Tag: تحریک انصاف

  • تحریک انصاف کی حکومت اور سرکاری اداروں کیخلاف مقدمے کی درخواست

    تحریک انصاف کی حکومت اور سرکاری اداروں کیخلاف مقدمے کی درخواست

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے دھرنوں کے شرکاء پر پولیس تشدد کیخلاف حکومت اور سرکاری اداروں کے خلاف مقدمے کی درخواست تھانہ سیکریٹریٹ میں جمع کرادی، ادھر سندھ ہائیکورٹ میں وزیراعظم اور وزیرداخلہ کیخلاف پٹیشن دائرکی گئی ہے۔

    ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست شاہ محمود قریشی ، جہانگیرترین، شیریں مزاری، اسد عمر اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماوٴں کی طرف سے جمع کرائی گئی ، درخواست میں وزیراعظم نواز شریف، وزیرداخلہ چوہدری نثار، خواجہ آصف، سعد رفیق، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، آئی جی پولیس اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز ، ایس ایچ او تھانہ سیکریٹریٹ کے علاوہ اسلام آباد پولیس کے دیگر افسران ، اہلکاروں، پنجاب اور کشمیر پولیس کے اہلکاروں ، ایف سی کے اہلکاروں اور پولیس کی وردی میں ملبوس نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ دھرنے کے شرکاء پر امن تھے، ان پر تشدد کرکے اشتعال پھیلایا گیا، اس صورتحال میں متعدد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے، اس لئے اس منصب کے اہل نہیں، عدالت نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو دو ستمبر کیلئے نوٹس جاری کردیا ہے۔

  • موجودہ پارلیمنٹ نےجمہوریت کو آمریت سے زیادہ نقصان پہنچایا، عمران خان

    موجودہ پارلیمنٹ نےجمہوریت کو آمریت سے زیادہ نقصان پہنچایا، عمران خان

    اسلام آباد : عمران خان نےکہاہےکہ موجودہ پارلیمنٹ نےجمہوریت کو جتنا نقصان پہنچایا ہےاتنا نقصان کسی آمر نے بھی نہیں پہنچایا۔

    پاکستان تحریک انصاف کےچئیرمین عمران خان نے آزادی مارچ کے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ میں اس طرح دھاندلی کر کے جعلی حکومت قائم کرنے کرنا ممکن نہیں کیونکہ وہاں ادارے مضبوط ہیں اور حقیقی جمہوریت ہے۔ مجھے سیاست میں آنے سے پہلے ہی بہت شہرت ملی، اقتدار کو کوئی شوق نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آمر سے زیادہ موجودہ پارلیمنٹ نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، انہوں نے کہا جتنی بہتر جمہوریت اتنا بہتر انصاف ہوتا ہے، جمہوریت میں انسانوں کی بجائے پہلے میٹروبس پر پیسے خرچ نہیں ہوتے، پاکستان میں ظلم کا نظام چل رہا ہے، ہم پاکستانیوں کو ایک قوم بنا رہے ہیں اس معاشرے کو درست سمت میں لے کر جائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا ایسا الیکشن کرانے سے ملک میں جمہوریت نہیں آتی نواز شریف کی طرح حسنی مبارک الیکشن کراتا تھا لیکن جمہوریت نہیں تھی، جب ہم نئے پاکستان کی بات کرتے ہیں تو حقیقی جمہوریت کی بات کرتے ہیں حقیقی جمہوریت میں لوگوں کو ایمپاور کیا جاتا ہے، آدھا یورپ جمہوریت کیوجہ سے آگے اور جہاں جمہوریت نہیں تھی وہ پیچھے رہ گیا ہے۔


    عمران خان نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف برطانیہ میں تو بہت کاروبار کرتے ہیں مگر اپنا پیسہ پاکستان نہیں لاتے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اگر انہوں نے ایسا کیا تو سوال ہو گا کہ یہ پیسہ کہاں سے کمایا گیا ہے، آج ظالم اکٹھے ہیں اور مظلوم بٹے ہوئے ہیں، میاں صاحب! پیار سے کہہ رہا ہوں آپ کی  اننگ ختم ہوگئی، پویلین لوٹ جائیں، اب آپ کو کوئی نہیں بچاسکتا، کل یا پرسوں آپ کو جانا ہوگا وقت ختم ہوگیا، امپائر کی انگلی اوپر جانے والی ہے۔

  • نہ استعفیٰ دونگا اورنہ چھٹی پرجاؤں گا، وزیراعظم کااعلان

    نہ استعفیٰ دونگا اورنہ چھٹی پرجاؤں گا، وزیراعظم کااعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم یقین رکھے نہ استعفیٰ دوںگا اورنہ ہی چھٹی پرجاؤں گا،عوام کا مینڈیٹ یرغمال بنانے کی روایت نہیں پڑنی چاہئے۔

    وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پارلیمنٹ،وزیراعظم ہاؤس اور پی ٹی وی پرحملوں کی شدید مذمت کی گئی، اجلاس میں کہا گیا کہ یہ حملے جمہوریت اور ریاست پرحملے ہیں۔ پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پورا ہفتہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاون کی ایف آئی آر پرعوامی تحریک کےاعتراضات دورکرنےکی ہدایت بھی کردی، ڈھائی گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیاکہ سیاسی قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جمہوریت سے انحراف پاکستان کی سالمیت کیلئے خطرہ ثابت ہوگا۔ پارلیمانی سربراہوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔

    پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی صورت جمہوری نظام پرآنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ پارلیمانی جماعتوں نے ممکنہ غیرآئینی اقدام سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں فریق بننےکا اعلان کیا ہے۔

    وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات میں قائد حزب اختلاف خورشیدشاہ، محمودخان اچکزئی ، فاروق ستار، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن رہنما شریک ہیں، سابق صدر زرداری کی خصوصی ہدایت پر رحمان ملک بھی ملاقات میں موجود تھے۔

  • تحریک انصاف کے چارارکان سندھ اسمبلی نے اپنے استعفےجمع کرادیے

    تحریک انصاف کے چارارکان سندھ اسمبلی نے اپنے استعفےجمع کرادیے

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان سندھ اسمبلی نے اپنے استعفے سیکریٹری سندھ اسمبلی کوجمع کرادیے ہیں ۔

    تحریک انصاف کے چار اراکین سندھ اسمبلی نے اپنےاستعفے سیکریٹری سندھ اسمبلی کو جمع کرادئیے، استعفا جمع کرانے والوں میں ثمر علی خان،حفیظ الدین ،ڈاکٹرسیما ضیاء اور خرم شیرزمان شامل تھے، سیکریٹری سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی سید حفیظ الدین کا استعفٰی قانونی طور پر درست نہیں کیونکہ الیکشن کمیشن نے آٹھ اگست کو حفیظ الدین کی نااہلی کے بعد جماعت اسلامی کے عبدالرزاق کو رکن سندھ اسمبلی کے منتخب کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کیاتھا،سید حفیظ الدین کی بحالی کا سندھ اسمبلی کو دوبارہ کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔لہذا تحریک انصاف کے تین ہی استعفے تصور کیے جائینگے۔

  • ریڈزون میں پولیس اورمظاہرین میں جھڑپ، شیلنگ جاری

    ریڈزون میں پولیس اورمظاہرین میں جھڑپ، شیلنگ جاری

    اسلام آباد :  ریڈ زون میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان ایک بار پھر جھڑپ جاری ہے پولیس کی جانب سے شیلنگ جاری ہیں، جس کے باعث متعدد افراد ذخمی ہوگئے ہیں۔

    اسلام آباد میں پاک سیکریٹریٹ کے قریب مارگلہ روڈ پرپولیس نے اچانک آگے بڑھتے ہوئے شیلنگ شروع کردی جس پر مظاہرین نے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس کو روکنے کی کوشش کی ۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر ذلقرنین حیدر کے مطابق جھڑپوں کے دوران پولیس کی طرف سے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں فائر کی گئیں، مظاہرین نے آنسو گیس کے شیل واپس اُٹھاکر پولیس کی طرف پھینکنا شروع کردیئے لیکن عوامی تحریک کے سٹیج سے کارکنان کو پارلیمنٹ ہاﺅس کی طرف واپس آنے کے اعلانات کیے جارہے ہیں ۔

    تصادم کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے خلاف نعرے بازی جاری ہے، جب کہ مظاہرین کو روکنے اور منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور ربڑ کی گولیوں کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے،زخمیوں کو پیمز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد پولیس کے 3 افسروں کا مظاہرین پر آپریشن کرنے سے انکار

    اسلام آباد پولیس کے 3 افسروں کا مظاہرین پر آپریشن کرنے سے انکار

    اسلام آباد : ایس ایس پی اسلام آباد محمد علی نے اپنے عہدہ پر کام کرنے سے معذرت کرلی، ذرائع کا کہنا ہے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف اسلام آباد پولیس محمد علی نے مخالفین کے خلاف فورس اور طاقت کے استعمال کی مخالفت کر دی۔

    وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں ایس ایس پی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ عام آدمی اور پولیس فورس کو کسی امتحان میں نہیں ڈالنا چاہتے ، جس کے بعد ایس ایس پی اسلام آباد کی سیٹ پر جونیئر پولیس آفیسر الیاس کو تعینات کیا گیا، تاہم انہوں نے بھی مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کے باعث عہدہ قبول کرنے سے انکار کردیا۔

    ایس ایس پی محمد علی کے بعد ایس پی الیاس نے بھی چارج لینے سے انکار کر دیا ہے، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی محمد علی نے ریڈزون میں مظاہرین پر طاقت کے استعمال سے انکار کرتے ہوئے رخصت پر چلے گئے جس کے بعد حکومت نےایس پی کیپٹن الیاس کو چارج دینے کا فیصلہ کیا تاہم انہوں نے انکار کر دیا ہے جس کے بعد حکومت نے ایس ایس پی ٹریفک عصمت اللہ جونیجو کو چارج دینے کافیصلہ کیا ہے، ایس ایس پی ٹریفک عصمت اللہ جونیجو ریڈزون میں آپریشنل کمانڈر کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

    دوسری جانب ڈی ایس پی پنجاب پولیس خدیہ تسنیم نے بھی بہتے اور بے گناہ لوگوں کے خلاف طاقت کے استعمال پر اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے، اے آر وائی نیوز کے اینکر پرسن مبشر لقمان سے خصوصی گفتگو میں خدیجہ تسنیم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونیوالے انسانیت سوز سلوک کے بعد یونیفارم میں رہناتوہین ہے ، پہلے پاکستان اور پھر پولیس اہلکار ہیں، لوگوں پر تشدد کرنا ظالمانہ اقدام ہے، پولیس اہل کار کسی فرد واحد کے غلام نہ بنیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیچھے سے احکامات جاری ہوتے ہیں، لوگوں کی زندگیاں خراب کرنے کے لیے وردی نہیں پہنی، ذاتی مفاد کے لیے پولیس کو استعمال کیا جارہا ہے، آئندہ نسلوں کی بہتری کے لیے استعفیٰ دیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اس نظام کا حصہ نہیں بننا چاہتی تھی ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سمیت کس کس نے جھوٹ بولا سب پتہ ہے۔

  • وزیراعظم کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پزیر

    وزیراعظم کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پزیر

    اسلام آباد :  وزیراعظم نواز شریف کے زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پارلیمنٹ کا مشترکا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

    موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعظم نواز شریف کے زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ریاستی اداروں پر حملے کی مذمت کی گئی ہے اجلاس میں پولیس کے کردار کو سراہا گیا، وزیر داخلہ کو تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدیت کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ہنگامی مشاورتی اجلاس میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان،وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر اطلاعات پرویز رشید ،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،وزیر قانون زاہد حامد، وزیرسیفران عبدالقادر بلوچ اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شریک ہوئے ۔

  • نواز شریف فاشسٹ ہے ،کبھی جمہوریت کو قبول نہیں کیا،عمران خان

    نواز شریف فاشسٹ ہے ،کبھی جمہوریت کو قبول نہیں کیا،عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء پر پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے  کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے باہر احتجاج کرنا عوام کا قانونی اور جمہوری حق ہے،وہ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم سترہ دن سے پرامن تھے اور اس دوران کسی قسم کا کوئی تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا،لیکن گزشتہ رات پولیس نے پرامن مظاہرین پر ربڑ کی گولیوں کی فائرنگ اورآنسو گیس کے شیل فائر کر کے بد ترین ریاستی تشدد کا مظاہرہ کیا،پولیس کی وردیوں میں گلو بٹ تھے۔

    انہوں نے کہا کہ پمزاسپتال اورپولی کلینک کو گھیر کر پولیس زخمی کارکنان کو گرفتار کررہی ہے،عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے کارکنان کے قتل عام پر نواز شریف اور فیلڈمارشل چوہدری نثار کیخلاف عالمی عدالت میں مقدمہ درج کرائیں گے،کیونکہ ان لوگوں نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

    قانون مطابق آنسو گیس کے شیل صرف مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئےاستعمال کیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ نواز شریف فاشسٹ ہے اس نے کبھی جمہوریت کو قبول نہیں کیا،کیونکہ اس کو ڈر ہے کہ حقیقی جمہوریت میں اس کا احتساب ہوگا۔،

  • اسلام آباد:زخمی کارکنان کی اسپتالوں سے گرفتاریاں جاری

    اسلام آباد:زخمی کارکنان کی اسپتالوں سے گرفتاریاں جاری

    اسلام آباد کے اسپتالوں میں پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے متعدد زخمی کارکنان کو لواحقین سسمیت اسپتالوں سے گرفتارکیا جارہا ہے۔

    لاٹھی چارج، شیلنگ اور پنجاب پولیس کا تشدد۔ شاہراہ دستور پر وہ ہوا جس کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔ پرامن مظاہرین پر پولیس نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں سیکڑوں کارکنان زخمی ہوئے۔

    جن میں بچے،بزرگ اور جوان سب شامل ہیں۔ ترجمان پمزاسپتال نےبتایاجاں بحق شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ اسپتال میں بھی پولیس زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو نہیں بخش رہی بلکہ انہیں گرفتارکرنے وہاں بھی پہنچ گئی۔

  • پاکستان تحریک انصاف کا کل ملک گیر ہرتال کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف کا کل ملک گیر ہرتال کا اعلان

    اسلام آباد : عمران خان کا کہنا ہے کہ اب پورے پاکستان میں تحریک انصاف کے کارکن نکلیں گے، بتائیں گے عوامی طاقت کیا ہوتی ہے سارا ملک بند کر دیں گے۔

    وزیراعظم ہاؤس جانے والے دھرنے کے شرکا پر شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں وزیراعظم ہاؤس کے سامنے احتجاج ہوتے ہیں لیکن ہمارے پاس انتشار کے سوا کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا، ہم ملک بھر میں احتجاج کریں گے کارکنان پورے پاکستان میں باہر نکل آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو کیا قانون کے خلاف کیا، نوازشریف ہمارا راستہ نہیں روک سکتے، کارکنان کسی صورت پیچھے نہ ہٹیں اور ڈٹ کر مقابلہ کریں ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوکر ہی جائیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم پولیس، رینجرز اور فوج کو پیغام دیتے ہیں کہ مظاہرین ان کے اپنے لوگ ہیں، ہم پر امن آئے تھے اور پر امن ہی جائیں گے ان پر کسی قسم کا کوئی تشدد نہ کیا جائے، ہم جمہوریت کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے لیکن اس حسنی مبارک جمہوریت کو صرف عوام کی طاقت ہی ہٹاسکتی ہے،پارلیمنٹ اور عدالتیں ان کا کچھ نہیں کرسکتیں، کارکنان میرا ساتھ نہ چھوڑیں میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہوں گا۔