان میں پچھلے حصے پر ایک خاص قسم کا فارمیٹ اور اسٹیکرز تھے، جو گولڈ اپولو کے بنائے ہوئے پیجرز سے مطابقت رکھتے تھے۔ تاہم کمپنی کے بانی ہسُو چنگ کوآنگ نے کہا یہ پیجرز ان کے بنائے ہوئے نہیں تھے۔

    منگل کے روز لبنان بھر میں حزب اللہ کے ارکان کے زیر استعمال پیجرز کے دھماکوں میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور تقریباً 3000 زخمی ہوئے ہیں۔ کمپنی کے بانی نے کہا کہ دھماکے میں استعمال ہونے والے پیجرز یورپ کی ایک کمپنی نے بنائے تھے، جسے تائیوان کی فرم کے برانڈ کو استعمال کرنے کا حق حاصل تھا۔

    تائیوان کے بنائے گئے پیجرز کس کام کے لیے استعمال ہوتے ہیں؟

    تائیوان کی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر جھائی چرن لیو نے کہا کہ یہ خیال کہ تائیوان کی کوئی بھی فرم لبنان کی حزب اللہ پر حملے میں ملوث ہو جائے گی، نہ صرف ناممکن بلکہ ناقابل تصور خیال ہے۔

    واضح رہے کہ بین الاقوامی میڈیا میں لبنان میں حملوں میں استعمال ہونے والے پیجرز کے بارے میں یہ تبصرے شائع ہوئے ہیں کہ یہ تائیوان کی کمپنی گولڈ اپولو نے بنائے تھے۔ تاہم کمپنی نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آلات یورپ کی ایک کمپنی نے بنائے تھے جسے اس کا برانڈ استعمال کرنے کا حق حاصل تھا۔

    لیو نے الجزیرہ کو بتایا کہ گولڈ اپولو ایک چھوٹی کمپنی ہے، پیجر بنانے میں مہارت رکھتی ہے، خاص طور پر وہ قسمیں جو عام طور پر شاپنگ مالز میں کھانے کے اسٹالوں میں استعمال ہوتی ہیں، تاکہ گاہکوں کو مطلع کیا جا سکے کہ کھانا یا میز تیار ہے۔

    اسرائیل نے پیجرز میں دھماکا خیز ڈیوائس کب اور کیسے نصب کی؟ سنسنی خیز انکشاف

    انھوں نے کہا کہ یہ کمپنی 1995 میں قائم ہوئی تھی، جس کی مالیت تقریباً 3 ملین ڈالر تھی اور اس میں 35 ملازمین تھے۔ اگرچہ تائیوان تمام پہلوؤں سے امریکا کے بہت قریب رہا ہے، مجھے یقین نہیں ہے کہ تائیوان میں کوئی بھی کمپنی اس طرح کی مہلک سازش میں ملوث ہوگی، کیوں کہ تائیوان ایک کھلا معاشرہ اور مکمل جمہوریت ہے۔

  • تائیوان کے مشرقی ساحل پر  5.8 شدت کا زلزلہ

    تائیوان کے مشرقی ساحل پر 5.8 شدت کا زلزلہ

    تائیوان کے مشرقی ساحلی علاقے میں 5.8 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے نتیجے میں عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تائیوانی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جمعہ کو آنے والے زلزلے کی شدت سے دارالحکومت تائپے میں عمارتیں لرز گئیں۔

    حکام کے مطابق تائیوان کے مشرقی ساحل ہوالین کاؤنٹی پر آنے والے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ فوری طور پر کسی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ تائیوان کے مشرقی علاقے میں 6.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ کاؤنٹی ہوالین میں زلزلے کے شدید جھٹکے ریکارڈ کیے گئے تھے۔

    امریکی ریاست نیو جرسی اور نیو یارک میں بھی زلزلہ

    زلزلہ 5.5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ شدید زلزلے سے دارالحکومت تائی پے کی عمارتیں لرز گئی تھیں۔

  • تائیوان میں موسم خزاں کو خوش آمدید کہنے کا منفرد انداز

    تائیوان میں موسم خزاں کو خوش آمدید کہنے کا منفرد انداز

    تائی پے: تائیوان کا آسمان موسم خزاں کی آمد پر روشنیوں سے جگمگا اٹھا ہے، فضا میں ہزاروں کاغذی لالٹینیں چھوڑی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشرقی ایشیا کے ملک تائیوان میں موسم خزاں کو منفرد انداز میں خوش آمدید کہا جاتا ہے، گزشتہ روز شہر تائی پے میں رات میں دن کا سماں ہو گیا تھا جب آسمان ہزاروں لالٹینوں سے سج گیا، ہزاروں لوگوں نے سالانہ فیسٹیول میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

    چھبیسویں سالانہ لالٹین فیسٹول میں بچوں اور بڑوں نے اچھی صحت اور خوش قسمتی کی دعاؤں کے پیغامات لکھ کر ہزاروں کاغذی لالٹینیں فضا میں چھوڑیں، رات کی تاریکی میں جلتی لالٹینوں کے دلکش نظاروں سے رات حسین ہو گئی۔

    لینٹرن فیسٹیول میں تائیوان کے شہری روایتی طور پر لالٹینوں پر اپنی خواہشات لکھ کر اس یقین کے ساتھ فضا میں چھوڑتے ہیں کہ یہ ان کے لیے وافر فصل لے کر آئیں گی، خواتین ایک اور بیٹے کی خواہش کرتی ہیں تاکہ کام کرنے والے ہاتھوں میں اضافہ ہو۔ عقیدے کے مطابق یہ لالٹینیں آسمان کی طرف اڑتی ہیں اور لوگوں کی خواہشات کو خدا تک پہنچاتی ہیں۔

    لالٹین فیسٹیول کو ’چھوٹا نیا سال‘ بھی کہا جاتا ہے، اس موقع پر تین کام کیے جاتے ہیں یعنی لالٹینیں فضا میں چھوڑنا، خدا کی عبادت کرنا، اور چاول کے آٹے سے بنائے گئے خاص قسم کے سموسے (ڈمپلنگز) کھانا۔

  • دنیا کی تیسری سب سے طاقت ور ہوائیں پیدا کرنے والے طوفان نے تائیوان میں تباہی مچا دی

    دنیا کی تیسری سب سے طاقت ور ہوائیں پیدا کرنے والے طوفان نے تائیوان میں تباہی مچا دی

    پنگٹونگ: دنیا کی تیسری سب سے طاقت ور ہوائیں پیدا کرنے والے سمندری طوفان کوئینو نے جنوبی تائیوان میں تباہی مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو علی الصبح جنوبی تائیوان سے ٹکرا کر زمرہ فور کے ٹائفون کوئینو نے طاقت ور طوفانی ہوائیں پیدا کیں، جس سے ایک شخص ہلاک اور 304 زخمی ہو گئے ہیں۔

    دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق یہ دنیا بھر میں اب تک ریکارڈ کی گئیں تیسری تیز ترین ہوائیں تھیں، جب کہ تائیوان کی سینٹرل ویدر ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ 1986 میں اس کے قیام کے بعد سے تائیوان میں یہ سب سے زیادہ تیز اور طاقت ور جھونکے تھے۔

    سمندری طوفان کوئینو بدھ کی رات تائیوان کے بیرونی لانیو جزیرے کو عبور کرتے ہوئے 95.2 میٹر فی سیکنڈ یا 342.7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کے جھونکے لے کر آیا۔

    رپورٹس کے مطابق ہوا کے یہ جھونکے عالمی سطح پر ریکارڈ کیے گئے تیسرے طاقت ور ترین جھونکے تھے۔ 1996 میں مغربی آسٹریلیا کے بیرو جزیرے میں 408 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھونکا ریکارڈ کیا گیا تھا، جس نے 1934 میں قائم کیا گیا ریکارڈ توڑ دیا تھا، جب امریکا میں نیو ہیمپشائر کے ماؤنٹ واشنگٹن پر 372 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا ریکارڈ کی گئی تھی۔

    طوفان کے باعث جنوبی تائیوان میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں نے کئی شہروں میں لاکھوں لوگوں کو گھروں تک محدود کر دیا ہے، اور اسکول بند ہو گئے، ہواؤں کے جھکڑوں کے پیشِ نظر متعدد پروازیں بھی معطل ہو گئیں، تیز ہواؤں کی وجہ سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، سائن بورڈ گر گئے، گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، تاہم دارالحکومت تائپے میں معمول کے مطابق کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آبنائے تائیوان میں داخل ہونے کے بعد ٹائفون کوئینو چین کے گوانگ ڈونگ صوبے کی طرف بڑھ گیا ہے، اور یہ کافی کمزور ہو گیا ہے۔

  • ایک اور امریکی وفد تائیوان پہنچ گیا

    ایک اور امریکی وفد تائیوان پہنچ گیا

    تائی پے: امریکا سے ایک اور وفد تائیوان پہنچ گیا ہے جس نے علاقے کی کشیدگی مزید بڑھا دی ہے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر نینسی پیلوسی کے بعد امریکی کانگریس اراکین کا ایک اور وفد تائیوان پہنچ گیا، جس کے بعد چین اور تائیوان کے درمیان کشیدگی پھر بڑھ گئی۔

    امریکی وفد کی قیادت میساچوسٹس کے ڈیموکریٹک سینیٹر ایڈ مارکی کر رہے ہیں، یہ 2 روزہ دورہ غیر اعلانیہ ہے، اور یہ رواں ماہ تائیوان کا دورہ کرنے والا دوسرا کانگریس وفد ہے۔

    چین نے تائیوان کے اطراف ایک بار پھر فوجی مشقیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا چین قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم اور سخت اقدامات کرے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا مٹھی بھر امریکی سیاست دان تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کے ساتھ ملی بھگت سے ون چائنا کے اصول کو چیلنج کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ان کی پہنچ سے باہر ہے۔

    نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان، چین نے جوابی اقدام کرڈالا

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی کانگریس اراکین نے تائیوان کی صدر سے ملاقات کی۔

    ایوان کی اسپیکر نینسی پیلوسی 25 سالوں میں پہلی امریکی اسپیکر تھیں جنھوں نے ایک ایسے وقت میں تائیوان کا دورہ کیا تھا جب واشنگٹن اور بیجنگ کے تعلقات خاصے کشیدہ ہیں، اور اس دورے پر چین کا غصہ کھل کر سامنے آیا۔

    سینیٹر مارکی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ 5 رکنی وفد کے اس نئے دورے کا مقصد تائیوان کے لیے امریکی حمایت کی ایک بار پھر یقین دہانی کرانا ہے۔

  • امریکا تائیوان سے متعلق اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا: نینسی پلوسی

    امریکا تائیوان سے متعلق اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا: نینسی پلوسی

    تائی پے: تائیوان کے دورے پر موجود نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ امریکا تائیوان سے متعلق اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی نے صدارتی دفتر میں تائیوان کی صدر سائی انگ وین سے ملاقات کی، اس سے قبل انھوں نے ڈپٹی اسپیکر سے بھی ملاقات کی تھی۔

    نینسی پلوسی نے کہا کہ ان کا دورہ دوستی اور علاقائی امن کے لیے ہے، امریکا اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

    سائی نے پلوسی کو تائیوان کے لیے ان کی دیرینہ حمایت اور واشنگٹن اور تائی پے کے درمیان تبادلے کو بڑھانے میں ان کی شان دار خدمات کے اعتراف میں "اسپیشل گرانڈ شوچنگ یون میڈل” پیش کیا۔

    تائیوان کی صدر نے پلوسی کے تائیوان کے لیے ان کی غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا، اور انھیں تائیوان کے سب سے مخلص دوستوں میں سے ایک قرار دیا۔

    اسپیکر امریکی ایوان نمائندگان کے دورہ تائیوان پر چین کا ردعمل آگیا

    صدارتی دفتر میں ایک خطاب میں سائی نے کہا کہ روس کے یوکرین پر حملے نے آبنائے تائیوان کی سلامتی کو عالمی توجہ کا ایک اور مرکز بنا دیا ہے اور یہ کہ جزیرے کے خلاف کسی بھی جارحیت کا پورے ہند-بحرالکاہل کی سلامتی پر زبردست اثر پڑے گا۔

    دوسری طرف بیجنگ میں چینی نائب وزیر خارجہ کی جانب سے امریکی سفیر نکولس برنز کی طلبی ہوئی، چینی نائب وزیر خارجہ نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔

  • نینسی پلوسی آج تائیوان پہنچیں گی، تائیوانی وزارت خارجہ کا تبصرے سے انکار

    نینسی پلوسی آج تائیوان پہنچیں گی، تائیوانی وزارت خارجہ کا تبصرے سے انکار

    واشنگٹن: نینسی پلوسی آج تائیوان پہنچیں گی، دورے سے متعلق تائیوانی وزارت خارجہ نے تبصرے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی 4 ایشیائی ممالک کے دورے پر آج تائیوان پہنچیں گی، اور کل صبح تائیوان کی پارلیمنٹ کا دورہ کریں گی۔

    تائیوانی وزارتِ خارجہ نے میڈیا کے استفسار پر کہا کہ نینسی پلوسی کی سفری منصوبے پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔

    کیا امریکا اور چین میں بھی جنگ چھڑنے والی ہے؟

    دوسری طرف ترجمان چینی دفترِ خارجہ ژاؤ لیژان کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کی خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے، اور ایسی صورت میں چین کی طرف سے سخت ردِ عمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    اس سے قبل چین نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو یہ خوفناک سیاسی اثرات کا سبب بنے گا۔

    واضح رہے کہ نینسی پلوسی گزشتہ روز سنگاپور پہنچی تھیں، امریکا نے چین کو خبردار کیا ہے کہ نینسی پلوسی کے دورے کو بحران میں بدلنے سے باز رہے۔