(14 اگست 2025): اٹلی کے جزیرے لیمپیڈوسا کے قریب تقریباً 100 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب لاپتہ ہو گئے۔
اطالوی کوسٹ گارڈ اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کے مطابق بدھ کو اطالوی جزیرے لیمپیڈوسا کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں تقریباً 100 تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور ایک درجن کے قریب لاپتہ ہو گئے۔
اٹلی میں یو این ایچ سی آر کے ترجمان فلیپو انگارو نے بتایا کہ بچ جانے والے 60 افراد کو لامپیڈوسا کے مرکز میں منتقل کردیا گیا، زندہ بچ جانے والوں کے اکاؤنٹس کے مطابق جب کشتی لیبیا سے روانہ ہوئی تو اس میں 92 سے 97 تارکین وطن سوار تھے۔
کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ مرنے والوں کی تعداد 26 ہے، لیکن اس تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے، فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ تارکین وطن کب سے سمندر میں تھے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ترجمان نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں کا کہنا تھا کہ تقریباً 95 تارکین وطن دو کشتیوں پر لیبیا سے روانہ ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جب دو کشتیوں میں سے ایک میں پانی بھرنا شروع ہوا تو تمام مسافروں کو دوسری فائبر گلاس سے بنی کشتی میں منتقل کیا گیا جو اوور لوڈنگ کی وجہ سے الٹ گئی۔