لاہور: تاجروں کی آئندہ ہفتے ہڑتال کی کال کے بعد حکومت متحرک ہوگئی ہے، چیمبرز اور تاجر رہنماؤں کو اسلام آباد بلالیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر اختیارات کیخلاف تاجروں کی 19جولائی کی ہڑتال کی کال کی تاریخ قریب آتے ہی وزیرخزانہ نے چیمبرز اور تاجر رہنماؤں کو دارالحکومت اسلام آباد بلایا ہے، تاجر قیادت اور وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کے درمیان کل شام 4 بجے مذاکرات ہونگے۔
اسلام آباد میں کل اہم بیٹھک ہونے کا امکان ہے، کاروباری برادری کے مطالبات پر بات چیت کی جائے گی، میاں ابوذر شاہ نے کہا کہ ہم اسلام آباد جائیں گے، حکومت سے مذاکرات میں تحفظات رکھیں گے۔
وزیرخزانہ سے ملاقات کے حوالے سے صدر لاہور چیمبر کا کہنا تھا کہ حکومت کو واضح پیغام دیں گے، ایف بی آر کے اختیارات ناقابل قبول ہیں۔
گزشتہ دنوں کراچی چیمبر آف کامرس کا کہنا تھا کہ 19 جولائی کو کاروبار مکمل بند رکھیں گے، ایف بی آر کے قانون 37 ڈبل اے، 37 بی کے خلاف مکمل ہڑتال کریں گے۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہ مانے تو مزید ہڑتالیں کی جائیں گی، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، راولپنڈی چیمبر بھی ہڑتال کریں گے، ایف بی آر کو جو اختیارات دیے گئے ہیں اس میں کاروبار ممکن نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایف بی آر کے قانون 37 اے اور 37 بی کے خلاف کراچی، لاہور اور فیصل آباد چیمبرز آف کامرس نے کاروبار بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔
https://urdu.arynews.tv/associations-announce-support-for-july-19-strike/