کراچی: تحریکِ انصاف کے رہنماء عمران اسماعیل نے اپنے انتخابی حریف کنورنوید کو حیدرآباد لوٹ جانے کا مشورہ دیدیا، انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ضمنی معرکہ جیت گئی ہے، عزیز آباد اب ایم کیوایم کا نہ رہا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ دو سو چھیالیس میں انتخابی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، تحریکِ انصاف کی ریلی میں کارکنان کا جوش و جذبہ قابل دید تھا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عزیزآباد ایم کیوایم کا نہیں رہا، انہوں نے اپنے حریف کنور نوید کوانتخابی معرکہ سے قبل ہی حیدرآباد لوٹ جانے کا مشورہ دے دیا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیوایم کے گڑھ میں ان کی ریلی کو جس قدر پزیرائی ملی ہے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کراچی میں خوف کی فضاء کا خاتمہ ہورہا ہے۔