Tag: تحریک انصاف کے رہنماؤں

  • نگراں حکومت کے اہم وزراء کا تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ

    نگراں حکومت کے اہم وزراء کا تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ

    اسلام آباد : نگراں حکومت کے اہم وزراء نے سیاسی ماحول کو انتخابات کے لیے سازگار بنانے کے لیے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت کے اہم وزراء نے تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا رابطوں کا مقصد سیاسی ماحول کو انتخابات کے لیے سازگار بنانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ چندروز پہلے نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پی ٹی آئی کے شفقت محمود سے ملاقات کی، جس میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہم مفاہمت چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے سب کو کردارادا کرنا ہے۔

    ذرائع نگراں حکومت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں، آزادانہ، منصفانہ انتخابات یقینی بنانے کے لیے ماحول کو ٹھنڈا کرنا مقصد ہے۔

    گذشتہ روز نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتےہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے، شفاف انتخابات کےانعقادکیلئےالیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے۔

  • 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گرد گھیرا مزید تنگ

    9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گرد گھیرا مزید تنگ

    کراچی : وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) نے   9 مئی کو جلاؤگھیراؤ میں ملوث پی ٹی آئی کے 200سے زائد رہنماؤں اورکارکنوں کے نام ایگزٹ پوائنٹس پرڈال دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نو مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تحریک انصاف کے رہنماوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا گیا ، دو سو سے زائد اہم رہنماوں اور کارکنوں کے نام ملک کے تمام ایگزٹ پوائنٹس پر فراہم کردئیے گئے۔

    ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ فہرست میں شامل نام مختلف اداروں کو مقدمات میں مطلوب ہیں، ناموں کی فہرست کراچی سمیت تمام ایئرپورٹس، سی پورٹس پر امیگریشن حکام کو فراہم کی گئی ہے۔

    فہرست میں موجود افراد کی بیرون ملک روانگی کو ہرصورت روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    گزشتہ روز ایف آئی اے نے بیرون ملک سے سوشل میڈیا پر ملک مخالف مہم چلانیوالے پاکستانیوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو ریڈ نوٹسز جاری کئے جائیں گے، انٹرپول اور متعلقہ سفارتخانےریڈ نوٹس کے حوالے سے معاونت کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے منفی پروپیگنڈا کرنا پیکا ایکٹ 2016 کی خلاف ورزی تصور ہوگا۔

  • ‘عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے’ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عوام سے بنی گالہ  پہنچنے کی گزارش

    ‘عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے’ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عوام سے بنی گالہ پہنچنے کی گزارش

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عوام سے بنی گالہ پہنچنے کی گزارش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ریڈ لائن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ فیصل آباد سے بسوں میں قافلے بنی گالہ کیلئے رواں دواں ہیں، آپ جہاں بھی ہیں آج بنی گالہ پہنچیں اور عمران خان کے ساتھ یکجہتی کااظہارکریں، عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی کا سفر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، سب سے گزارش ہے بنی گالہ پہنچیں۔

    فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی حرکتوں سے یہ آشکار ہوچکا کہ وہ گھبرا چکی ہے، سوات کے ضمنی الیکشن میں 12 جماعتوں کوعمران خان نے شکست دی۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب اور کراچی کے ضمنی الیکشن میں عمران خان کامیاب ہوئے، ثابت ہوگیا کہ قوم کے سب مقبول لیڈر عمران خان ہیں۔

    خیال رہے سوشل میڈیا پر عمران خان کی گرفتاری کی خبروں پر رات گئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد بنی گالہ کے باہر جمع ہوگئی تھی، اس کے علاوہ اسد عمر، مراد سعید سمیت تحریک انصاف کی قیادت بھی بنی گالہ پہنچ گئی۔

    پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا انٹرنیٹ کی بندش ہوئی تو سمجھ لیں امپورٹڈ سرکار کے عوامی احتساب کا وقت آگیا ، سب لوگ اسلام آباد پہنچیں۔

  • تحریک انصاف کے رہنماؤں کا  ن لیگ اور پی پی کی  فارن  فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ

    تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ن لیگ اور پی پی کی فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی فارن فنڈنگ کیسز کا فیصلہ جاری کرنے  کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے پر اپنے پیغام میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر فیصلہ سنا کرشوق پورا کر لیا ، قوم جواب مانگتی ہے ن لیگ،پی پی فنڈنگ رپورٹ کیوں نہیں جاری ہورہی؟ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی ہدایت کو پامال کررہی ہے اور پی ڈی ایم جماعتوں کو پناہ دے رہی ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں غیرجانبدارالیکشن کمیشن بن گیا تو ن لیگ، پی پی، فضل الرحمان ٹولے کا کیا بنے گا؟ انہیں اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرانا پڑیں گی، بھتے کی پرچیاں، اورنگزیب بٹ جیسوں سے رشوت لیکر عہدے بیچنے کی رسیدیں نہیں چلیں گی۔

    سابق اسپیکر اسمبلی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا "الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس پر فیصلہ تو سنادیا ، ن لیگ اور پی پی کی فارن فنڈنگ کیسز رپورٹس کب جاری ہوگی۔

    تحریک انصاف کے رہنما علی محمدخان کا پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے پر کہا کہ تحریک انصاف کی توسو فیصد اسکورٹنی کر لی اور فارن فنڈنگ ثابت نہ کر سکے اب ن لیگ پیپلز پارٹی جمعیت اور دیگر جماعتوں سے پوچھ ہوگی یا احتساب شفافیت میریٹ ایمانداری اور انصاف کا ٹھیکہ صرف پی ٹی آئی نے لیا ہوا ہے؟ ہمارا تو ہوگیا احتساب الحمدللّٰہ سرخرو ہوئے دوسروں کا احتساب کب ہوگا؟

    سابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کم ازکم ایک درجن دانشوراوران کےاداروں کےارمان ہوامیں اڑگئے، ان کےسیاسی حمایتیوں کوبھی مقابلہ میدان میں ہی کرنا پڑے گا۔

    تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اپنے بیان میں کہا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کافیصلہ توسنادیا اب والیم 10 بھی کھول لیا جائے؟ تاکہ شریف خاندان کی لوٹ مار کے خفیہ راز بھی قوم کے سامنے آ جائیں۔