Tag: تحریک انصاف میں شمولیت

  • پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

    پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

    کراچی : پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کی تین اہم وکٹیں گرا دیں، حاجی مظفرشجرہ، عبدالقادربلوچ، عبدالباری جیلانی نے تحریک انصاف میں شمولیت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کراچی صدر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملیر سے اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہوئی ہیں، حاجی مظفرشجرہ، عبدالقادربلوچ اور سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی عبدالباری جیلانی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    حاجی مظفر شجرہ بہت نرم دل اور دیانت دار انسان ہیں، پاکستان تحریک انصاف میں جو بھی آتا ہے وہ نئے پاکستان کا عزم کر کے آتا ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مظفرحسین شجرہ نے کہا کہ نے کہا کہ عزت کی خاطر پی ٹی آئی میں شامل ہوا ہوں مجھے امید ہے کہ عزت ملے گی، محنت اور لگن سے پی ٹی آئی میں کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی جدوجہد متاثر کن ہے، عبدالقادربلوچ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے10سالہ دور میں سندھ مسائل کا گڑھ بن گیا۔ اب پاکستان پیپلز پارٹی کے بس کی بات نہیں کہ وہ سندھ کے مسائل حل کرسکے، ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے وژن کو پورا کریں گے اور خصوصاً کراچی اور سندھ کے مسائل حل کریں گے۔

    دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ مظفرشجرہ کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، مظفرشجرہ نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی، بلاول بھٹو نے مظفرشجرہ کی بنیادی رکنیت خود ختم کی تھی، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عبدالباری جیلانی کبھی بھی پیپلز پارٹی میں نہیں رہے۔

  • پیپلزپارٹی امیدواروں پر تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے دباؤ کا انکشاف

    پیپلزپارٹی امیدواروں پر تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے دباؤ کا انکشاف

    کراچی : پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر بھی دوسری جماعتوں میں شامل ہونے کیلئے دباؤ ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی شکایت خورشید شاہ نے آصف زرداری کو خط لکھ کر کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے آصف علی زرداری کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ کچھ حلقوں کی جانب سے پیپلزپارٹی امیدواروں پر تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے شکایت کی ہے کہ ان پر پارٹی چھوڑنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق جمعرات کو نوڈیرو ہاؤس میں ہونے والے پیپلزپارٹی کے اجلاس میں اس دباؤ کا ذکر زیربحث رہا، اس کے علاوہ  بلاول بھٹو کی زیر صدارت اجلاس میں بھی خورشید شاہ کےخط کا ذکر کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن ہر صورت میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے، مولا بخش چانڈیو

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی بھی آصف زرداری کو مختلف حلقوں کی جانب سے  امیدواروں پردباؤ ڈالنے کی شکایات کرچکے ہیں، دوسری جانب پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امیدواروں کو کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہ کرنے اور ڈٹ کر انتخابات لڑنے کی ہدایت جاری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پنجاب کی متعدد سیاسی شخصیات کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

    پنجاب کی متعدد سیاسی شخصیات کا تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

    اسلام آباد: پنجاب کی متعدد سیاسی شخصیات نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا جن کا تعلق فیصل آباد، چنیوٹ، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرانوالہ سے ہے۔

    قبل ازیں پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔

    پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات میں فیصل آباد سے چودھری شاہد خلیل اور رائے اعجاز کھرل شامل ہیں، شاہد خلیل مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی بھی رہے ہیں۔

    قاضی علی حسن کا تعلق چنیوٹ سے ہے جنھوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا، وہ سابق رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔

    پاکپتن سے سابق تحصیل ناظم فرخ ممتاز مانیکا اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سابق رکن صوبائی اسمبلی لیاقت علی شوکت نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    گوجرانوالہ سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والی شخصیت رضوان اسلم بٹ ہیں جو رکن صوبائی اسمبلی ہیں، انھوں نے اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا۔

    ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ فہمیدہ مرزا کا جلد تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ

    دریں اثنا سیاسی شخصیات نے تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا بھی جلد تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لیں گے، اس سلسلے میں تمام معاملات طے کیے جاچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔