Tag: تاوان

  • مصطفی عامر اغوا و قتل کیس : تاوان کیلئے کال کرنیوالا کون تھا؟

    مصطفی عامر اغوا و قتل کیس : تاوان کیلئے کال کرنیوالا کون تھا؟

    کراچی : مصطفی عامر اغوا و قتل کیس میں تاوان کیلئے کال کرنیوالا کون تھا، پولیس پتہ نہ لگاسکی اور ملزم ارمغان نے تاوان کی کال کرنے کا اعتراف نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصطفی عامر اغوا و قتل کیس میں 14 روز بعد بھی تاوان کیلئے کال کرنیوالا سامنے نہ آسکا۔

    مبینہ اغوا کار سے تاوان کی ڈیل کے اسکرین شارٹ سامنے آگیا، تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ تاوان کی کال سےمتعلق مرکزی ملزم ارمغان سےتاحال تفتیش نہ ہوئی، ملزم ارمغان نے تاوان کی کال کرنے کا اعتراف نہیں کیا۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم ارمغان مختلف انٹرنیشنل نمبر استعمال کرتا تھا اور مصطفی عامر کے والد کو امریکی نمبر سے واٹس ایپ پر تاوان کی کال آئی تھی۔

    مزید پڑھیں : قاتل سامنے آگیا ہے، تحقیقات سے مطمئن ہوں، والدہ مصطفیٰ عامر

    مصطفی کی لاش 11 جنوری کو ملی اور تاوان کی کال 25جنوری کوموصول ہوئی ، شبہ ہےملزم ارمغان نےہی مصطفی کے والد کو تاوان کیلئے کال کی۔

    یاد رہے مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ وجہیہ عامر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا تھا 25 جنوری کو علی الصبح 4 بجے امریکا سے تاوان کی کالز آنا شروع ہوئیں، جس میں 2 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ مصطفیٰ کو قتل کر دیا گیا ہے، اور وہ اسے زندہ تلاش کر رہے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاوان کی کالز کیس کو بھٹکانے کی کوشش تھیں۔ 27 جنوری کو دوبارہ تاوان کی کال آئی، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات تیز کیں، اور چند دنوں کے اندر ارمغان کو گرفتار کر لیا گیا۔

  • تاوان نہ دینے پر ٹیکسی ڈرائیور قتل

    تاوان نہ دینے پر ٹیکسی ڈرائیور قتل

    صادق آباد: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں تاوان نہ دینے پر ڈاکوؤں نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق راولپنڈی کے رہائشی ٹیکسی ڈرائیور کو چند روز قبل ڈاکوؤں نے ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کیا تھا،  ڈاکوؤں نے مقتول کو اغوا کرنے کے بعد بہن سے 2 کروڑ تاوان مانگا تھا۔

    پولیس نے بتایا تاوان نہ ملنے پر ڈاکوؤں نے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کردیا، ڈاکوؤں اور مقتول کی بہن کی آڈیو گفتگو اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے۔

  • خاتون کی آواز کے جھانسے میں آ کر 2 نوجوان اغوا

    خاتون کی آواز کے جھانسے میں آ کر 2 نوجوان اغوا

    شکار پور: صوبہ سندھ کے شہر شکار پور میں 2 نوجوانوں کو خاتون کی آواز کا جھانسہ دے کر اغوا کرلیا گیا، مغویوں کے ورثا سے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور کے علاقے ٹاؤن مدیجی کے قریب 2 نوجوانوں کو مبینہ طور پر عید کے روز اغوا کر لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ محمد خان اور احمد علی کو اغوا کاروں نے خاتون کی آواز سے جھانسہ دے کر اغوا کیا، دونوں نوجوانوں کا موبائل نمبر گزشتہ روز دوپہر 12 بجے سے بند ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے ورثا سے تاوان طلب کیا گیا ہے، اغوا کاروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب مغویوں کے ورثا کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

  • تاوان وصول کرنے کے باوجود مغوی بچہ قتل، ملزمان کی سزا کالعدم

    تاوان وصول کرنے کے باوجود مغوی بچہ قتل، ملزمان کی سزا کالعدم

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں تاوان وصول کرنے کے باوجود 9 سالہ مغوی بچے کو قتل کرنے والے ملزمان کی سزا کالعدم قرار دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں اغوا برائے تاوان کے جرم میں 3 ملزمان کی سزا کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی، پولیس اور استغاثہ ملزمان کی سزا برقرار رکھنے کے لیے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔

    استغاثہ کی جانب سے کہا گیا کہ ملزمان نے سنہ 2017 میں اتحاد ٹاؤن سے 9 سالہ آصف کو اغوا کیا تھا اور بچے کے والد سے 15 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 1 لاکھ 3 ہزار وصول کرنے کے باوجود بچے کو قتل کردیا تھا۔

    سندھ ہائی کورٹ نے ملزم اللہ دتہ، حفیظ اور محمدعرفان کی سزا کالعدم قرار دے دی۔ عدالت کا کہنا تھا کہ تینوں ملزمان کے خلاف کوئی اور کیس نہیں تو جیل سے رہا کیا جائے۔

  • یمن: رخصتی سے قبل طلاق دینے پر خاتون نے مرد کو نشان عبرت بنا دیا

    یمن: رخصتی سے قبل طلاق دینے پر خاتون نے مرد کو نشان عبرت بنا دیا

    صنعا: یمن میں ایک خاتون نے مرد کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کی رہائی کے بدلے تاوان کا مطالبہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک مقامی اخبار نے اطلاع دی ہے کہ جنگ سے تباہ حال ملک یمن میں ایک خاتون نے ایک شخص کو اغوا کر کے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    انٹرنیٹ پر زیر گردش پولیس کے ایک مبینہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مبارک سلطان نامی شخص کو 7 فروری کو یمن کی جنوب مغربی گورنری تعز میں ایک خاتون طغرید غالب نے اغوا کیا تھا۔

    شہر کی پولیس کے بیان کے مطابق مذکورہ شخص دراصل خاتون کا سابق شوہر تھا، جس نے تغرید سے نکاح کے بعد رخصتی سے قبل اسے طلاق دے دی تھی، اور پھر دوسری خاتون سے شادی کر لی، جس پر خاتون نے مشتعل ہو کر 7 فروری کو اسے اغوا کر لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کے مطابق خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے، خاتون نے اپنے بھائی کی مدد سے راہ چلتے اپنے سابقہ شوہر کو اغوا کیا تھا، اور نامعلوم مقام پر رکھا۔

    خاتون نے اقرار کیا کہ ہاں میں نے اغوا کیا اور اس پر تشدد کر کے اپنے دل کی بھڑاس نکالی، اس کے جسم سے تشدد کے باعث بہتے خون کی تصاویر بنائیں، اور انھیں سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اسے عبرت کا نشان بنایا ہے۔ خاتون نے کہا اور پھر میں نے اسے رہا کرنے کے لیے اس کے خاندان والوں سے تاوان مانگا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ شادی کے بہانے اس نے مجھے دھوکا دیا، میری تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، ہمارے درمیان ہونے والی باتیں عام کیں اور مجھ سے جھوٹی باتیں منسوب کرتا رہا۔

    واضح رہے کہ مردوں کے ہاتھوں خواتین کا اغوا ہونا آئے دن کی خبر ہے، مگر یمن کا یہ واقعہ انوکھا ہے، واقعے پر سوشل میڈیا پر اکثر صارفین نے اسے فضول قسم کا مذاق سمجھا تھا، مگر جب پولیس کی طرف سے واقعے کی تصدیق ہوئی اور تفصیلات جاری ہوئیں تو سب دنگ رہ گئے۔

  • دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں بڑا تاوان ادا کر دیا

    دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں بڑا تاوان ادا کر دیا

    واشنگٹن: دنیا کی سب سے بڑی گوشت کمپنی کو سائبر حملے کے نتیجے میں ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ کا تاوان بٹ کوائن میں ادا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی گوشت فراہم کرنے والی برازیلی جے بی ایس کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی پر سائبر حملے کے بعد انھوں نے ہیکرز کو بٹ کوائن میں 11 ملین ڈالر کا تاوان ادا کیا ہے۔

    جے بی ایس امریکا نے بدھ کو کہا کہ کریمینل ہیکرز کو تاوان کی ادائیگی اس وقت کی گئی جب کمپنی کی اکثر فیکٹریوں نے آن لائن کام شروع کر دیا تھا۔

    جے بی ایس امریکا ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر آندرے نوگویرا کا کہنا تھا کہ کمپنی نے حملے سے متعلق کسی غیر متوقع مسائل کو روکنے اور ڈیٹا باہر نہیں جانے کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا۔

    گوشت کمپنی پر سائبر حملہ، گوشت کی فراہمی بند

    آندرے نوگویرا نے وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو میں کہا کہ مجرموں کو رقم کی ادائیگی بہت تکلیف دہ تھی، لیکن ہم نے اپنے صارفین کے حق میں یہ قدم اٹھایا، رقم تب ادا کی گئی جب کمپنی کے اکثر پلانٹس نے دوبارہ کام شروع کر دیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تاوان اس لیے ادا کیا گیا تاکہ جے بی ایس کے گوشت پلانٹس کو مزید خلل سے بچایا جا سکے، اور ریسٹورنٹس، گروسری اسٹورز اور کسانوں پر مرتب ہونے والے اثرات کو محدود کیا جا سکے۔

    واضح رہے کہ JBS فروخت کے لحاظ سے گوشت فراہم کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے، اور یہ آسٹریلیا سے لے کر جنوبی امریکا اور یورپ تک گوشت سپلائی کرتی ہے، امریکا میں یہ سب سے بڑا بیف پروسیسر، اور چکن اور پورک میں سرفہرست سپلائر ہے۔

    سائبر اٹیک سے شمالی امریکا اور آسٹریلیا میں کمپنی کے آئی ٹی سپورٹنگ سسٹمز متاثر ہوئے تھے، امریکی حکومت نے اس ransomware (نقصان دہ سافٹ ویئر کے ذریعے تاوان کی وصولی) کے لیے مجرموں کے ایک گروہ REvil کو ذمہ دار قرار دیا ہے، جس کے بارے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ اس کا تعلق روس یا مشرقی یورپ سے ہے۔

    ہیکرز ناکام، کروڑوں روپے کے بٹ کوائنز کی تاوان کی رقم ضبط کر لی گئی

    خیال رہے کہ جے بی ایس پر یہ حملہ تاوانی سافٹ ویئر کے ذریعے ہونے والے حملوں کا حصہ تھا، جن میں کمپنیوں کو ان کے آپریٹنگ سسٹم پر دوبارہ کنٹرول دینے کے لیے لاکھوں ڈالرز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔ گزشتہ ماہ مئی میں ہیکرز نے امریکا میں ایسٹ کوسٹ میں ایک گیس کمپنی کی پائپ لائن بند کر دی تھی، جسے اپنے آپریشنز اور سروس پر کنٹرول واپس حاصل کرنے کے لیے ہیکرز کو بٹ کوائن میں 44 لاکھ ڈالرز ادا کرنے پڑے تھے، جن میں سے 23 لاکھ ڈالرز مالیت کی کرپٹو کرنسی کی تاوانی رقم ایف بی آئی نے ایک ورچوئل کرنسی ویلٹ سے واپس ضبط کر لی تھی۔

    یہ حملے بتاتے ہیں کہ سائبر مجرموں نے اپنے اہداف بدل دیے ہیں، پہلے وہ ڈیٹا سے مالا مال کمپنیوں جیسا کہ ری ٹیلرز، بینکس اور انشوررز کو نشانہ بناتے تھے، لیکن اب ان کا ہدف اہم سروس فراہم کرنے والے ادارے بن گئے جیسا کہ اسپتال، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور فوڈ کمپنیاں۔

  • افغانستان، 105 دن سے اغواء پاکستانی انجینیئر بازیاب

    افغانستان، 105 دن سے اغواء پاکستانی انجینیئر بازیاب

    راولپنڈی : پاک فوج نے افغانستان میں اغواء ہونے والے انجینئر ملک فیض کو باحفاظت بازیاب کراکے ان کے گھر راولپنڈی منتقل کردیا ہے جس پر اہل خانہ خوشی سے نہال ہیں.

    تفصیلات کے مطابق پاک آرمی نے 105 دن سے لاپتہ پاکستانی انجینیئر ملک فیض کو بازیاب کرالیا ہے جس کے بعد پاکستانی انجینیئر راولپنڈی میں واقع اپنے گھر پہنچ گئے ہیں جہاں اس وقت جشن کا سا سماں ہے.

    مغوی انجیبئر ملک فیض کے صاحبزادے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ والد صاحب 105 دن بعد باخیریت گھر پہنچ گئے ہیں جنہیں گزشتہ پاک فوج نے ایک کارروائی کے دوران بازیاب کرایا تھا اور جن کی رہائی کے لیے 10 لاکھ ڈالر تاوان طلب کیا گیا تھا.

    اس موقع پر انجینئرملک فیض نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے رواں سال اگست میں کالعدم جماعت الاحرار کے دہشت گردوں نے اغواء کیا تھا اور رہائی کے عوض 10 لاکھ ڈالر تاوان طلب کیا تھا.

    انہوں نے مزید بتایا کہ اغواء کاروں نے 105 دن تک بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی جاری کی تاکہ گھر والے خوف زدہ ہوکر جلد از جلد تاوان کی رقم کا بندوبست کریں.


      اسی سے متعلق : افغانستان میں پاکستانی انجینیئر کا اغواء، تشدد کی ویڈیوجاری 


    پاکستانی انجینئر ملک فیض نے اپنی بازیابی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے پاک آرمی کی وجہ سے نئی زندگی ملی ہے جس پر میں اور میرے اہل خانہ آرمی چیف قمر باجوہ اور ایک ایک سپاہی کے شکر گذار ہیں.

    یاد رہے ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے ملک فیض کو طور خم جلال آباد روڈ پروجیکٹ کی تعمیرکی دوران اغواء کیا گیا تھا جہاں وہ ایک نجی کمپنی میں بہ طور انجینیئر فرائض انجام دے رہے تھے اور پروجیکٹ کی تکمیل میں مشغول تھے.

  • مغوی بازیاب: پانچ اغواء کارگرفتار، اسلحہ برآمد

    مغوی بازیاب: پانچ اغواء کارگرفتار، اسلحہ برآمد

    لاہور: صدر ڈویژن پولیس نے تاوان کے لئے اغواء ہونے والے مغوی عبدالرؤف کو بازیاب کروا کر پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس پی صدر زاہد مروت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ عبدالرؤف نامی شخص کو پانچ ملزمان نے دو ماہ قبل اغواء کیا اورعبدالرؤف کے اہل خانہ سے اس کی بازیابی کے لئے ستائیس لاکھ روپے تاوان مانگا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف  فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی عبدالرؤف کو بازیاب کروالیا جبکہ پانچ ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے ۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز بھی برآمد کئے گئے ہیں، ایس پی صدر کے مطابق ملزمان ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں ملزمان سے مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

  • داعش کا مغوی جاپانیوں کے بدلے تاوان کا مطالبہ

    داعش کا مغوی جاپانیوں کے بدلے تاوان کا مطالبہ

    یروشلم: شدت پسند تنظیم داعش نے یرغمال جاپانی شہریوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے جاپانی وزیر اعظم سے دو سو ملین ڈالر کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا، بہتر گھنٹوں میں تاوان ادا نہ کرنے پر قتل کی دھمکی دے دی۔

    داعش کے ترجمان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ دو سو ملین ڈالرکی یہ رقم اس لیے مانگی گئی کہ حال ہی میں جاپان نے امریکہ کو داعش کے خلاف مہم کے عوض اتنی ہی رقم دی تھی۔

    ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد جاپان کے وزیراعظم  جو ان دنوں مشرقی وسطیٰ کے 6 روزہ دورے کے سلسلے میں مقبوضہ بیت المقدس میں ہیں۔

     اپنے ایک بیان میں  داعش  کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا  کہ داعش کی یہ حرکت ناقابل قبول ہے اور اپنے شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدام کئے جائیں گے ،تاہم جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ وڈیو کی اصل ہونے کی تصدیق کررہے ہیں۔