Tag: تائیکوانڈو

  • اسپیشل طلبہ نے جاپان اور ملائیشیا میں تائیکوانڈو میں نام روشن کر لیا

    اسپیشل طلبہ نے جاپان اور ملائیشیا میں تائیکوانڈو میں نام روشن کر لیا

    کراچی: شہر قائد کے اسپیشل طلبہ نے جاپان اور ملائیشیا میں تائیکوانڈو میں نام روشن کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے 8 اسپیشل طلبہ نے جاپان اور ملائیشیا میں ہونے والی تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

    ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کے ڈائریکٹر عامر شہاب اور جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسپیشل طلبہ نے جاپان میں واٹا اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں 6 اور 2 سلور میڈل اپنے نام کیے، جب کہ ملائیشیا تائیکوانڈو ٹیسٹ میچ میں 7 گولڈ میڈل اسپیشل طلبہ نے پاکستان کو جتوائے۔

    تائیکوانڈو کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر

    ’کے وی ٹی سی‘ کے جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر فرحان عیسیٰ نے کہا ’’کھیل میں اسپانسرز شپ ضروری ہے، کرکٹ میں اسپانسر شپ نے کرکٹ کو تباہ کیا ہے، مگر دیگر کھیلوں میں اگر اس طرح اسپانسر شپ ملنے لگے تو ہر کھیل میں ہم آگے ہوں گے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ کے وی ٹی سی ان اسپیشل طلبہ کو ہر طرح سے تعاون کر رہا ہے۔

    تائیکوانڈو کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر

    تائیکوانڈو استاد نجم نے کہا یہ بچے فرشتوں کی طرح ہیں ان کے ساتھ کام کرنے میں بہت مزہ آتا ہے۔ وکیشنل ٹرینگ سینٹر کے ڈائریکٹر کی عامر شہاب نے کہا ’’لوگوں کی سپورٹ کی وجہ سے یہ کامیابی ملی ہے، ان بچوں پر ہم نے دو سال کی محنت کی تھی جس کا نتیجہ اچھا رہا۔‘‘

    تائیکوانڈو کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر

    انھوں نے بتایا کہ کے وی ٹی سے کے طلبہ نے 50 ممالک کے درمیان مقابلہ کیا، 7 ہزار طلبہ میں سے 8 طلبہ نے پاکستان کو میڈلز جتوایا، اور 50 ممالک میں پاکستان کا جھنڈا سب سے اوپر تھا۔


    انٹرنیشنل کک باکسر رابعہ نور نے باکو میں گولڈ میڈل جیت لیا، فائٹ ویڈیوز دیکھیں


    عامر شہاب کا کہنا تھا کہ ان اسپیشل طلبہ کے والدین نے بھروسہ کیا اور انھیں ہمارے ساتھ بھجا، جب ہم جیت کر وطن واپس پہنچے تو ان کے والدین نے ہمارا استقبال کیا۔

  • فجیرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں ہارون خان کا کارنامہ

    فجیرہ اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں ہارون خان کا کارنامہ

    فجیرہ: ہارون خان نے فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025 میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

    پاکستان کے تائیکوانڈو اسٹار ہارون خان نے 9 فروری 2025 کو فجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ (جی-2 کیٹیگری) یو اے ای میں شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا ہے۔

    ہارون نے 3 مسلسل کامیابیاں حاصل کیں، لیکن سیمی فائنل میں ایران کے حسین پور علیرضا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ابتدائی مقابلوں میں ہارون نے کویت کے الکلی ایف اور ایران کے خواجوی راستین کے خلاف شان دار فتح حاصل کی۔

    تائیکوانڈو ہارون خان

    ابتدائی مقابلوں میں ہارون خان نے اپنی حکمت عملی اور طاقت ور ککس کا مظاہرہ کیا، تاہم سیمی فائنل میں ایران کے کھلاڑی حسین پور علیرضا نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کر لی۔

    مقابلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ہارون خان نے اپنے اس اعزاز پر فخر کا اظہار کیا، انھوں نے کہا ’’پاکستان کے لیے اس سطح پر میڈل جیتنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں مزید محنت کروں گا تاکہ آئندہ مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کر سکوں۔‘‘

    ہارون خان کی اس کامیابی کو ملک بھر میں کھیلوں کے شائقین نے سراہا ہے، اور اسے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال قرار دیا ہے۔

  • 11 سالہ عائشہ کا بڑا کارنامہ، گولڈ اور سلور میڈل پاکستان کے نام

    11 سالہ عائشہ کا بڑا کارنامہ، گولڈ اور سلور میڈل پاکستان کے نام

    سوات سے تعلق رکھنے والی تائیکوانڈو کی ننھی کھلاڑی عائشہ ایاز نے ایک بار پھر کارنامہ انجام دیتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ اور سلور میڈلز حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق 11 سالہ عائشہ ایاز نے تھائی لینڈ میں ہونے والی انٹرنیشنل تائیکوانڈو چمپیئن شپ میں گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل جیت لیا ہے۔

    عائشہ ایاز 2 گولڈ، ایک سلور اور ایک برونز میڈل جیتنے والی پہلی فی میل پاکستانی بن گئی ہیں۔

    عائشہ ایاز نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کی خبر سن کر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ اس مصیبت کے وقت کھڑی ہوں، اور پچاس ہزار روپے ریلیف فنڈ میں عطیہ کرتی ہوں۔

    عائشہ ایاز نے اپنا گولڈ میڈل ڈی سی سوات جنید خان کے نام، اور سلور میڈل وزیر کھیل عاطف خان کے نام کر دیا۔

    عائشہ ایاز پاکستان کے ہونہار کھلاڑی اور کوچ ایاز نائک کی بیٹی ہے، جو پاکستان میں کسی بھی انٹرنیشنل کھیل میں گولڈ میڈل جیتنے والی پہلی بچی ہے۔

    تائیکوانڈو فیملی کی طرف سے پریزیڈنٹ کرنل وسیم جنجوعہ اور سیکریٹری جنرل مرتضیٰ حسن بنگش نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عائشہ ایاز ہمارے ملک کا اثاثہ ہے، جو مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتی رہیں گی۔

    کوچ اور والد ایاز نائک نے تمام دوستوں، احباب اور پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون کے بغیر عائشہ کی ٹریننگ اور چیمپیئن شپ شمولیت ممکن نہ تھی۔

    انھوں نے کہا کہ اگر عائشہ خان جیسے بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں کو اسی عمر میں سپورٹ کیا جائے تو ملک میں کھیلوں میں کئی اور مقابلوں میں بین الاقوامی سطح پر نام روشن کیا جا سکتا ہے۔

  • ٹرمپ تائیکوانڈو بلیک بیلٹ کیسے بنے؟

    ٹرمپ تائیکوانڈو بلیک بیلٹ کیسے بنے؟

    فلوریڈا: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تائیکوانڈو بلیک بیلٹ بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مارشل آرٹس کے شوقین ڈونلڈ ٹرمپ کو اعزازی طور پر نویں ڈان بلیک بیلٹ سے نوازا گیا ہے۔

    ورلڈ تائیکوانڈو اکیڈمی کا گھر کُکی وان، جسے ورلڈ تائیکوانڈو ہیڈ کوارٹر بھی کہا جاتا ہے، نے سابق امریکی صدر کو 9 ویں ڈان بلیک بیلٹ سے نوازا، یہ ایک ایسا اعلیٰ اعزاز ہے جسے پیشہ ور مارشل آرٹسٹس ہی حاصل کر سکتے ہیں۔

    جنوبی کورین اکیڈمی نے ٹرمپ کو تائیکوانڈو میں بلیک بیلٹ کے ساتھ ساتھ ایک سرٹیفیکٹ سے بھی نوازا، یہ اعزاز تائیکوانڈو ہیڈ کوارٹر کے صدر لی ڈانگ نے فلوریڈا میں پام بیچ میں واقع ٹرمپ کے گھر پر جا کر دیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ تائیکوانڈو اپنے دفاع کے لیے ایک شاندار مارشل آرٹ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اگر وہ مستقبل میں وائٹ ہاؤس واپس آتے ہیں تو وہ امریکی کانگریس میں تائیکوانڈو سوٹ پہنیں گے، جب کہ تائیکوانڈو اکیڈمی کے صدر لی نے کہا کہ میں نے سنا تھا کہ ٹرمپ تائیکوانڈو میں بہت زیادہ دل چسپی رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل یہ اعزاز روسی صدر ولادی میر پیوٹن کو بھی دیا گیا تھا۔

    ٹرمپ کی فلوریڈا کی حویلی کی دیوار پر نصف درجن تصاویر بھی دیکھی جا سکتی ہیں جن میں سے ایک میں وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ پانمونجوم میں مصافحہ کر رہے ہیں، جہاں وہ دونوں جون 2019 میں غیر فوجی زون میں سرحد پر ملے تھے۔

  • الفجیرہ تائی کوانڈو، پہلا دن مارشل آرٹس کے پاکستانی کھلاڑیوں کے نام

    الفجیرہ تائی کوانڈو، پہلا دن مارشل آرٹس کے پاکستانی کھلاڑیوں کے نام

    اسلام آباد: مارشل آرٹس کے پاکستانی کھلاڑیوں نے الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائی کوانڈر چیمپئن شپ میں 6 میڈل جیت کر پہلا دن اپنے نام کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق الفجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا پہلا روز پاکستان کے نام ہو گیا، پاکستانی شاہینوں نے 4 سلور اور 2 برونز میڈل جیت لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹس نے مارشل آرٹ کے 4 سلور اور 2 برونز میڈلز اپنے نام کیے، 29 کے جی میں عائشہ انور نے سلور میڈل جیتا، 46 کے جی میں ملائیکہ نایاب برانز میڈل کی حق دار قرار پائیں، 49 کے جی میں فاطمہ خاور نے سلور میڈل اپنے نام کیا، جب کہ 55 کے جی میں انوشہ علیم برونز میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئیں۔

    78 کے جی کے مقابلے میں سینان اشفاق، 78 کے جی پلس مقابلے میں محمد دانش نے سلور میڈل جیت لیا۔ خیال رہے کہ 3 روزہ مقابلوں میں 32 ممالک کے کھلاڑی مختلف ویٹ کیٹگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔

    سیف گیمز : بلوچستان کے دو نوجوانوں نے تائیکوا نڈو میں سونے کے تمغے جیت لیے

    یاد رہے کہ دسمبر 2019 میں کھٹنمنڈو، نیپال میں منعقدہ تیرہویں سیف گیمز کے دوران تائی کوانڈو میں پاکستانی ایتھلیٹس نے فتح کے جھنڈے گاڑ دیے تھے، بلوچستان کے 20 سالہ شاہ زیب خان شاہوانی اور ہارون خان ترین نے 3 گولڈ، 7 سلور اور 4 برونز میڈلز جیت کر پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیے تھے۔