Tag: تبدیلی

  • ہماری اولین ترجیح معاشی استحکام ہے، ملک کرامت علی کھوکھر

    ہماری اولین ترجیح معاشی استحکام ہے، ملک کرامت علی کھوکھر

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو خوشحال و ترقی یافتہ دیکھنا پی ٹی آئی کا خواب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ ملک میں قیام امن،عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح معاشی استحکام ہے جس کے لیے پی ٹی آئی نے فریم ورک مکمل کرلیا ہے اور انشاءاللہ اس کے تحت عوام کو تبدیلی نظر آئے گی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عوام نے پی ٹی آئی کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے جس کی حکومت قدر کرتی ہے، انشاءاللہ عوام بہت جلد ریلیف محسوس کریں گے۔

    ملک کرامت علی کھوکھرنے کہا ہے کہ عوام پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور واضح تبدیلی محسوس کررہے ہیں، حکومت اپنے تمام وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔

    قومی خزانہ لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ملک کرامت علی کھوکھر

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوام سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے۔

  • مکہ مکرمہ: غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب

    مکہ مکرمہ: غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرورتقریب

    مکہ مکرمہ: خالص سونے، چاندی کے تاروں اور 670 کلو گرام ریشم سے تیار کردہ غلاف کعبہ تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب ہوئی، غلاف کی تیاری میں 120 کلو خالص سونا، 100 کلو چاندی اور 670 کلو گرام خالص ریشم استعمال ہوا۔

    غلاف کعبہ کی تیاری پر تقریباََ 70 لاکھ سعودی ریال لاگت آئی، غلاف کعبہ کی لمبائی 50 فٹ اور چوڑائی 35 سے 40 فٹ ہے۔

    غلاف کعبہ میں قرآن پاک کی آیات کو سونے، چاندی اور خالص ریشم سے تحریر کیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ کو مکہ مکرمہ کی دارالکسوہ فیکٹری میں تیار کیا گیا۔

    غلاف کعبہ ہرسال 9 ذوالحج کو یوم عرفہ کے موقع پر تبدیل کیا جاتا ہے جبکہ کعبہ کو غسل ہر سال دو مرتبہ شعبان اور ذوالحجہ کے مہینوں میں دیا جاتا ہے۔

    اتارے جانے والے غلافِ کعبہ کسوہ کو ٹکڑوں کی شکل میں بیرونی ممالک سے آئے ہوئے سربراہان مملکت اور دیگر معززین کو بطور تحفہ پیش کردیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ ہرسال اس اہم اور روحانی منظر کے لیے بے چین رہنے والے کروڑوں مسلمان تبدیلی غلاف کعبہ کا منظر براہ راست ٹی وی اسکرین پر دیکھتے ہیں یہ مناظر دنیا بھر میں براہ راست دکھائے جاتے ہیں جو توحید کے پروانوں کے دلوں کی تسکین اور آنکھوں کی ٹھنڈک کا باعث بنتے ہیں۔

  • کرپشن کے لیے واویلا کرنے والے تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، صمصام بخاری

    کرپشن کے لیے واویلا کرنے والے تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، صمصام بخاری

    لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ فرسودہ نظام کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پربدلنا ہوگا، نظام کی تبدیلی ہی ملکی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اسٹیٹس کواور تبدیلی کی قوتوں میں کشمکش جاری ہے، عمران خان کے خلاف وہی جماعتیں اکٹھی ہیں جو ماضی میں تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن کے لیے واویلا کرنے والے تبدیلی کا راستہ نہیں روک سکتے، فرسودہ نظام کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پربدلنا ہوگا، نظام کی تبدیلی ہی ملکی معیشت میں بہتری کی ضامن ہے۔

    صمصام بخاری نے کہا کہ وزیراعظم نے ملکی ترقی و خوشحالی کا روڈ میپ دیا ہے، ملک کومعاشی لحاظ سے اپنے پاؤں پرکھڑا کررہے ہیں، عمران خان کا وژن ملکی ترقی واستحکام ہے۔

    وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج کسی کام آیا اورنہ ہی آئے گا، بجٹ منظوری کی طرح حکومت آئندہ بھی کامیاب ہوگی، دن بدن حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کو ہرسطح پرناکامی ہوگی۔

    بجٹ کی آڑمیں اپوزیشن مفادات کا تحفظ چاہتی ہے، صمصام بخاری

    یاد رہے کہ 18 جون کو وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برسوں میں عوام سے کھلواڑکیا گیا، تجوریاں بھرنے والوں کوایک ایک پائی واپس کرنا ہوگی۔

  • مرضی سے جنس کی تبدیلی فطرت کے مخالف ہے، ویٹی کن

    مرضی سے جنس کی تبدیلی فطرت کے مخالف ہے، ویٹی کن

    ویٹی کن سٹی : ویٹی کن نے لوگوں کے بدلتے رجحانات میں خطرناک حد تک اضافہ کے پیش نظر 30 سے زائد صفحات پر مشتمل نصاب جاری کردیا جس میں مرضی سے جنس تبدیل کروانے کے عمل کو فطرت کے مخالف قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کیتھولک مسیحیوں کے مقدس ترین ادارے کلیسائے روم (ویٹی کن) نے حالیہ دور میں لوگوں کی جانب سے اپنی جنس تبدیل کرائے جانے کے عمل کوغلط قرار دیتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ اپنی مرضی سے جنس تبدیل کرنا انتہائی غلط ہے‘جنس تبدیل کروانا فطرت کے خلاف ہے۔

    یہ پہلا موقع ہے کہ مسیحیوں کے مقدس ترین ادارے کی جانب سے انسان کی صنفی شناخت پر وسیع وضاحت کرتے ہوئے صرف مرد اور عورت کی جنس کو تسلیم کیا گیا ہے۔

    ویٹی کن نے جنسی تعلیم اور دنیا بھر میں جنس کے لیے لوگوں کے بدلتے ہوئے رجحانات میں خطرناک حد تک اضافے کو دیکھتے ہوئے 30 سے زائد صفحات پر مشتمل نصاب جاری کرتے ہوئے جنس تبدیل کرانے والے افراد کو خبردار کیا ہے۔

    ویٹی کن کی جانب سے جنسیت کے حوالے سے یہ تنبیہ ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب کہ ٹرانس جینڈر اور مخنث افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے متعدد ممالک میں سالانہ مظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کلیسائے روم کی جانب سے جاری کیے گئے تعلیماتی نصاب کو ’مرد اور عورت کو اس (خدا) نے پیدا کیا‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ نصاب کیتھولک مسیحیوں کے تعلیماتی اداروں میں جنس تبدیل کرانے سے متعلق کیے جانے والے سوالات کے جوابات دینے کےلئے تیار کیا گیا ہے اور امید ظاہر کی گئی ہے کہ یہ نصاب لوگوں کی ذہنیت تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

    تعلیمی دستاویزات میں لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ انہیں بلوغت سے قبل ہی پیدا کرنے والے نے مرد اور عورت کے طور پر تخلیق کیا اور بلوغت کے بعد مرضی سے جنس تبدیل کروانا غلط ہے۔

    دستاویزات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مرد اور عورت میں تفریق کو ختم نہیں کیا جا سکتا اور دونوں کی اہمیت منفرد ہے۔

    تعلیمی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جدید دور میں ’صنفی نظریے‘ کے تحت جنس تبدیل کروانا اور پھر مرد اور عورت دونوں کو بچوں کو جنم دینے جیسے عوامل سے خاندانی نظام کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ’صنفی نظریے‘ سے متعلق یہ تعلیمی دستاویزات ویٹی کن کے مذہبی رہنما جیمز مارٹن نے تیار کیں ہیں جن میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عالمی سطح پر ’مرد اور عورت‘ کی جنس کو درپیش خطرات اور اپنی مرضی سے اپنائی جانی والی صنف کے حوالے سے مسیحیت کے خدشات کو بیان کیا گیا ہے۔

    دستاویزات کے آغاز میں ہی اعتراف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں لوگوں کی جانب سے اپنی جنس تبدیل کروائے جانے پر کیتھولک مسیحیت کو مشکلات درپیش ہیں اور اس حوالے سے لوگوں کے سوالات اور ان کی تشویش بڑھتی ہی جا رہی ہے۔

    تعلیمی دستاویزات میں لوگوں کی جانب سے مرضی سے جنس تبدیل کروانے کے عمل کو فطرت اور کسی بھی شخص کی پہلی زندگی کے خلاف قرار دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ویٹی کن کی جانب سے جنس تبدیل کروائے جانے کے عمل کی مخالفت میں تعلیمی دستاویزات سامنے آنے کے بعد ٹرانس جینڈر اور مخنث افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کلیسائے روم کے دستاویزات سامنے آنے کے بعد ٹرانس جینڈر اور مخنث افراد کے خلاف تشدد اور نفرت میں اضافہ ہوگا۔

  • مصر کے آئین میں تبدیلی سے سیسی ’2030 تک اقتدار میں رہ سکتے ہیں

    مصر کے آئین میں تبدیلی سے سیسی ’2030 تک اقتدار میں رہ سکتے ہیں

    قاہرہ : مصر کی پارلیمان نے آئینی ترامیم منظور کی ہیں جن کے مطابق صدر عبدل فتع ال سیسی 2030 تک اقتدار میں رہ سکتے ہیں، مذکورہ ترامیم صدر سیسی کو عدلیہ پر مزید اختیارات دیں گی اور سیاست میں فوج کا کردار یقینی بنائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق 2022 میں اپنی دوسری چار سالہ مدت کے اختتام پر عہدہ صدارت سے سبکدوش ہونے والے صدر عبد الفتح السیسی نئی ترامیم کی منظوری کے بعد 2030 تک اقتدار سنبھال سکتے ہیں اور مذکورہ ترامیم کے باعث مدت اقتدار بھی چھ سال ہوجائے گی، انھیں ایک اور مدت کے لیے انتخابات میں کھڑے ہونے کی اجازت مل جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مصری حکومت کو پارلیمنٹ سے منظور ہونے والی ترامیم پر تیس روز کے اندر ریفرنڈم کرانا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ نئی ترامیم صدر سیسی کو عدلیہ پر مزید اختیارات دیں گی اور سیاست میں فوج کا کردار بھی یقینی بنائیں گی، 2013 میں صدر سیسی نے مصر کے پہلے منتخب کردہ جمہوری صدر محمد مُرسی کے اقتدار کے خلاف جاری احتجاج کے پیشِ نظر فوج کی قیادت میں اقتدار حاصل کیا تھا۔

    انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق ان کی نگرانی میں مخالف آوازوں کو دبانے کی بے مثال کوششیں کی گئی ہیں جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد جیلوں میں قید ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عبد الفتح السیسی 2014 میں پہلی بار صدر منتخب ہوئے اور گذشتہ سال 97 فیصد ووٹ حاصل کرنے کے بعد انھیں دوبارہ صدر منتخب کیا گیا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انھیں کسی سخت مقابلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ ان کے اکثر ممکنہ حریفوں نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا یا ان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پارلیمان میں بھی صدر سیسی کے حمایتیوں کا غلبہ ہے اور حزبِ اختلاف کی جماعتیں یہ کہہ کر اسے تنقید کا نشانہ بناتی ہیں کہ یہ ان کے اقدامات کی رسمی منظوری کا ہی کام کرتی ہے۔

    قانون ساز محمد حمید، جنھوں نے آئینی ترامیم کے لیے مہم چلائی، نے بتایا کہ سیسی ایسے صدر تھے جنھوں نے اہم سیاسی، اقتصادی اور حفاظتی اقدامات لیے اور لیبیا اور سوڈان جیسے ہمسائیہ ممالک میں جاری بدامنی کے پیشِ نظر انھیں اصلاحات کی اجازت دینی پڑی۔

    ان کا کہنا تھا کہ لیبرل ’ال دستور‘ پارٹی کے خالد داود نے اسے مضحکہ خیز کہہ کر مسترد کر دیا اور بتایا کہ یہ اصلاحات صدر سیسی کی جانب سے اقتدار پر قبضے کی کوشش کو ظاہر کرتی ہیں۔

  • حقیقی تبدیلی کے لئے قیام پاکستان جیسی جدوجہد کی ضرورت ہے: سراج الحق

    حقیقی تبدیلی کے لئے قیام پاکستان جیسی جدوجہد کی ضرورت ہے: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لئے قیام پاکستان جیسی جدوجہد کی ضرورت ہے.

    ان خیالات کا اظہار امیر جماعت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ حقیقی تبدیلی کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں.

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت اپنے رویے پرغور کرے اور عوام سے کئے وعدوں کو پورا کرے.

    انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کا آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کوبھی ملک و قوم کی ترقی وفلاح سے کوئی غرض نہیں.

    سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت محض اپنےاقتدارکو برقراررکھنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے.

    یاد رہے کہ 25 مارچ 2019 کو سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سودی نظام کے خاتمہ کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع کریں گے، حکومت کو الیکشن سے پہلے کیےگئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: حکومت کو الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا، سراج الحق

    خیال رہے کہ گزشتہ دور حکومت میں کے پی کے میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی اتحادی تھے، البتہ الیکشن سے قبل جماعت اسلامی اتحاد سے الگ ہوگئی اور مذہبی جماعت کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کا حصہ بن گئی، البتہ یہ اتحاد متوقع نتائج حاصل نہیں کرسکا.

  • نیوزی لینڈ کی کابینہ نے اسلحہ قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، جیسنڈا آرڈرن

    نیوزی لینڈ کی کابینہ نے اسلحہ قوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا، جیسنڈا آرڈرن

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ کی کابینہ نے وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے اسلحہ قوانین میں بتدیلی کے فیصلے کی حمایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر دہشت گردی کے خوفناک حملے کے بعد وزیر اعظم اور کایبینہ کی جانب سے اسلحہ کنٹرول قوانین میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ ’میں اس رپورٹ کا جائزہ لوں گی جس میں حملے کے بعد اسلحے کی فروخت میں اضافے کا بتایا گیا ہے۔

    وزیر اعظم نیوزی لینڈ کا کہنا تھا کہ جمعے کے روز مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے نے اسلحہ کنٹرول کے معاملے ملکی سیاست کو تقسیم کردیا ہے، جہاں متعدد افراد کے کچھ پابندیوں کے ساتھ اپنا اسلحہ رکھتے ہیں۔

    نیوزی لینڈ حکام کا کہنا ہے کہ نسل پرست دہشت گرد نے مساجد پر حملے کے دوران پانچ گنز کا استعمال کیا جن میں دو خودکار اسلحہ بھی شامل تھا، ملزم کے پاس قانونی اسلحہ تھا۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ میں اسلحہ قوانین تبدیل کیے جائیں گے‘ وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن

    خیال رہے کہ دو روز قبل جیسنڈا ایرڈن نے کہا تھا کہ مرکزی ملزم سیکیورٹی اداروں کی واچ لسٹ پرموجود نہیں تھا، نیوزی لینڈ میں اسلحہ قوانین تبدیل کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • سندھ کےعوام تبدیلی کی راہ دیکھ رہے ہیں‘ حلیم عادل شیخ

    سندھ کےعوام تبدیلی کی راہ دیکھ رہے ہیں‘ حلیم عادل شیخ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کےعوام کی آخری امید ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی اور سندھ کی سیاسی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں سندھ میں پارٹی کے تنظیمی معاملات پربھی بات چیت کی۔

    حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ کےعوام تبدیلی کی راہ دیکھ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان سندھ کےعوام کی آخری امید ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل کو بے رحمی سے لوٹا گیا، سندھ کے باسیوں کوبھوک، بیماری اورافلاس کے حوالے کیا گیا۔

    حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ احتساب سے بھاگنے کے لیے سیاست کا سہارا لیا جا رہا ہے، قوم کی لوٹی گئی دولت ہضم نہیں ہونے دیں گے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیورو کریسی کو غیر سیاسی اور پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنانا ہمارا منشور ہے، سرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کی مشکلات میں اضافے کی روش قبول نہیں ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بدعنوانی اور رشوت خوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے، منتخب نمائندے مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل یقینی بنائیں۔

  • حکومت کی 100 روزہ کارکردگی، مفصل رپورٹ

    حکومت کی 100 روزہ کارکردگی، مفصل رپورٹ

    اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت کے سو روزہ کارکردگی سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا،  تقریب میں وزیراعظم اور وفاقی وزراء نے خطاب کیا اور حکومت کی 100 دن کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کے سو روزہ پلان مکمل ہونے پر تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد کی گئی، تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، تقریب میں وزیراعظم عمران خان کے خطابات، غیر ملکی دوروں میں کامیابیوں پر مشتمل ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

    اس کے بعد وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی، اسد عمر اوروفاقی مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب نے خطاب کیا۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے سو 100 دن کیسے رہے

    وزیراعظم عمران خان نے حکومت سنبھالنے کے بعد  پاکستان کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ابتدائی دو برس انتہائی مشکل ہیں ، عوام یہ دوسال کسی طرح گزار لیں اس کے بعد ان کی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے معاشی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ اس سفر میں ابتدائی سو دن انتہائی اہمیت کے حامل ہوں گے ۔

    ابتدائی سو دن میں ہم نے دیکھا کہ وزیراعظم نے اپنی حلف برداری سے قبل ہی حکومتی معاملات میں اسراف کی روک تھام کرنے اور کفایت شعاری پر مبنی اقدامات کرنا شروع کردیے جیسا کہ حلف برداری کی تقریب کے شرکاء کو سوائے پانی کے اور کچھ پیش نہ کرنے کا حکم تھا۔

    حکومت کی جانب سے ویب سائٹ پرفراہم کردہ تفصیلات

    وفاقی مشیرشہزاد ارباب کی خصوصی بریفنگ


    وزیر اعظم کے مشیر شہزاد ارباب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کارکردگی رپورٹ ویب سائٹ پراپ لوڈ کی ہے،کارکردگی رپورٹ پرعوام اپنےرائےسےہمیں آگاہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا،بلوچستان،پنجاب کی حکومتیں بھی کارکردگی سےآگاہ کریں گی۔

    شہزاد ارباب کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت کے پاس 34 نکاتی ایجنڈا تھا جن میں سے 18نکات کومکمل کرلیا گیا ہے جبکہ 16پرتیزی سےکام جاری ہے اور امید ہے کہ وہ بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچیں گے۔

    انہوں نے بتایاکہ بیرون ملک چھپائےگئےاثاثوں کاسراغ لگایاگیا،سوئٹزرلینڈا وربرطانیہ کےساتھ معاہدےبھی انہی نکات میں شامل ہیں۔معاہدوں سےغیرقانونی جائیداداوراثاثوں کی تفصیلات منظر ِ عام پر آئیں گی۔

    معاشی ترقی کے لیے اقدامات


    وزیراعظم کےمشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزادارباب کا کہنا تھا کہ برآمدی صنعت کے لیے گیس اوربجلی سستی کردی ہے۔قومی اقتصادی کونسل میں قابل ترین ماہرین اقتصادیات کوتعینات کیا گیا ہے اور ایف بی آراصلاحات وجہ کامرکزرہی ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ کاروبارمیں تیزی کے لیے انقلابی اقدامات کیےگئےہیں۔ سماجی اقتصادی پروگرام پروزیراعظم خصوصی توجہ دےرہےہیں۔

    معاشرتی ترقی کے لیے اقدامات


    شہزاد ارباب نے مزید بتایا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کےتحت آئندہ 5سال میں 10ارب پودےلگائےجائیں گے، جس میں صوبے وفاقی حکومت کے ساتھ شریک ہوں گے۔

    تعلیمی میدان میں کی گئی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تعلیم تک رسائی اورمعیارپرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائےگا،وزیراعظم ہاؤس کویونیورسٹی میں تبدیل کیاجارہاہے۔ ہمارا ہدف ہے کہ اسکولوں سے باہر کروڑوں بچوں کو اسکولوں میں لائیں گے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ ماہ پہلی قومی صحت پالیسی کااعلان کردیاجائےگا۔ صوبے بھی اپنی اپنی صحت کی پالیسی بنا رہے ہیں ۔

    ہم نےدرست سمت کاتعین کردیاہے۔انصاف کےآسان اورتیزحصول کے لیے اصلاحات پرکام کیا ہے اور اب ہماری کوشش ہوگی کہ جس رفتار سے ہم نے ان سو دنوں میں مسائل کے حل کے لیے اہداف مقرر کیے ہیں ، اس سے زیادہ رفتار سے ان پر عمل کرکے دکھائیں۔

  • تبدیلی صرف اشیا کی قیمتوں میں آئی ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق

    تبدیلی صرف اشیا کی قیمتوں میں آئی ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق

    پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے کبھی قوم کے ساتھ وفا نہیں کی، موجودہ حکومت میں بھی تبدیلی صرف اشیا کی قیمتوں میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیرِ جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے نعرے کے ساتھ آنے والی حکومت میں تبدیلی صرف اشیا کی قیمتوں میں آئی ہے۔

    [bs-quote quote=”مدینے کی ریاست کی بات تو کی گئی مگر قدم نہیں اٹھایا گیا: امیر جماعت اسلامی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط سودی نظام اور قرضوں کے انبار نے حکمرانوں کو بھی پریشان کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے کم سے کم قرضہ لینے کے لیے سعودی عرب سے بڑی امداد کے حصول میں کام یابی حاصل کر لی ہے۔

    امیرِ جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مدینے کی ریاست کی بات تو کی گئی مگر قدم نہیں اٹھایا گیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ پاکستان میں مدینے کی ریاست کی تعمیر کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ملک میں جمہوریت کے لیے جمہوری اداروں کا استحکام ضروری ہے، سراج الحق


    انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جس میں کوئی گروپ بندی نہیں، سیاسی پارٹیاں خود بھی جمہوریت پر یقین نہیں رکھتیں، اس لیے ان میں مطلق العنانیت قائم ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی سراج الحق نے لاہور میں سیاسی جماعتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوریت کی راہ میں اصل رکاوٹ سیاسی جماعتوں کے نام پر خاندانوں، لسانیت اور شخصیت کے گرد گھومنے والی جماعتیں ہیں۔