Tag: تحریک انصاف

  • غزہ جل رہا ہے، اسلامی ممالک خاموش ہیں، سراج الحق

    غزہ جل رہا ہے، اسلامی ممالک خاموش ہیں، سراج الحق

    کراچی: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کسی بھی غیر آئینی کام کا متحمل نہیں ہوسکا،وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ وہ کوئی بھی غیر آئینی کام نہیں کریں گے بحران کو حل کرنے کیلئے حکومت کو کچھ قربانی دینی پڑے گی۔

    کراچی میں شارع فیصل پر جماعت اسلامی کی جانب سے فلسطین کی حمایت میں غزہ ملین مارچ سے خطاب کرر ہے تھے ملین مارچ میں لاکھوں افرادنے شرکت کی تھی،سراج الحق کا کہنا تھا کہ بحران کو حل کرنے کیلئے انہوں نے آصف علی زرداری، خورشید شاہ،فضل الرحمن، محمود اچکزئی،عمران خان اور نواز شریف سے رابطے کئے ہیں اور سب کا اس بات پر اتفاق ہے کہ جمہوریت کو نقصان نہیں ہونا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ دھاندلی کیخلاف جماعت اسلامی کو بھی شکایت ہیں ہم بھی الیکشن کے نظام میں اصلاحات چاہتے ہیں اس سے قبل خورشید شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ریلی پر فلسطین کی حمایت میں تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں،حماس کے رہنما خالد مشعل نے ٹیلی فونک خطاب کیا جلسے سے سلیم ضیاء،عبدالرحمن مکی،منور حسن،نعیم الرحمان،قادر پٹیل،بشاورت مرزا اور دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔

  • عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کردیا

    عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان کردیا ۔

    اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں عمران خان  کا کہنا تھا کہ آج اپنے کارکنان کو امتحان میں ڈال رہا ہوں ، آج فیصلہ کرنا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ کیا کرنا ہے، وقت آگیا ہے کہ سول نافرمانی شروع کردی جائے، خطاب سے قبل عمران خان کا کہنا تھا کہ آج زندگی کی سب سے اہم تقریر کروں گا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اگر وزیراعظم رہیں گےتو ملک میں اندھیرا ہی رہے گا ، نواز شریف نے ملک کا ہر قانون توڑا ہے مگر قانون نواز شریف کو پکڑ نہیں سکا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عام انتخابات میں میچ فکسنگ کی، الیکشن میں لوگوں کے ضمیر کا سودا کیا، الیکشن میں دھاندلی کے لئے میرشکیل اور نجم سیٹھی کو خریدا گیا، نواز شریف اگر ملک کے وزیر اعظم رہے تو ملک مزید مقروض ہو جائےگا۔

    سول نا فرمانی کا اعلان کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آج سے نہ بجلی کے بل دیں گے نہ ٹیکس دیں گے،سول نافرمانی کی کال عوام کے لئے دے رہا ہوں۔

    انہوں نے کاروباری طبقے کو مخاطب کرکےکہا کہ ملک کے بزنس مین بھی نہ ٹیکس دیں نہ بجلی کے بل دیں، موجودہ حکمران عوام کے پیسے پر عیاشی کرہے ہیں۔

    حکومت سے مخاطب ہوکرعمران خان نے کہا کہ حکومت ڈیل کے لئے کمیٹی بھیج کروقت ضائع نہ کرے،عوام موجودہ حکومت کومزید برداشت نہیں کرسکتے۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف دودن میں مستعفی ہوجائیں، دو دن کے بعد میں اپنے کارکنان کو نہیں روک سکتا، نواز شریف کے استعفے تک نہ بل دیں گے نہ ٹیکس دیں گے،کارکنان یہیں بیٹھے رہیں گے اورمیں بھی ان کے ساتھ  ہی ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان بنا کر دکھاوٗں گا جو قائداعظم چاہتے تھے، کارکنان ایسا کرو کہ دنیا تحریر اسکوائر کو بھول جائیں، دو دن بعد آزادی کا جشن منائیں گے، پنجاب کے گلو بٹوں سے آزادی کا وقت آپہنچاہے۔

  • پاکستانی سیاست میں احتجاجی دھرنے کوئی نئی بات نہیں

    پاکستانی سیاست میں احتجاجی دھرنے کوئی نئی بات نہیں

    کراچی: پاکستان میں سیاسی تاریخ وقفے وقفے سے خودکو دہراتی رہی ہے، دھرنوں اور لانگ کے نتائج میں پہلے بھی حکومتوں کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

    آج کےسیاسی منظرنامے پرنظر ڈالی جائےتو اندازہ ہوگا کہ پاکستان میں سیاسی تاریخ تھوڑےتھوڑےوقفےبعدخود کو دہراتی ہے۔ 1977ء کے انتخابات میں چند حلقوں پر ہونے والی دھاندلی نے سیاسی افق پر پہلی بار نئی تاریخ رقم کی، پاکستان نیشنل الائنس کی تحریک اورذوالفقار علی بھٹو کے درمیان مذاکرات کامیابی کے نزدیک تھے، پی این اے تحریک کے اہم رکن اصغر خان نےفوج کو عوام کی مدد کے لئے بلانے کا بیان داغ دیا۔

    اس وقت بھی آرٹیکل دوسوپینتالیس کی بازگشت سنائی دی اور پھر 5 جولائی سن 1977ء میں مارشل لاء نافذ ہوگیا، بے نظیر بھٹو کی 1996ء میں جانے والی حکومت بھی کچھ اسی قسم کی تحریک کا پیش خیمہ ثابت ہوئی، 27 اکتوبر سن 1996ء میں حکومتی پالیسی سےاختلاف کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے دھرنا دیا، جس کے نو روز بعد5 نومبر کوپیپلزپارٹی کےصدر فاروق لغاری نے بے نظیر حکومت کا بوریا بستر لپیٹ دیا۔

    سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی معزولی کےخلاف چلائی جانے والی وکلا تحریک نےبھی حکومت کوافتخارچوہدری سمیت تمام معزول ججزکی بحال کرنےپر مجبورکردیا، اب ایک بار پھر2013ء کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی اور الیکشن کمیشن نے بھی تسلیم کیا، اب ایک بار پھر اسلام آبادمیں آرٹیکل دوسوپینتالیس ہے، پھر شہراقتدارمیں دھرنوں کا موسم ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت جاتی ہے یا جاتی امرا والے سیاسی راستہ نکالنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    پاکستان کی تاریخ میں اگرچہ کئی سیاسی جماعتوں کی جانب سے سول نافرمانی چلانے کی دھمکی تو دی گئی، لیکن پاکستان کی تاریخ میں اب تک صرف ایک بار ہی سول نافرمانی کی تحریک چلائی گئی، 1977ء میں پاکستان قومی اتحاد نے سول نافرمانی کی تحریک چلائی۔ 1977ء کے انتخابات کے نتائج میں قومی اسمبلی کی دو سو نشستوں میں سےسو پر پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی۔ صوبائی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی پاکستان قومی اتحاد نے قومی اسمبلی میں صرف چھتیس نشستیں حاصل کیں ۔ الائنس نے انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا اور ایک بڑی سول نافرمانی کی ملک گیر مہم شروع کردی۔

    انہوں نے پیپلز پارٹی پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا ، اور پیپلز پارٹی کے صدر اور چیف الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ قومی اتحاد نے انتخابات کے دوبارہ کرانے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

    عمران خان نے بھی سول نافرمانی کا اعلان کردیا ہے،سول نافرمانی کا مطلب حکومت کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے اس کے احکامات اور ہدایات نہ ماننا ہے، جس میں ٹیکس، لگان یا موجودہ دور میں بجلی، گیس اور پانی کے بل نہ دینا شامل ہیں تاکہ حکومت کی آمدنی روک کر اسے اپنے مطالبات منوانے کے لیے دباؤ میں لایا جاسکے اب دیکھتے ہیں کہ عمران خان اپنے مطالبات مناوانے میں کہاں تک کامیاب ہوسکتے ہیں۔

  • آزادی مارچ کےشرکاء کی ریڈزون کی جانب پیش رفت

    آزادی مارچ کےشرکاء کی ریڈزون کی جانب پیش رفت

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پابندی کے باوجود ریڈ زون کی جانب بڑھنا شروع کردیا ہے۔

    اسلام آباد کے ریڈ زون میں پارلیمنٹ ہاؤس ، وزیراعظم ہاؤس اور وزیراعظم سیکریٹریٹ کے علاوہ وہاں غیرملکی سفارتکار بھی مقیم ہیں، یہ علاقہ انتہائی حساس ہے اور آزادی مارچ کے شرکا کی نظریں اسی پر نظر آتی ہیں، اس وقت تحریک انصاف کا قافلہ کشمیر ہائی وے پر ہے جہاں سے آگے سرینا چوک ہے اور اس کے عقب میں ریڈ زون ہے ۔

    جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کوسرینہ چوک پر اسٹیج بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے ، جس کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان نے سرینہ چوک پر اسٹیج لگانا شروع کردیا ہے۔

    اس موقع پرتحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے بنی گالا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا کوئی کارکن ریڈ زون میں داخل نہیں ہوگا، عمران خان آج اپنے خطاب میں اہم اعلان کرینگے۔

  • اسلام آباد کو تحریراسکوائربنادیں گے، عمران خان

    اسلام آباد کو تحریراسکوائربنادیں گے، عمران خان

    اسلام آباد: عمران خان نے فائنل میچ کا اعلان کردیا ۔ کہتے ہیں آج فائنل میچ ہو گا، نوجوان تیاری کر لیں۔ آج آب پارہ چوک پر ایسامجمع ہوگا کہ لوگ تحریر اسکوائر کو بھول جائیں گے۔عمران خان نے اسلام آباد کو تحریراسکوائر بنانے کا اعلان کردیا ۔رات گئے تحریک انصاف کے دھرنے سے خطاب میں عمران خان نے شرکاءکےجذبےاورجنون کوسلام پیش کیا اور کہا کہ نوازشریف اوربادشاہت نئےپاکستان کونہیں روک سکتے.

    عمران خان نے کہا کہ دس سال میں قبائلیوں پرجو مصیبتیں گزریں، وہ اس پرمعذرت خواہ ہیں،اب قبائلیوں کےلئےفیصلہ فون سن کرنہیں ہوگا، عمران خان نے رات آزادی مارچ کے شرکاکے ساتھ گزارنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان سے کہا کہ وہ بھی سو جائیں ورنہ تھک جائیں گے،عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر سے تحریک انصاف کے کارکن اور حامی اسلام آباد پہنچ جائیں ، آزادی پانے کیلئے قربانی دینی پڑتی ہے،کوئی سرکاری نوکراس طرح احتجاج نہیں کرسکتا۔

  • عوام نےآزادی اورانقلاب مارچ کومسترد کردیا، رانا مشہود

    عوام نےآزادی اورانقلاب مارچ کومسترد کردیا، رانا مشہود

    لاہور: صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر گوجرانوالہ واقعہ میں ملوث دس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم لانگ مارچ کے پر امن اختتام کے لیےڈاکٹر طاہر القادری، پرویز الہی کو اور عمران خان شیخ رشید کو اپنے ٹرک سے دور رکھیں۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستانی عوام نے آزادی اور انقلاب مارچ کو مسترد کردیا ہے جبکہ اب تک پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے ساتھ جو روٹ طے ہوا تھا اس پر مثالی عمل در آمد ہورہا ہے، انہوں نے کہا کہ پومی بٹ انتہائی شریف اور ذمہ دار مسلم لیگی ہیں گوجرانوالہ واقعہ میں وہ مشتعل کارکنوں کو منع کرتے رہے۔

    صوبائی وزیر قانون کاکہنا تھا کہ مشرف کی جانب سے لانگ مارچ میں شرکت کے اعلان سے ساری صورتحال واضع ہوچکی ہے کہ اس کھیل کے پیچھے کون ہے، رانا مشہود نے کہا کہ میں نے خود اپنے خلاف پارٹی سطح پرکمیشن قائم کروایا تاکہ ویڈیو کےمعاملے کی شفاف تحقیقات ہو سکے۔

  • پاکستان، جمہوریت اور آئین کوبچایا جائے، سراج الحق

    پاکستان، جمہوریت اور آئین کوبچایا جائے، سراج الحق

    لاہور: جماعت اسلامی نے سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے چار نکاتی فارمولہ پیش کردیا ، امیر جماعت سراج الحق کہتے ہیں حکومت احتجاج سے نمٹنے کے بجائے اپوزیشن سے مذاکرات کے لئے کمیٹی تشکیل دے۔

    منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لئے انکی جانب سے چار نکاتی فارمولہ پیش کیا جارہا ہے، فارمولے کے مطابق پارلیمنٹ کے اندر اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کی کمیٹی بنا ی جائے جبکہ حکومت احتجاج کرنے والوں کے ساتھ فوری مذاکرات شروع کرے۔

    سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کی جانب سے ماورائے آئین اقدام پر دئیے جانے والے فیصلے پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ عدلیہ پہلے ان سے نمٹے جنھوں نے ماضی میں آئین توڑا، جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ چار نکاتی فارمولے پر وہ حکومت اور تحریک انصاف کے رہنماﺅں سے رابطے میں ہیں اور وہ توقع کرتے ہیں کہ لانگ مارچ کے دوران اب گوجرانولہ جیسا واقعہ پیش نہیں آئے گا۔

  • تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک کے مارچ پر حملہ، پومی بٹ گرفتار

    تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک کے مارچ پر حملہ، پومی بٹ گرفتار

    گوجرانوالہ: آزادی مارچ پر پتھراو کرنے کے الزام میں ارسلان بٹ عرف پومی بٹ نے تھانہ سبزی منڈی میں ایف آئی آر درج ہونے پر خود گرفتاری دے دی ہے مجھے گولو بٹ کے ساتھ منصوب نہ کیا جائے۔

    واقعہ کی خبر میڈیا پر آتے ہی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے آزادی مارچ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیاتھا، حکومت پنجاب نے آر پی آو اور کمیشنر گوجرانوالہ کو ہدایت جاری کی کہ آزادی مارچ پر پتھراو کرنے والے زمہ داروں کے خلاف فوراََ مقدمہ درج کروائیں اس کی روشنی میں سبزی منڈی پولیس نے آے ایس آئی محمد ریاض کی مدععیت میں دونوں طرف سے دس دس افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جس کے بعد پومی بٹ اپنے بھائی رکن صوبائی اسمبلی عمران خالد کے ہمراہ تھانے پہنچا جہاں پولیس نے اسے حراست میں لے کر لاک اپ کردیا ،پومی بٹ مسلم لیک ن کے سرگرم کارکن ہیں اور ممبر صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ کے بھائی ہیں آے آر و ائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پومی بٹ کا کہنا تھا کہ وہ بے قصور ہیں، گوجرانوالہ کے واقعے سے میرا کوئی تعلق نہیں۔

    ترجمان حکومت پنجاب کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان پر حملے کی قیادت ایم پی اے عمران خالد کے بھائی پومی بٹ کررہا تھا، ذرائع کے دعوے کے مطابق حملے سے پہلے کل رات پومی بٹ، خرم دستگیر کے خاص آدمیوں اور پولیس کے درمیان پلاننگ ہوئی۔حملہ آوروں کا ٹارگٹ تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت تھی۔

  • جان دے دوں گا قوم کو غلام بننے نہیں دوں گا، عمران خان

    جان دے دوں گا قوم کو غلام بننے نہیں دوں گا، عمران خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر حال میں اسلام آباد جائیں گے یہ ہمارا جمہوری اور آئینی حق ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے استعفیٰ مانگنے جارہا ہوں اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کارکنوں کو حکم دیا کہ وہ کنٹینر ہٹا کر اسلام آباد میں داخل ہوجائیں

    انہوں نے سوال کیا کہ کون سا آئین کہتا ہے کہ دھاندلی کرکے حکومت حاصل کرلو۔

    انہوں نے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ جیالوں تم آزادی حاصل کرنے نکلے ہو ‘‘ اور تم آزادی حاصل کرکے رہو گے۔

    انہوں نے روشن مستقبل کی امید دلاتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کسی رشتے دار کو حکومت میں نہیں پاؤ گے۔ ہم پاکستان کو موجودہ حکمرانوں اور ان کے بچوں کی حکمرانی سے نجات دلانے نکلے ہیں۔

    عمران خان نے تحریک ِ انصاف کے کارکنوں سے وعدہ کیا کہ میں جان دے دوں گا لیکن آپ سب کو اور آپ کی نسلوں کو غلام نہیں بننے دوں گا۔

    انہوں نے وزیرِاعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کشکول تب ٹوٹے گا جب آپ خود ٹیکس دیں گے اور لوٹی ہوئی دولت واپس لائیں گے۔

    عمران خان نے کہا کہ آزادی کے لئےاسلام آباد جارہا ہوں پنجاب پولیس اور گلو بٹ درمیان میں نہ آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو شرم آنی چاہئے۔

  • لاہور:عمران خان کی زیر قیادت تحریک انصاف کے آزادی مارچ کا آغاز

    لاہور:عمران خان کی زیر قیادت تحریک انصاف کے آزادی مارچ کا آغاز

    لاہور: آزادی مارچ کے لئے عمران خان لاہور سے روانہ ہوگئے، آزادی آزادی کے بلند شگاف نعروں میں پی ٹی آئی کے چیئرمین نےدعا کے بعد مختصر خطاب میں کہا  آزادی کوئی بھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا چھیننی پڑتی ہے، آزادی اور جمہوریت کے لئے  جدو جہد کی ضرورت ہے، عمران خان کا کہنا ہے کہ  عوام اپنے بچوں کےمستقبل کیلئےآزادی مارچ میں شریک ہوں

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے بچوں کےمستقبل کیلئے آزادی مارچ میں شریک ہوں، ان کا کہنا تھا کہ خود کو حقیقی معنوں میں آزاد کرانے کے لئے آج کا دن بہت اہم ہے، آج ملک سے بادشاہت کے خاتمے کا آغاز ہو گا کیونکہ  اصلی آزادی سچی جمہوریت سے ہی ملتی ہے۔

    زمان پارک کے باہر آزادی مارچ کیلئے جانے والوں کی بے قراری دیدنی تھی، ہاتھوں میں قومی اور پارٹی پرچم اٹھائےآزادی کے متوالوں کابس ایک ہی مقصد نظر آیا۔ اپنے قائدکی رہنمائی میں نئے پاکستان کی تلاش، آزادی مارچ کے کنٹینر میں سوار ہوتے ہی کپتان نے کارکنوں کا جوش وخروش بڑھاتے ہوئے ہاتھ ہلا کرنعروں کا جواب دیا۔

    آزادی مارچ کےلئے زمان پارک سے روانہ ہونے والے قافلے میں تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی ،شاہ محمود قریشی سمیت ہزاروں مرد، خواتین ،بچے اور بوڑھے بھی شامل ہیں، نئے پاکستان کھوج میں نکلنے والے تحریک انصاف کا پڑاؤ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریڈ زون کے باہر ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک آج لاہور سے آزادی اور انقلاب مارچ اسلام کے لئے روانہ ہو رہا ہے، عمران خان اور طاہر القادری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا خاتمہ کر کے ملک میں حقیقی جمہوری نظام رائج کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ آزادی اور انقلاب مارچ کو روکنے کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو گزشتہ روز ہی سیل کردیا گیا تھا اور شہر میں کسی کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

    ادھر لاہور میں واقع منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہے، تاہم انتظامیہ نے منہاج القرآن سیکریٹریٹ کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور قسم کی نقل و حرکت کے لیے خبردار کیا ہے۔