Tag: تاجروں کے وفد

  • کراچی معاشی حب اور ملکی ترقی کا ضامن ہے، گورنر سندھ

    کراچی معاشی حب اور ملکی ترقی کا ضامن ہے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے جو پورے ملک کی خوشحالی کا ضامن ہے۔

    وہ گورنر ہاؤس کراچی میں ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے اور دورانِ گفتگو گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی منی پاکستان ہے اور اس شہر کی ترقی پورے ملک میں خوشحالی کا سبب بنتی ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ تاجراور صنعت کارمعیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور کراچی معاشی حب بنانے میں تاجروں کا بڑا اہم کردار ہے جسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    گورنر سندھ محمد زبیر نے تاجروں کے وفد کو ہدایت کی کہ کراچی میں صنعتوں کا پہیہ تیز رفتاری سے چلنے کو یقینی بنائیں جس کے لیے حکومت تاجروں اورصنعت کاروں کو ہرممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی میرے دل کے قریب ہے اور وزیرِ اعظم بھی تاجروں اورصنعتکاروں کواہمیت دیتے ہیں اس لیے تاجر حضرات اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔

    اس موقع پر تاجروں نے اپنی شکایات اور خدشات سے بھی آگاہ کیا جس پر گورنر سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ چیئرمین ایف بی آر سے تاجروں کی شکایات کےازالہ کے لیےجلد اجلاس بلایاجائے گا۔

  • کراچی کی ترقی میں ملک کی بقا مضمر ہے، گورنر سندھ

    کراچی کی ترقی میں ملک کی بقا مضمر ہے، گورنر سندھ

    کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ ہے کہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار کو 7 فی صد سالانہ تک کرنے کے خواب کا حصول کراچی کی ترقی میں مضمر ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی انڈسٹریل فورم اور کراچی کے 7 صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا یہی وجہ ہے کہ سند ھ میں پائیدار امن و امان کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    دورانِ ملاقات گورنر سندھ نے صنعت کاروں کو بتایا کہ وزیرِ اعظم پاکستان صنعت کاروں اور تاجروں کو بہت زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور کل ہونے والی ملاقات میں انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

    گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے خصوصاً بجلی ، گیس اور پانی کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    گورنر سندھ نے مختلف یوٹیلٹی اداروں کی جانب سے مسائل کی نشاندہی کے باوجود توجہ نہ دیے جانے کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ موجودہ حکومت اس ضمن میں خصوصی اقدامات کرے گی اور تاجروں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ صوبہ سندھ کوصنعتی ترقی کا مرکز بنانے کے لئے مزید اقدامات کریں کیوں کہ سندھ اور بالخصوص کراچی کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے

    ذرائع کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر سے معروف صنعت کار رہنما سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں ہونے والی ملاقات زبیر موتی والا، ہلال شیخ، جاوید بلوانی، میاں محمد احمد، مسعود نقی، زین بشیر، یونس بنیر، اخلاق خلیل، اسد نثار اور سلیمان چاؤلہ بھی شامل تھے۔