Tag: تازہ میڈیکل رپورٹس

  • نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس  آگئیں، ڈاکٹر کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

    نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس آگئیں، ڈاکٹر کا سفر نہ کرنے کا مشورہ

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس سامنے آگئیں ، جس میں ڈاکٹر نے نواز شریف کو مکمل ٹھیک نہ ہونے تک سفر نہ کرنے کی تجویز دی ہےاور کہا بغیر علاج واپس جا کر قید کاٹنا اور بیوی کے انتقال کا صدمہ دل کا مرض بڑھاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرادی گئی ، میڈیکل رپورٹ ڈاکٹر فیاض شال کی جانب سے تیار کی گئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جب تک نواز شریف مکمل ٹھیک نہ ہوجائیں سفر نہ کرنے کی تجویز ہے ، نواز شریف کو بہترین علاج کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ رپورٹ میں سفر نہ کرنے کی سفارش اب بھی برقرارہیں، کورونا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر انھیں ہر گز سفر نہیں کرنا چاہیے اور ایئرپورٹ،عوامی مقامات پر ہرگز نہ جائیں۔

    میڈیکل رپورٹ میں کہا ہے کہ جب تک نواز شریف کی کارنری انجنیو مکمل نہ ہو، اسپتال سے دور نہ جائیں، کورونا اورمختلف امراض کی وجہ سے نواز شریف کی زندگی کو خطرات ہیں۔

    ڈاکٹر فیاض شال کا کہنا ہے کہ نواز شریف اس وقت سٹریس کا شکار ہیں ، نواز شریف کا مکمل علاج کے بغیر لندن سے واپس جانا نقصان دہ ہے۔

    ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بغیر علاج واپس جا کر قید کاٹنا اور بیوی کے انتقال کا صدمہ دل کا مرض بڑھاسکتی ہے۔

    یاد رہے اٹارنی جنرل خالدجاوید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط میں لکھا تھا کہ لگتا ہے نوازشریف کی طبیعت ٹھیک ہوگئی ہے، انڈرٹیکنگ کے تحت آپ نے رجسٹرار کو تسلسل سے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کرانا تھی، ریکارڈ کے مطابق آپ نے میڈیکل رپورٹ کے نام پر8دستاویز جمع کرائیں، آپ کی جانب سے آخری رپورٹ8جولائی2021 کو جمع کرائی گئی تھی۔

    اتارنی جنرل نے واضح کہا تھا کہ خط ملنے کے بعد 10دن میں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس جمع کرائیں اور رپورٹس جمع نہ کرانے پر آپ کیخلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

  • محکمہ داخلہ پنجاب کا نواز شریف کو خط، تازہ میڈیکل رپورٹس فوری بھجوانے کا حکم

    محکمہ داخلہ پنجاب کا نواز شریف کو خط، تازہ میڈیکل رپورٹس فوری بھجوانے کا حکم

    لاہور : محکمہ داخلہ پنجاب نے ضمانت میں توسیع کے معاملے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا، جس مین نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس فوری بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا میڈیکل رپورٹس کا میڈیکل بورڈ جائزہ لینے کے بعد ضمانت میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے ضمانت میں توسیع کے معاملے پر سابق وزیراعظم نوازشریف کو خط لکھ دیا، خط نوازشریف کی لندن رہائش گاہ پربھیجا گیا، جس میں نوازشریف کی ضمانت میں توسیع کے نکات اٹھائے گئے ہیں۔

    محکمہ داخلہ کی جانب سے خط میں میڈیکل رپورٹس کےبارےمیں استفسارکیاگیا ہے اور نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس فوری بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا میڈیکل رپورٹس کا میڈیکل بورڈ جائزہ لینے کے بعد ضمانت میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    ذرائع مسلم لیگ ن کے مطابق شریف خاندان کی جانب سے پنجاب حکومت کو گزشتہ ہفتے بھجوائے جانے والے خط کا جواب دے دیا گیا تھا۔

    یاد رہے پنجاب حکومت نے میاں نوازشریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت میں توسیع کے لیے سابق وزیر اعظم کے معالجین کی جانب سے بھجوائی جانی والی میڈیکل رپورٹس پر اعتراضات لگائے۔

    مزید پڑھیں : بیٹی کہتی ہے، تیمار داری کرنے جانا ہے، کیا ریسٹورنٹ میں تیمار داری ہوگی؟ یاسمین راشد

    پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر دی گئی چھ ہفتے کی ضمانت میں توسیع کے لیے سابق وزیر اعظم کی جانب سے بھجوائے جانے والی میڈیکل رپورٹس پر متعدد اعتراضات لگا کر مسترد کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی جانب سے جن معالجین نے ضمانت میں توسیع کے لیے میڈیکل رپورٹس بھجوائی تھیں وہ حکومت کی جانب سے قائم کر دہ میڈیکل بورڈ کا حصہ نہ تھے جبکہ سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر ضمانت لینے کے لیے جو میڈیکل ٹیسٹ تشخیص کیے گئے تھے وہ بھی چھ ہفتے گزرنے کے بعد مکمل نہ کیے جاسکے۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز قبل نوازشریف کی لندن میں کھانا کھاتے ہوئے وائرل ہونے والی تصویر کے بعد وزیر اعطم عمران خان کی جانب سے سخت ناراضگی کا اظہار کیا گیا تھا ، وزیر اعظم کے نوازشریف کی صحت پر استفسار کو لیکر محکمہ داخلہ پنجاب نے نوازشریف کے معالج ڈاکٹر عدنان اور ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ کے ذریعے دو خطوط سابق وزیر اعظم نوازشریف کو بھجوائے۔

    دوسری جا نب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے نوازشریف کے معالجین نے لندن سے پیٹ سکین ٹیسٹ کروانے کا کہا تھا تا حال پیٹ سکین ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آئی ،نوازشریف کو پاکستان میں بھی پیٹ سکین ٹیسٹ کی پیشکش کی گئی تھی، اگر 48 گھنٹے میں نواز شریف کی رپورٹس پیش نہ کی گئیں تو محکمہ داخلہ ایکشن لے گی۔