Tag: تاجکستان

  • جیل سے فرار کی کوشش کرنے والے 5 قیدی ہلاک

    جیل سے فرار کی کوشش کرنے والے 5 قیدی ہلاک

    تاجکستان میں جیل سے فرار ہونے کی کوشش کرنے کے دوران 5 قیدیوں کو سیکورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تاجکستان میں سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے قیدیوں کا تعلق داعش سے تھا، جنہوں نے جیل سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    سیکیورٹی ایجنسی کے ذرائع کے مطابق تاجک وزارتِ انصاف کا کہنا ہے کہ 9 قیدیوں نے چاقو سے جیل کے گارڈز پر حملہ کیا تھا۔ واقعے میں 5 قیدی ہلاک اور 3 جیل کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی جیلوں سے رہا ہونے والے فلسطینیوں قیدیوں کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ قید کے دوران انھیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    رہا فلسطینی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بہت تکلیف سے گزرے، روزانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا، اسرائیلی فوجیوں کی کوشش ہوتی تھی کہ ہم جیل میں ہی مرجائیں، کھانے کیلئے تین دن بعد سوکھی روٹی دی جاتی تھی، روزانہ مارا پیٹا جاتا تھا۔

    اسرائیلی فوجیوں کے بہیمانہ تشدد کے حوالے سے رہا فلسطینی قیدی نے بتایا کہ تشدد کے دوران زخمی فلسطینیوں کا علاج نہیں کیا جاتا تھا۔

    غزہ جنگ بندی کے بعد حماس نے 183 فلسطینیوں کے بدلے 3 اسرائیلی اسیران کو رہا کردیا ہے، فلسطینیوں کی رہائی جنگ بندی معاہدے کے تحت چوتھے تبادلے میں ہوئی، رہافلسطینیوں میں 73 طویل عرصے سے قید اور عمرقید کی سزا کاٹ رہے تھے۔

    رہا 183 فلسطینیوں میں سے 111 کو 7 اکتوبر 2023 کے بعد حراست میں لیا گیا تھا، رہا فلسطینیوں میں 7 ایسے بھی شامل ہیں جنھیں مصر کے راستے ملک بدر کیا گیا ہے۔

    افغانستان میں 60 لاکھ افراد کو صرف ’’چائے، روٹی‘‘ پر گزارا کرنا پڑے گا؟

    فلسطینی قیدی گروپ کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں 4 ہزار 500 قیدی موجود ہیں، فلسطینی قیدی گروپ نے بتایا کہ رہا فلسطینیوں میں بھوک، بیماری کے آثار اور تشدد کے نشانات ہیں، بدترین اسرائیلی تشدد کا شکار رہا ہونے والے کئی فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • تاجکستان کا ویزا، عوام کے لیے خوش خبری

    تاجکستان کا ویزا، عوام کے لیے خوش خبری

    کراچی: تاجکستان کے سفارت خانے نے قونصلر ویزا سیکشن کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تاجکستان کے سفارت خانے میں قونصلر ویزا سیکشن کا افتتاح کر دیا، سفارت خانہ آمد پر ان کا استقبال تاجک سفیر یوسف شریف زادہ اور دیگر سفارتی عملے نے کیا۔

    گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ قونصلر سیکشن سے عوام کو ویزے کے حصول میں آسانی ہوگی، اور دونوں ممالک میں وفود کے تبادلے اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔

    تاجکستان سفارتخانہ

    گورنر سندھ نے تاجکستانی سفیر کو قونصلر (ویزا) سیکشن کے افتتاح پر مبارک باد دی، اور کہا کہ پاک تاجکستان دو طرفہ تعلقات میں یہ قونصلر سیکشن اہم ثابت ہوگا۔

    انھوں نے کہا پاک تاجکستان مل کر خطے کی ترقی و خوش حالی کے لیے پُرعزم ہیں، تاجک سفیر نے بھی اس موقع پر کہا کہ تاجکستان خطے میں پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کا خواہش مند ہے۔

  • تاجکستان میں حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی

    تاجکستان میں حجاب پہننے پر پابندی عائد کردی گئی

    تاجکستان میں سرکاری طور پر حجاب پر پابندی عائد کردی گئی، پارلیمنٹ نے بل بھی منظور کرلیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ نے اس حوالے سے بل بھی منظور کرلیا ہے، خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ تاجکستان میں 98 فیصد آبادی مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہے، حجاب پر پابندی کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ نئے قانون کے تحت حجاب یا دیگر ممنوع مذہبی لباس پہننے والے افراد کو 7920 سومونیس (تقریباً 700 ڈالر) تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔

    حکومتی عہدیداروں اور مذہبی رہنماؤں کو خلاف ورزی کرنے پر 54000 سے 57600 سومونیس (4800 ڈالر) تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔

    اس کے علاوہ ملازمین کو ممنوع لباس پہننے کی اجازت دینے والی کمپنیوں کو 39500 سومونیس (3500 ڈالر) کا جرمانہ کیا جائے گا۔

    ممبئی کے کالج نے مسلمان لڑکیوں کے برقع پہننے، حجاب کرنے پر پابندی لگادی

    یاد رہے کہ تاجکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے حجاب پر غیر اعلانیہ پابندی عائد تھی مگر اس کا باقاعدہ اعلان اب کیا گیا ہے۔

  • پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

    پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار سے تاجک سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ٹیکسٹائل، لیدر، فوڈ پروسیسنگ، ادویات اور سرجیکل شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار سے تاجک سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے ستمبر میں دورہ تاجکستان کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

    ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین انڈسٹریل تعاون کے معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ٹیکسٹائل، لیدر، فوڈ پروسیسنگ، ادویات اور سرجیکل شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، نئی ایس ایم ای پالیسی کاروباری نمو کو فروغ دے گی۔۔

    انہوں نے کہا کہ تاجک و پاکستانی کاروباری کونسل کو قیام میں لایا جائے گا۔

    تاجک سفیر کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل تعاون معاہدہ دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستانی بزنس کمیونٹی اور کمپنیوں کو تاجکستان دورے کی دعوت دی ہے۔

  • وزیر خارجہ تاجکستان پہنچ گئے

    وزیر خارجہ تاجکستان پہنچ گئے

    دوشنبے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبے پہنچ گئے، وہ تاجکستان، ازبکستان، ترکمانسستان اور ایران کے 2 روزہ دورے پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی علیٰ الصبح تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبے پہنچ گئے، وزیر خارجہ 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں مصروف دن گزاریں گے۔

    بعد ازاں شاہ محمود قریشی تاجکستان کی وزارت خارجہ پہنچے، اس موقع پر نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    وزیر خارجہ تاجک ہم منصب سراج الدین سے ملاقات کریں گے، بعد ازاں وہ تاجک صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کے لیے صدارتی محل جائیں گے۔

    وزیر خارجہ دوپہر کے بعد ازبک دارالحکومت تاشقند کے لیے روانہ ہوں گے، وزیر خارجہ تاشقند میں ازبک ہم منصب اور ازبک صدر سے ملاقاتیں کریں گے۔

    اگلے روز وزیر خارجہ ترکمانستان اور ایران بھی جائیں گے جہاں ان کی اہم ملاقاتیں ہوں گی، ان کا یہ دورہ افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں ہے۔

    وزیر خارجہ کا دورہ علاقائی ممالک کے ساتھ متفقہ اور مربوط لائحہ عمل اپنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

  • روسی جدید ٹینک افغان سرحد کے قریب پہنچ گئے

    روسی جدید ٹینک افغان سرحد کے قریب پہنچ گئے

    ماسکو: روسی ٹینک ازبکستان کے ساتھ افغانستان کی سرحد کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ماسکو کے اڈے پر تعینات ٹینک اگلے ماہ تاجکستان میں ہونے والی فوجی مشقوں کے لیے افغانستان کی سرحد کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس 5 سے 10 اگست تک تاجکستان اور ازبکستان کے ساتھ افغانستان کی سرحد کے قریب واقع میدان حرب میں فوجی مشقیں کرے گا، جہاں طالبان نے افغان فوجیوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔

    تاجکستان میں روسی اڈے سے فوجی، جو ملک کی سرحدوں سے باہر روس کا سب سے بڑا اڈہ ہے اور سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ سے فوجی اہل کار مشقوں میں حصہ لیں گے، سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ کے کمانڈر الیگزنڈر لاپین نے واضح کیا کہ غیر قانونی مسلح یونٹوں نے ہمارے اتحادی ملک (تاجکستان) کی سرزمین پر حملہ کیا تھا، ان غیر قانونی مسلح یونٹوں کو شکست دینے کے لیے فوجی مشقیں کر رہے ہیں۔

    طالبان سے بچنے کیلئے ہزاروں افغان فوجی تاجکستان پہنچ گئے

    روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ 30 جولائی سے 10 اگست تک روس اور ازبکستان کے کم از کم 1500 فوجی ازبکستان میں مشترکہ فوجی مشق میں حصہ لیں گے، یہ فوجی مشقیں افغان سرحد کے قریب ترمیز ٹریننگ گراؤنڈ میں ہوں گی اور اس میں سینٹرل ملٹری ڈسٹرکٹ اور ایوی ایشن کے روسی فوجی شامل ہوں گے۔

    وزارت دفاع کے مطابق یہ فوجی وسطی ایشیائی ریاستوں کی علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کے کاموں پر عمل درآمد کریں گے۔ خیال رہے کہ طالبان نے غیر ملکی افواج کے انخلا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پورے ملک میں کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، حالیہ ہفتوں میں طالبان کی پیش قدمی سے بھاگ کر افغان فوجی اور مہاجرین تاجکستان میں داخل ہوئے تھے۔

    دوسری طرف روس کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی قیادت افغانستان کی موجودہ صورت حال کے سیاسی حل کی ضرورت کو سمجھتے ہیں اور سیاسی سمجھوتے کے لیے تیار ہیں، روسی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور روسی وزارت خارجہ کے ایشیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ضمیر کابلو کا منگل کو کہنا تھا کہ گزشتہ 20 سالوں سے جاری جنگ سے طالبان لیڈر شپ اکتا چکی ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ موجودہ ڈیڈ لاک کا سیاسی حل تلاش کرنا ضروری ہے۔

  • وزیر خارجہ  ہارٹ آف ایشیا وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے آج تاجکستان روانہ ہوں گے

    وزیر خارجہ ہارٹ آف ایشیا وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے آج تاجکستان روانہ ہوں گے

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ہارٹ آف ایشیا وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے آج تاجکستان روانہ ہوں گے، ہارٹ آف ایشیا اعلیٰ حکام کا اجلاس کل منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی آج تین روزہ دورے پر تاجکستان روانہ ہوں گے، اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ تیس مارچ کو دو شنبے میں ہارٹ آف ایشیا وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس کاموضوع ’’امن وترقی کیلئےاتفاق رائےکی مضبوطی‘‘ہے ۔

    دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں وزیرخارجہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کریں گے اورریجنل فریم ورک کے اندر کونیکٹیویٹی  سمیت افغانستان کی ترقی پربھی روشنی ڈالیں گے۔

    ترجمان کے مطابق اس دوران سائیڈلائن پر اہم علاقائی وبین الاقوامی شراکت داروں سے بھی ملیں گے اور وزیرخارجہ تاجک ہم منصب سے بھی دوطرفہ مذاکرات بھی کریں گے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر بھی کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچ رہے ہیں ، جس کے بعد سائیڈ لائنز پر پاک بھارت اہم ملاقات کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

    خیال رہے ہارٹ آف ایشیا اعلیٰ حکام کا اجلاس کل منعقد ہوگا، ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسیس کاآغاز 2011 میں ہوا تھا۔

  • پاکستان، تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایا جانا خوش آئند ہے: وزیر خارجہ

    پاکستان، تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایا جانا خوش آئند ہے: وزیر خارجہ

    ماسکو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان اور تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایا جانا خوش آئند ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ماسکو میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہریدین سے ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں دونوں رہنماؤن نے دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان بھی کیا۔

    ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ اہم علاقائی و عالمی امور پر ایس سی او سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایا جانا خوش آئند ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے قائم جوائنٹ منسٹیریل گروپ اور کثیر الجہتی جوائنٹ ورکنگ گروپس اہم فورمز ہیں۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، صنعت و حرفت، ٹرانسپورٹ، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا، دونوں کے مابین افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    وزیر خارجہ نے اپنے تاجک ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا، انھوں نے کہا بھارت بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے-

    انھوں نے کہا پاکستان عالمی برادری کو بھارتی عزائم سے مسلسل باخبر رکھے ہوئے ہے، بھارت اپنی ہندوتوا سوچ کے ذریعے پورے خطے کے امن و استحکام کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے۔

    وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دل چسپی کے امور پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کے لیے مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

  • تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی رہا

    تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی رہا

    اسلام آباد: تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا گیا، قیدیوں کی رہائی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی خصوصی درخواست کے بعد عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوششیں رنگ لے آئیں، تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی اسجد محمود اور کاشف علی رہا کردیے گئے۔ دونوں پاکستانی تاجکستان کی جیل میں 5 سال کی سزا بھگت رہے تھے۔

    مذکورہ قیدیوں کے لیے وزیر خارجہ نے حالیہ دورہ تاجکستان میں تاجک ہم منصب سے سزا معافی کی درخواست کی تھی۔

    تاجکستان کے صدر کی جانب سے سزا معاف کرنے کے بعد پاکستانی قیدیوں کو دو شنبہ میں پاکستانی سفارتی عملے کے حوالے کردیا گیا۔ پاکستانیوں کی سزا معافی اور رہائی پر شاہ محمود قریشی نے تاجک حکومت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسے قبل بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی درخواست پر کئی خلیجی ممالک سے پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم خلیجی ممالک میں روزگار کے لیے جانے والے ان پاکستانیوں کے لیے بے حد فکر مند تھے جو معمولی جرائم میں قید کرلیے گئے۔

    رواں برس فروری میں جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تب وزیر اعظم نے اس جانب ان کی توجہ مبذول کروائی تھی جس کے بعد سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

    مذکورہ قیدی سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید تھے، سعودی حکومت کی جانب سے باقی پاکستانی قیدیوں کے کیسز کا جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیا گیا تھا۔

    مئی میں متحدہ عرب امارات سے بھی 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ ان قیدیوں کے لیے بھی وزیر اعظم نے اماراتی ولی عہد شہزاد محمد بن زید سے درخواست کی تھی جنہوں نے فوری ان قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں رواں برس اگست میں قطر سے بھی 53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

  • مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہئے، ترک صدر

    مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہئے، ترک صدر

    دوشنبے: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوشنبے میں عالمی سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے پاکستان موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات کے بعد ہی حل ہوسکتا ہے۔

    ترک صدر کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک دیرینہ تنازع ہے جس کا حل ناگزیر ہے۔

    امریکا کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ترک صدر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم ہٹ دھرمیوں پر مبنی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ بیت المقدس فلسیطن کا دل ہے اور ہم مسلم ملک فلسطین کے ساتھ ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہیں، ترک صدر اردوان

    انہوں نے کہا کہ ترکی ہمسایہ ملک شام میں جنگ کے خاتمے اور استحکام کے قیام کی بھرپور کوششیں کررہا ہے اور داعش سمیت دیگر تنظیموں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے جو شام کا مستقبل خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ تاجکستان میں ایشیائی ممالک کی پانچویں کانفرنس ہورہی ہے جس کا مقصد خطے میں موجود ممالک کے درمیان رابطے اور اعتماد بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہے، مذکورہ کانفرنس میں پاکستان اور بھارت سمیت 13 سربراہان مملکت شرکت کررہے ہیں۔