Tag: تحریک انصاف

  • گلگت بلتستان میں تاریخی کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی آزاد کشمیر الیکشن کیلئے منصوبہ بندی شروع

    گلگت بلتستان میں تاریخی کامیابی کے بعد تحریک انصاف کی آزاد کشمیر الیکشن کیلئے منصوبہ بندی شروع

    اسلام آباد : گلگت بلتستان میں تاریخی کامیابی کے بعد تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخاب کے لئے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا، چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی کا کہنا ہے کہ مؤثر انتخابی مہم سےآزاد کشمیر میں بھی دوتہائی اکثریت حاصل کریں گے۔

    تفصلات کے مطابق تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخاب کےلئے منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ، اس حوالے سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر سلطان چوہدری نے سیف اللہ نیازی سے ملاقات کی ، مرکزی سینئر نائب صدر ارشد داد بھی خصوصی ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال اور تنظیمی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا اور آزاد جموں وکشمیرمیں آئندہ انتخابات سےمتعلق اہم امور پر خصوصی بات چیت کی گئی۔

    ملاقات میں انتخابی اتحادکےبغیرآزادجموں وکشمیرقانون سازاسمبلی انتخابات لڑنے پر اصولی اتفاق کیا گیا ، اس موقع پر چیف آرگنائزرسیف اللہ نیازی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تاریخی کامیابی پراللہ کےشکرگزار ہیں، تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کی مضبوط اور توانا قوت بن چکی ہے۔

    سیف اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سلطان محمود کی قیادت میں اہم انتخابی معرکے کیلئے تیار ہیں، مؤثر انتخابی مہم سےآزاد کشمیر میں بھی دوتہائی اکثریت حاصل کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ موزوں امیدواروں کے تعین کیلئےجلدپارلیمانی بورڈ قائم کریں گے، کارکنان تیاری کریں،جلد آئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کریں گے۔

  • بارشیں ختم ہوگئیں مگر سندھ کے لوگ تاحال ڈوبے ہوئے ہیں،خرم شیر زمان

    بارشیں ختم ہوگئیں مگر سندھ کے لوگ تاحال ڈوبے ہوئے ہیں،خرم شیر زمان

    کراچی : تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ ہم سندھ کے عوام کو روٹی کپڑا مکان خود بنانے کا اہل بنائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ بارشیں ختم ہوگئیں مگر سندھ کے لوگ تاحال ڈوبے ہوئے ہیں،سندھ حکومت کا ریلیف آپریشن کرونا کی طرح رات کو جاری ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ بلاول نے دوروں میں لوگوں کی امداد کی بجائے بلدیاتی الیکشن کا چورن بیچا،فرزند زرداری اپنے والد کی داستان کرپشن بھی سندھ کے عوام کو بتائیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جس لیڈر کی ہر چیز جعلی ہو وہ دوسروں پر تنقید نہیں کرتے،فرزند زرداری بدین سے کھپرو تک جائیں، این ڈی ایم اے کے ٹینٹ اور نجی تنظیم کے دستر خوان نظر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کےعوام کوروٹی کپڑا مکان خود بنانے کا اہل بنائیں گے،سندھ کے باشعور عوام کو امداد کی بجائے اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے،روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے،لوگوں کو سہولتیں ملیں گی۔

  • تحریک انصاف کا آزاد جموں و کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ

    تحریک انصاف کا آزاد جموں و کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ

    مظفرآباد: پاکستان تحریک انصاف نے آزاد جموں و کشمیر میں بھرپور انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں آزاد جموں کشمیر کے آئندہ انتخابات کے لیے بھرپور حکمت عملی کی تیاری اور کسی اتحاد کے بغیر انتخابی میدان میں اترنے کا دوٹوک اعلان کیا گیا۔

    اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے کشمیر پر واضح، ٹھوس اور غیر متزلزل مؤقف نے اہلِ کشمیر میں جدوجہد کی نئی امنگ جگائی ہے۔

    صدر تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ جنگ بندی لکیر کے دونوں اطراف میں بسنے والے کشمیری وزیراعظم کی قیادت سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب چیف آرگنائزر تحریک انصاف نے کہا کہ کشمیر ہمارے وجود کا حصہ، حق خودارادیت اور آزادی حقیقی منزل ہے،وزیراعظم کی قیادت میں تحریک انصاف ہر فورم ہر محاذ پر اہل کشمیر کی ترجمان ہے۔

    سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ آزادجموں و کشمیر کی تعمیر وترقی کا پورا خاکہ تیار کرچکے ہیں،کارکن تیاری کریں،جلدآزاد جموں و کشمیر کے لیے انتخابی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔

  • لوگوں کی خدمت کرنے پر افواج پاکستان کے مشکور ہیں: خرم شیر زمان

    لوگوں کی خدمت کرنے پر افواج پاکستان کے مشکور ہیں: خرم شیر زمان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی خدمت کرنے پر افواج پاکستان کے مشکور ہیں، ہم نے پاکستان میں تقریباً کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پریشانیوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت نظر نہیں آتی، حکومت سے پوچھتے ہیں کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کہاں ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی خدمت کرنے پر افواج پاکستان کے مشکور ہیں، متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو فوری راشن فراہم کیا جائے۔ دادو اور متاثرہ علاقے کے لوگوں کو فوری منتقل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن وزیر اعظم عمران خان کا وژن تھا، دیگرممالک وزیر اعظم کے اقدامات کو کاپی کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو ریلیف پہنچایا ہے، احساس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو پیسے دیے گئے۔ ایک کروڑ 23 لاکھ لوگوں کو احساس پروگرام سے ریلیف دیا گیا۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ آج تمام مارکیٹس، کیفے، ریستوران اور تھیٹر کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے، ہم نے پاکستان میں تقریباً کرونا وائرس کو شکست دے دی ہے، کریڈٹ وزیر اعظم کو جاتا ہے انہوں نے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا۔

    انہوں نے کہا کہ 12 سال بعد بھی پیپلز پارٹی کتوں کے کاٹے کا علاج نہیں کر پا رہی، کتوں نے بچوں کی جانیں لے لیں ان سے خاتمہ نہیں ہوسکا، ہم سے جتنا ہو سکے گا اس شہر کے لیے ہم کریں گے۔

  • پی ٹی آئی کراچی کا یوم تشکر منانے کا اعلان

    پی ٹی آئی کراچی کا یوم تشکر منانے کا اعلان

    کراچی: وفاقی حکومت کے 2 سال کامیابی سے مکمل ہونے پر پی ٹی آئی کراچی نے یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں پی ٹی آئی نے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے، جس کی تقریب میں پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے۔

    رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ یوم تشکر کی مرکزی تقریب انصاف ہاؤس میں منعقد کی جائے گی، یوم تشکر پر وزیر اعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ 2 سال میں وفاقی حکومت نے ملک کو ایک سمت دی ہے، آج پاکستان دن بدن ترقی کا سفر طے کر رہا ہے، کرونا وبا میں وفاقی حکومت نے بہتر کردار ادا کیا۔

    خیال رہے کہ 25 جولائی کو وفاقی حکومت کو 2 سال مکمل ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 2018 کے عام انتخابات میں شان دار کامیابی حاصل کی تھی۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دو سال قبل ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں پاکستانی عوام نے ساسی چوروں سے نجات کے حصول کے لیے عمران خان کی صورت میں ایک نئے لیڈر کا انتخاب کیا تھا۔

  • پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو پینے کا پانی بھی نہیں دے سکی: خرم شیر زمان

    پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو پینے کا پانی بھی نہیں دے سکی: خرم شیر زمان

    کراچی: رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو پینے کا پانی بھی نہیں دے سکی، بلاول بھٹو میں اگر دم ہے تو اپنے وزرا کے اثاثے سامنے لائیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ جن سے ووٹ لیے ان کے مسائل اجاگر کرتے رہیں، کوشش ہے پیپلز پارٹی کا اصل چہرہ عوام کو دکھاتے رہیں۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اے سی والے کمروں سے پریس کانفرسز کرتے ہیں، سندھ اسمبلی میں کل آگ لگائی گئی یا لگی اللہ بہتر جانتا ہے، آگ لگنے سے سندھ اسمبلی کا 20 سالہ ریکارڈ جل گیا، اس کی تحقیقات چاہتے ہیں۔ سب سے پہلے دیکھا جائے ریکارڈ کا بینفشری کون ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جاننا چاہتے ہیں کہ آگ میں نیا ریکارڈ بھی جلا ہے یا نہیں، نیب سے مطالبہ ہے کہ سندھ اسمبلی ریکارڈ روم میں آگ کی تحقیقات کریں، سندھ کے لوگوں کے پیسوں کا حساب کتاب بار بار کیوں جلتا ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام 12 سالوں سے سسک رہی ہے، سندھ میں چاہے امیر ہو یا غریب کوئی بھی خوش نہیں ہے۔ پینے کے پانی کی بات کرو تو پیپلز پارٹی وہ بھی نہیں دے سکی۔

    انہوں نے کہا کہ 33 ارب روپے کے آر او پلانٹ سندھ میں بند پڑے ہیں، اربوں روپے کے تعلیمی ادارے سندھ میں بند پڑے ہیں، اندرون سندھ پیپلز پارٹی نے جو حالات پیدا کیے ہیں وہ صرف بربادی ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ اپنے وزرا کے اثاثے سامنے لائے، بلاول بھٹو میں اگر دم ہے تو اپنے وزرا کے اثاثے بھی سامنے لائیں، آپ کے ایس ایچ اوز ہیروئن، منشیات اور آئس کا کاروبار کرتے ہیں۔

  • حکمران جماعت کا کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

    حکمران جماعت کا کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : تحریک انصاف نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ، مہم کےتحت عوام کو  کرونا سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر تحریک انصاف نے کرونا وائرس کی آگاہی کے لئے ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے صوبائی وریجنل صدورکوہدایات جاری کردیں۔

    تحریک انصاف کےذمہ داران ملک گیرآگاہی مہم چلائیں گے اور تحریک انصاف کی آفیشل سوشل میڈیاٹیم خصوصی آگاہی مہم تیارکرےگی ، مہم کے تحت عوام کو کرونا سے بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کیا جائےگا۔

    مہم کےتحت عوام کوگھروں تک محدود رہنے اور بلاضرورت باہرنہ نکلنےکی ترغیب دیں گے جبکہ کرونا سے بچنے کیلئے صحت وصفائی کےطریقوں کے بارے میں آگاہی مہم کا حصہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : کرونا وائرس: وزیراعظم عمران خان کا قوم کے نام اہم پیغام

    چیف آرگنائزرپی ٹی آئی سیف اللہ نیازی نے کہا ہے کہ کوروناکیخلاف قوم کا یکجا ہونا وقت کی ضرورت ہے، سماجی سطح پر بہترین تدابیر اختیار کئے بغیر چیلنج سے نمٹنا مشکل ہے، وزیراعظم کی قیادت میں قوم کو کرونا سے بچانے کیلئے متحرک ہیں۔

    گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کرونا وائرس کے لئے تمام اقدامات کی خود نگرانی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہت جلداس معاملےپرقوم سےخطاب کریں گے، کروناوائرس کے خطرات سےپوری طرح آگاہ ہیں، قوم حکومتی حفاظتی ہدایات پرعمل کرے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت قوم کی صحت اورحفاظت کے لیے درست سمت میں اقدامات کررہی ہے ،عالمی ادارہ صحت نے عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے ہماری کو ششوں کو دنیا میں بہترین قراردیا ہے۔

  • حکومت کا پہلا میگا پروجیکٹ، وزیر اعظم جائزہ لینے پہنچ گئے

    حکومت کا پہلا میگا پروجیکٹ، وزیر اعظم جائزہ لینے پہنچ گئے

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے میگا پروجیکٹ کی منصوبہ بندی مکمل ہوگئی جس کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم عمران خان خود سائٹ پر پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا کمرشل شہر بنانے کی منصوبہ بندی مکمل ہوگئی، وزیر اعظم عمران خان ’نیو بلیو ایریا‘ منصوبے کا جائزہ لینے خود سائٹ پر پہنچ گئے۔

    وزیر اعظم عمران خان بغیر پروٹوکول اور سیکیورٹی منصوبے کی سائٹ پر پہنچے۔ جہاں انہوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کو نیلامی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے لیے ایف 9 پارک کے سامنے 170 کنال زمین مختص کی گئی ہے۔ جدید تعمیرات اور ہائی رائز بلڈنگ پر مبنی کمرشل سٹی عالمی طرز پر تعمیر ہوگا۔ اوور سیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی خصوصی دعوت دی جائے گی۔

    بریفنگ کے مطابق لندن، دبئی، مانچسٹر، شکاگو اور گلاسکو سمیت بڑے شہروں میں روڈ شو ہوں گے، وفاقی ترقیاتی ادارہ اپریل کے پہلے ہفتے میں کمرشل نیلامی کرے گا۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر نیلامی میں حصہ لینے والوں کو سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مکمل ایڈوانس ٹیکس دینے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ کامیاب بولی دہندگان کو رقم کی ادائیگی کے لیے 30 دن کا وقت ملے گا۔ اوور سیز پاکستانیوں کو رقم کے انتظام کے لیے مناسب وقت دیا جائے گا۔

    حکام کے مطابق منصوبے سے ابتدائی طور پر حکومت کو 25 سے 30 ارب ملیں گے، حکومت آمدن کا کچھ حصہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروجیکٹ میں استعمال کرے گی اور رقم بے گھر اور غریب افراد کے لیے سستے گھروں کی تعمیر پر خرچ ہوگی۔

    منصوبے سے روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے سمیت تعمیراتی انڈسٹری کو بھی فروغ ملے گا۔

  • نعیم الحق کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان

    نعیم الحق کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان

    اسلام آباد: نعیم الحق کے انتقال پر تحریک انصاف نے 3 روز کے سوگ کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تین روزہ سوگ کے دوران تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ یہ اعلان پی ٹی آئی کے بانی رہنما نعیم الحق کے انتقال کے بعد سامنے آیا۔ اس واقعے نے وزیراعظم عمران خان کو بھی صدمے میں مبتلا کردیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تعزیتی پیغام جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نعیم الحق پی ٹی آئی کے دس بانی ممبران میں شامل تھے، وہ اب تک پی ٹی آئی کے سب سے وفادار ساتھی تھے، تیئیس سال کی جدوجہد میں نعیم الحق ہمیشہ میرے ساتھ کھڑے رہے، جب بھی پارٹی پر مشکل وقت آیا انہوں نے ساتھ دیا۔

    موت کی خبر سن کر مختلف سیاسی شخصیات کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

    تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما نعیم الحق70برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ 11جولائی1949کو کراچی میں پیدا ہوئے، نعیم الحق پیشے کے اعتبار سے بینکر اور کاروباری شخصیت تھے، وہ پی ٹی آئی کے بانی ارکین میں شمار کیے جاتے تھے، انہوں نے 1996میں عمران خان کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔

    نعیم الحق کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر مسجد عائشہ خیابان اتحاد کراچی میں ادا کی جائے گی۔

  • احتساب بلا امتیاز ہوگا تو کسی بھی بےگناہ کوسزا نہیں ہوگی،ندیم افضل چن

    احتساب بلا امتیاز ہوگا تو کسی بھی بےگناہ کوسزا نہیں ہوگی،ندیم افضل چن

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ احتساب بلا امتیاز ہوگا تو کسی بھی بےگناہ کوسزا نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ تحقیقات میں عدل ہوگا تو ہی لوگ تسلیم کریں گے، عدل نہیں ہوگا توگناہ گار بھی چھوٹ جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ احتساب بلا امتیاز ہوگا تو کسی بھی بےگناہ کوسزا نہیں ہوگی،مسائل کوحل کرنا ہے، قانون سازی بھی کرنی ہے، پی پی کو ن لیگ اور ن لیگ کو پی پی قانون سازی نہیں کرنے دیتی تھی۔

    ندیم افضل چن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک خاص بیانیہ قانون سازی سے روک رہا ہے، ریفارمز سے روکنے کی کوشش، قانون سازی نہیں ہونے دی جاتی، اسمبلی میں جنگ وجدل کے دوران اصلاحات نہیں ہوسکتی۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ حکومت مسلم لیگ ن کی رہی، احتساب قوانین سے مسئلہ تھا تو ن لیگ نے درست کیوں نہیں کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چینی کے کاروبار سے متعلق لوگ تمام سیاسی جماعتوں میں ہیں، دیکھنا یہ ہے چینی کے کاروبار سے متعلق لوگ کرپٹ ہیں بھی یا نہیں، جہانگیرترین کاروبار قانون کے مطابق کرتے ہیں ٹیکس دیتے ہیں۔