Tag: تحریک انصاف کی خبریں

  • کرتار پور بارڈر کھلنے سے تاریخ رقم ہوگی، پاکستان امن کا خواہش مند ہے، فواد چوہدری

    کرتار پور بارڈر کھلنے سے تاریخ رقم ہوگی، پاکستان امن کا خواہش مند ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کرتار پور بارڈر کھلنے سے تاریخ رقم ہوگی، پاکستان نے اپنے طرز عمل سے ظاہر کیا وہ جنوبی ایشیا میں امن کا خواہش مند ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن کا خواہش مند ہے اور کون سی قوت ہے جو اس اقدام سے مخلص نہیں ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور بارڈر کھلنے کا فیصلہ اور  اعلان کر کے واضح کر دیا پاکستان امن کا حامی ہے، پاکستان راہداری کھول کر ایک نئی تاریخ رقم کرنے جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی وزیر خارجہ نے کرتارپور بارڈر کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی

    وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارے اقدام کے بعد تاریخ ان کے بارے میں فیصلہ دے گی جو غلط جانب کھڑے تھے، کس کے اقدامات صحیح تھے اور کن غلط تھا اس بات کا فیصلہ جلد ہونے والا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے کرتار پور بارڈر کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بھارت بھی اس اقدام کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا تھا، نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے عوام کو جوڑے گا اور ہم بہتر مستقبل کی طرف جائیں گے‘۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اٹھائیس نومبر کو کرتارپوربارڈر کا افتتاح کریں گے، پاکستان کی جانب سے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی البتہ انہوں نے آنے سے معذرت کرلی۔

    یہ بھی پڑھیں: کرتارپوربارڈر پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان پل کا کام کرے گا، بھارتی وزیراعظم

    حکومت نے بھارتی سیاست دان اور سابق کرکٹر نوجوت سدھو کو دعوت نامہ ارسال کیا تھا جو انہیں موصول ہوگیا البتہ سدھو کا کہنا تھا کہ ’اگر بھارتی حکومت نے اجازت دی تو تب ہی شرکت کرسکوں گا، میری ذاتی خواہش ہے کہ اس میں شرکت ضرور کروں‘۔

  • اسمگل شدہ موبائل فونز 31 دسمبر کے بعد بلاک کردیے جائیں گے، فواد چوہدری

    اسمگل شدہ موبائل فونز 31 دسمبر کے بعد بلاک کردیے جائیں گے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 31 دسمبر کے بعد اسمگل شدہ تمام غیر رجسٹرڈ شدہ موبائل فونز بلاک کردیے جائیں گے اور مستقبل میں ان کی درآمد پر پابندی بھی لگائی جائے گی۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’موبائل فونز میں ڈی آئی آر بی ایس سسٹم نافذ کررہےہیں، پاکستان کی مقامی موبائل کمپنیز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل میں استعمال شدہ فون کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے گی‘ْ

    اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں پہلے سے موجود موبائل فونز 31 دسمبر کے بعد بلاک نہیں ہوں گے بلکہ نئے درآمد ہونے والے فون بلاک کردیے جائیں گے۔

    کرتار پور بارڈر

    وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کوکرتارپور سرحدی پوائنٹ کا دورہ اور افتتاح کریں گے، افتتاحی تقریب میں بھارتی صحافیوں اور نوجوت سنگھ سدھو کو حکومت کی جانب سے دعوت نامے ارسال کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: موبائل ویری فکیشن کی آخری تاریخ میں 2 ماہ کی توسیع

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر  ایک اہم مسئلہ ہے جس کے حل کیلئے مثبت پیش رفت کرنا ضروری ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کرتارپور بارڈر پر ویزا فری انٹری ہوگی جس کا باقاعدہ طریقہ کار بنایا جارہا ۔

    چینی قونصل خانے پر حملہ

    وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’چین نے یقین دلایا کہ وہ ہر صورت پاکستان کا ساتھ دے گا کیونکہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سب جانتے ہیں کہ پاک چین تعلقات سے کس کو تکلیف ہے‘۔

    نیشنل بینک کے نئے صدر کا اعلان

    نیشنل بینک کے صدر کا اعلان کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عارف عثمانی نیشنل بینک کےنئےصدرہوں گے۔

    بنی گالہ اراضی

    وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ ’وزیراعظم کا بنی گالہ میں گھر مکمل طورپرقانونی ہے کیونکہ اس کی تعمیرات 30 سال قبل مروجہ قانون کے تحت ہوئیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: غیررجسٹرڈ موبائل کی تصدیق کروائیں، پی ٹی اے کی صارفین کو ہدایت

    اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 10سال بعد ان کو نیب قوانین اور کمروں کا خیال آ گیا، سیف الرحما ن جیسے لوگوں کوچیئرمین نیب لگایاگیا جنہیں شہباز شریف خود فون کر کے مخالفین کی سزاؤں میں افاضہ کرواتے تھے۔

  • ملک بھر میں اسلامی بینکنگ نظام متعارف کروایا جائے، عمران خان کی ہدایت

    ملک بھر میں اسلامی بینکنگ نظام متعارف کروایا جائے، عمران خان کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں اسلامی بینکنگ نظام متعارف کروانے کی ہدایت جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی معیشت سےمتعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزیرخزانہ اسد عمر، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اشفاق حسین سمیت اقتصادی ماہرین نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ملک کی اقتصادی صورت حال سے متعلق ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے دورانِ اجلاس وزیراعظم کو بریفنگ دی کہ پاکستان بینکنگ سہولتوں سےسب سےکم استفادہ کرنے والاملک ہے کیونکہ صرف 16 فیصد آبادی بینکنگ سہولیات استعمال کررہی جن میں 11 فیصد خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ عوام کی کثیر تعدادمذہبی رجحان کی وجہ سے بینکنگ نظام سے دور رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

    گورنر اسٹیٹ بینک نے بریفنگ دی کہ آئندہ5سال کیلئےجامع پلان بنایاجارہا ہے جس کے تحت اسلامک بینکنگ اورڈیجیٹل پیمنٹ کوفروغ دیاجائےگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’5سالہ منصوبہ بندی کےتحت 30لاکھ روزگارکےمواقع پیدا کیے جاسکیں گے جبکہ ایس ایم ای نظام کےتحت  5 کھرب ڈالرکی ایکسپورٹس بھی بڑھے گی‘۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے آگاہ کیا کہ ’کمرشل اورمائیکرو فنانس بینکنگ پرکام تیزکیا جائےگا‘۔

      وزیراعظم نے قومی اقتصادی حکمت عملی کے 5 سالہ منصوبہ بندی کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ’اقتصادی استحکام کے ذریعے غربت پر قابو پانے میں مدد ملے گی‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ملک کےاقتصادی نظام کی مضبوطی کیلئے اہم فیصلے کرنا ہوں گے، اسلامک بینکنگ نظام کی وجہ سے زراعت جیسےشعبوں کوبھی ترقی ملےگی۔

    وزیر اعظم نے بیکنگ اصلاحات کے لیے پیش کیے گئے پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے پانچ سالہ منصوبہ بندی پر جلد عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

  • سٹیزن پورٹل، حکومت کو 1 لاکھ سے زائد شکایات موصول، 16 ہزار کا ازالہ کردیا گیا

    سٹیزن پورٹل، حکومت کو 1 لاکھ سے زائد شکایات موصول، 16 ہزار کا ازالہ کردیا گیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ 24 دنوں میں ایپ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد عوامی شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 84 ہزار سے زائد درخواستوں پر کام جاری ہے جبکہ 16 ہزار  سے زائد کو حل کردیا گیا۔

    اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے افتخار درانی کا کہنا تھاکہ 24 دنوں کے دوران شکایتی ایپ کے ذریعے عوام نے 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد شکایات وزیراعظم آفس کو ارسال کیں جن میں سے 16ہزار 770 کو حل کردیا گیا جبکہ 84ہزار پر کام جاری ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عوام نے چوبیس دنوں کے دوران وزیراعظم آفس ایپ کو 4 لاکھ 54 ہزار بار ڈاؤن لوڈ کیا جس کے ذریعے وہ مسلسل اپنی شکایات درج کروا رہے ہیں، اب تک 54 فیصد مردوں جبکہ 6 فیصد خواتین نے ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’عوام کی بڑی تعداد نے بلدیاتی مسائل کے حوالے سے شکایات درج کروائیں جن کو تقریباً حل کر دیا گیا جبکہ انرجی سیکٹر کی 6ہزار 303 شکایات موصول ہوئیں‘۔

    مزید پڑھیں: حکومت عوام کو جواب دہ، آن لائن شکایات درج کروانے کی سہولت کا آغاز

    وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ 12 ہزار سے زائد شکایات تعلیم کے حوالے سے موصول ہوئیں جبکہ امن و امان، محکمہ صحت اور محکمہ لینڈ کی چار ہزار سے زائد شکایتی درخواستیں موصول ہوئیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’کرپشن سے متعلق ابھی تک ایک بھی شکایات موصول نہیں ہوئی‘۔

    [bs-quote quote=”سرکاری محکموں میں کرپشن سے متعلق ابھی تک کوئی شکایات درج نہیں ہوئی” style=”style-9″ align=”center” author_name=”افتخار درانی”][/bs-quote]

    یاد رہے کہ 28 اکتوبر 2018 کو وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزراء اور حکومتی کارکردگی کے خلاف آن لائن شکایات درج کروانے کے لیے سے (عوامی شکایتی سیل اور آراء) سٹیزن پورٹل سروس کا افتتاح کیا تھا۔

    افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ’یہ نیا پاکستان ہے کیونکہ اب حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی‘۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پرانے پاکستان میں نوآبادیاتی نظام قائم تھا جس کی وجہ سے عوام حکمرانوں کے غلام تھے اور غریب پاکستانی سرکاری دفاتر میں اپنے کاموں کے لیے دھکے کھاتے تھے جبکہ بااثر اور پیسوں والے اپنے کام رشوت دے کر  جلدی کروالیتے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: سٹیزن پورٹل سے بیک وقت 3 لاکھ 82 ہزار شکایات موصول ہو سکیں گی، وزیرِ اطلاعات

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سٹیزن پورٹل نظام کےتحت ملک کےکسی بھی حصےسےعام آدمی حکومت یا سرکاری محکمے کی شکایت درج کرواسکے گا، اس سے ہمیں معلوم ہوگا کہ اسلام آبادکے عوام کو پانی کی ضرورت ہے یا وہ میٹرو بس سروس چاہتے ہیں‘۔

    ایپ استعمال کرنے کا طریقہ کار

    گوگل پلے اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اس پر آئی ڈی بنائیں تاکہ شناخت ظاہر ہو مگر حکومت اسے خفیہ بھی رکھے گی۔آئی ڈی بنانے کے بعد صارف کے سامنے تین مینیو کھلیں گے، مقامی شہری، اوورسیز پاکستانی، یا غیر ملکی؟ جس میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ضروری ہوگا۔

    بعد ازاں صارف کے سامنے ایک اسکرین کھلے گی جس میں وہ اپنی شکایت درج کرے گا، اُس کے بعد اسکرین پر لکھا آئے گا کہ پہلے سے اس مسئلے پر کتنی شکایات درج ہیں۔

    شکایات کنندہ کو جو بھی مسئلہ درپیش ہے اُس کو منتخب کر کے وہ اپنی شکایت درج کرے گا۔

  • چوہدری سرور نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

    چوہدری سرور نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر چودھری سرور نے اپنی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے، تحریک انصاف نے انہیں پنجاب کا گورنر نامزد کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر چودھری محمد سرور نے تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کا گورنر نامزد ہونے کے بعد اپنے عہدے کا حلف اٹھانےکے لیے سینیٹر کی نشست چھوڑدی ہے ،وہ کل گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس سے قبل وہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں، ۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ دس اگست کو چوہدری محمد سرور کو بطور گورنر پنجاب منتخب کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری سرور وفاق کی نمائندگی کریں گے، چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں، ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

    ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا تھی تاہم وزیر اعظم کی ہدایت پر چوہدری سرور نے صدارتی انتخاب کے بعد حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا تھا کہ کہ عارف علوی کو صدر منتخب کرانے میں بحیثیت سینیٹر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں لہذا چار ستمبر کے بعد حلف اٹھاؤں گا۔

    چوہدری سرورتین بار گلاسگو سے برطانوی پارلیمان کے رکن منتخب ہو چکے ہیں اور13 سال گلاسگو مرکزکی لیبر پارٹی کی طرف سے نمائندگی کی، وہ برطانیہ کے پہلے مسلم پارلیمینٹیرن رہے ہیں۔

    انہیں سابق وزیر اعظم نوا شریف نے 2 اگست 2013 کو گورنرپنجاب منتخب کیا تھا تاہم 29 جنوری 2015 کو انہوں نے اپنے عہدے سے نہ صرف استعفیٰ دے دیا بلکہ بعد ازاں انہوں نے مسلم لیگ سے راہیں جدا کرکے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

    تحریک انصاف نے انہوں پنجاب میں تنظیم سازی کے لیے آرگنائز مقرر کیا تھا، سینیٹ انتخابات میں چوہدری سرور پنجاب سے منتخب ہونے والے واحد سینیٹر تھے۔

  • تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس کا فیصلہ 31 اگست کو سنایا جائے گا

    تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس کا فیصلہ 31 اگست کو سنایا جائے گا

    کراچی: پی ٹی آئی کی رہنما زہرہ شاہد قتل کیس پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، کیس کا فیصلہ 31 اگست کو سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق زہرہ شاہد قتل کیس کی سماعت کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    مقتول زہرہ شاہد کے قتل کا یہ کیس کراچی کی عدالت میں پانچ سال سے بھی زائد عرصہ چلا، متعدد سماعتوں اور فریقین کے دلائل کے بعد آخر کار عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جسے 31 اگست کو سنایا جائے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کو عام انتخابات کے چند روز بعد 18 مئی 2013 کو اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ کلفٹن میں اپنے گھر جا رہی تھیں۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان نے زہرہ شاہد کے قتل کا الزام ایم کیو ایم پر عائد کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ زہرہ آپا کو انتخابات میں ایم کیو ایم کی دھاندلی کے خلاف احتجاج کی وجہ سے قتل کیا گیا۔


    مزید پڑھیں:  تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے


    رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران زہرہ شاہد کے قاتلوں کلیم، راشد ٹیلر، زاہد عباس اور عرفان عرف لمبا کو گرفتار کیا، قاتلوں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔

  • تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، عارف علوی صدر مملکت بن جائیں گے، شفقت محمود

    تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، عارف علوی صدر مملکت بن جائیں گے، شفقت محمود

    لاہور: وفاقی وزیر برائے تعلیم و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے نمبرز پورے ہیں، عارف علوی صدر مملکت بن جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف کے پاس سادہ اکثریت ہے۔

    شفقت محمود نے کہا ’اپوزیشن لڑے یا جڑے ہمیں فرق نہیں پڑتا، وہ ذاتی مفادات کے لیے اکھٹی ہوئی ہے، ہمیں اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں موروثی سیاست ہے۔‘

    انھوں نے پی پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’پاکستان پیپلز پارٹی صرف سندھ کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، اس لیے اب وہ قومی جماعت بننا چاہتی ہے، لیکن وہ تحریکِ انصاف کا نعم البدل نہیں بن سکتی۔‘

    تحریکِ انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاروں صوبوں کی جماعت بن گئی ہے، اس کی نمائندگی چاروں صوبوں میں ہے، ڈاکٹرعارف علوی صدر پاکستان کے لیے بہترین امیدوار ہیں۔


    صدراتی انتخاب میں جو تقدیر میں ہوگا قبول کروں گا: ڈاکٹر عارف علوی


    ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمارے اتحاد سے متعلق مفروضے بنا رہی ہے، اتحادیوں سے ہمارے تحریری معاہدے ہوئے ہیں، اپوزیشن اپنے اتحاد کی فکر کرے، ہمارا اتحاد ٹھیک ہے۔

    انھوں نے سابق صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’آصف زرداری کے پاس برطانیہ کی جعلی ڈگری ہے، جب کہ عارف علوی 25 سال سے سیاست میں اور ڈینٹل سرجن ہیں، ان کا ماضی شان دار ہے، کرپشن سے پاک ہیں۔‘

    شفقت محمود نے پی پی کے صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کو بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی عزت کرتے ہیں، لیکن اگر پیپلز پارٹی کے پاس نمبر پورے ہوتے تو آصف زرداری امیدوار ہوتے، نمبر پورے نہیں تو اعتزاز احسن کو امیدوار بنایا۔

  • سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا

    سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا

    لاہور: سرکاری خزانے کی بچت کے لیے تحریکِ انصاف کے سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سرکاری گاڑی استعمال نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ بلدیات علیم خان نے آج پنجاب کابینہ کے ساتھ حلف اٹھایا، حلف اٹھانے کے بعد انھوں نے ملکی خزانے کی بچت کی خاطر سرکاری گاڑی لینے سے انکار کر دیا۔

    سینئر وزیر علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’سرکاری کاموں کے لیے بھی میں ذاتی گاڑی استعمال کروں گا، ہم حکومتی وسائل خرچ نہیں کریں گے۔‘

    علیم خان کا کہنا تھا کہ انھیں بہ طور وزیر جتنی تنخواہ ملتی ہے وہ ہر ماہ عمران خان کے قائم کردہ شوکت خانم اسپتال کو عطیہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مہمانوں کی خاطر تواضع اور دیگر اخراجات بھی خود برداشت کریں گے، وزیرِ اعظم کی کفایت شعاری مہم میں وزرا کی جانب سے بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔


    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب اور بلوچستان کابینہ نے حلف اٹھا لیا


    واضح رہے کہ وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے ساتھ ہی وزیرِ اعظم عمران خان نے سادگی اختیار کرنا شروع کر دی ہے، اور اپنے وزرا کو بھی تاکید کی ہے کہ وہ سادگی اختیار کرکے قوم کے لیے مثال بنیں۔

    وزیرِ اعظم کے اعلان کے بعد تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والے متعدد وزرا نے اپنے محکموں میں سادگی اختیار کرنے اور اخراجات کم کرنے کے لیے اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • چترال میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا تحریک انصاف کے کارکن پرتشدد

    چترال میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کا تحریک انصاف کے کارکن پرتشدد

    چترال:حلقہ پی کے 1 چترال سے پیپلزپارٹی کے امیدوار(سابق ایم پی اے) غلام محمد اور ان کے حامیوں نے غنڈہ کردی ، کارکردگی کا سوال پوچھنے والے پی ٹی آئی کے کارکن کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک خطاب کے دوران پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی سلیم خان تحریک انصاف حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے تھے، اس موقع پر موجود تحریک انصاف کے مقامی کارکن نے ان سے یہ سوال پوچھا کہ ’’پیپلز پارٹی چترال میں 10 سال اقتدار میں رہی ہے، آپ اپنی کارکردگی بتائیں‘‘۔ یہ سوال پوچھنا تھا کہ صوبائی اسمبلی کے امیدوار حاجی غلام محمد اٹھ کھڑے ہوئے اور سوال پوچھنے والے کو مغلظات بکنا شروع کردیں۔اس کے ساتھ ہی ان کے ہمراہ آئے ہوئے حامیوں نے غنڈہ گردی کی انتہا کردی۔ مقامی شخص کو مار مار کر ہاتھ پاؤں اور دونوں ٹانگیں زخمی کرڈالا ۔ متاثرہ شخص مقامی تھانے ایف آئی آر درج کرانے گیا تو پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے اثر و رسوخ کی وجہ سے پولیس نے بجائے ایف آئی آر درج کرنے کے زخمی حالت میں بغیر کوئی ابتدائی طبعی امداد دئیے متاثرہ شخص کو 4 گھنٹے تک حوالات میں بند کئے رکھا۔

    پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی اس غنڈہ گردی کی ویڈیو اور متاثرہ شخص کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چترال کے عوام حکومت اور الیکشن کمیشن سے فوری ایکشن لینے اور امیدواروں کو تا حیات نا اہل قرار دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔

    دوسری جانب لودھراں میں بزرگ سپورٹر ظفر اقبال عرف مٹھو کو بھی پی ٹی آئی کے پوسٹرز لگانے پر مسلم لیگ ن کے کارکنان نے تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد کا نشانہ بننے والے کارکن کو زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بزرگ کارکن کی حالت بحال ہونے پر قانونی کارروائی کا آغاز ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں