Tag: تحریکِ انصاف

  • حکومت، پی ٹی آئی میں آج رات پھرمذاکرات کا امکان

    حکومت، پی ٹی آئی میں آج رات پھرمذاکرات کا امکان

    اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کےدرمیان آج رات پھرمذاکرات کاامکان متوقع ہے۔

    حکومت،پی ٹی آئی میں آج رات پھرمذاکرات کاامکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاسد عمر اپنی پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے اس ملاقات میں آرڈیننس کے ذریعےجوڈیشل کمیشن کےقیام میں پیشرفت متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی تحریکِ انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی تھی ۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کے خط کا جواب دے دیا ہے، اختلافات ایسے نہیں کہ حل نہ کئے جاسکیں۔

    انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بہت سے پوائنٹس پر اتفاق ہوگیا ہے، ہم نیا آرڈیننس بنانے کیلئے بھی تیار ہیں،خودمختار جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر دونوں پابند ہونگے۔

    اس موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگرین ترین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھاکہ عدالتی کمیشن قوم کی ضرورت ہے، جہانگرین ترین کا کہنا تھاکہ قیادت کو آگاہ کر کے حکومت سے مزاکرات کو مزید آگے لے کرجائیں گے۔

     

  • اسحاق ڈار اور پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین میں ملاقات

    اسحاق ڈار اور پی ٹی آئی رہنماء جہانگیر ترین میں ملاقات

    اسلام آباد: حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان عدالتی کمیشن کے قیام پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ تین نکات پراختلاف ہے امید ہے جلد حل کرلیں گے۔

    پی ٹی آئی کے رہنماء جہانگیر ترین اور وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات رنگ نہ لاسکی، اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین سے ان کی رہائش گاہ پر اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ہے ۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کے خط کا جواب دے دیا ہے، اختلافات ایسے نہیں کہ حل نہ کئے جاسکیں۔

    انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بہت سے پوائنٹس پر اتفاق ہوگیا ہے، ہم نیا آرڈیننس بنانے کیلئے بھی تیار ہیں، خودمختار جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر دونوں پابند ہونگے۔

    دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگرین ترین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھاکہ عدالتی کمیشن قوم کی ضرورت ہے، جہانگرین ترین کا کہنا تھاکہ قیادت کو آگاہ کر کے حکومت سے مزاکرات کو مزید آگے لے کرجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی جانچ پڑتال ہونی چاہیئے، موجودہ حالات میں جوڈیشل کمیشن کا بننا بہت اہم ہے، دونوں پارٹیوں کو فیصلہ کرکے جوڈیشل کمشن بنا لینا چاہئے۔

    جہانگرین ترین نے مزید کہا کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ معاملات کو مزید بگاڑا جائے، حکومت کو اپنا دل بڑا کرنا ہوگا، ہم نے حکومت کو نیا آرڈیننس بنانے کیلئے سات دن دئیے ہیں۔

    اس سے قبل وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کے رہنماء شاہ محمود قریشی کو فون کیا، ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے جلد مذاکرات شروع کرنے پراتفاق کیا۔

  • سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف نہ ملنے پر پی اے ٹی کا مظاہروں کا اعلان

    سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف نہ ملنے پر پی اے ٹی کا مظاہروں کا اعلان

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف نہ ملنے کیخلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے لاہور سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 6 ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا ہے لیکن حکومت انصاف فراہم نہیں کر رہی، اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔

    انہوں نے حکومت کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے کا پہلا مظاہرہ 17 جنوری کو لاہور میں کیا جائے گا, ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کردار توقیر شاہ کی ڈبلیو ٹی او میں بطور سفیر تقرری کیخلاف بھی دستخطی مہم شروع کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بہت صبر کر لیا، شہداء کے خون کا حساب اور انصاف کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔

    واضح رہے کہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں 17 جون 2014ء کو پنجاب پولیس اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے تصادم ہوا، جسکے نتیجے میں پاکستان عوامی تحریک کے دو عورتوں سمیت 14 افراد ہلاک اور 90 سے افراد زائد شدید زخمی ہوئے۔

    یہ کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب پولیس کی تجاوزات ہٹانے والی نفری نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں جامعہ منہاج القران کے دفاتر اور پاکستان عوامی تحریک کے بانی و سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر موجود رکاوٹیں ہٹانے کیلیے آپریشن کا آغاز کیا۔

    دوسری جانب تحریکِ انصاف نے اٹھارہ جنوری سے دھرنا کنویشن منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے اسلام آباد پھر کراچی،لاہور اور پشاور میں کنونشن ہوں گے۔

    ترجمان عمران خان نعیم الحق کے مطابق دھرنا ڈی چوک پر نہیں کیا جائے گا، اٹھارہ جنوری کو اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں منعقد کنونشن سے پارٹی چیئرمین عمران کان خطاب کریں گے۔

    جس کے بعد ورکرز کنویشن مختلف شہروں میں منعقد کیا جائیگا، یکم فروری کو کراچی، آٹھ فروری لاہور اور پندرہ کو پشاور میں کنونشن منعقد کیا جائیگا۔

  • جوڈیشل کمیشن 18 جنوری سے پہلے قائم کر دیں گے، احسن اقبال

    جوڈیشل کمیشن 18 جنوری سے پہلے قائم کر دیں گے، احسن اقبال

    لاہور: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے مطالبے پر دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن اٹھارہ جنوری سے پہلے ہی قائم کر دیں گے۔

    حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن احسن اقبال نے کہا ہے وہ نہیں چاہتے کہ عمران خان شادی کے بعد اپنا ہنی مون ڈی چوک میں کھڑے کسی کنٹینر پر منائیں، حکومت اٹھارہ جنوری سے قبل جوڈیشل کمیشن قائم کردے گی ملٹری کورٹس کے حوالے احسن اقبال کا کہنا تھا اکیسویں ترمیم کا مقصد کسی سیاسی گروہ یا مسلک کو نشانہ بنانا نہیں،جو مدارس دہشت گردی میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی،احسن ا قبال کا کہنا تھا اگر کسی کالج یا یونیورسٹی میں دہشت گرد موجود ہوئے تو ان کے خلاف بھی کاروائی ہو گی۔

  • سیاسی قیادت کی فوجی عدالتوں کی حمایت کے بعد مخالفت

    سیاسی قیادت کی فوجی عدالتوں کی حمایت کے بعد مخالفت

    اسلام آباد: فوجی عدالتوں کے قیام پر اتفاق کے بعد بڑی سیاسی جماعتوں نے ریورس گیئر لگا لیا اور خصوصی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کردی ہے۔

    چوبیس دسمبرکو وزیرِاعظم کی آرمی چیف کی موجودگی میں سیاسی جماعتوں سے گیارہ گھنٹے طویل مشاورت ہوئی، پچیس دسمبر رات سوا بارہ بجے وزیرِاعظم کا قومی اتفاق رائے سے فوجی عدالتوں کے قیام کا اعلان کیا لیکن صرف ایک دن سنجیدہ رہنے کے بعد سیاست غالب آہی گئی۔

    آرمی چیف کی موجودگی میں فوجی عدالتوں کے قیام پر اتفاق کرنے والوں نے اب مخالفت شروع کردی ہیں، پیپلزپارٹی فوجی عدالتوں کےلیےآئینی ترمیم کےحق میں نہیں۔ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ نیا آئینی مسودہ نہ دکھانا شکوک کو جنم دے رہا ہے۔

    تحریکِ انصاف نے بھی فوجی عدالتوں کے قیام پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، سیاسی جماعتوں کے بدلتے رویے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہناہے اگر یہی حالات رہےتو ملک میں مارشل لاء کو آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔

    سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کہنا تھا کہ اب فوجی عدالتیں نہیں بن سکتیں لیکن وزیرِاعظم کا مؤقف دوٹوک ہے کہ خصوصی عدالتیں ضرور بنیں گی۔

  • حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات ،3نکات پر ڈیڈلاک برقرار

    حکومت، پی ٹی آئی مذاکرات ،3نکات پر ڈیڈلاک برقرار

    اسلام آباد: حکومت اور تحریکِ انصاف کے مذاکرات ایک بار پھر بند گلی کی جانب بڑھنے لگے، تین نکات پراختلاف اب بھی برقرار ہے۔

    حکومت اور تحریک انصاف کی مذاکراتی کشتی ایک بار پھر منجھدھار میں پھنس گئی ہیں، مذاکراتی نیا پار لگانے میں فریقین ایک بار پھر ناکام دکھائی دیئے، دھاندلی کی تعریف، جوڈیشل کمیشن کے دائرہ اختیار اور پی ٹی آئی کی اسمبلی میں غیر مشروط واپسی پر معاملہ اٹک گیا ہے۔

    وزیرِخزانہ اسحاق ڈار نے ڈیڈ لاک کا اعتراف کر لیا ہے اورساتھ وضاحت بھی دیدی۔

    تحریکِ انصاف کے شاہ محمود قریشی نے مذاکرات ختم قرار دے دیئے ہیں، متعدد نشستوں کے بعد بھی سیاسی تناؤ برقرار ہے، سیاسی اختلافات میں طوالت پر ملکی تاریخ کافی تلخ ہے۔

    ماضی میں قومی اتحاد اور ذوالفقار علی بھٹو میں چھتیس نشستوں پر دھاندلی کے معاملے کی طوالت نے ملک کو جمہوریت کی پٹڑی سے ہی اتار دیا تھا۔

  • حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات آج دوبارہ شروع

    حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات آج دوبارہ شروع

    اسلام آباد: حکومت اور تحریکِ انصاف کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آج سے دوبارہ شروع ہو رہا ہے، فریقین کے درمیان عدالتی کمیشن کے قیام اور طریقہ کار سے متعلق بات چیت ہوگی۔

    تحریکِ انصاف اور حکومت کے درمیان رابطے تیز ہوگئے ہیں، حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف کے درمیان دھرنا ختم ہونے کے بعد پہلا با ضابطہ رابطہ ہوگیا، ترجمان تحریکِ انصاف شیریں مزاری کے مطابق حکومتی کمیٹی کے سربراہ اسحاق ڈار نے شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھانے پر بات چیت کی۔

    جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج سے شروع کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

    مذاکرات آج سہ پہر چار بجے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوں گے، جس میں عدالتی کمیشن کے قیام اور طریقہ کار سے متعلق نکات کو حتمی شکل دی جائے، مذاکرات میں حکومت کی جانب سے اسحق ڈار اور احسن اقبال شرکت کریں گے۔

    تحریکِ انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور جہانگیر ترین مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

  • عمران خان جلالی سیاست چھوڑ کر جمالی سیاست کی طرف آئیں، احسن اقبال

    عمران خان جلالی سیاست چھوڑ کر جمالی سیاست کی طرف آئیں، احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ لاہور میں پی ٹی آئی کی شٹ ڈاوٴن کال ناکام ہوچکی ہے اور عمران خان جلالی سیاست چھوڑ کر جمالی سیاست کی طرف آئیں۔

    میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں سوائے چند مقامات کے تمام شہر اور کاروبار کھلا رہا اور زندگی معمول پر رہی۔ پی ٹی آئی نے فیصل آباد، کراچی اور اب لاہور جیسے اقتصادی مراکزمیں شٹ ڈاوٴن کی کال دے دی جس سے نہ جانے کتنے برآمد کنندگان کے آرڈرز منسوخ ہوئے اور معاشی نقصان ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک طرف مذاکرات کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب ن لیگ کی قیادت کے خلاف نازیبا بیانات دے کر اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب اگر خود کو فرشتہ صفت اور دوسروں کو شیطان سمجھتے ہیں تو وہ اپنا معائنہ کرائیں۔

     ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے لیے پرخلوص ہے اور امید ہے کہ انتخابی دھاندلی کے حوالے سے پی ٹی آئی کا مطالبہ اور انتخابی اصلاحات پر معاملات آگے بڑھیں گے، احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی عمران خان کے دھرنے کی وجہ سے مذاکرات ناکام ہوئے تھے۔

  • پی ٹی آئی کے دھرنے، کراچی کے طلباء پریشان

    پی ٹی آئی کے دھرنے، کراچی کے طلباء پریشان

    کراچی : تحریکِ انصاف کے دھرنوں سے شہرِ قائد  میں پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال کے باوجود انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق واضح اعلان نہ کرکے سیکڑوں طلباء و طالبات اور ان کے والدین کو پریشانی سے دوچارکردیا۔

    کراچی کے پچیس مختلف مقامات پر تحریکِ انصاف کے دھرنوں کے اعلان کے باوجود اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کو بند کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ نہ کرکے انتظامیہ نے سیکڑوں طلباء و طالبات اور ان کے والدین کوغیریقینی صورتحال میں مبتلا کردیا۔

    کچھ اسکولوں میں جب بچے صبح معمول کے مطابق پہنچے تو پتا چلا اسکول بند ہے،  ہراسکول اور کالج کی انتظامیہ نے اپنے طور پر ادارے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔

    لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، گلبرگ، ناظم آباد، نیو کراچی کے بیشتر نجی اسکولوں اور سرکاری اسکولوں میں تدریسی عمل جاری ہے تاہم حاضری معمول سے کم ہے، شارع فیصل پر واقع تمام نجی اسکول بند ہیں۔

    جامعہ کراچی میں ایم اے آئی آر کا پرچہ ملتوی کردیا گیا ہے، جو چوبیس دسمبرکو لیا جائے گا، نجی و سرکاری جامعات میں آج ہونیوالے انٹرنل امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، سرکاری ونجی جامعات میں طلبہ اوراساتذہ کی حاضری معمول سے کم ہے۔

  • تحریکِ انصاف آج کراچی بند کرنے کیلئے تیار، 28 مقامات پر دھرنے

    تحریکِ انصاف آج کراچی بند کرنے کیلئے تیار، 28 مقامات پر دھرنے

    کراچی :تحریکِ انصاف آج کراچی میں پلان سی پر عمل درآمد کیلئے تیار ہے، دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف پلان سی کے تحت کراچی میں اٹھائیس مقامات پر احتجاجی دھرنا دے رہی ہے۔، پی ٹی آئی سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری کا کہنا ہے کہ آج پورا کراچی بند ہوگا۔

    پی ٹی آئی کے رہنماء عارف علوی کا کہنا ہے کہ  سڑکوں پرگاڑیاں نہیں آنے دیں گے۔

    تحریکِ انصاف آج کراچی میں اپنی قوت کا مظاہرہ کرنے جا رہی ہے، پی ٹی ذرائع کے مطابق عارف علوی ،اسد عمر ،نجیب ہارون ، حفیظ الدین ،عمران اسماعیل ،اعظم سواتی ، علی زیدی ،فردوس نقوی ، ناز بلوچ  اور سبحان ساحل دھرنے کی قیادت کریں گے۔

    پی ٹی آئی کے شہر کے اٹھائیس مقامات پراحتجاجی دھرنے جاری ہیں،  کلفٹن تین تلوار پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے رات سے ہی دھرنا دیا ہوا ہے، صبح سات بجے شہر کی مختلف شاہراہوں کو بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھرنا دے کربلاک کردیا ہے، جن میں نیشنل ہائی وے، حسن اسکوائر، شاہراہ فیصل نرسری، سپر ہائی وے ، فائیو اسٹار چورنگی اور نارتھ ناظم آباد شامل ہیں ،کارکنوں نے کئی علاقوں میں ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردی، جس کی وجہ سے صبح دفاتر جانے والے افراد اور اسکول جانے والے بچوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، شارع فیصل کا ایک ٹریک بھی بند ہے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے دھرنوں کی اپیل پر حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، شاہراہ فیصل نرسری کے مقام پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے موقع پر پیٹرول پمپ اور دکانیں بند ہیں اور ٹریفک بھی معمول سے کم ہے جبکہ بیرون شہر سے آنے والی ٹریفک بھی معطل ہے۔

    پاور ہاوس چو رنگی، شاہراہ فیصل، حسن اسکوائر، نیٹی جیٹی، تین تلوار، قیوم آباد، ملیر کے مقامات پرکارکن شاہراہوں پر بیٹھے ہیں، شارع فیصل پر پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کے دوران ٹائر جلا کر سڑک بلاک کرنے کی کوشش کی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا، جس کے بعد ریپڈرسپانس فورس نے شارع فیصل کو ٹریفک کےلئے بحال کرادیا، نیٹی جیٹی کے پل سمیت کئی شاہراہوں سے کارکنوں کو ہٹانے کے لئے پولیس کے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔