Tag: تبدیلی

  • چیمپئنز ٹرافی کے پاکستانی اسکواڈ میں تبدیلی؟ بڑی خبر آ گئی

    چیمپئنز ٹرافی کے پاکستانی اسکواڈ میں تبدیلی؟ بڑی خبر آ گئی

     چیمپئنز ٹرافی کے لیے اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ پر تحفظات کیے جا رہے ہیں تبدیلی سے متعلق چیئرمین پی سی بی کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں میزبان پاکستان نے سب سے آخر میں اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ تاہم اعلان کے ساتھ ہی اسکواڈ میں شامل چند کھلاڑیوں بالخصوص فہیم اشرف اور خوشدل شاہ کی سرپرائز انٹری پر اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں۔

    سابق کھلاڑی میگا ایونٹ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ کو غیر متوازن قرار دیتے ہوئے اس میں ردوبدل کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ ایسے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا اس حوالے سے اہم بیان سامنے آیا ہے۔

    قذافی اسٹیڈیم میں مزدوروں کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کو ریویو کر رہی ہے۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت جاری ہے اور کمیٹی میگا ایونٹ کے اعلان کردہ اسکواڈ کو ریویو کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خوشدل شاہ اور فہیم اشرف کو نیک نیتی کے ساتھ اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے، تاہم سلیکشن کمیٹی کو چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/champions-trophy-2025-younis-khan-about-pakistani-squad/

  • پاکستان میں آج چاندی کی قیمت میں کیا تبدیلی آئی؟

    پاکستان میں آج چاندی کی قیمت میں کیا تبدیلی آئی؟

    پاکستان میں چاندی کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی مانگ و رسد، ڈالر کی قیمت، مہنگائی، عوامی مانگ اور سرکاری پالیسیوں جیسے مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔

    ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کا تعین اس لیے اہم ہے کہ تاریخی طور پر یہ ایک معیاری وزن سمجھا جاتا ہے اور زیادہ تر چاندی کے زیورات اسی وزن اور مخصوص معیار کے تحت تیار کیے جاتے ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں چاندی کی قیمت میں تھوڑا سا اتار چڑھاؤ پایا جاسکتا ہے۔

    ملک میں مقامی کرنسی کے حساب سے روزانہ چاندی کی قیمت اپ ڈیٹ ہوتی ہے، فی گرام چاندی، دس گرام چاندی اور فی تولہ چاندی کی قیمت آج ملک میں کیا رہی اس حوالے سے ذیل میں قیمتوں کی تفصیلات بتائی گئی ہی۔

    کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں 10 گرامی چاندی کی قیمت 2,655 روپے رہی جبکہ ان شہروں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت 3,093 روپے ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی چاندی کے نرخ یکساں رہے، ان شہروں میں 10 گرامی چاندی کی قیمت 2,655 روپے رہی جبکہ ایک تولہ چاندی کی قیمت 3,093 روپے رہی۔

    پاکستان میں چاندی کو صرف زیورات کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔ یہاں چاندی کی سرمایہ کاری کے بارے میں کچھ اہم باتیں جاننا ضروری ہے:

    مہنگائی کے خلاف ایک ہیج: چاندی کو اکثر مہنگائی کے خلاف ایک ہیج سمجھا جاتا ہے۔ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

    طویل مدتی سرمایہ کاری: چاندی میں سرمایہ کاری کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس کی قیمت میں مختصر مدت میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے لیکن طویل مدت میں یہ ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔

    سونا کے مقابلے میں کم خطرناک: سونا کے مقابلے میں چاندی کو کم خطرناک سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ سونا بھی ایک محفوظ سرمایہ کاری ہے لیکن چاندی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کم ہوتا ہے۔

    سرمایہ کاری کے طریقے: آپ چاندی کی سرمایہ کاری مختلف طریقوں سے کر سکتے ہیں، جیسے کہ آپ چاندی کے سکے خرید کر انہیں محفوظ کر سکتے ہیں، یا بھاری زیورات بنا کر بھی اسے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

  • ایکس صارفین کیلئے بڑی خبر، نئی تبدیلی کی تیاری

    ایکس صارفین کیلئے بڑی خبر، نئی تبدیلی کی تیاری

    دنیا بھر میں مقبول سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) میں ایک نئی تبدیلی کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس کی ایلون مسک نے بھی تصدیق بھی کردی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی ٹائم لائن ڈیزائن تبدیل کیا جا رہا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایکس انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ صارفین کے فیڈز میں مواد کو ظاہر کرنے کے طریقے کو دوبارہ ڈیزائن کرے، اس کا مطلب ہے کہ پوسٹس پر ری پوسٹ (یعنی ری ٹویٹ)، لائک اور جواب دینے کے بٹن صارفین کی ایکس ٹائم لائن پر ظاہر ہی نہیں ہوں گے۔

    ایکس چاہتا ہے کہ صارفین بٹن پر ٹیپ کرنے کے بجائے کسی پوسٹ کو پسند یا جواب دینے کے لئے بائیں یا دائیں سوائپ کریں۔ آئی او ایس صارفین کسی پوسٹ پر ٹچ کرکے مزید اختیارات کے ساتھ مینو کھول سکتے ہیں۔

    تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اگر ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرنا ہوگا یا اس پر کوئی کمنٹس کرنے ہوں گے تو اسے کس طرح دائیں اور بائیں جانے سوائپ کیا جا سکے گا، تاہم امکان ہے کہ ایکس کا ٹائم لائن اس طرح بنایا جائے گا کہ اس پر ہر پوسٹ کو سوائپ کیا جا سکے گا۔

    ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مذکورہ تبدیلی کب تک عمل میں آئے گی تاہم امکان ہے کہ اسے آئندہ 6 ماہ کے اندر پیش کردیا جائے گا۔

    ایکس پوسٹ پرآنے والی ڈیزائن کی تبدیلی کو سب سے پہلے میک رومرز کے محقق ایرن پیریس نے رپورٹ کیا تھا، تاہم بعد ازاں ایکس کے مالک ایلون مسک نے خود اس تبدیلی کی تصدیق بھی کی ہے۔ مذکورہ خبر پر اب تک زیادہ تر صارفین کا ردعمل منفی آرہا ہے۔

  • واٹس ایپ میں ڈیجیٹل کرنسی متعارف کروائے جانے کا امکان

    واٹس ایپ میں ڈیجیٹل کرنسی متعارف کروائے جانے کا امکان

    فیس بک کمپنی کی نام میں تبدیلی کے بعد اس کی زیر ملکیت ایپس میں بھی تبدیلیوں اور نئی سہولیات کی رپورٹس سامنے آرہی ہیں، ایسی ہی ایک نئی سروس واٹس ایپ میں متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں میٹا (فیس بک) نے اپنا ڈیجیٹل والٹ نووی متعارف کروایا تھا، جو ایک ایسا بلاک چین پلیٹ فارم ہے جو ترسیلات زر میں مدد فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے چیلنج ثابت ہوگا۔

    اس ڈیجیٹل کرنسی کو صارفین والٹ میں سنبھال سکتے ہیں اور مقامی کرنسی میں تبدیل کرسکتے ہیں۔

    فیس بک اس والٹ کو اپنی ڈیجیٹل کرنسی ڈائم کے لیے استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے مگر اس کے لیے امریکی ریگولیٹرز کی منظوری کی ضرورت ہوگی۔

    اب رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ کمپنی کی جانب سے اس والٹ کو اپنی دیگر سروسز میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق مقبول میسجنگ سروس کی جانب سے نووی والٹ کو ایپ میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے، جس کی مدد سے امریکا میں صارفین ایپ سے نکلے بغیر براہ راست رقوم بھیج یا موصول کرسکیں گے۔

    اس سے پہلے بھی کمپنی نے اس ڈیجیٹل والٹ کو اپنے زیر ملکیت ایپس اور سروسز کا حصہ بنانے میں دلچسپی ظاہر کی تھی مگر یہ پہلی مرتبہ ہے جب اسے کسی ایپ کا حصہ بنانے پر کام کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ میں اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ واٹس ایپ میں صارفین اپنے بینک اکاؤنٹ کو ایڈ یا اپنے کارڈ کو لنک کرکے بینک اکاؤنٹ سے رقم نکال سکتے ہیں۔ اسی طرح اپنی ٹرانزیکشنز اور بیلنس کو بھی اس کی مدد سے دیکھ سکیں گے۔

    مگر فی الحال والٹ کو واٹس ایپ کا حصہ بنانے کا کوڈ ہی سامنے آیا ہے اور اس سروس کو بیٹا صارفین بھی استعمال نہیں کرسکتے کیونکہ یہ ابھی صرف اندرونی ٹیسٹنگ کے لیے دستیاب ہے۔

  • فیس بک کمپنی کا نام تبدیل ہونے کے بعد واٹس ایپ میں بھی تبدیلی

    فیس بک کمپنی کا نام تبدیل ہونے کے بعد واٹس ایپ میں بھی تبدیلی

    امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی میٹا (فیس بک) کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں تبدیلی کی جارہی ہے، کمپنی کے سربراہ مارک زکر برگ نے حال ہی میں کمپنی کا نام فیس بک سے بدل کر میٹا رکھا ہے۔

    فیس بک نے حال ہی میں اپنی پیرنٹ کمپنی کا نام فیس بک ان کارپوریٹڈ سے تبدیل کر کے میٹا ان کارپوریٹڈ کیا تھا اور اب واٹس ایپ میں بھی اس حوالے سے تبدیلی کردی گئی۔

    فیس بک کی ملکیت واٹس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیے جانے کے وقت عام طور پر فرام فیس بک لکھا آتا تھا، تاہم اب اس میں تبدیلی کردی گئی۔

    واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ویب ایٹ انفو کے مطابق اب واٹس ایپ کے نئے ورژن میں فرام فیس بک کی جگہ فرام میٹا لکھا ہوا نظر آئے گا۔

    فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے 28 اکتوبر کو کمپنی کا نام تبدیل کر کے میٹا رکھا تھا اور اب مذکورہ کمپنی کی زیر ملکیت تمام ایپس اور ویب سائٹس کے اپڈیٹ ورژنز پر فرام فیس بک کے بجائے فرام میٹا کا پیغام لکھنا شروع کردیا گیا۔

    واٹس ایپ کے بعد اب جلد ہی انسٹاگرام، اوکولس اور خود فیس بک کی ایپلی کیشن پر بھی فرام میٹا لکھا ہوا نظر آئے گا۔

    کمپنی کے نئے نام سے اس کی ملکیت رہنے والی تمام ویب سائٹس اور ایپلی کیشن کے نام وہی رہیں گے اور وہ اسی طرح کام کرتی رہیں گی، جسے اب تک کرتی آئی ہیں۔

    البتہ مستقبل میں میٹا کمپنی نئی ٹیکنالوجیز اور ویب سائٹس سمیت ایپس متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس وجہ سے اس کا نام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

    میٹا کا مستقبل میں سب سے اہم کام میٹاورس نامی ورچوئل ریئلٹی کا انٹرنیٹ نظام بنانا ہے، جس کے لیے کمپنی اگلے پانچ سال میں یورپ بھر میں 10 ہزار افراد کو ملازمتیں بھی فراہم کرے گی۔

  • موڈ میں اچانک تبدیلی کیوں ہوتی ہے؟

    موڈ میں اچانک تبدیلی کیوں ہوتی ہے؟

    کچھ لوگوں کے مزاج میں اچانک تبدیلی آتی ہے، وہ نہایت خوش دکھائی دیتے ہیں اور پھر اچانک نہایت اداسی محسوس کرنے لگتے ہیں۔

    یہ ممکن ہے کہ اسے زیادہ سنجیدہ نہ لیا جائے لیکن اگر کوئی شخص انتہائی خوشی کی حالت سے مستقل اور پے در پے شدید ڈپریشن کی طرف مڑ جاتا ہے تو اس کے لیے ادویات کی ضرورت ہوتی ہے۔

    موڈ میں تیزی سے تبدیلی کی کچھ وجوہات ذہنی صحت، ہارمونز یا دیگر صحت کے حالات سے متعلق ہوسکتی ہیں۔

    موڈ میں اچانک تبدیلی کی وجوہات

    ذہنی صحت کے حالات

    ذہنی صحت کے مختلف حالات مزاج کی تبدیلی کا سبب بن سکتے ہیں، جنہیں اکثر موڈ ڈس آرڈر کہا جاتا ہے۔ ان میں درج ذیل شامل ہیں۔

    بائی پولر ڈس آرڈر

    کسی شخص کے جذبات انتہائی خوشی سے لے کر انتہائی اداسی تک ہو سکتے ہیں، لیکن بائی پولر ڈس آرڈر سے وابستہ مزاج میں ہونے والی تبدیلیاں عام طور پر سال میں صرف چند بار ہوتی ہیں، یہاں تک کہ سائیکلک بائی پولر ڈس آرڈر میں بھی۔

    سائیکلک موڈ ڈس آرڈر

    ایک ہلکا سا موڈ ڈس آرڈر جو بائی پولر II ڈس آرڈر سے ملتا جلتا ہے ، جس میں کسی شخص کے جذبات اتار چڑھاؤ کا شکار ہوتے ہیں لیکن دو قطبی عارضے سے وابستہ افراد سے کم شدید ہوتے ہیں۔

    میجر ڈپریشن ڈس آرڈر (ایم ڈی ڈی)

    اس ڈپریشن میں مریض طویل عرصے تک بہت اداس رہتا ہے، ایم ڈی ڈی کو بعض اوقات کلینیکل ڈپریشن کہا جاتا ہے۔

    دائمی ڈپریشن

    اسے مسلسل ڈپریشن ڈس آرڈر (PDD) کہا جاتا ہے ، یہ ڈپریشن کی ایک دائمی شکل ہے۔

    خلل ڈالنے والا موڈ ڈس آرڈر (ڈی ایم ڈی ڈی)

    ڈی ایم ڈی ڈی کی تشخیص عام طور پر صرف بچوں میں ہوتی ہے، جس میں بچے میں چڑچڑا پن پیدا ہوتا ہے اور موڈ سوئنگز ہوتے ہیں۔

    ہارمونل تبدیلیاں

    ہارمونز مزاج میں تبدیلی کا سبب بھی بن سکتے ہیں، اور ان کا تعلق ان ہارمونز سے ہوتا ہے جو دماغ کی کیمسٹری کو متاثر کرتے ہیں۔ نوجوان لڑکیوں اور خواتین میں جو حاملہ ہیں یا جو انقطاع حیض کے مرحلے تک پہنچ چکی ہیں، وہ جسمانی نشونما کے اس مرحلے سے جڑی ہارمونل تبدیلیوں کی وجہ سے موڈ میں تبدیلی محسوس کرتی ہیں۔

  • کیا میسنجر اور واٹس ایپ ایک ہوجائیں گے؟

    کیا میسنجر اور واٹس ایپ ایک ہوجائیں گے؟

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک میسنجر اور واٹس ایپ کو اکٹھا کرنے میں مزید پیشرفت کی گئی ہے، حال ہی میں میسنجر میں ایک خفیہ تبدیلی دریافت ہوئی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کی جانب سے کافی عرصے سے اپنی تمام میسجنگ ایپس یعنی میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو ایک پلیٹ فارم میں ضم کرنے پر کام کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے انسٹاگرام اور میسنجر میں چیٹ سسٹمز کو اکٹھا کرنے میں کافی پیشرفت ہوچکی ہے اور اب واٹس ایپ اور میسنجر کے ساتھ ایسا کیا جارہا ہے۔

    واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ کے مطابق حال ہی میں فیس بک میسنجر میں ایک خفیہ تبدیلی دریافت ہوئی ہے جو واٹس ایپ چیٹ ہے۔

    دونوں سروسز کو آس میں ضم کرنا تو ابھی تک ممکن نہیں ہوا مگر رپورٹ کے مطابق میسنجر میں جو پیشرفت سامنے آئی ہے اس سے عندیہ ملتا ہے کہ مستقبل میں یہ فیچر کیسے کام کرے گا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ اور میسنجر کے درمیان کنکشن آپشنل ہوگا جیسا ابھی انسٹاگرام اور میسنجر کے درمیان ہے۔

    رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ متعدد ایسے فیچرز پر پہلے عملدر آمد ہوچکا ہے جن سے فیس بک میسنجر ہی واٹس ایپ کی شکل اختیار کرلے گا۔

    اس کے علاوہ دیگر عناصر کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جو فیس بک میسنجر کو واٹس ایپ صارفین جیسے بلاک کرنا، پش نوٹیفکیشن فرام واٹس ایپ اور چیٹ کرنے والی کی تفصیلات سمجھنے میں مدد دیں گے۔

  • اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں تبدیلی کا فیصلہ

    اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں تبدیلی کا فیصلہ

    امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنی زیر ملکیت ٹیلی کمیونی کیشن ایپ اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر میں جدت لانے کا فیصلہ کیا ہے، کرونا وائرس کے دوران ویڈیو کالنگ کی شرح میں اضافے کے باجوود اس فیچر کو زیادہ مقبولیت حاصل نہیں ہوسکی تھی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ نے ٹیلی کمیونی کیشن ایپ اسکائپ کے میٹ ناؤ فیچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گو کہ اسکائپ کا اصل مقصد ویڈیو کالنگ ہے تاہم کرونا وائرس کے دوران جب ویڈیو کالنگ کی شرح میں اضافہ ہوا تو زوم، گوگل میٹ اور میسنجر رومز کے صارفین کی تعداد بڑھ گئی اور اسکائپ کو بہت کم استعمال کیا گیا۔

    اسکائپ کا میٹ ناؤ کا فیچر اسی دوران متعارف کروایا گیا تھا جو زوم جیسا تھا اور جس کا مقصد صارفین کی توجہ حاصل کرنا تھا، تاہم مائیکرو سافٹ اپنے مقصد میں ناکام رہا۔

    اس فیچر کے ذریعے صارفین صرف 3 کلکس پر مفت ویڈیو میٹنگ کی میزبانی اور شیئرنگ کر سکتے ہیں جس کے لیے اسکائپ کو انسٹال کرنے یا اکاؤنٹ سائن اپ کی ضرورت بھی نہیں تھی۔

    اب مائیکرو سافٹ نے اسکائپ کے اس فیچر کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ونڈوز 10 کے نئے بیٹا میں ٹاسک بار میں میٹ ناؤ کی ٹیسٹنگ شروع ہونے والی ہے۔

    نئے ورژن کے تحت ڈیسک ٹاپ پر محض نوٹیفکیشن ایریا میں بٹن پر کلک کر کے لوگوں سے رابطہ اور کال کی جاسکے گی۔ یہ واضح نہیں کہ ڈیسک ٹاپ پر یہ آئیکون ان افراد کے لیے ہوگا جو پہلے ہی اسکائپ استعمال کررہے ہیں یا سب کے لیے ہوگا۔

    اس فیچر کی آزمائش جلد شروع کردی جائے گی۔

  • پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں،عثمان بزدار

    پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں،عثمان بزدار

    ڈیرہ غازی خان: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بہاولپور سے ڈی جی خان پہنچے جہاں انہوں نے صفائی کے انتظامات، ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی کی افواہیں پھیلانے والے سازشیں کر رہے ہیں، حکومت کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں، پنجاب میں فارورڈ بلاک ہے نہ پریشرگروپ،اتحادی بھی ساتھ ہیں۔

    آٹے کے بحران سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے، عوام کی سہولت کے لیے شہروں، تحصیلوں میں آٹے کے سیل پوائنٹس بڑھا دیے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے35 فیصد فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے پرخرچ نہیں ہوسکیں گے، علاقےکی ترقی،عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کرکام کر رہے ہیں۔

    کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، جہانگیر ترین

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کمزور حکومت کا شورو واویلا صرف میڈیا کی حد تک ہے، پی ٹی آئی حکومت کو اتحادیوں سے کوئی خطرہ نہیں ، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔

  • بلاول بھٹو نے سندھ کابینہ میں ردو بدل کا اشارہ دے دیا

    بلاول بھٹو نے سندھ کابینہ میں ردو بدل کا اشارہ دے دیا

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی کارکن کارکردگی نہیں دکھائے گا تو دیگر آپشنزموجود ہیں، کابینہ میں ایسے لوگوں کو موقع دیا جاسکتا ہے جو کارکردگی دکھائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت سندھ کابینہ کے ارکان کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزرا، مشیر ومعاونین خصوصی نے شرکت کی۔ ارکان نے بلاول بھٹو کو سندھ میں زرعی پانی کی قلت، فنڈزکی عدم دستیابی سے آگاہ کیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھےعوام وکارکنان اور ارکان اسمبلی سے شکایات ملی ہیں، وزرا اگردفاتر میں نہیں ہوں گے تو مسائل کیسے سنیں گے؟ پہلے بھی کہا تھا وزرا اور ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر نظر رکھوں گا۔

    ذرائع کے مطابق انہوں نے سندھ کابینہ کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سندھ کابینہ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، کابینہ ارکان کارکردگی کو بہتربنائیں۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئی کارکن کارکردگی نہیں دکھائے گا تو دیگر آپشنزموجود ہیں، کابینہ میں ایسے لوگوں کو موقع دیا جاسکتا ہے جو کارکردگی دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحب اپنے وزرا کی کارکردگی کو بہتربنائیں، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جی بالکل کابینہ کارکردگی کی ذمہ داری مجھ پرعائد ہوتی ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزرا کو پیپلزپارٹی منشور کی فکر ہے نہ پارٹی امیج کا خیال ہے۔ انہوں نے کابینہ کے ارکان کو وراننگ دی کہ اپنا قبلہ درست کرلیں، میرے پاس بہت آپشن ہیں، زیادہ برداشت نہیں کرسکتا۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے بلدیات اور صحت کے محکموں کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جدوجہد کو وزرا کی خراب کارکردگی متاثر کر رہی ہے۔