Tag: تحریک انصاف

  • کریم آباد میں مشتعل افراد نے پی ٹی آئی کا کیمپ اکھاڑ دیا

    کریم آباد میں مشتعل افراد نے پی ٹی آئی کا کیمپ اکھاڑ دیا

    کراچی: شہر میں سیاسی صورتحال کشیدہ ہوگئی، سیاسی گہما گہمی گرما گرمی میں تبدیل ہوگئی، تفصیلات کے مطابق عزیز آباد میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان ایک بار پھر آمنا سامنا ہوگیا،مشتعل کارکنان نے پی ٹی آئی کا کیمپ اکھاڑ دیا۔

    دونوں جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی،  اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے جھنڈے کو نذر آتش کیا۔

    پولیس کی بھاری نفری بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے، اس موقع پر پولیس نے دو کارکنان کو گرفتار کرلیا، اس دوران اچانک مشتعل افراد نے پی ٹی آئی کے کیمپ  میں داخل ہوکر کرسیاں پھینک دیں اور کیمپ کو  کو اکھاڑ دیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ یہ سراسر ذیادتی ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان صرف پی ٹی آئی کو ہی اپنی غندہ گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    اس موقع پر متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما بھی حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے کریم آباد پہنچ گئے،انہوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور  پی ٹی آئی کے تباہ شدہ کیمپ کو دوبارہ بحال کرانے کی کوشش کی۔

    واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل جناح گراونڈ میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد گورنر ہاؤس میں  دونوں پارٹیوں نے ایک ضابطہ اخلاق پر باہمی رضامندی دکھائی تھی۔ آج کارکنوں کی آپسی زبانی تلخ کلامی اس ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تھی۔

    عمران اسماعیل نے الزام لگایا ہےکہ کیمپ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے اکھاڑا۔ پولیس نے مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا۔

  • نہاری انڈے اور نعرے بازی،پی ٹی آئی اور متحدہ کارکنان پھر آمنے سامنے

    نہاری انڈے اور نعرے بازی،پی ٹی آئی اور متحدہ کارکنان پھر آمنے سامنے

    کراچی: دستگیر میں نہاری کے ہوٹل پر سیاسی گرما گرمی، عزیزآباد میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے  کارکنان آمنےسامنے آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں عزیز آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور حلقہ ایک سو چھیالیس کے امیدوار عمران اسماعیل اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ نہاری کھانے فیڈرل بی ایریا میں واقع ایک مقامی ہوٹل میں آئے تو ان کے پیچھے پیچھے ایم کیو ایم کے کارکنان بھی پہنچ گئے۔

    دونوں جماعتوں کے کارکنان نے اپنے قائدین کے حق میں خوب نعرے بازی کی، اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی، اسماعیل ہارون اور دیگر رہنما بھی ہوٹل باہر موجود تھے،

    نوجوانوں نے عمران اسماعیل کے قافلے پر مبینہ طورپرانڈے پھینکے اور پی ٹی آئی کیخلاف نعرے لگائے،مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پا لیا، تاہم پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو نہاری کھائے بغیر ہی عجلت میں جانا پڑا۔

  • صدر مملکت نے عدالتی کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا

    صدر مملکت نے عدالتی کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا

    اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے عام انتخابات دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے۔

    آرڈیننس کا اطلاق پورے پاکستان پر ہوگا اور وہ فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔آرڈیننس کے مطابق وفاقی حکومت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لئے آرڈیننس کے اجراء کے تین دن کے اندر چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استدعا کرے گی، جس کے نتیجے میں چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کے لیے تین ججوں اور چیرمین کا نام تجویز کریں گے۔

    اگر چیف جسٹس خود کمیشن کا حصہ ہوئے تو وہ چیئرمین کے فرائض سرانجام دیں گے۔کمیشن ان نکات کا جائزہ لے گا کہ کیا عام انتخابات دو ہزار تیرہ کا انعقاد غیرجانبدارانہ، دیانتدارانہ ، شفاف اور قانون کے مطابق تھا؟

    کیا اس انتخابی عمل میں منظم اور سوچی سمجھی کا دھاندلی کا اہتمام کیا گیا؟ کیا دو ہزار تیرہ کا انتخاب مجموعی طور پر عوامی مینڈیٹ کا عکاس ہے یا نہیں؟ان نکات کی تحقیقات کے لیے کمیشن کو فوجداری عدالت کے اختیارات حاصل ہوں گے اور وہ ضابطہ فوجداری اور دیوانی کے قوانین کے مطابق کا م کرے گا۔

    کمیشن کسی بھی شخص کو معلومات، دستاویزات، نکات یا مواد فراہم کرنے کا حکم دے سکتا ہے جو تحقیقات کے لیے ضروری ہوسکتی ہے۔کمیشن کو کسی کو سزا دینے کے وہی اختیارات ہوں گے جو سپریم کورٹ کو حاصل ہورتے ہیں۔

    جو شخص کمیشن کی کارروائی کا رخ موڑنے کی کوشش کرے یا اس میں روکاٹ پیدا کرے یا کمیشن کی ہدایات کے خلاف عمل کرے یا کمیشن یا اس کے کسی رکن کو بدنام کرے یا ان کے خلاف کو ئی ایسی بات کرے جس سے نفرت ، تضحیک یا توہین کا اظہار ہو یا کوئی ایسا عمل کرے جس سے کمیشن کسی کارروائی متاثر ہو یا کوئی ایسا اقدام کرے جس سے توہین عدالت ہوتی ہو تو کمیشن سپریم کورٹ کی طرح توہین عدالت کی سزا سنا سکتا ہے ۔

    تاہم کمیشن کی رپورٹ پر درست جو تبصرے جو نیک نیتی سے عوامی دلچسپی کے لیے کیے جائیں گے ، توہین کمیشن کے زمرے میں نہیں آئیں گے۔

  • تحریک انصاف نےاالطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا

    تحریک انصاف نےاالطاف حسین کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا

    کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف عزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف  کی جانب سے  جنا ح گراؤنڈ میں مبینہ حملے کی ایف آئی آر الطاف حسین اور دیگر کے خلاف درج کرانے کی درخواست پرعزیز آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ مذکورہ ایف آئی آر پی ٹی آئی کے رہنما عزیز آفریدی کی مدعیت میں درج کرائی گئی ہے۔

    ایس ایس پی وسطی کے دفتر کے باہر درخواست جمع کرانے کے بعد تحریک انصا ف کے رہنما عار ف علوی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ الطا ف حسین نے لوگوں کو اس اقدام کیلئے اکسایا۔

     میڈیا سے گفتگو میں این اے دو سو چھیالیس پر پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ ڈنڈے اور لاٹھییوں سے ملسح چالیس سے پچاس لڑکوں نے عقب سے حملہ اور پتھراؤ کیا ۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے امن وامان یقینی نہ بنانے پر ایس ایچ او عزیز آباد کو معطل کر کے انسپکٹر سلیم اللہ قریشی کو نیا ایس ایچ او مقرر کر دیا ہے۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے انیس اپریل کوہرصورت میں جناح گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا گیا ہے ، جبکہ کل ملک بھرمیں احتجاج بھی کیا جائیگا۔

  • پی ٹی آئی نے ایم کیوایم کی منت کرکے کراچی جلسہ کامیاب بنایا،پرویز رشید

    پی ٹی آئی نے ایم کیوایم کی منت کرکے کراچی جلسہ کامیاب بنایا،پرویز رشید

    اسلام آباد : عمران خان اورعارف علوی کی لیک ہونےوالی ٹیلی فون گفتگوپرحکومتی وزیروں نے آج بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا لیکن خواجہ سعد رفیق نےٹیلی فون ٹیپ کرنےکوغیراخلاقی بھی قراردے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان اورعارف علوی کی ٹیلی فونک گفتگو سامنےآنےکا معاملہ بحث کاایک نیاموضوع چھیڑ گیاہے۔

    الطاف حسین سےحمایت کی بات پرپرویزرشید نےکہا کہ پی ٹی آئی نے ایم کیوایم کی منت ترلے کرکے کراچی میں جلسہ کامیاب بنایا۔

    پرویزرشیدنےپھردہرایا کہ عمران خان کےپیچھےخفیہ ایجنسیوں کےسابق سربراہ ہیں، سعدرفیق نے کہا کہ ٹیلی فون گفتگومیں کوئی نئی بات نہیں،یہ توعمران خان دھرنےمیں کھلےعام کہتےتھے۔

    خواجہ سعدرفیق نےکہا کہ ٹیلی فون ریکارڈنگ سامنےآنان لیگ کےفائدہ میں ہے،لیکن کسی کی گفتگوکرنا غیراخلاقی ہےجس کی حمایت نہیں کریں گے۔

  • ایم کیو ایم کو ختم نہیں کیا جا سکتا،الطاف حسین

    ایم کیو ایم کو ختم نہیں کیا جا سکتا،الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ مختلف سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم کودیوارسے لگایاجارہاہے اوراس کے خلاف زہر اگلا جارہاہے۔ایم کیوایم کروڑوں عوام کی نمائندگی کرنے والی ایک سچی عوامی جماعت ہے ،اسے اوچھے ہتھکنڈوں اورزہریلے پروپیگنڈوں سے ختم نہیں کیا جاسکتا ۔

    انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی،حق پرست سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اورتنظیمی شعبہ جات کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔الطاف حسین نے اجلاس میں موجودہ حالات کے مختلف پہلوؤں پرتفصیلی روشنی ڈالی۔

    الطاف حسین نے کہاکہ جب جب ایم کیوایم کی مقبولیت اوراس کا تنظیمی کام ملک میں پھیلاہے اس کوروکنے کیلئے سازشی ہتھکنڈے اختیارکئے گئے ہیں۔ اب بھی جبکہ ایم کیوایم کاپیغام کراچی سے نکل کرسندھ کے دیہی علاقوں،پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزادکشمیر، شمالی وقبائلی علاقہ جات میں پھیل رہاہے تواس کے خلاف سازشوں کاسلسلہ تیز ہوگیاہے۔

    انہوں نے کہاکہ پاکستان صرف مراعات یافتہ طبقہ کانہیں بلکہ غریب ومتوسط طبقہ کابھی ہے اور ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو جاگیرداروں اوروڈیروں کے شکنجے سے پاکستان کوآزادکرکے غریب ومتوسط طبقہ کوان کاپاکستان لوٹاناچاہتی ہے اسی لئے ایم کیوایم کومختلف سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اوراسے کمزورکرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک میں رائج فرسودہ نظام”اسٹیٹس کو“توڑنا چاہتی ہے اسی لئے وہ تمام قوتیں جوملک میں” اسٹیٹس کو“برقراررکھناچاہتی ہیں وہ ایم کیوایم کوختم کرنے کے درپے ہیں۔ جولوگ یہ سوچتے ہیں کہ ظلم وجبر اور سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم کوختم کیا جاسکتاہے تووہ یہ سمجھ لیں کہ ایم کیوایم کواللہ نے بنایاہے اوروہی اسے ختم کرسکتاہے ۔

    الطا ف حسین نے کہاکہ میں نے بارہاکہاہے اورآج پھرکہتاہوں کہ ایم کیوایم میں جرائم پیشہ عناصر کے لئے زیروٹولیرنس ہے، میں دہشت گردی کے خلاف ہوں اورعدم تشددپریقین رکھتا ہوں۔ ہم نے ماضی میں بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراکوتحریک سے خارج کیااورآج بھی جرائم پیشہ عناصرکیلئے ایم کیوایم میں کوئی گنجائش نہیں ہے

    محض الزامات کی بنیادپرپوری ایم کیوایم کونشانہ بنانا سراسرزیادتی ہے ۔ انہوں نے سوال کیاکہ ایم کیوایم کے خلاف توکارروائی کی جارہی ہے لیکن دہشت گردی اور فرقہ وارانہ قتل وفسادات میں ملوث کالعدم تنظیموں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟

    انہوں نے عمران خان کی جانب سے کراچی میں ایم کیوایم کے خلاف الیکشن لڑنے اوراسے شکست دینے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کوفراخدلانہ پیشکش کرتاہوں کہ وہ آئیں اور جمہوری اندازمیں ایم کیوایم کامقابلہ کریں۔

    الطا ف حسین نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص شاہ کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کی اوروزیراعظم نوازشریف اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ وقاص شا ہ شہید اورایم کیوایم کے دیگرشہیدکارکنوں کے ماورائے عدالت کی تحقیقات کرائی جائے اورقتل کے ذمہ دارافراد کوگرفتار کیا جائے۔

    الطا ف حسین نے اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں سندھی نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پہلے بلوچ نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں مل رہی تھیں اوراب سندھی نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جارہی ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ سندھیوں اورمہاجروں کو ان حالات سے سبق سیکھناچاہیئے اورماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ظلم کے خلاف آپس میں متحد ہوجانا چاہیے۔

    انہوں نے رابطہ کمیٹی، ارکان اسمبلی اور تمام تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داروں کواس کڑے اورآزمائش کے دورمیں ثابت قدمی اورجرات وہمت کامظاہرہ کرنے اورعزم حوصلے کے ساتھ تحریکی جدوجہدجاری رکھنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

  • عمران خان مطلب پڑنے پرالطاف حسین کے قدموں میں بیٹھ جاتے ہیں، پرویز رشید

    عمران خان مطلب پڑنے پرالطاف حسین کے قدموں میں بیٹھ جاتے ہیں، پرویز رشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو خواب میں بھی اگلا الیکشن نظر آرہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار پرویز رشید نے آزاد کشمیر میں عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ دوسروں کو گو گو کہنے والے عمران خان خود گو ہوگئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان الطاف حسین کو فرعون کہتے ہیں اور مطلب پڑنے پر قدموں میں بیٹھ جاتے ہیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے اپنی جماعت تحریک انصاف کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کا تو جواب دیں۔ پرویز رشید کا کہنا تھا عوام جس لیڈر سے نجات چاہتے ہیں وہ کوئی اور نہیں خود عمران خان ہیں۔

  • این اے 128اور پی پی 160: ووٹوں کی تصدیق کیلئے درخواست کی سماعت ملتوی

    این اے 128اور پی پی 160: ووٹوں کی تصدیق کیلئے درخواست کی سماعت ملتوی

    اسلام آباد : الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو اٹھائیس اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو ساٹھ کے ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کرانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت اکتیس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاءکو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

    الیکشن ٹربیونل کے روبرو تحریک انصاف کے کرامت علی کھوکھر نے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ظہیر عباس کھوکھر نے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کی اہلیت کو الیکشن ٹربیونل کے روبرو چیلنج کر رکھا ہے۔

    دونوں درخواست گزاروں کے وکلاءنے ٹربیونل سے استدعا کی ہے کہ دونوں حلقوں کے ووٹوں اور ریکارڈ کی نادرا سے تصدیق کرانے کا حکم دیا جائے۔

    الیکشن ٹربیونل کی ہدایت پر متعلقہ حلقوں کے ریٹرننگ افسروں نے فارم چودہ اور پندرہ کومعائنہ کے لئے پیش کیا تو ٹربیونل نے فارم چودہ اور پندرہ کے معائنہ کو مؤخر کرتے ہوئے نادرا سے تصدیق کرانے کے لئے دائر درخواستوں پرفریقین کے وکلاءکو بحث سمیٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت اکتیس مارچ تک ملتوی کردی۔

  • جوڈیشل کمیشن کا قیام ، ایم کیوایم کے سوا تمام جماعتوں کی حمایت

    جوڈیشل کمیشن کا قیام ، ایم کیوایم کے سوا تمام جماعتوں کی حمایت

    اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا معاملہ زیر غور آیا، اس موقع پر ایم کیو ایم کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے جوڈیشل کمیشن کے قیام پراتفاق رائے کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم میں نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل پر اتفاق رائے ہوگیا ہے،اجلاس میں کمیشن کے قیام کے معاملے پر ایم کیوایم کے سوا تمام جماعتوں نے حمایت کردی۔

    ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی تشکیل آرٹیکل دوسو پچیس اورآرٹیکل ایک سو نواسی کی خلاف ورزی ہوگی۔

    متحدہ قومی موومنٹ نے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اہم قانون سازی آئین سے متصادم نہیں ہو سکتی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف کا جوڈیشل کمیشن کے قیام پراتفاق خوش آئند ہے،بات چیت سے سیاسی جماعتوں میں غلط فہمیاں دور کرنا چاہتے ہیں۔

  • حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان عدالتی کمیشن پردس نکات پراتفاق

    حکومت اورتحریک انصاف کے درمیان عدالتی کمیشن پردس نکات پراتفاق

    اسلام آباد: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان عدالتی کمیشن کےحوالےسے دس نکات پر اتفاق ہوگیا۔

    عدالتی کمیشن حکومت کی درخواست پرسپریم کورٹ تشکیل دے گا،میشن سپریم کورٹ کے تین ججز پر مشتمل ہوگا جو اپنی رپورٹ پینتالیس دن میں دے گا، دھاندلی ثابت ہونےپرآرٹیکل اٹھاون کےتحت اسمبلی تحلیل کردی جائےگی اور نگراں حکومت کاقیام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سےعمل میں آئےگا۔

    الیکشن سےمتعلق تین اداروں کےسربراہوں کی تقرری مشاورت سےہوگی، مسودےپرمسلم لیگ ن،پی ٹی آئی،پیپلزپارٹی،بی این پی دستخط کرےگی،شاہ محمودقریشی نےبتایا کہ اسحاق ڈارنےعمران خان کوخط لکھ کربتایا ہےکہ تمام جماعتیں مسودےپرمتفق ہیں۔

    وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی اورن لیگ معاہدے کی تفصیل پارلیمانی جماعتوں کو بھیج دی گئی ہے۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق پارلیمانی رہنماؤں کوبھیجی گئی معاہدےکی تفصیل میں بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن مجوزہ آرڈیننس کےتحت ہی کام کریگا۔

     اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم منگل کوپارلیمانی رہنماؤں سےملاقات کریں گے، جس میں وزیراعظم پارلیمانی جماعتوں سے معاہدے پر تبادلہ خیال کرینگے۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی کہنا تھا کہ دھاندلی ثابت ہوگئی تواسمبلیاں توڑناپڑیں گی تحریک انصاف میں نئےانتخابات سےپہلےتمام عہدیداروں کوفارغ کردیا گیا ہے، الیکشن ہونے تک عمران خان کےنامزدافراد پارٹی امورچلائیں گے۔