کراچی : جشن آزادی معرکہ حق کے موقع پر سندھ حکومت تاریخی اور سیاحتی مقامات پر ہر قسم کی فیس ختم کردی اور یکم تا 14 اگست عوامی داخلہ مفت کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جشنِ آزادی 2025 کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر کے تاریخی، ثقافتی اور سیاحتی مقامات پر عوام کے داخلے کو یکم تا 14 اگست مکمل طور پر مفت کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے کیے گئے جن کے تحت تمام میوزیمز، گیلریز، قلعے، تاریخی قبرستان اور دیگر سیاحتی مقامات عوام کے لیے بلا معاوضہ کھول دیے جائیں گے۔
محکمہ ثقافت سندھ نے حیدرآباد،سکھر، کراچی میں گرینڈ میوزیکل ایونٹس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں : جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ محکمہ ثقافت کی جانب سے شائع کی گئی تمام کتب پر 50 فیصد رعایت ہوگی اور آرکائیو گیلری کراچی میں 14روزہ نمائش میں عوام مفت میں شرکت کر سکتے ہیں۔
13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گرینڈ میوزیکل ایونٹ ہوگا جس میں مشہور فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔
ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ "جشنِ آزادی کو ‘معرکۂ حق’ کے عنوان سے بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور پوری قوم جوش و خروش کے ساتھ اس عظیم دن کا استقبال کرے گی۔”
یہ اقدامات نہ صرف قومی جذبے کو ابھاریں گے بلکہ شہریوں کو تاریخ، ثقافت اور موسیقی سے جڑنے کا نایاب موقع فراہم کریں گے۔