Tag: تارکین وطن

  • لیبیا: کشتی میں سوار 10 تارکین وطن دم گھٹنے سے ہلاک

    لیبیا: کشتی میں سوار 10 تارکین وطن دم گھٹنے سے ہلاک

    لیبیا کے ساحل سے تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی میں 10 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے، کشتی میں ضرورت سے زیادہ افراد کو سوار کیا گیا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لیبیا کے ساحل سے تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی میں دس افراد مردہ پائے گئے، خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کشتی میں بہت زیادہ افراد سوارکیے جانے کے باعث دم گھٹنے سے ان افراد کی موت ہوئی ہے۔

    ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نامی ادارے نے مطلع کیا ہے کہ ایک ریسکیو بحری جہاز جیو بیرنٹس کی طرف سے کارروائی کرتے ہوئے کشتی میں سوار 99 تارکین کو بچالیا گیا ہے۔

    ادارے نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ گنجائش سے زیادہ افراد سے بھری اس کشتی کے نچلے حصے میں 10 افراد مردہ پائے گئے۔

    مزید وضاحت کرتے ہوئے فرانسیسی ادارے کا کہنا ہے کہ سمندر میں روانہ ہونے والی کشتی میں ضرورت سے زیادہ افراد کو سوار کیا گیا اور 13 گھنٹے گزرنے کے بعد 10 افراد دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہو گئے۔

    واضح رہے کہ ہر سال ہزاروں افراد غیر قانونی طور پر لیبیا اور تیونس سے نکل کر وسطی بحیرہ روم کے راستے یورپ اور اکثر اٹلی میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی مائیگریشن ایجنسی آئی او ایم کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ سمندری راستہ انتہائی جان لیوا ہے اور رواں سال اب تک وسطی بحیرہ روم میں 12 سو 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ سال کے اعداد وشمار کے مطابق 858 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

  • ایران میں غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والا گروہ گرفتار

    ایران میں غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والا گروہ گرفتار

    اسلام آباد: ایران میں غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد کی ایک بڑی کارروائی میں ایران میں موجود غیر قانونی تارکین وطن کو برائے تاوان اغوا کرنے والے گروہ کے ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون وقار احمد چوہان نے بتایا کہ ایران میں موجود انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تین پاکستانی نوجوانوں کو بغیر تاوان کی ادائیگی کے بازیاب کرا لیا گیا۔

    یہ گروہ بھتے کے لیے پاکستان سے لوگوں کو ایران لے جا کر ان پر بہیمانہ تشدد کر کے، اس کی ویڈیو ان کے گھر والوں کو بھجوا دیتے تھے، اور ان کی رہائی کے بدلے تاوان کا مطالبہ کرتے تھے۔

    ایک کیس میں مغوی کے والد نے ایف آئی اے سے رجوع کر لیا، جن کی درخواست پر انسداد انسانی اسمگلرز سیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر سکندر حیات اور سب انسپکٹر زبیر کمال نے فوراً کارروائی شروع کی۔

    انسانی اسمگلرز سے بازیاب کرائے گئے افراد

    ایف آئی اے نے پاکستان میں تاج نامی سہولت کار کو گرفتار کر کے، اس سے اہم معلومات حاصل کیں، یہ معلومات فوری طور پر ایرانی حکام سے شیئر کی گئیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ایرانی حکام نے اغوا کاروں کے قبضے سے چاروں افراد کو بازیاب کرا لیا، اور تفتان سرحد پر ایف آئی اے حکام کے حوالے کر دیا۔

    حکام کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایرانی حکام کو تفتیش میں حاصل مزید اہم معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

  • لیبیا میں تارکین وطن پر فائرنگ، 6 ہلاک

    لیبیا میں تارکین وطن پر فائرنگ، 6 ہلاک

    طرابلس: لیبیا میں تارکین وطن کے لیے قائم حراستی مرکز میں افراتفری کے دوران گارڈز نے 6 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، اقوام متحدہ نے تارکین وطن کے ساتھ بدسلوکی اور ناروا سلوک کو انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف قرار دیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق لیبیا میں تارکین وطن کے لیے قائم کردہ حراستی مرکز کے گارڈز نے افراتفری کے دوران کم از کم 6 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

    اقوام متحدہ حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ شمالی افریقی ملک میں تارکین وطن کے خلاف زیادتیوں کی بھرپور مذمت کی گئی ہے، لیبیا میں گزشتہ ہفتے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن میں 5 ہزار سے زائد تارکین وطن کو حراست میں لیا گیا تھا۔

    بین الاقوامی تنظیم برائے تارکین کے مطابق یہ فائرنگ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں مبانی حراستی مرکز میں جمعے کو ہوئی، حکام کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں 4 ہزار 187 نئے قیدیوں کو جن میں 511 خواتین اور 60 بچے شامل تھے، اس کیمپ میں بھیجا گیا تھا۔

    لیبیا کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے حراستی مرکز میں پیش آنے والے واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    تشدد کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم وسطی بحیرہ روم میں اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی کے خصوصی ایلچی ونسینٹ کوشیل کا کہنا ہےکہ لیبیا کے بھیڑ بھرے حراستی مراکز میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور غیر انسانی حالات اس کا سبب بنے۔

    کوشیل نے یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کے نتائج کے بعد تارکین وطن سے زیادتیوں میں ملوث افراد پر پابندیاں عائد کی جائیں۔

    لیبیا کے حکام نے اس کریک ڈاؤن کو غیر قانونی نقل مکانی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سیکیورٹی آپریشن قرار دیا۔ ادھر لیبیا میں آئی او ایم کے مشن کے سربراہ فیڈریکو سوڈا نے کہا کہ کم از کم 6 تارکین وطن کو محافظوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

    بتایا جاتا ہے کہ آن لائن وائرل فوٹیج میں سینکڑوں تارکین وطن کو حراستی مرکز سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جن میں کچھ افراد زخمی ساتھیوں کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

    دیگر ویڈیوز میں تارکین وطن کی بڑی تعداد دارالحکومت طرابلس کی سڑکوں پر دوڑتی دیکھی جاسکتی ہے۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے بیان دیا ہے کہ لیبیا میں تارکین وطن کے ساتھ بدسلوکی اور ناروا سلوک انسانیت کے خلاف جرائم کے مترادف ہے۔

  • کویت: تارکین وطن کے لیے قانون میں اہم ترمیم

    کویت: تارکین وطن کے لیے قانون میں اہم ترمیم

    کویت سٹی: کویت میں تارکینِ وطن کے لیے ہیلتھ انشورنس قانون میں ترمیم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت نے ریاست میں موجود اور کویت سے باہر پھنسے تارکینِ وطن کے لیے بیمہْ صحت میں تبدیلی کر دی ہے۔

    اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری برائے رہائشی امور میجر جنرل انور عبد اللطیف البرجس نے بتایا کہ آرٹیکل (18، 20 اور 22) کے طریقہ کار کے تحت آنے والے تارکینِ وطن کے لیے ہیلتھ انشورنس میں ترمیم کی گئی ہے۔

    ترمیم کے مطابق کویت میں موجود رہائشیوں اور کویت سے باہر پھنسے ہوئے رہائشیوں کے لیے صحت انشورنس کی مدت مختلف ہوگی۔

    یہ ترمیم وزارت صحت کے ضوابط کے مطابق سسٹمز اور ہیلتھ انشورنس ڈیپارٹمنٹ میں کی جائے گی، آرٹیکل 18 کے مطابق کویت میں موجود افراد کو 2 سال کی صحت کی انشورنس کی سہولت دی جائے گی، جب کہ کویت سے باہر والوں کو 1 سال کی مہلت دی جائے گی۔

    کویت کے اندر آرٹیکل 20 کی توثیق میں 3 سال کی صحت کی انشورنس کی سہولت دی جائے گی، جب کہ کویت سے باہر والوں کو 1 سال کی مہلت دی جائے گی۔ آرٹیکل 22 پر تارکینِ وطن کو 2 سال کی صحت انشورنس دی جائے گی، اور کویت سے باہر والوں کو 1 سال کی مہلت دی جائے گی۔

  • کویت: تارکین وطن کے رہائشی اقاموں کے سلسلے میں اہم خبر

    کویت: تارکین وطن کے رہائشی اقاموں کے سلسلے میں اہم خبر

    کویت سٹی: پارلیمانی وزرا نے 60 سال سے زائد عمر کے تارکینِ وطن کے رہائشی اقاموں کی تجدید کے فیصلے پر نظر ثانی کی تجویز پیش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت میں پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے فیصلہ کیا تھا کہ معمر تارکین وطن کے رہائشی اجازت ناموں کی مزید تجدید نہیں کی جائے گی، تاہم رکن پارلیمنٹ عبداللہ التوراجی نے اس فیصلے پر نظرثانی کی تجویز پیش کی ہے۔

    پارلیمنٹ کے رکن نے کہا کہ کویت میں پیدا ہونے والے افراد، اور کویتی خواتین سے شادی کرنے والوں کو نئے ضوابط سے مستثنیٰ قرار دینے کے لیے، ان تارکین وطن کی درجہ بندی کی جائے۔

    التوراجی نے کہا کہ ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے تارکین وطن کو بھی پابند کیا جائے، کہ وہ سرکاری اسپتالوں میں میڈیکل کیئر نہ لیں، یا وزٹ ویزا رکھنے والےاور انشورنس بیمہ نہ ہونے پر عائد فیس کی ادائیگی لازمی کریں۔

    انھوں نے سفارش کی کہ رہائشی اجازت ناموں کی تجدید نہ کرنے کے فیصلے سے لیبر مارکیٹ اور بعض تکنیکی خدمات کی فیسوں پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس لیے اس کے نفاذ کے پہلے 6 ماہ کے دوران مطالعہ کیا جائے کہ کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    اجلاس میں قانون سازوں کی جانب سے یہ استفسار بھی کیا گیا کہ وہ تارکین وطن کی تعداد جاننا چاہتے ہیں، جو کویت میں پیدا ہوئے اور کویتی خواتین سے شادی کی، اور وہ تارکین وطن جو مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث تھے۔

  • غیر قانونی تارکین وطن: امریکی نائب صدر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    غیر قانونی تارکین وطن: امریکی نائب صدر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس کا کہنا ہے کہ گوئٹے مالا سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے کہا ہے کہ ملک میں غیر قانونی طریقوں سے آنے والے گوئٹے مالا کے تارکین وطن کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

    انہوں نے یہ بات اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے دوران گوئٹے مالا کے صدر آلاخاندرو جیا ماتی کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

    گوئٹے مالا کے صدر نے کہا کہ فی الحال انہیں غیر قانونی تارکین وطن کا مسئلہ درپیش ہے، ہمیں امریکا کے ساتھ مشترکہ طور پر تعاون کرنا ہوگا جبکہ ہمیں اپنی عوام کو زندگی کے بہتر مواقع فراہم کرتے ہوئے انہیں نقل مکانی سے روکنے کی کوشش کرنا ہوگی۔

    امریکی نائب صدر کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ میرا یہ دورہ گوئٹے مالا کے ساتھ غیر قانونی ہجرت، تشدد اور بد عنوانی جیسے موضوعات پر غور کرنے کے لیے ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طریقے سے امریکا آنے والے گوئٹے مالا کے تارکین وطن کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

  • روس میں 33 لاکھ غیر ملکیوں کو قانونی حیثیت دے دی گئی

    روس میں 33 لاکھ غیر ملکیوں کو قانونی حیثیت دے دی گئی

    ماسکو: روس میں 33 لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد کو قانونی حیثیت دے دی گئی، روس میں قانونی طور پر قیام کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان اپریل 2020 میں نافذ ہوا تھا۔

    روسی ویب سائٹ کے مطابق روسی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے پھوٹنے سے اب تک غیر قانونی تارکین وطن سمیت 33 لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد روس میں اپنی قانونی حیثیت حاصل کر چکے ہیں۔

    گزشتہ سال اپریل میں تارکین وطن افراد کے لیے مخصوص ضروریات کو کم کرنے کے لیے روس میں ایک صدارتی فرمان نافذ کیا گیا تھا جس کے مطابق روس میں مقیم غیر ملکی افراد کی ایک بڑی تعداد کو روس میں قانونی حثیت دے دی گئی ہے۔

    روسی میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام غیر ملکی شہریوں کو روس میں قانونی طور پر قیام کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان اپریل 2020 میں نافذ ہوا۔

    اس فرمان سے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنی حیثیت برقرار رکھنے اور روس میں ان کے قیام کو قانونی حیثیت دینے کا موقع ملا ہے، یہ فرمان کرونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلقہ سفری پابندیوں کے دوران منظور کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ روس نے کرونا وائرس کے پیش نظر سفری پابندیوں میں 15 جون 2021 تک توسیع کی ہے۔

  • تارکین وطن کی کشتی میں مرنے والے لڑکے کے ساتھ کیا کیا گیا؟

    تارکین وطن کی کشتی میں مرنے والے لڑکے کے ساتھ کیا کیا گیا؟

    جزائر کیناری: اسپین کے امدادی کارکنوں نے سمندر میں پھنسی تارکین وطن کی کشتی میں سوار مسافروں کو بچا لیا تاہم امدادی کارکن پہنچنے سے قبل کشتی میں ایک سانحہ بھی ہوا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہسپانوی امدادی کارکنوں کو جمعے کو اطلاع ملی کہ جزائر کیناری کے قریب سمندر میں ایک کشتی تند و تیز لہروں میں پھنسی ہوئی ہے، ریسکیو ورکرز نے جمعے کی رات کو کشتی سے 30 سے زائد تارکین وطن کو ریسکیو کیا۔

    معلوم ہوا کہ تارکین وطن چھوٹی سی کشتی میں یورپ پہنچنے کے لیے خطرناک سمندری سفر پر نکلے تھے، اور پھر وہ تیز لہروں میں پھنس گئے، ان مسافروں کا تعلق مختلف ممالک سے تھا جو پناہ کی تلاش میں یورپ جا رہے تھے۔

    مسافروں کی خوش قسمتی تھی کہ ریسکیو کو اتفاقاً ان کے بارے میں معلوم ہوا اور وہ بر وقت انھیں بچانے پہنچ گئے، کشتی گرینڈ کیناری آئی لینڈ سے تقریباﹰ 160 کلو میٹر (99 میل) جنوب کی طرف کھلے سمندر میں بے رحم موجوں کے رحم و کرم پر ڈول رہی تھی۔

    معلوم ہوا کہ کشتی میں ایک 9 سالہ لڑکا بھی سوار تھا لیکن دوران سفر وہ شدید بیمار پڑ گیا اور پھر مر گیا، کشتی میں جگہ کم تھی اس لیے کشتی والوں نے فیصلہ کیا کہ لڑکے کی لاش کو سمندر میں پھینکا جائے، اور پھر انھوں نے اس فیصلے پر عمل کرتے ہوئے لڑکے کی لاش کو سمندر کے حوالے کر دیا۔

    ریسکیو کے مطابق کشتی کے مسافروں میں 11 مرد تھے، 20 خواتین اور 3 کم عمر بچے، تمام مسافروں کی جسمانی حالت خراب تھی اور وہ انتہائی بے سرو سامانی کی حالت میں سفر پر نکلے تھے۔

    اسپین کی وزارت داخلہ کے مطابق کیناری جزائر کا قریبی سمندر 500 سے زیادہ انسانوں کو نگل چکا ہے، جب کہ گزشتہ برس چھوٹی بڑی کشتیوں میں یورپ میں پناہ کی تلاش میں تقریباﹰ 23 ہزار مہاجرین اور تارکین وطن اسپین کے جزائر کیناری تک پہنچے تھے۔

  • کویت نے تارکین وطن کو بڑی خوشخبری سنا دی

    کویت نے تارکین وطن کو بڑی خوشخبری سنا دی

    کویت سٹی: کویتی حکومت نے تارکین وطن کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے 3 لاکھ افراد کے اقاموں کی تجدید کردی، مختلف ممالک میں پھنسے تارکین وطن واپس کویت آسکیں گے۔

    کویتی میڈیا کے مطابق مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے تارکین وطن کے لیے 3 لاکھ اقاموں کی تجدید کردی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ اور عوامی افرادی قوت کی دو باڈیز اور سول انفارمیشن مشترکہ خود کار نظام کا حصہ ہیں جس میں کرونا وائرس کے نتیجے میں ہوائی اڈوں کی بندش اور ٹکٹوں کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکین وطن کے 3 لاکھ سے زائد رہائشی اقاموں اور ورک پرمٹ کی تجدید پر عملدر آمد کیا گیا۔

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں اداروں نے وزارت داخلہ کے تعاون سے بیرون ملک مقیم افراد کے رہائشی اقاموں کی تجدید کی اجازت دینے کے فیصلے کی روشنی میں اور وبائی مرض کی وجہ سے صحت کی ضروریات کے تسلسل کے ساتھ 6 ماہ سے زائد کا عرصہ ملک سے باہر رہنے کے باوجود آن لائن مشترکہ خود کار نظام کے ذریعے تجدید کا طریقہ کار مکمل کرلیا ہے۔

    ذرائع نے تصدیق کی کہ پبلک اتھارٹی برائے افرادی قوت نے کاروباری مالکان پر کارکنوں کے حقوق کی ضمانت اور مالی واجبات کی ادائیگی کے سلسلے میں نئے طریقہ کار کا اطلاق کرنا شروع کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ نئے ضوابط کے تحت کارکنوں کو خود کار نظام کے ذریعہ معلومات جمع کروانے اور تفویض کردہ نمبروں کے ذریعے ملک سے باہر ہونے پر بھی اپنی شکایات درج کرنے کی اجازت ہوگی۔

    اتھارٹی میں ایمپلائمنٹ پروٹیکشن سیکٹر، کاروباری مالکان کے خلاف مالی واجبات کی ادائیگی اور ماہانہ تنخواہوں کے سلسلے میں درج ہزاروں شکایات کا بھی مطالعہ کر رہا ہے۔

  • کویت میں تارکین وطن کی ضرورت

    کویت میں تارکین وطن کی ضرورت

    کویت سٹی: کویت کی پیٹرولیم کارپوریشن نے حکومت سے تارکین وطن کو بھرتی کرنے کی سفارش کردی ہے۔ پیٹرولیم کارپوریشن نے حکام سے غیر ملکی کارکنوں کو داخلے کے لیے استثنیٰ دینے کی درخواست کی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق تیل کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم کارپوریشن نے متعلقہ سرکاری ایجنسیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ کویت کے ذریعہ عمل میں لائے جانے والے اسٹریٹجک منصوبوں کے لیے غیر ملکی کارکنوں کے داخلے کے لیے استثنیٰ دے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تیل کے ایسے پروجیکٹس ہیں جو گزشتہ اگست سے ختم ہو چکے ہیں جبکہ کویت ہوائی اڈے کی بندش سے اب مختلف ممالک سے مینو فیکچر داخل ہونے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    علاوہ ازیں تیل کے شعبے کے منصوبوں جیسے ماحولیاتی ایندھن کے منصوبے، الزور ریفائنری، گیس کی درآمد کی سہولت اور تیل اور گیس کی تیاری کے کچھ اہم منصوبے اپنے آخری مراحل میں ہیں۔

    ان منصوبوں کے لیے تیار کی گئی مینو فیکچررز اور مشاورتی فرموں کو حتمی کارروائی میں داخل ہونے کی ضرورت ہے بصورت دیگر ان منصوبوں کا آغاز ملتوی ہوجائے گا اور عدم عمل کے نتائج مہینوں تک برداشت کرنا ہوں گے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات لاکھوں دینار تک پہنچ سکتے ہیں۔