Tag: تحریک انصاف

  • وزیرِاعظم ہاوٗس کے سامنےدھرنےکے شرکاء پر شیلنگ اورہوائی فائرنگ، متعدد زخمی

    وزیرِاعظم ہاوٗس کے سامنےدھرنےکے شرکاء پر شیلنگ اورہوائی فائرنگ، متعدد زخمی

    اسلام آباد: وفاقی پولیس کی جانب سے انقلاب مارچ کے مظاہرین پر آنسو گیس کے شیلنگ اور ربر کی گولیوں کا آزادانہ استعمال کیا جارہا ہے جس سے متعدد مظاہرین ذخمی ہوگئے ہیں۔

    اےآر وائی نیوز کے اینکر اقرارالحسن نے شاہراہ ِ دستور سے براہ راست کوریج کرتے ہوئے بتایا کہ مظاہرین پر امن طریقے سے وزیراعظم  ہاؤس کی جانب بڑھ رہے تھے کہ پولیس نے ان پر دھاوا بول دیا۔

    ذرائع کے مطابق شیلنگ اورربرکی گولیوں سے کئی مظاہرین زخمی ہوئے ہیں اور کئی خواتین بے ہوش ہوگئی ہیں اور گیس کی شدت کے باعث مظاہرین کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی جارہی ہے۔

    اےآر وائی نیوز کے کیمرہ مین کو بھی اس وقت قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ ایک شدید زخمی ہونے والے نوجوان کی کوریج کررہا تھا۔

    پولیس نے مظاہرین کو پاک سیکریٹریٹ سے پیچھے دکھیل دیا ہے اور مقصد کے لئے پاک سیکریٹریٹ  سے مظاہرین پر بے تحاشہ شیلنگ کی گئی ہے۔

    دوسری جانب ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے مظاہرین کی گرفتاری حکم بھی دے دیا ہے۔

    وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پوری طاقت کے ساتھ ریاست کا دفاع کیا جائے گا وزیراعظم نوازشریف ملک کے آئینی وزیراعظم ہیں، ریڈ زون کو خالی کروانے کے لئے فوج کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔

  • عمران خان کا بھی دھرنے کو وزیراعظم ہاوس کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان

    عمران خان کا بھی دھرنے کو وزیراعظم ہاوس کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی آزادی مارچ کووزیراعظم کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    اس سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری بھی انقلاب مارچ کے دھرنے کو وزیر ہاوٗس کے سامنے منتقل کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

    اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جس طرح 17 دن سے پُرامن دھرناجاری ہے اسی طرح پُر امن دھرنا اب وزیر اعظم ہاوٗس کے سامنے منتقل کیا جارہا ہے۔

    عمران خان کاکہنا تھا کہ نواز شریف تحقیقات تک ایک ماہ کے لئے استعفی دیدو لیکن نواز شریف ملک تباہ کرنے کیلئے تیار ہے کرسی چھوڑنے کیلئے نہیں، سانحہِ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر میں ابھی تک شہباز شریف کا نام نہیں دیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا امام خمینی کے انقلاب کے وقت پولیس ،فوج نے گولی نہیں چلائی تھی اور پولیس ، رینجرز سے کہنا چاہتا ہوں کہ پرامن مارچ پر تشدد نہیں کرنا۔

    انہوں نے کہا پہلے میں اور تحریک انصاف کے ٹائیگر نکلے گے پھر خواتین اور بچے پہنچے گے۔ عمران خان نے تحریک انصاف کے رہنما جاوید ہاشمی کا نام لیتے ہوئے کہا ہاشمی صاحب آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ عمران جہوریت کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کرے گا۔

  • فیصلہ کن گھڑی آگئی، حکومت اور مظاہرین دونوں نے تیاری کرلی

    فیصلہ کن گھڑی آگئی، حکومت اور مظاہرین دونوں نے تیاری کرلی

    اسلام آباد : ہاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کارکنان کو شامیانے اتارنے کی ہدایت کردی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن منزل آگئی ہے ۔ دوسری جانب پاکستان تحریک ِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اہنے کارکنان کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔

    ہفتے کی شام ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان نے اپنے اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن تیار رہیں فیصلہ کن مرحلہ آچکا ہے ، عمران خان کا کہنا تھا کہ آگے پی ٹی آئی کے ٹئیگرز ہوں گے پیچھے خواتین ہوں گی۔

    اسلام آباد: قومی اسلمبلی کے قائد ِ حزب ِ اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے آخری سانس تک جدوجہد کریں گے۔

    دونوں رہنماؤں کےان بیانات نے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچادی ہے اور مظاہرین کی جانب سے متوقع پیش قدمی کو روکنے کے لئے اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیض آباد کے مقام سے اسلام آباد میں داخل ہونے کا راستہ رکاوٹیں لگا کر بند کردیا گیا ہےجب کہ پارلیمنٹ کی جانب جانے والا واحد راستہ مرگلہ روڈ بھی بند کردیا گیا ہے جس سے شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری ریڈ زون میں تعینات کردی گئی ہے جبکہ مظاہرین کو روکنے کے لئے مزید کنٹینر بھی منگا لئے گئے ہیں۔

    ایک جانب تو حکومتی تیاریاں جاری ہیں دوسری جانب دونوں دھرنوں کے شرکاء نے بھی تیاری شروع کردی ہے اور عوامی تحریک کے کارکنان نے اپنے قائد کی ہدایت کے مطابق شامیانے اتار لئے ہیں اور بہت سے جوان کفن اور ہیلمٹ میں ملبوس ہوگئے ہیں اور تحریک انصاف کے کیمپ میں بھی نوجوان کارکنوں میں انتہائی جوش وخروش دیکھا جارہا ہے۔

  • آخری دم تک جمہوریت کاساتھ دیں گے، خورشید شاہ

    آخری دم تک جمہوریت کاساتھ دیں گے، خورشید شاہ

    اسلام آباد: قومی اسلمبلی کے قائد ِ حزب ِ اختلاف سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے آخری سانس تک جدوجہد کریں گے۔

    ہفتے کی شام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ’’کوئی کہتا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں ہے تو کوئی پارلیمنٹ سے عاجز ہے‘‘۔

    قائد ِ حزب ِ اختلاف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی انہوں نے اس عزم کا اظہا ر بھی کیا کہ آخری سانس تک جمہوریت کی بقا کی جنگ لڑیں گے۔

    انہوں نے ملک کے بیس کروڑ عوام کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ سب دیکھ لیں کہ اس بحران کے دور میں کون کیا کردار ادا کررہا ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھ اکہ فوج ایک محب ِ وطن ادارہ ہے جو کہ قوم کے جذبات اور احساسات سے بخوبی واقف ہے۔

    علاوہ ازین خورشید شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور مظاہریں کے درمیان مفاہمت کے لئے بنیادی کردار پارلیمنٹ کا ہی ہونا چاہئیے۔

  • حکمرانوں کو ٹھوکر مار کر نکال دیا جائے، ڈاکٹر قادری

    حکمرانوں کو ٹھوکر مار کر نکال دیا جائے، ڈاکٹر قادری

    اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شامیانے کھولنے کا حکم دے دیا، کہتے ہیں وقت آگیا ہے کہ حکمرانوں کو ٹھوکر مار کر نکال دیا جائے

    انہوں نے کہا کہ حکمران کہتے تھے کہ کچھ نہیں ہوگا تھوڑے دنوں میں ہیجانی کیفیت ختم ہوجائے گی، حکمرانوں کو میں مغرب کی نماز کے بعد بتاتا ہوں کہ کتنی دیر میں ہیجانی کیفیت ختم ہوگی۔

    انہوں نے نوازشریف اور شہبازشریف کو مشورہ دیا کہ دونوں ٹی وی پر آئیں اور اعلان کریں کہ وہ آئین کی خاطر مستعفی ہورہے ہیں، اور اپنی پارٹی سے کسی کو اپنے عہدوں پر نامزد کردیں اور اگر یہ بھی ان کے اختیار میں نہیں تو پھر عوام اپنا اختیار استعمال کرے گی۔

    انہوں نے پولیس والوں سے کہا کہ یہ آخری لمحے ہیں وہ بھی انقلاب مارچ میں شامل ہوجائیں وردی کی پرواہ نہ کریں دوبارہ مل جائے گی، ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس والے ہراول دستہ بنیں انقلاب مارچ میں شامل ہوکر لاٹھیاں حکمرانوں کے سروں پر ماریں۔

    انقلاب مارچ لے کر یہاں پہنچے تو منظر اور تھا لیکن آج منظر کچھ اور ہی ہے اور اب فیصلہ کن مرحلہ بہت قریب ہے۔

    انہوں نے زیادتی کا شکار خودسوزی کرنے والی طالبہ کی والدہ کو اسٹیج پربلاکرحکمرانوں کو ملامت کی کہ وہ آخری لمحات میں بھی ایسی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں جہاں ملک کی ہربیٹی کی عزت خطرے میں ہو، ڈاکٹر طاہر القادری نے اعلان کیا کہ اس معصوم طالبہ کے ساتھ ہونے والے ظلم کا بدلہ لیا جائے گا۔

    عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ رائیونڈ اوراسمبلیوں میں بیٹھ کر جمہوریت بچائی جارہی ہے، لوگ کہتے ہیں کہ یہاں صرف میرے مرید بیٹھے ہیں، کیا ان کو یہاں فریاد کرتے مظلوم نظر نہیں آرہے؟۔

    ڈاکٹر قادری نے بے پناہ تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غربت کی انتہا ہوگئی لوگ روٹی کے لئے اپنا لہو اور عزتیں بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    لہو کو بیچ کر روٹی خرید لایا ہوں
    امیر ِ شہر بتا یہ حلال ہے کہ نہیں

    ان کا کہناتھا کہ لوگ مجھے دشمنی میں گالیاں دیتے ہیں لیکن کسی میں اتنی جرات نہیں کہ ڈیڑھ سال سے جو کچھ میں کہہ رہا ہوں اسے رد کردے۔

    انہوں نے عوام سے کہا کہ ابھی اٹھیں ، گھروں سے نکلیں اور اس انسانی سمندر میں شامل ہوجائیں اور ظالموں سے اپنا حق چھین لیں۔

    ان کا کہنا تھاکہ آٗئین کی بات کرنے والے بتائیں کہ کہاں تھا آئین جب ایک لڑکی زیادتی کا شکار ہو کرخود سوزی کرتی ہے؟آئین تو انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ اگر لوگوں کو ان کا حق مل رہا ہوتا تو لوگ اتنے دن سے یہاں دھوپ اور بارش کی سختی برداشت کرکے احتجاج نہیں کررہے ہوتے۔ اس وقت آٗئین کا تقاضا ہے کہ ان حکمرانوں کو ٹھوکریں مار کر نکال دیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف یا خورشید شاہ کی باتیں آئین نہیں ہیں، آئین کے مطابق اس وقت حکمرانوں کی حیثیت غیرآئینی ہے کیونکہ آرٹیکل 63 کے تحت قرض دہندگان اسمبلی کے ممبر نہیں بن سکتے ، حکمران بتائیں کس نے قرضے معاف نہیں کرائے  تو پھر آئین کے خلاف کون ہوا۔ ہم یا حکمران؟

  • کسی جمہوریت میں جھوٹا شخص وزیرِاعظم نہیں ہوتا،عمران خان

    کسی جمہوریت میں جھوٹا شخص وزیرِاعظم نہیں ہوتا،عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، نواز شریف کے بچے قوم کے پیسے پرعیش کررہے ہیں اور وہ خود اپنی دولت دوسرے ممالک میں منتقل کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف بتائے کہ اس نے اثاثے کہاں سے بنائے؟ نواز شریف کے بچوں کی دولت کہاں سے آئی؟ انہوں نے کہا کہ کیا جمہوریت اپنے مفادات کے تحفظ کا نام ہے؟  نواز شریف نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا،دنیا کی کسی جمہوریت میں جھوٹا شخص وزیراعظم نہیں ہوتا،نواز شریف کے ہوتےہوئے دھاندلی کی شفاف تحقیقات نہیں ہوسکتیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جنرل ضیاء کی نرسری میں پلنے والا نواز شریف مجھے کہتا ہے کہ ’’میرے پیچھے فوج کھڑی ہے جبکہ فوج اس وقت نواز شریف کے ساتھ تھی جب اس نے آئی جے آئی بنائی تھی، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی پہلی جماعت ہے جس نے پارٹی الیکشن کرائے ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ان الیکشنز میں غلطیاں ہوئیں، لیکن آئندہ الیکشن مثالی ہونگے۔

    عمران خان نے کہا کہ آج مزدوروں کو حقوق دینے والا کوئی نہیں، عوام کے بنیادی حقوق  سلب کئے جا رہے ہیں، میں ہر اس پاکستانی سے مخاطب ہوں جس کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے اس سب سے میری اپیل ہے کہ وہ یہاں پہنچیں۔

    پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سےایوب خان کے دور تک ہماری بیورو کریسی بہت زبردست تھی، لیکن اب آہستہ آہستہ بیورو کریسی کو بھی سیاسی کردیا گیاہے، نواز شریف نے بیورو کریسی میں اپنے حمایتیوں کو اوپر لاکر اہل لوگوں کو پیچھے کردیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے ضمیر کی آواز سنتا ہوں مجھے  ڈپٹی وزیر اعظم کی پیشکش دے کرخریدنے کی کوشش کی گئی، لیکن میں بکنے والوں میں سے نہیں ہوں،قائد اعظم محمد علی جناح میرے لئے رول ماڈل ہیں

  • فوج کی ثالثی کرانے کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج

    فوج کی ثالثی کرانے کا اقدام لاہورہائیکورٹ میں چیلنج

    لاہور:وفاقی حکومت، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے درمیان فوج کی ثالثی کرانے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ مذکورہ درخواست وکلاء محاذ کی جانب سے ڈاکٹر باسط ایڈووکیٹ نے دائر کی ۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ آئین کے تحت فوج کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہے، سیاسی معاملات میں اس سے مدد نہیں لی جا سکتی جبکہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کےدرمیان سیاسی معاملات میں فوج کو ملوث کیا جا رہا ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیاسی معاملات پر فوج کی ثالثی یا مصالحت آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ عدالت احکامات جاری کرے کہ فوج آئین کی پابندی کرتے ہوئے سیاسی معاملات میں ثالثی نہ کرے۔

  • نوازشریف پر دھاندلی کی تحقیقات میں اعتماد نہیں،عمران خان

    نوازشریف پر دھاندلی کی تحقیقات میں اعتماد نہیں،عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں کہا ہے کہ انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے نوازشریف پراعتماد نہیں کرسکتے۔

    ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نےکہا کہ نواز شریف کاریکارڈ ہے کہ وہ گواہوں کوڈراتے اورخریدتے ہیں۔شہباز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر سبوتاژ کرچکے ہیں، انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں نوازشریف پراعتماد نہیں کیا جاسکتا۔

    انھوں نے کہا کہ دھرنا ختم کرنے سے دباؤ ختم ہوا تو نواز شریف تحقیقات پر اثرانداز ہونے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔

    چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف ماضی میں بھی جھوٹ بولتے رہے ہیں، چاہے ایٹمی دھماکے کا معاملہ ہو یا بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ، نواز شریف نے ڈیل کے تحت ملک سے باہرجانے کے بارے میں بھی جھوٹ بولا اور دو ہزار آٹھ میں الیکشن کا بائیکاٹ کرکے پیچھے ہٹ گئے۔

  • پی ٹی آئی کے جوشیلےکارکنان تبدیلی کے لئے پرعزم

    پی ٹی آئی کے جوشیلےکارکنان تبدیلی کے لئے پرعزم

    اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے اسلام آباد میں جاری ہیں۔ ستروے روز بھی کارکنان کا جوش و جذبہ تبدیلی کے عزم پر ڈٹا ہوا ہے۔ نہ رکے نہ گریں گے نہ تھکیں گے اور نہ اب پیچھے ہٹیں گے۔

    اپنے کپتان کے دیوانے پی ٹی آئی کے جوشیلےکارکنان کےجذبے قابل دید ہیں کہتے ہیں کچھ بھی ہوجائے اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں گے۔ سترہ دن تو کم ہیں ہم توقائد کے حکم پریہاں ایک سو سترہ دن بھی رک سکتے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے زندہ دل کارکنان کا حوصلہ اب بھی بلند ہے۔ کہتے ہیں اب رکنے والے نہیں ہیں ۔ قائد کی ہر بات مانیں گے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کا قابل دید جذبہ ملک میں تبدیلی لانے کا خواہش مند ہے۔

  • کراچی:تحریک انصاف آج  شاہراہ فیصل نرسری پر دھرنا دے گی

    کراچی:تحریک انصاف آج شاہراہ فیصل نرسری پر دھرنا دے گی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے کراچی میں احتجاجی مظاہرے کی تیاری کرلی ، اتحادی جماعتیں بھی دھرنے میں شریک ہوں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ملک کے چار شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے اعلان کے بعد کراچی میں دھرنے کے حوالے سے تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری کی زیر صدارت کراچی کمیٹی کا اجلاس ہوا،

    اجلاس میں آج کراچی کی شاہراہ فیصل پر نرسری کے مقام پر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ، ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی آج شام پانچ بجے کراچی میں دھرنا دے گی، جس میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتیں بھی شرکت کریں گی۔

    اس سے قبل تحریک انصاف نے آج سے ملک کے چار بڑے شہروں میں مظاہروں کا اعلان کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اب آزادی مارچ کو پوری طاقت سے ملک بھر میں پھیلائیں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ  نواز شریف خوف سے فیصلے کررہے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکا ء سے خطاب میں کہا کہ چار شہروں ٘لاہور، کراچی ، ملتان اور فیصل آباد میں تحریک انصاف کے بڑ ے مظاہرے ہوں گے اور شام کو فیصلہ کریں گے کہ مزید کتنے شہروں میں مظاہرے شروع ہوں گے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سوچ رہے ہیں کہ اگر تحریک انصاف کا میاب ہو گئی تو انکا سارا بزنس چلا جا ئے گا، انکااحتساب ہوگا اور ان کی کرسی چلی جا ئے گی۔ نواز شریف خوف سے فیصلے کر رہے ہیں کبھی کہتے ہیں کہ میں نے فوج کو نہیں کہا کہ بیچ میں پڑو۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جب عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے تو میر شکیل الرحمن سے کیا ڈرنا۔

    اس موقع پر عمران خان نے پارٹی کے مستعفی نہ ہونے والے اراکین کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی ارکان نے استعفیٰ نہ دیا تو انہیں آج ہی پارٹی سے فارغ کردیا جائے گا۔