Tag: تجاوزات کیخلاف آپریشن

  • ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈی آئی خان میں تجاوزات کیخلاف آپریشن، متاثرین سراپا احتجاج

    ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ : محمد عرفان مغل) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان میاں عادل جاوید کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیر نیازی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

    اس سلسلے میں آج دریائے سندھ کی جانب جانے والے قاسم روڈ پر واقع ان مکانوں کو مسمار کر دیا گیا جو انتظامیہ کے مطابق اپنی حدود سے متجاوز قرار دئیے گئے تھے۔

    اس موقع پرعلاقہ مکینوں اور متاثرہ مکانات کے رہائشیوں کی جانب سے بھرپور احتجاج بھی دیکھنے میں آیا، تاہم پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کی وجہ سے کسی قسم کی رکاوٹ یا تصادم کی صورتحال سامنے نہ آسکی۔

    اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیرنیازی کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی جو کہ دراصل سڑک کا حصہ ہے اس پر مقامی آبادی کے کچھ مکانات اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے اس سڑک تک پھیل چکے تھے۔

    ان مکانات کو متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے لیکن ان کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا جس پر آخری نوٹس کے بعد آج ان کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب متاثرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے دئیے جانے والے نوٹس میں نہ تو کسی قسم کی نشاندہی کی گئی تھی اورنہ ہی نوٹس میں درج مدت کے پورا ہونے کا انتظار کیا گیا۔

    متاثرین کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ مسمار کئے جانے والے مکانات میں سے اکثرگزشتہ بیسیوں سالوں سے ان کی ملکیت چلے آرہے ہیں جس کے دستاویزی ثبوت ان کے پاس موجود ہیں۔

  • گجرنالہ گرینڈ آپریشن، انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث مکین پریشان

    گجرنالہ گرینڈ آپریشن، انتظامیہ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث مکین پریشان

    کراچی : گجر نالے پر قائم تجاوازات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا دوسرا دن متاثرہ افراد کو کھلے آسمان تلے رات بسر کرنی پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق گجر نالے پر قائم ناجائز مکانات کے خلاف گزشتہ روز شروع ہونے والے گرینڈ آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے، گزشتہ روز مسمار کئی بھینسوں کے باڑوں سمیت مکانات کو بھی مسمار کیا گیا۔

    متاثرہ افراد نے مکانات مسمار ہونے کے بعد رات کھلے آسمان تلے گزاری ، متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ’’انتظامیہ نے بغیر کسی نوٹس کے گھروں کو مسمار کردیا ہے جس کے باعث اُن کو مکانات اور  اُس میں موجود سامان مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے‘‘۔

    انتظامیہ نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ مکینوں کو پیر کے روز تک کی مہلت دی گئی ہے جس کے بعد آپریشن تیزی سے شروع کیا جائے گا تاکہ نالے کو 60 فُٹ تک چوڑا کیا جاسکے، ڈی سی سینٹرل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’کسی بھی مہذب معاشرے میں غیرقانونی تعمیرات کے عوض حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی کوئی امداد یا رہائش مہیاء نہیں کی جاتی، نالے کی چوڑائی میں 6 ماہ کا وقت درکار ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں : نکاسی آب میں رکاوٹ : گجرنالے پر قائم مکانات اورباڑے مسمار

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’وزیر بلدیات کے احکامات موصول ہونے کے بعد مکانات کو مسمار کیا جارہا ہے، اس آپریشن میں سندھ حکومت کی جانب سے ہیوی مشینری فراہم کی گئی ہے تاکہ آپریشن کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے‘‘۔

    ڈی سی سینٹرل نے کہا ہے کہ ’’اس آپریشن میں 10 ہزار سے زائد مکانات اور غیر قانونی طور پر قائم کیے کیے باڑوں کو مسمار کیا جائے گا تاکہ نکاسی آب کے لیے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پایا جاسکے، انہوں نے انکشاف کیا کہ ’’گجر نالے پر تیس ہزار سے زائد غیر قانونی مکانات تعمیر کیے گیے ہیں جس کے باعث نالے میں نکاسی آب نہ ہونے سے انتظامیہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ کا کراچی کے چار اہم نالوں کی صفائی کا حکم، فنڈ جاری

    متاثرہ افراد نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’اُن کی عمر بھر کی جمع پونجھی ان مکانات میں لگئی ہوئی تھی، اگر حکومت ہمیں متبادل رہائش اور امداد فراہم نہیں کرے گی تو ہم روڈ پر آجائیں گے‘‘۔

  • سکھر : تجاوزات کیخلاف آپریشن، دکانوں سے باہر رکھا سامان ضبط

    سکھر : تجاوزات کیخلاف آپریشن، دکانوں سے باہر رکھا سامان ضبط

    سکھر : تجاوزات کےخلاف آپریشن سکھر انتظامیہ اور دکانداروں میں ہاتھا پائی ہوگئی، دکانوں کے باہر رکھا سامان ضبط کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کی ضلعی انتظامیہ نے منارا روڈ ،مشن روڈ اور نیم کی چاڑھی کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے دکانداروں کی جانب سے باہر رکھا گیا سامان بحق سرکار ضبط کرلیا۔

    تجاوزات کے خلاف ہونے والی کارروائی کے دوران دکانداروں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا جبکہ نیم کی چاڑھی بازار میں دکانوں کے باہر رکھا ہوا سامان اٹھانے کے دوران اینٹی انکروچمنٹ کے عملداروں اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھاپائی بھی ہوئی۔

    اس موقع پرموجود پولیس اہلکاروں نے صررت حال کو قابو کرلیا، انتظامیہ کے مطابق دکانداروں کو کئی مرتبہ وارننگ دی گئی تھی کہ سامان دکانوں کے اندر رکھا جائے لوگوں کو بازار میں چلنے کے دوران دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

    انتباہ کے باوجود دکاندار سامان باہر رکھ رہے تھے جس کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے۔

     

  • کراچی: قیوم آباد میں تجاوزات ہٹانے کے خلاف احتجاج

    کراچی: قیوم آباد میں تجاوزات ہٹانے کے خلاف احتجاج

    کراچی:  شہر قائد کے علاقے قیوم آباد میں تجاوزات ہٹانے کے خلاف مشتعل افراد کی جانب سے احتجاج، ہنگامہ آرائی اور توڑپھوڑ کی گئی، پولیس نے مظاہرین کو منتشرکیا۔

    قیوم آباد کے علاقے میں اینٹی انکروچمنٹ سیل کی ٹیم کارروائی کے لیے پہنچی۔ کے ایم سی کے عملے نے گھروں اور دکانوں کے آگے غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کردیا، پولیس کی موجودگی کے باوجود مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی۔

    سڑک بلاک ہونے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ پیسے لے کے تجاوزات کراتی ہے اور اب خود ان کے روز گار پر لات مار رہی ہے، پولیس کی مزید نفری کو طلب کیا گیا اور پولیس کی مداخلت بعد مظاہرین منتشر ہوگئے ۔

  • کراچی: صدر میں پتھارے ہٹانے کیلئے آپریشن ، کئی افراد گرفتار

    کراچی: صدر میں پتھارے ہٹانے کیلئے آپریشن ، کئی افراد گرفتار

    کراچی : ایمپریس مارکیٹ صدر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران پولیس پتھاریداروں پر ٹوٹ پڑی اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا ۔

    کراچی ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کیخلاف پولیس کا آپریشن ہوا، تجاوزات کے خاتمے کیلئےپولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کی اور پتھارے داروں کی لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے تواضع بھی کی ۔

     پولیس نے کارروائی کے دوران مزاحمت کرنے والے پتھارے داروں کی خوب درگت بنائی، اس دوران ایمپریس مارکیٹ کے باہر درجنوں پتھاروں اور ٹھیلوں کا خاتمہ کردیاگیا،پولیس نے کئی پتھارے داروں کو حراست میں لے کر ان کا سارا سامان بھی تحویل میں کرلیا، آپریشن کے دوران ہوائی فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا۔

  • خیبر پختونخواہ: سیاحتی مقامات پر تجاوزات کیخلاف آپریشن  شروع

    خیبر پختونخواہ: سیاحتی مقامات پر تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع

    ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات گلیات کی خوبصورتی واپس لوٹ آئی ہے، خیبرپختونخواہ حکومت کے احکامات پرگلیات نتھیا گلی ایوبیہ ، ڈونگا گلی سمیت دیگر علاقوں میں ناجائز تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

    ان مقامات پر سڑکوں کے دونوں اطراف کے ہو ٹلز، ریسٹو رنز مسمار کر دئیے گے، تجاوزات کیخلاف آپریشن پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں اسسٹنٹ کمشنر میر رضا اوزگن کی نگرانی میں کیا گیا ہے، آپریشن کے بعد شاہراہ مری کشادگی کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔

    ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ اور گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق ناجائز تجاوزات کیخلاف مشترکہ آپریشن جاری ہے، آپریشن کے ذریعہ نتھیا گلی ، ڈونگا گلی اور ایوبیہ میں بڑے پیمانے پر بنائے گے ہوٹلز، ریسٹو رنٹس، گیسٹ ہاؤسز بھی گرا دئیے گے ہیں۔

    ضلع انتظامیہ کے مطابق ایبٹ آباد اور مری کو ملانے والی شاہراہ مری کو دونوں اطراف سے تجاوزات سے پاک کیا جائے گا جبکہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی ہوگی، ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن کو سیاحوں نے بھی سراہا ہے۔