Tag: تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا

  • علی امین گنڈاپور نے جو باتیں کیں اس کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں، سلمان اکرم

    علی امین گنڈاپور نے جو باتیں کیں اس کا تعلق پی ٹی آئی سے نہیں، سلمان اکرم

    تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا علی امین گنڈا پور نے صحافیوں سے متعلق غلط گفتگو کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما سلمان اکرم راجہ، رؤف حسن و دیگر رہنماؤں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی، پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں نے احتجاج کیا۔

    صحافیوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کے بیان پر صحافیوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، شبلی فراز نے آج صبح بھی احتجاج کرنے والے صحافیوں سے متعلق غلط گفتگو کی۔

    صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے سامنے سے احتجاجاً مائیک بھی ہٹا دیئے، صحافیوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کا بائیکاٹ نہیں کررہے مگر احتجاج ریکارڈ کرارہے ہیں، علی امین گنڈاپور کے معافی مانگنے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

    اس دوران سلمان اکرم راجہ نے پریس کانفرن میں کہا کہ کل بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی تک معلومات کی رسائی کم ہے انہیں علی امین کی تمام گفتگو کا علم نہیں تھا۔

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا جو علی امین نے اداروں سے متعلق بات کی درست تھی، لیکن انہوں نے صحافیوں سے متعلق غلط گفتگو کی، بانی پی ٹی آئی نے تو یہاں تک کہا کہ صحافی اس وقت جہاد کررہے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور سے بھی میرا رابطہ ہوا ہے، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میری گفتگو مخصوص صحافیوں سے متعلق تھی، علی امین کے مطابق جو لوگ لاپتہ تھے چند صحافی ان کا ڈرائنگ روم میں انٹرویو کرتے ہیں۔

    سلمان اکرم نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور نے بھی کہا ہے کہ وہ اپنی گفتگو کی وضاحت کریں گے، صحافیوں کا احترام کرتے ہیں نازیبا گفتگو پارٹی پالیسی نہیں ہے، علی امین گنڈاپور نے جو باتیں کیں اس کا تعلق ہماری سیاست سے نہیں، علی امین گنڈاپور نے کہا ہے اپنے بیان کی وضاحت کروں گا۔