Tag: تجاوزات کے خلاف آپریشن

  • کراچی: ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن روک دیا گیا

    کراچی: ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن روک دیا گیا

    کراچی: شہرِ قائد کے مصروف ترین علاقے ایمپریس مارکیٹ میں دکان داروں کے احتجاج کے بعد نا جائز تجاوزات کے خلاف آپریشن روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن صدر میں دکان داروں کے احتجاج کے بعد روک دیا گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”تجاوزات کے خلاف آپریشن کل صبح 10 بجے تک روکا ہے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”بشیر صدیقی” author_job=”سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ”][/bs-quote]

    شہرِ قائد میں نا جائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آج تیسرا دن تھا، شام پانچ بجے کے بعد تجاوزات کے خلاف تابڑ توڑ کارروائی کی گئی، اس دوران ایمپریس مارکیٹ صدر میں دکان داروں نے بھی خود تجاوزات  توڑیں۔

    آپریشن کے دوران عبد اللہ ہارون روڈ، ریگل چوک، غضنفر علی روڈ اور بوہری بازار میں غیر قانونی تعمیرات گرا دی گئیں، پولیس اور رینجرز کی نفری سمیت کے ایم سی انسدادِ تجاوزات سیل اور دیگر محکموں کا عملہ بھاری مشینری سمیت موجود تھا۔

    ایمپریس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن دکان داروں کی جانب سے مزاحمت پر عارضی طور پر روکا گیا ہے۔ سینئر ڈائریکٹر  اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کل صبح 10 بجے تک روکا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  تجاوزات کے خلاف آپریشن: کراچی کے متعدد علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام، پتھارے دوبارہ لگ گئے


    بشیر صدیقی کا کہنا تھا کہ آج ہنگامی آرائی اور احتجاج کے پیشِ نظر آپریشن روکا گیا، دکان داروں کو ایک دن کی مزید مہلت دے رہے ہیں، کل صبح ہیوی مشینری کے ذریعے دوبارہ آپریشن شروع ہوگا۔

    دوسری طرف پولیس آپریشن کے باعث پیدا ہونے والی رکاوٹیں ہٹا کر ایمپریس مارکیٹ میں ٹریفک بحال کرانے میں مصروف رہی۔

  • تجاوزات کے خلاف آپریشن: کراچی کے متعدد علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام، پتھارے دوبارہ لگ گئے

    تجاوزات کے خلاف آپریشن: کراچی کے متعدد علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام، پتھارے دوبارہ لگ گئے

    کراچی: شہرِ قائد کے مصروف ترین علاقے صدر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے شروع کیے جانے والے آپریشن کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر، شارع لیاقت اور اطراف میں ٹریفک جام ہونے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    [bs-quote quote=”صدر میں آپریشن کے بعد قبضہ مافیا نے ایک بار پھر ٹھیلے اور پتھارے لگانا شروع کر دیے” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    نشتر روڈ، ڈرگ روڈ، حب ریور روڈ پر بھی درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں، صدر میں آپریشن کے بعد قبضہ مافیا نے ایک بار پھر ٹھیلے اور پتھارے لگانا شروع کر دیے۔

    بد ترین ٹریفک جام کی وجہ سے دفاتر سے گھروں کو جانے والے افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ دیر تک سڑکوں پر بے بسی کی تصویر بنے رہے۔

    دریں اثنا بنارس فلائی اوور کے قریب پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا گیا، جس کے باعث اورنگی ٹاؤن جانے والے فلائی اوور پر ٹریفک معطل ہو گیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  سپریم کورٹ کا پورے کراچی سے تجاوزات15 دن میں ختم کرنے کا حکم


    فلائی اوور بلاک ہونے کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بھی شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک جام کی وجہ سے ٹریفک کو پہاڑ گنج اور پاپوش نگر کی جانب موڑا گیا۔

    آئی جی سندھ نے ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا

    شدید ٹریفک جام کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ڈی آئی جی کو ٹریفک کی روانی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی، انھوں نے کہا کہ سیکشن افسران ٹریفک دباؤ میں آنے والی سڑکوں کو کلیئر کرائیں۔

    [bs-quote quote=”زونل ڈی آئی جیز ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں” style=”style-7″ align=”right” color=”#dd3333″ author_name=”ڈاکٹر کلیم امام” author_job=”آئی جی سندھ”][/bs-quote]

    آئی جی سندھ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ متبادل روٹس پر ٹریفک اہل کاروں کو تعینات کیا جائے اور ٹریفک اہل کار شہریوں کو آگاہ رکھنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات بھی اٹھائیں۔

    ڈاکٹر کلیم امام نے زونل ڈی آئی جیز کو بھی ٹریفک پولیس سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی، انھوں نے حکم دیا کہ ٹریفک جام سے متاثرہ سڑکوں پر مزید سیکورٹی اقدامات کیے جائیں اور تھانہ پولیس سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کے لیے مدد کریں۔