Tag: تجارتی مراکز

  • سعودی عرب : نماز کیلیے جگہ نہ دینے پر سخت سزا

    سعودی عرب : نماز کیلیے جگہ نہ دینے پر سخت سزا

    مکہ المکرمہ میونسپلٹی نے تمام تجارتی مراکز کی انتظامیہ کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ تجارتی مراکز میں ’مصلی‘ (نماز کی جگہ) کا انتظام نہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق میونسپلٹی نے کہا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کم از کم ایک ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے مکہ میونسپلٹی نے وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کی جانب سے جاری کردہ بلدیاتی خلاف ورزیوں کے جرمانوں کے نئے چارٹ پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔

    میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ الزیتونی نے کہا ہے کہ خلاف ورزیوں کے چارٹ میں متعدد امور کی نشاندہی کی گئی ہے۔

    الزیتونی نے کہا کہ تجارتی مراکز میں مصلوں، واش رومز اور وضو کی جگہ کے قواعد و ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر ایک ہزار ریال تک کا جرمانہ ہو گا تاہم پہلے تجارتی مرکز کو اصلاح حال کے لیے 14 دن کی مہلت دی جائے گی۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانہ دگنا کیا جا سکتا ہے۔

    الزیتونی کا کہنا تھا کہ حفظان صحت کے ضوابط کے مطابق واش رومز میں صفائی کا معیار برقرار نہ رکھنا سنگین خلاف ورزی ہے اس پر دو ہزار ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ دگنا ہو سکتا ہے۔

    الزیتونی نے بتایا کہ مصلوں کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط اور معیار کی پابندی نہ کرنے اور متعین نظام الاوقات کے مطابق اصلاح و مرمت کا اہتمام نہ کرنا خلاف ورزی ہے اس پر پہلے اصلاح حال کے لیے 14 روز کی مہلت دی جائے گی اور مہلت نظر انداز کرنے پر پانچ سو ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔

  • ‘آج تمام تجارتی مراکز کھلے رہیں گے’

    ‘آج تمام تجارتی مراکز کھلے رہیں گے’

    کراچی : چیئرمین آل کراچی تاجراتحاد نے اعلان کیا ہے کہ آج تمام تجارتی مراکز کھلے رہیں گے، رمضان میں گرمیوں کے باعث رات کے اوقات میں کاروبار کی اجازت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین آل کراچی تاجراتحاد عتیق میر نے سندھ حکومت کی جانب سے نئے حکم نامے سے متعلق کہا ہے کہ آج تمام تجارتی مراکز کھلے رہیں گے ، تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

    عتیق میر کا کہنا تھا عید پر خرید و فروخت کیلئے تاجروں نے اربوں کی سرمایہ کاری کی ہے، اوقات کار میں کمی سے عوام کیلئے عید کی خریداری میں مشکلات پیدا ہوں گی۔

    چیئرمین آل کراچی تاجراتحاد نے کہا کہ بار بار چھٹیوں کے دن تبدیل کرنے سے ابہام پیدا ہورہا ہے، رمضان میں گرمیوں کے باعث رات کے اوقات میں کاروبار کی اجازت دی جائے۔

    دوسری جانب کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ17اپریل کوالیکٹرونکس کی تمام مارکیٹیں کھلیں گی، حکومت سندھ کےنئےکورونا ایس اوپیزپراگلےہفتےسےعملدرآمدہوگا۔

    محمدرضوان نے کہا کہ حکومت کےپرانے ایس اوپیزکےتحت جمعہ،اتوارکومارکیٹس بندہورہی تھیں، نئی ایس اوپیز پر اگر کل عملدرآمد ہواتو3روزکی بندش نہیں کرسکتے، اگلےہفتےسےہفتہ اوراتوارکومارکیٹ بند ہوں گی۔

  • سعودی عرب: ایک ماہ کے دوران متعدد تجارتی مراکز پر چھاپے

    سعودی عرب: ایک ماہ کے دوران متعدد تجارتی مراکز پر چھاپے

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں اور علاقوں کے تجارتی مراکز پر 1 ماہ کے دوران متعدد چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور مہنگا سامان پیچنے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے مملکت میں قانون محنت کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے 75 ہزار تفتیشی دورے کیے، مملکت کے تمام علاقوں میں موجود تجارتی اداروں پر چھاپے مارے گئے اور 8 ہزار 600 سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    وزارت تجارت کی ٹیموں نے 7 مارچ سے 8 اپریل تک مختلف اوقات میں تھوک بازاروں، کھانے پینے کی اشیا کے گوداموں اور اشیائے صرف فروخت کرنے والے تجارتی مراکز پر چھاپے مارے۔

    علاوہ ازیں جنرل سٹورز (بقالوں)، ہائپر مارکیٹس، گوشت فروخت کرنے والی دکانوں، سبزی اور پھل فروخت کرنے والی دکانوں، مچھلی بیچنے والوں، بیکریوں اور پیٹرول اسٹیشنوں پر بھی چھاپے مار کر دیکھا گیا کہ وہاں قوانین تجارت کی پابندی کس حد تک کی جا رہی ہے۔

    وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ 46 فیصد خلاف ورزیاں مہنگائی کے بارے میں تھیں۔ حکام نے سامان مہنگا فروخت کرنے والوں پر فوری جرمانے لگائے اور انہیں دیگر منافع خوروں کے لیے نشان عبرت بنا دیا۔

    بیان میں کہا گیا کہ تمام تجارتی مراکز اور گوداموں میں اشیائے صرف، ضرورت کا سامان اور کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں پائی گئی ہیں، کہیں کسی بھی سامان کی قلت ریکارڈ نہیں کی گئی۔

    وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ ضرورت کا سامان ضرورت کی حد تک خریدیں، حد سے زیادہ سامان ذخیرہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو کوئی قانون تجارت کی کوئی خلاف ورزی کہیں نظر آئے تو فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔

  • کوئٹہ دھماکہ: ملک بھر کی فضا سوگوار، تجارتی مراکز بند، عدالتوں کا بائیکاٹ

    کوئٹہ دھماکہ: ملک بھر کی فضا سوگوار، تجارتی مراکز بند، عدالتوں کا بائیکاٹ

    کوئٹہ بم دھماکے نے ملک بھر کی فضا سوگوار کر دی۔ ملک بھر کی وکلا برادری پر زور مذمت کرتے ہوئے آج سوگ منا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے بھی 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ کے سرکاری و تجارتی مراکز بند جبکہ سڑکیں سنسان ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں کل صبح سول اسپتال میں ہونے والے دھماکے کے بعد ملک بھر کی وکلا برادری سوگ مناتے ہوئے ہڑتال پر ہے۔ پاکستان بار کونسل نے 3 روز تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سپریم کورٹ بار آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ بار نے سانحہ کوئٹہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ہفتہ کے سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔ کراچی بار اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار میں بھی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔

    سندھ بار کونسل کی اپیل پر بے نظیر آباد ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اور اس کی تمام ماتحت عدالتوں میں عدالتی کارروائی کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا جس کے با‏عث عدالتی پہیہ جام ہوچکا ہے۔

    کوئٹہ: سول اسپتال میں دھماکہ، 70 افراد جاں بحق *

    عدالتوں کے بائیکاٹ کے باعث قیدیوں کے ورثا شدید پریشانی کے عالم میں مختلف عدالتوں کے چکر کاٹتے ہوئے پریشان دکھائی دے رہے ہیں۔

    دوسری جانب تاجر تنظیموں نے بھی وکلا برادری سے اتحاد کے طور پر آج کاروباری سرگرمیاں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کوئٹہ میں آج سرکاری و کاروباری مراکز اور بلوچستان یونیورسٹی بند جبکہ کاروبار زندگی معطل اور سڑکیں سنسان ہیں۔

    کوئٹہ دھماکے میں ضلع ژوب سے تعلق رکھنے والے حفیظ اللہ مندوخیل ایڈوکیٹ اور قیصر خان ایڈوکیٹ بھی جاں بحق ہوگئے جن کی نماز جنازہ کل ژوب میں ادا کردی گئی۔ اس موقع پر سانحہ کے خلاف آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی اور تمام کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے۔

    کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردی کے بڑے واقعات *

    کوئٹہ سانحہ کے خلاف مختلف سیاسی تنطیموں نے بھی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور سنی اتحاد کونسل نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ایم کیو ایم نے بھی ایک ہفتے کے سوگ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    کوئٹہ دھماکے میں 2 صحافی بھی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گئے جس کے خلاف صحافی برادری سراپا احتجاج ہے۔ صحافیوں نے سانحہ کوئٹہ پر قومی اسمبلی کا علامتی واک آؤٹ کیا تو چوہدری برجیس طاہر اور وزیر اعظم کے مشیر عرفان صدیقی صحافیوں کو منانے پہنچ گئے۔ عرفان صدیقی نے صحافیوں کی شکایات اور سفارشات وزیر اعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔

    سانحہ کے خلاف کراچی پریس کلب اور لاہور پریس کلب کے باہر صحافی برادری نے احتجاج کیا اور حکومت سے صحافیوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ ملک کے کئی دیگر شہروں میں بھی صحافی تنظیموں نے احتجاج کیا۔ فیصل آباد میں صحافیوں نے شہدا سے یکجہتی کے لیے ضلع کونسل چوک میں شمعیں روشن کیں۔