Tag: تباہ حال

  • ویڈیو رپورٹ: 100 سال قدیم بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی عمارت تباہ حال، چھتیں گرنے لگیں

    ویڈیو رپورٹ: 100 سال قدیم بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی عمارت تباہ حال، چھتیں گرنے لگیں

    بلدیہ حیدرآباد کی 100 سالہ قدیم عمارت خستہ حالی کا شکار چھتیں اور دیواریں گرنا معمول بن چکا میئر نے محفوظ مقام پر دفتر بنا لیا۔

    رپورٹ: اشوک شرما

    حیدرآباد شہر کے وسط اسٹیشن روڈ پر قائم بلدیہ اعلیٰ کی تاریخی عمارت ایک صدی قدیم ہے۔ تاہم یہ اب اتنی خستہ حال ہوچکی ہے کہ اس میں قائم بلدیہ کے مختلف شعبوں کے دفاتر کی چھتیں اور دیورایں گرنا معمول ہوچکا ہے اور مختلف شعبہ جات کسی دفتر کے بجائے ملبے کا ڈھیر دکھائی دیتے ہیں۔

    میونسپل کارپوریشن میں قیام پاکستان سے قبل اور اس کے بعد کا ریکارڈ رکھا ہوا ہے۔ تاہم عمارت کی خستہ حالی کے باعث یہ قدیم ریکارڈ بھی ضائع ہو رہا ہے۔ یہاں رکھی الماریاں اور فائلیں ملبے کے ڈھیر تلے دبی نظر آتی ہیں، مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

    بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی اس مرکزی عمارت میں میئر حیدرآباد، ڈپٹی میئر اور میونسپل کمشنر کے دفاتر بھی واقع ہیں، لیکن خستہ حال عمارت کے باعث میئر حیدرآباد نے اپنا نیا آفس ادارہ ترقیات حیدرآباد (ایچ ڈی اے) کی عمارت میں بنا لیا ہے اور وہ اپنے پرانے آفس میں نہیں بیٹھتے، جبکہ میونسپل کمشنر بھی عارضی آفس میں بیٹھ کر کام چلا رہے ہیں۔

    عوام کے منتخب نمائندوں اور افسران نے تو دوسری جگہ منتقل ہو کر خود کو محفوظ کر لیا، لیکن اس خستہ حالی عمارت میں کام کرنے والے ماتحت ملازمین کی جانیں خطرے کی زد میں ہیں اور وہ ہر وقت خوف کے سائے میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

    اس عمارت میں جناح ہال واقع ہے جس میں حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کونسل کے اجلاس ہوتے تھے، جس میں عوام کو درپیش مسائل زیر بحث آتے تھے، مگر خطرناک حالت کے باعث پچھلے دو سال سے اس ہال میں کوئی اجلاس منعقد نہیں ہوسکا ہے۔

    حیدرآباد میں قائم شہر کی تاریخی عمارت بلدیہ اعلی حیدرآباد تباہ حال ہے، جہاں مختلف دفاتر کی چھتیں اور دیواریں گرنا معمول بن گیا ہے، کئی شعبوں کا سو سال سے بھی پرانا اہم رکارڈ ملبے کے ڈھیر میں ضایع ہو رہا ہے مگر کوئی پرسان حال نہیں۔

    تاریخی عمارت کی خستہ حالی پر جب میئر حیدرآباد کاشف شورو سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی نئی عمارت بنائیں گے۔ اس حوالے سے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایوان نے منظوری بھی دے دی ہے۔

  • طوفانی بارشوں سے کراچی کی درجنوں اہم شاہراہیں اور سڑکیں تباہ

    طوفانی بارشوں سے کراچی کی درجنوں اہم شاہراہیں اور سڑکیں تباہ

    کراچی: صوبہ سندھ کا دارالحکومت اور ملک کا معاشی حب کراچی مون سون بارشوں کے بعد تباہ حال ہوچکا ہے، شہر کی 97 اہم سڑکیں اور شاہراہیں ٹوٹ چکی ہیں جس کے باعث شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ شدید ہوتا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران 97 اہم شاہراہیں اور سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

    ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک احمد نواز چیمہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ بارش میں تباہ سڑکوں کو فوری مرمت کی ضرورت ہے۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال ضروری ہے، عوامی مفاد میں سڑکوں کی بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔ مرمت اور دیکھ بھال سے ٹریفک کی روانی بھی بحال ہوگی اور ٹریفک جام کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔

    خط کے ساتھ تباہ حال سڑکوں کی فہرست بھی منسلک کردی گئی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 145 مقامات پر بارش کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹیں، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی 10 سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

    ڈسٹرکٹ سٹی کی 10، ڈسٹرکٹ سینٹرل کی 29، ڈسٹرکٹ ایسٹ کی 14، کورنگی کی 12، ڈسٹرکٹ ویسٹ کی 10 اور ڈسٹرکٹ ملیر کی 12 سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپی کمشنر کراچی کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

  • ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ بالٹی پر بیٹھ کر گاڑی چلانے والا شخص گرفتار

    ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ بالٹی پر بیٹھ کر گاڑی چلانے والا شخص گرفتار

    لندن : برطانوی پولیس نے بغیر  اسٹیرنگ اور  ڈرائیونگ سیٹ کے تباہ حال گاڑی چلانے والے شخص کو متعدد دفعات کے تحت گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر نورفولک میں ایک شخص نے بغیر اسٹیرنگ اور ڈرائیونگ سیٹ کے گاڑی چلاکر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ برطانوی پولیس نے مذکورہ شخص کو  تباہ حال گاڑی چلانے کے جرم گرفتار کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حراست میں لیا جانے والا شخص گاڑی کو ڈرائیونگ سیٹ کی جگہ لوہے کی بالٹی پر بیٹھ کر چلا رہا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ مذکورہ شخص گاڑی کو  بغیر اسٹیرنگ کے محض ایک پلایئر سے ڈرائیو کر رہا تھا، برطانیہ کی پیٹرولنگ پولیس کے اہلکار گاڑی کی حالت دیکھ کر  دنگ رہ گئے۔

    برطانوی پولیس کے ایک آفیسر  نے بتایا کہ مذکورہ گاڑی میں نہ ہیڈلائٹس تھیں، نہ بمپر  اور گاڑی کے ٹائر  بھی بلکل فلیٹ تھے، جب گاڑی کے اندر  دیکھا تو ڈیش بورڈ اور اسپیڈو میٹر بھی موجود نہیں تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے تباہ حال گاڑی کی تصاویر  لے کر  سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر  پوسٹ کی تو تصاویر فوراً وائرل ہوگی۔ پولیس اہلکار نے پوسٹ میں لکھا کہ ڈرائیور کو متعدد دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں