Tag: تانیہ ایدروس

  • وزیر اعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا

    وزیر اعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے استعفیٰ دے دیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ان سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی تانیہ ایدروس مستعفی ہو گئی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ دہری شہریت کے مسئلے پر ان پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے جس کی وجہ سے انھوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    تانیہ ایدروس نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میری دہری شہریت پر سوال اٹھائے گئے، مجھ پر ہونے والی تنقید ڈیجیٹل پاکستان کے وژن پر اثر انداز ہو رہی تھی، عوامی مفاد مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم کو استعفیٰ پیش کرتی ہوں، تاہم میں اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی خدمت کرتی رہوں گی۔

    دوسری طرف ذرایع کا کہنا ہے کہ تانیہ ایدروس نے ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کو ایس ای سی پی میں بہ طور پرائیویٹ کمپنی رجسٹرڈ کروایا تھا، وزیر اعظم نے اس معاملے پر تحقیقات کروائیں تو تانیہ ایدروس انکوائری میں تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کو بھیجے گئے اپنے استعفے میں تانیہ ایدروس نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے آپ کی خدمت میرے لیے باعث عزت رہی ہے، مجھ پر آپ کے اعتماد کی بحالی کے لیے میں آپ کی شکر گزار ہوں۔

    انھوں نے لکھا کہ میں صرف ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنے کے مقصد کے ساتھ واپس پاکستان آئی تھی، یہ ایک ایسا تصور ہے کہ جس کا ہمیشہ آپ نے ذکر کیا اور میں نے اسے پھیلایا، میں پاکستانی ہوں اور ہمیشہ رہوں گی۔

    دریں اثنا، تانیہ ایدروس کے استعفے کی وجوہ سامنے آ گئی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ تانیہ ایدروس کے خلاف فنڈنگ سے متعلق تحقیقات جاری تھیں، ان کے خلاف ڈیجیٹل پاکستان فاؤنڈیشن کی فنڈنگ سے متعلق تحقیقات ہوئی تھیں، جس پر وہ اطمینان بخش جواب نہ دے سکی تھیں۔

    ذرایع کے مطابق وزیر اعظم نے تسلی بخش جواب نہ دینے پر تانیہ ایدروس سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس نے گزشتہ برس 5 دسمبر کو وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل سے استعفیٰ دے دیا تھا، گوگل سے مستعفی ہونے کے بعد وہ سنگاپور سے پاکستان پہنچی تھیں۔

  • محدود وسائل کے باوجود آج وبا پر قابو پانے کے قابل ہیں،تانیہ ایدروس

    محدود وسائل کے باوجود آج وبا پر قابو پانے کے قابل ہیں،تانیہ ایدروس

    اسلام آباد : معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود آج وبا پر قابو پانے کے قابل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ لوگ مشکل فیصلے کرنے سے ڈرتے ہیں لیکن ہماری حکومت نے مکمل شفافیت سے ایسے فیصلے کیے کہ جس سے عوام کی مشکلات کم ہوں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہ تھا کہ طویل المدتی بنیاد پر فائدہ دینے والا کام کیا جائے تاکہ ایسا نہ ہو کہ صرف کرونا کی وبا کے دوران وہ فائدہ مند ہوں اور بعد میں کارآمد نہ رہیں اور مستقبل میں کسی وبا کی صورت میں پہلے سے تیار ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری تھا کہ ہم ریئل ٹائم ڈیٹا کی مدد سے درست فیصلہ کرسکیں اس کے لیے پہلا اور اہم قدم پورے ملک سے انتہائی اہم معلومات مثلاََ ٹیسٹس کی تعداد مثبت آنے والے مریضوں کی تعداد، وینٹیلیٹرز کی دستیابی کے اعداد وشمار اکٹھے کرنا تھا۔

    تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ جب وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا ملک میں ایسا کوئی نظام موجود نہیں تھا اور مجھے فخر ہے کہ این سی او سی کے تحت سب نے مل کر یہ نظام تشکیل دیا کہ جس کے ذریعے ملک بھر میں رپورٹنگ کی جا رہی ہے۔

    معاون خصوصی نے مزید کہا کہ بہتر حکمت عملی کہ وجہ سے کاروبار کھولنے کے قابل ہوئے ہیں،صوبوں نے بھی اس حکمت عملی میں مکمل تعاون کیا،محدود وسائل کے باوجود آج وبا پر قابو پانے کے قابل ہیں۔

  • ‘ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد پاکستانی ٹیلنٹ کوبیرون ملک سےواپس لانا ہے’

    ‘ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد پاکستانی ٹیلنٹ کوبیرون ملک سےواپس لانا ہے’

    اسلام آباد : معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان کا مقصد پاکستانی ٹیلنٹ کوبیرون ملک سےواپس لانا اور مقامی ٹیلنٹ کوسامنے لانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم پاکستان کی معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پروگرام پاورپلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈیجیٹل پاکستان ناٹ فار پرافٹ کمپنی ہے، اس کا مقصد پاکستانی ٹیلنٹ کوبیرون ملک سےواپس لاناہے۔

    تانیہ ایدروس کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان کامقصدمقامی ٹیلنٹ کو سامنے لاناہیے، ڈیجیٹل پاکستان آپریشنل ہوئی نہ اس میں کوئی پیسے آئے ہیں۔

    یاد رہے کوروناوائرس سے لڑنے میں ڈیجیٹل پاکستان کے کردار پر وزیرِاعظم پاکستان کی معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ آئدروس نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ایک اور بڑا لاک ڈاؤن نہیں سہہ سکے گا، ہمیں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا استعمال کرنا پڑے گا۔

    تانیہ آئدروس کا کہنا تھا کہ ہمیں حکمتِ عملی کی بنیاد ڈیٹا پر رکھنی ہے، اس صورتحال میں مصدقہ اور ریئل ٹائم ڈیٹا موجود نہیں تو وبا محدود کرنے کے لیے ردعمل مؤثر نہیں ہوسکتا، ایسا نظام بنا لیا ہےکہ تمام صوبوں کی معلومات ایک جگہ ہوں گے، معلومات استعمال کرکے اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا سکتا ہے

    ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی سربراہ نے مزید کہا کہ جلد واٹس ایپ پرڈاکٹرسے بات کرنے کی سہولت بھی میسرہوگی۔

  • پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں: ملکہ میکسیما

    پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں: ملکہ میکسیما

    ڈیووس: ہالینڈ کی ملکہ میکسیما نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہالینڈ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس اور ہالینڈ کی ملکہ میکسیما میں ملاقات ہوئی، جس میں ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں ملکہ میکسیما نے ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان کی مدد کے بھرپور عزم کا اظہار کیا، انھوں نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کی یادیں بھی تازہ کیں اور دورے کا خصوصی ذکر کیا، انھوں نے کہا کہ ہالینڈ پاکستان میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔

    ملکہ میکسیما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عوامی فلاح کے طور پر ڈیجیٹل شناخت کا فروغ ضروری ہے، ڈیجیٹل پاکستان ملکی بہتری اور صنفی تقسیم کی کمی میں مددگار ہوگا۔

    عمران خان کی سنگاپور کے وزیر اعظم، آذربائیجان کے صدر سے ملاقاتیں

    ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ایدروس نے کہا کہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں انقلابی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، ملک میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم جاری ہے جس کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان بھی گئے ہیں، عمران خان نے فورم کی سائیڈ لائن پر سنگاپور کے وزیر اعظم لی سیان لونگ اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقاتیں کیں۔ صدر الہام علیوف سے ملاقات میں باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر گفتگو کی گئی، قومی معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

  • گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو نے ملک کی خاطر استعفیٰ دے دیا

    گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو نے ملک کی خاطر استعفیٰ دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیگٹو تانیہ ایدروس نے جذبہ حب الوطنی کے تحت استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس مستعفی ہو کر سنگاپور سے پاکستان پہنچ گئی ہیں، تانیہ ایدروس پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل وژن کی سربراہی کریں گی۔

    پاکستان پہنچنے کے بعد تانیہ ایدروس نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 20 سال سے بیرون ملک مقیم تھی اور پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی، جب یہ حکومت آئی تو لوگوں کو محسوس ہوا ملک جا کر کچھ کرنا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین سے اہم رابطے ہوئے، حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی منصوبے سے آگاہ کیا، منصوبے کے تحت 5 اہم مرحلوں پر کام تیز کیا جائے گا، عوام کی انٹرنیٹ تک رسائی اور روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

    تازہ ترین:  وزیراعظم عمران خان آج ڈیجیٹل پاکستان مہم کا آغاز کریں گے

    انھوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رسائی ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے، ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ کام تیز اور بہتر ہو، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر بنانا حکومت کا کام ہے، وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کی طرف جائیں، پاکستان کی 70 ملین آبادی انٹرنیٹ استعمال کر رہی ہے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

    تانیہ ایدروس کا کہنا تھا ای گورنمنٹ سے حکومتی فیصلوں کو پیپرلیس بنایا جائے گا، عوام کو چھوٹی چیزوں کے لیے لائنوں میں کھڑا کر دیا جاتا ہے، فنگر پرنٹس کے باوجود لائنوں میں کھڑا رکھنے کا جواز نہیں، شہری کی شناخت کو ڈیجیٹل طریقے سے استعمال کیا جائے گا، ڈیجیٹل اسکلنگ سے نوجوانوں کو معیاری اسکلز ملیں گی، کاروبار کے لیے بینکنگ نظام، سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ صوبوں اور ایجنسیز کے ذریعے اس خواب کو حقیقت میں بدلیں گے، راتوں رات تبدیلی نہیں ہوگی مگر مستقبل میں زبردست نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ تانیہ ایدروس وزیر اعظم کے ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی سربراہی کریں گی، یہ ڈیجیٹل وژن پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے ہے، اس کے تحت پاکستان میں سرکاری اقدامات کو ڈیجیٹل کر دیا جائے گا۔