Tag: تحریک انصاف

  • بھابی نے چاہا توعمران خان کے ساتھ معاملات طےہوجائیں گے، اسحاق ڈار

    بھابی نے چاہا توعمران خان کے ساتھ معاملات طےہوجائیں گے، اسحاق ڈار

     اسلام آباد: اسحق ڈار نے ریحام خان سے درخواست کی ہے کہ وہ عمران خان کو جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے حکومتی شرائط پر راضی کریں۔

    جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اگر بھابھی نے چاہا تو عمران خان کے ساتھ سارے معاملات آدھے گھنٹے میں طےہوجائیں گے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ عمران خان انتخابات اور دیگر چیزوں پر سیاست کر لیں لیکن قومی معیشت پر سیاست نہ کریں۔ دہشت گردی کی طرح معیشت پر بھی نیشنل ایکشن پلان بننا چاہئے۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے سازش یا بائی ڈیزائن کے الفاظ شامل کرنا پڑیں گے، اگر کمیشن کے قواعدو ضوابط میں یہ الفاظ لکھ دیئے جائیں کہ انتخابات میں کسی سازش کے زریعے منظم دھاندلی کی گئی تو وزیراعظم کمیشن کے قیام سے متعلق آرڈیننس جاری کرنے کے حق میں ہیں۔

  • حکمرانوں کو جمہوریت نہیں بادشاہت کا تجربہ ہے، عمران خان

    حکمرانوں کو جمہوریت نہیں بادشاہت کا تجربہ ہے، عمران خان

    اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران جمہوریت کا نہیں بادشاہت کا تجربہ رکھتے ہیں،حکومت جوڈیشل کمیشن کے مطالبے سے پیچھے ہٹی تو پھر سڑکوں پر ہوں گے۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مک مکا کی سیاست کر کے ملک کی بندر بانٹ کر رہے ہیں،پنجاب پولیس کا غلط استعمال اور لینڈ مافیا کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے ۔شریف برادران کے اثاثے چند سالوں میں اربوں روپے تک پہنچ گئے اور کوئی پوچھنے والا۔

    عمران کان نے کہا کہ سانحہ پشاور کے باعث حکومت کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ بنے بغیر کام کرنے کا موقع دینا چاہتے تھے،،مگر جوڈیشل کمیشن کے قیام میں تاخیرقابل قبول نہیں۔حکومت آئین کے آرٹیکل دو سو اٹھارہ کے تحت دھاندلی کی تحقیقات کروائے یا پھر بھرپور احتجاج کے لئے تیار ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ اکیسویں ترمیم کے حوالے سے حامد خان کے موقف کو تحریک انصاف کی نمائندگی نہ سمجھا جائے۔اس موقع پر عمران خان نے این اے ایک سو بائیس کے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    صحافی کے سول نافرمانی ختم کرنے کے سوال پر عمران خان نے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ عمران خان تو ٹھنڈے پانی سے نہا سکتا ہے مگر نو سال کی بچی نہیں،،اس لئے بجلی کا بل جمع کروا دیا۔

  • علماء ملکی ترقی میں مثبت کردارادا کرنے میں ناکام رہے،عمران خان

    علماء ملکی ترقی میں مثبت کردارادا کرنے میں ناکام رہے،عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے ۔اس کے ذمے دار ناصرف سیاست دان اور فوجی جرنیل بلکہ علمائے کرام بھی ہیں۔

    اسلام آباد میں علماءومشائخ کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے علماء سے گلہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی میں مثبت کردار اداکرنے میں ناکام رہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ مدارس کوبدنام کرنا سراسرظلم ہے۔

     انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ کی چوری سے ملک میں جمہوریت کیسےپروان چڑ سکتی ہے،عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک مخصوص طبقہ ملک کو لوٹنے میں مصروف ہے، ان کا احتساب کیے بغیر ملک صحیح سمت پرلانا مشکل ہے۔

     عمران خان نے کہا ہے کہ فرانس میں جو کچھ بھی ہوا اس کے ذمہ دار مسلمان رہنماءہیں کیونکہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کیخلاف مسلم ممالک کے رہنماﺅں کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹا سا طبقہ ملک کو لوٹ رہا ہے۔ دین کے نام پر سیاست کرنے والوں کی قیمتیں لگتی دیکھی گئیں۔

  • حکومت بےاختیارجوڈیشل کمیشن بناناچاہتی ہے، عمران خان

    حکومت بےاختیارجوڈیشل کمیشن بناناچاہتی ہے، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان بند کیا تو حکومت بھی نہیں چل سکے گی۔

    عمرے کی آدائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کاکہناتھا انہیں اب پتہ چلا کہ ان پرمقدمہ کیوں قائم کیاگیا، عمران خان نے کہاحکومت چاہتی ہےٹریبونل کے فیصلے جوڈیشل کمیشن نہ بھیجے جائیں، شفاف تحقیقات ہوتو یہ سال الیکشن کاسال ہوگا۔

     چیئرمین تحریک انصاف کاکہناتھا ن لیگ نےلاکھوں بیلٹ پیپرچھپوا کرٹھپے لگوائے اسی لیے وہ تحقیقات سے خوفزدہ ہے،انصاف نہ ملاتوسڑکوں پرنکلیں گے۔

     عمران خان نے خیبرپختونخوا سے سینیٹ الیکشن لڑنے کااعلان کرتے ہوئے کہا اگرپی ٹی آئی کاکوئی رکن اسمبلی میں گیاتووہ پارٹی میں نہیں رہےگا۔

    عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن اس لیے ڈررہی ہےکہ انھیں پتاہے کہ انھیں ڈیڑھ کروڑ ووٹ نہیں ملے، نگراں حکومت نےآخری تین دنوں میں کئی لاکھ بیلٹ پیپرز چھپوائے، یہ ریٹرننگ افسران کا کمال ہی کا تھا کہ انتخابات میں انہیں اتنے زیادہ ووٹ ملے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران کے پیچھے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمان رمدے تھے، انہوں نے کہا کہ عدالت میں افتخار چوہدری کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہوں، ثابت کردوں گا کہ سابق چیف جسٹس نے جمہوریت کوکتنا نقصان پہنچایا، افتخار چودھری اور جسٹس رمدے نے ملک سے غداری کی ہے۔

     انہوں نے کہا کہ شادی کے فوری بعد عمر ہ کرنے جانا کسی سیاسی مقصد کیلئے نہیں تھا بلکہ میری بیوی کی خواہش تھا، وہاں جا کر بھی پاکستان اور نئے پاکستان کیلئے ہی دعائیں کی۔

  • عدالتی کمیشن پر مزید بات چیت بے کارہے، شاہ محمود قریشی

    عدالتی کمیشن پر مزید بات چیت بے کارہے، شاہ محمود قریشی

    ملتان : شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان عمرہ کی ادائیگی کے لیئے گئے ہیں علامہ طاہرالقادری کیساتھ ان کی کوئی ملاقات طے نہیں اور نہ کوئی جدہ پلان سامنے آئےگا۔

    میڈیا سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے ریاست کو ترجیح دی جبکہ ن لیگ سیاست کو ترجیح دے رہی اور مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دھرنا ختم کرنے کے بعد توقع تھی کی حکومت فراخدلی کا مظاہرہ کرے گی اور لچک دکھائے گی جو حکومت کی طرف سے دکھائی نہیں دی گئی، حکومت کیساتھ جتنے مذاکرات کرسکتے تھے کرلیئے مزید نشستیں کو بے سود سمجھتا ہوں۔

     شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 27 دسمبر کو اسحاق ڈار کے ساتھ جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر تمام معاملے طے پاچکے تھے اور 29 دسمبر کودستخط ہونے تھے لیکن حکومت کی طرف سے کوئی نہ آیا، اگر جوڈیشل کمیشن بن جائے تو ہم اسمبلی میں جانے کو تیار ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پٹرول بحران خودساختہ ہے جس نے حکومتی تجربہ کار ٹیم کے تجربات کے پول کھول کررکھ دیئے ہیں انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینا چاہیئے کیونکہ کے پی کے میں ہماری اکثریت ہے۔

     ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اگر چند مررسوں پر شکوک و شبہات یا تحفظات ہیں تو وہ وفاق المدارس کیساتھ بیٹھ کر بات کریں کیونکہ دینی مدارس کی واضح اکثریت دہشت گردی میں ملوث نہیں ہے ان کا کہنا تھا کہ سب کی رائے ہے فاٹا اور قبائلی علاقوں کو مین سٹریم میں ہونا چاہئے اور پاکستان کی رٹ فاٹا پر بھی لاگو ہو۔

  • طاہرالقادری اورعمران خان کی سعودی عرب میں ملاقات کا امکان

    طاہرالقادری اورعمران خان کی سعودی عرب میں ملاقات کا امکان

    اسلام آباد: ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کی سعودی عرب میں ملاقات کا امکان ہے، جس میں موجودہ حالات میں حکومت مخالف تحریک کے دوسرے دور کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری پیر کے روز سے مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اپنی نئی دلہن ریحام خان کے ہمراہ آج عمرہ کے لئے روانہ ہورہے ہیں۔ جہا ں دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات کا قوی امکان ہے۔

     ملاقات میں موجودہ حالات میں پیٹرول، لوڈ شیڈنگ اور گیس کے بحران اور انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نہ دینے کے تناظر میں عمران خان اور طاہرالقادری کے درمیان حکومت مخالف تحریک کے لئے تبادلہ خیال ہوسکتا ہے۔

     پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراللہ صدیقی نے عمران خان سے طاہرالقادری کی کسی طے شدہ ملاقات کی تردید کرتے ہوئے اس کے امکان کو مسترد نہیں کیا۔

    واضح رہے اس سے قبل جب دونوں پارٹیوں نے حکومت مخالف دھرنوں کا آغازکیا تھا تو حکومتی حلقوں کی طرف سے ان کی لندن میں ہونے والے ملاقات کا تذکرہ کیا جاتا تھا، یہ بھی یاد رہے کہ ابتدائی تردید کے بعد دونوں قائدین نے لندن میں ہونے والی ملاقات کی حقیقت کی بھی تسلیم کر لی تھی۔

  • وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں شہداء پشاور کے چہلم کی تقریب

    وزیراعلیٰ ہاؤس پشاورمیں شہداء پشاور کے چہلم کی تقریب

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان تقریب میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئے، تفصیلات کے مطابق آرمی پبلک اسکول پشاور میں ہونے والے سانحہ کے شہداء کے چہلم کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچ گئے۔

      گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمد عباسی بھی گورنرہاؤس سے  پیدل وزیراعلیٰ ہاؤس  پہنچے ،دونوں شخصیات بغیر کسی پروٹوکول کے وزیراعلیٰ ہاؤس آئیں۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں تقریب کا آغاز ہوچکا ہے۔

    اس سے قبل اسلام آباد میں پشاور روانگی کے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کاآصف زرداری کے دور سے بھی براحال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دھرنا ہوتا توحکومت پیٹرول کی قلت کا الزام بھی ہم پر لگا دیتی۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم میاں نوازشریف نے سانحہ پشاور کے شہداء کے چہلم کے موقع پر ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہیں، ان کہ کہنا تھا کہ میں جو بھی فیصلہ کرتا ہوں میرے سامنے ان شہید بچوں کا چہرہ ہوتا ہے۔

  • عمران خان نے دھرنے کے نام پر ملک کیخلاف سازش کی ہے، رانا ثناءاللہ

    عمران خان نے دھرنے کے نام پر ملک کیخلاف سازش کی ہے، رانا ثناءاللہ

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ کا کہناہے کہ عمران خان نے دھرنے کے نام پر ملک کےخلاف سازش کی ہے۔

    لاہورمیں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیصل آباد واقعہ کی فوٹیج تمام چینلزپرموجود ہے فائرنگ کا ملزم بھی گرفتار ہوچکا ہے‘ اب کس بات کا شورہے؟ ملزم کو ن لیگی کارکن ثابت کرنے کی ناکام کوشش پر پی ٹی آئی معافی مانگے۔

     انہوں نے کہا کہ عمران خان شاید اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں اس لئے من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نےرانا ثنااللہ کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی گفتگو سے لگتا ہے کہ وہ فیصل آباد سانحے میں ملوث تھے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے باعث ان کی وزارت بھی واپس لی گئی۔

     شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف رانا ثناءاللہ کو ان کےمنطقی انجام تک پہنچائے گی اوروہ جلد ہی خود کو سلاخوں کے پیچھے پائیں گے۔

  • جوڈیشل کمیشن پرحکومت کی نیت پرکل بھی شک تھااورآج بھی ہے، شاہ محمود قریشی

    جوڈیشل کمیشن پرحکومت کی نیت پرکل بھی شک تھااورآج بھی ہے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن پرحکومت کی نیت پرکل بھی شک تھااورآج بھی ہے۔

    دھرنا کنونشن سے خطاب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام ان حکمران اسے تنگ آچکی ہے اور پاکستان کی عوام دھرنے میں اس لیے نہیں آئی کہ ان کی قومی یاصوبائی اسمبلی میں سیٹیں ماری گئی تھیں بلکہ وہ اس لیے آئے تھے کیونکہ ان کے دل میں در د تھا اور عوام حکمرانوں کے کیخلاف اٹھی جنہوںنے ملک کو 68سال تک پاکستان پر حکومت کی ان کیخلاف اٹھے اور عمران خان کا ہاتھ تھاما۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے دھرنا ختم نہیں کیا تھا بس ایک موڑ آیا تھا جو کہ 16دسمبر کا واقعہ تھا جس کی وجہ سے قوم آج تک سوگ میں مبتلا ہے،اس وقت انہوںنے ذاتی مفاد نہیں بلکہ قومی مفاد کے لیے حکومت کا ساتھ دیا تاکہ دہشت گردوں کو ان منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے ۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دھرنے میں ملک بھر سے لوگ آئے، صرف تحریک انصاف دھاندلی کا شکار نہیں ہوئی، 126 دن کا دھرنا کارکنوں نے ممکن بنایا، شفاف انتخابات قوم کی خواہش اور مطالبہ ہے، قوم نئے جمہوری سورج کو طلوع ہوتا دیکھنا چاہتی ہے۔

    دھرنا کنوینشن سے خطاب کر تے ہو ئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک اور حکومت دونوں ساتھ نہیں چل سکتے،پیٹرول بحران پر شاہد خاقان کو برطرف کرنا چاہیے تھا،عمران خان ہی ملک کو بچا سکتا ہے، حکومت نا اہل ہے اور وہ عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتی ۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ پٹرول کے بحران پر 4 افسروں سے استعفی لینا کافی نہیں ہو گا ۔

  • پیٹرول کا بحران حکومت کی ناکامی ہے، عمران خان

    پیٹرول کا بحران حکومت کی ناکامی ہے، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلے کبھی ایسا پیٹرول کا بحران نہیں دیکھا،پہلے سی این جی اب پیٹرول کیلئے قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی میں خلیل الرحمان رمدے اور افتخار چوہدری کا ہاتھ تھا، ووٹوں کے بھرے تھیلوں میں فارم 14 اور 15 پہلے غائب تھے اب مل گئے، ہمیں بتایا جائے کہ یہ کہاں سے ملے، دھاندلی کی تحقیقات کے لئے مسلم لیگ ن جوڈیشل کمیشن بنائے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم مسلم لیگ ن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے کیونکہ جب تک آزاد جوڈیشل کمیشن کے سامنے معاملات نہیں رکھے جائیں گے اور غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں ہوں گی ، پاکستان میںصاف و شفاف الیکشن نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود ہر مسئلے کی وجہ دھرنے کو قرار دیا جا رہا تھا حتیٰ کہ کسی کو کھانسی بھی آتی تھی تو کہا جاتا تھا کہ دھرنے کی وجہ سے ہے لیکن جب سے دھرنا ختم ہوا ہے تب سے ہر چیز درہم برہم ہو گئی ہے، پہلے سی این جی کی لائنیں لگا کرتی تھیں اور اب پیٹرول بھی نہیں مل رہا باوجود اسکے کہ عالمی منڈی میں پچھلے 6 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 60 فیصد کم ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول کے معاملے میں اتنی نااہلی تو پیپلزپارٹی کے دور میں بھی نہیں کی گئی ۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت پر سرچارج عائد کئے اور جی ایس ٹی بھی 17 فیصد سے 22 فیصد کر دیا گیا جبکہ بجلی کے بلوں پر عائد ہونے والے سرچارج کو بجلی کی قیمتوں کا حصہ ہی بنا دیا گیا ہے۔ اگر دھرنا ختم نہ ہوتا تو پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی آ سکتی تھی، انہوں نے کہا کہ ملک میں 40 فیصد بجلی فرنس آئل سے بنتی ہے لہٰذا پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہونے کی وجہ سے بجلی بھی سستی ہونی چاہئے تھی۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پیٹرول کا ایسا بحران پہلے نہیں دیکھا گیا اور یہ اس وقت پیدا ہوا جس عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمتیں 60 فیصد تک کم ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس او 210 ارب روپے کا ڈیفالٹ ہے، پہلے قومی بینکوں کی سطح پر ڈیفالٹ ہوا اور اب ایل سیز پر ڈیفالٹ ہو گیا، انہوں نے کہا کہ 80 فیصد بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا اور سرچارج کو بھی بجلی کی قیمتوں کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر پیٹرولیم نے قلت کی وجہ پیٹرول کی طلب میں اضافہ بتایا ہے لیکن ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باعث تیل زیادہ فروخت ہوا اور پی ایس او کنگال ہو گیا؟ زیادہ فروخت ہونے کے باعث منافع میں اضافہ ہوتا ہے خسارہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قلت کے باعث حکومت پاور پلانٹ بھی بند کرنے پر آگئی ہے جس سے بجلی کا بڑا بحران جنم لے گا۔