Tag: تحریک انصاف

  • ملک کی سب سے امیر ترین جماعت کون سی ؟ تفصیلات سامنے آگئی

    ملک کی سب سے امیر ترین جماعت کون سی ؟ تفصیلات سامنے آگئی

    اسلام آباد :پاکستان  تحریک انصاف  ملک کی سب سے امیر ترین جماعت قرار پائی ، پی ٹی آئی22کروڑ53لاکھ مالیت کے اثاثوں کی مالک ہیں جبکہ   شیخ رشیدکی عوامی مسلم لیگ غریب ترین جماعتوں میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نےسیاسی جماعتوں کے19  – 2018  کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی،   125 میں سے صرف 82 سیاسی جماعتوں نے تفصیلات جمع کرائی۔

    الیکشن کمیشن کےمطابق تحریک انصاف کے22  کروڑ53  لاکھ مالیت کےاثاثےہیں،  جس میں ایک سال میں9 کروڑ روپےکمی آئی، پارٹی چیئرمین نےبیان حلفی دیا ہے کہ پارٹی کوممنوعہ ذرائع سےکوئی فنڈنگ نہیں ہوئی،آمدن سے زائد اخراجات ہوئے ، تحریک انصاف کے 1 سال میں 50 کروڑ 87 سےزائداخراجات ہوئے۔

    پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکےپاس 16 کروڑروپےکابینک بیلنس ہے، جس میں سے 1 کروڑ35  لاکھ روپے کاچندہ ملا جبکہ اثاثوں کی مالیت 17 لاکھ16  ہزارروپے ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے 2کروڑ سے زائدکے اخراجات اور آمدن 57 لاکھ ہوئی۔

    مسلم لیگ ن کےبھی آمدن سےزائداخراجات ہوئے،ن لیگ کی  1کروڑ55  لاکھ روپےآمدن اور  20 کروڑ کےاخراجات ہوئے جبکہ اثاثوں کی مالیت8  کروڑ17 لاکھ روپے ہے ۔

    شیخ رشیدکی عوامی مسلم لیگ غریب ترین سیاسی جماعتوں میں شامل ہیں،ان کےاکاؤنٹ میں صرف اڑھائی لاکھ روپےموجود ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی کے2 لاکھ 31 ہزارروپےکا بینک بیلنس ہے جبکہ ایم کیوایم کےپاس 4 کروڑ19  لاکھ کےاثاثےہیں ، ایم کیو ایم نے چندے کی مد میں 4 کروڑ 79 لاکھ روپے اکٹھے کیے۔

    اسی طرح  جماعت اسلامی 90لاکھ 18  ہزارروپےکےاثاثوں کی مالک ہیں جبکہ  ق لیگ کےپاس 4 کروڑ99  لاکھ روپےمالیت کےاثاثےہیں۔

  • سینیٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ، تحریک انصاف کا مسودہ قانون کی مخالفت کا اعلان

    سینیٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ، تحریک انصاف کا مسودہ قانون کی مخالفت کا اعلان

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے اراکین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے مسودہ قانون کی مخالفت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اراکین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق مسودہ قانون کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سینیٹرز کی تنخواہوں میں اضافےکی کوششوں کاحصہ نہیں بنےگی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی وسائل کی بچت کی ہدایات دے رکھی ہیں، وزیراعظم اور تحریک انصاف کی ترجیح عوام خصوصاً غریب طبقہ ہےجب کہ قومی خزانےکو خود پر استعمال نہ کرنےکی ابتدا وزیراعظم نےخود سےکی۔

    سینٹرفیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم ذاتی رہائشگاہ میں مقیم ہیں اور دفتر کےاخراجات میں تاریخی کمی کر چکے ہیں، بیرون ممالک دوروں میں بھی وزیراعظم نےخود کو مثال بنایا ہے جب تک معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو جاتی نمائندوں کوبھی وزیراعظم کی تقلید کرنی چاہئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سینیٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کی کوششوں کاحصہ نہیں بنے گی اور اس حوالے سے ایوان میں مجوزہ مسودہ قانون کی مخالفت کریں گے۔

  • سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے، عمران اسماعیل

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گورنر ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اسد عمر، پرویز خٹک، گورنر پنجاب ، حلیم عادل شیخ اور دیگر ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں وفاق کے تحت ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے پر ہرممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے، صوبے کی ترقی کے لیے وفاق کا بھرپور تعاون قابل تحسین ہے۔

    جہانگیرترین اور پرویزخٹک آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور وزیر دفاع پرویزخٹک سمیت دیگر رہنما آج ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے، جہاں وہ خالد مقبول صدیقی اوررابطہ کمیٹی سےملاقات کریں گے۔

  • سیاحت کےفروغ سے مقامی سطح پرعوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، عاطف خان

    سیاحت کےفروغ سے مقامی سطح پرعوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، عاطف خان

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخواہ کے سینئر وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ سیاحت کےفروغ سے مقامی سطح پرعوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وسزیر سیاحت عاطف خان، وزیر صحت شہرام ترکئی نے صوابی کے سیاحتی مقام کا دورہ کیا، وزرا نے گدون بیرگلی میں بنیادی انفرااسٹرکچرسمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔

    عاطف خان نے کہا کہ گدون بیرگلی کی ترقی کے لیے پہلےمرحلے میں21 کروڑ کی منظوری دی، بیر گلی کو ترقی دینے کے لیے 8 کلو میٹرسڑک کی منظوری دی جا چکی ہے۔

    صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ قدرتی حسن سے مالامال گدون بیر گلی میں تمام سہولیات دی جائیں گی، گدون بیرگلی میں چیئرلفٹ،سکی ریزارٹ،ایڈونچرٹورازم کے لیے سروے ہوگا، گدون بیر گلی میں آرکیالوجیکل سائٹس بھی موجود ہے جیسے محفوظ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بیرگلی میں سیاحوں کی سہولت کے لیے ریسٹ ہاؤسز بھی بنائے جائیں گے، سیاحت کے فروغ سے مقامی سطح پر عوام کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے، صوبے میں14 نئے سیاحتی مقامات تک سڑک تعمیر کی منظوری دی جا چکی۔

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے 5 ارب کی منظوری دی جاچکی ہے، گدون امازئی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے میدان بنائے جائیں گے۔

    صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے کہا کہ کیٹیگری ڈی اسپتال، ڈسپنسری، صحت کی دیگر سہولیات فراہم کی جائے گی، 6 ماہ بعد صحت انصاف کارڈ صوبے کے تمام عوام کو فراہم کیا جائے گا۔

  • مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

    مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چھوٹے موٹے اختلافات خاندان میں بھی ہو جاتے ہیں، مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ق لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ورکنگ ریلیشن شپ مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ چھوٹے موٹے اختلافات خاندان میں بھی ہو جاتے ہیں، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے اور رہے گی۔

    وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی، مل کرعوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے۔

    مسلم لیگ ق کے رہنما نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، تحریک انصاف کے اتحادی ہیں، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی، ہر مسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے میں ہی دانشمندی ہوتی ہے۔

    ہم اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ، وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں نے حکومت کا ہر مشکل میں ساتھ دیا، ہم اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور تحفظات دور کریں گے۔

  • پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، فیصل جاوید

    پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، فیصل جاوید

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، دنیا دیکھے گی ہم سب متحد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے پیغام میں کہا کہ نشان عبرت ان کو بنانا چاہیے جو بچوں سے زیادتی، قتل کرتے ہیں، ایسے درندوں کو الٹا لٹکانا چاہیے۔

    فیصل جاوید نے کہا کہ زینب الرٹ بل عرصے سے بلاول زرداری کی قومی اسمبلی کمیٹی میں پڑا ہے، کمیٹی بل کو جلد ہاؤس میں بھیجے تا کہ بل پاس ہو۔ تحریک انصاف کے سینیٹر نے مزید کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، دنیا دیکھے گی ہم سب متحد ہیں۔

    جسٹس وقار کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کیا جائے گا، فروغ نسیم

    اس سے قبل وفاقی وزیر فروغ نسیم کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ آج کے فیصلے میں پیرا 66 بہت اہم ہے، جس میں لکھا ہے مشرف کو گرفتارکریں اور قانون کے مطابق سزائیں دی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیرا 66 میں لکھا ہے کہ مشرف انتقال کر گئے ہیں تو لاش ڈی چوک پر3 دن لٹکائی جائے، معلوم نہیں اس قسم کی آبزرویشن جج صاحب کو دینے کی کیا ضرورت تھی۔

    فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے عوامی مقام پر لاش لٹکانا آئین اور اسلام کے خلاف ہے، آئین میں بھی اس قسم کی سزا کا ذکر نہیں ہے، جسٹس وقار کی آبزرویشن کو دیکھتے ہوئے حکومت سپریم جوڈیشل کونسل سے رجوع کرے گی، ہماری رائے ہے ایسے جج کو کسی ہائی کورٹ کا جج نہیں ہونا چاہیے۔

  • حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، فردوس عاشق اعوان

    حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، اصلاحات کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت مافیا کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، پی آئی ڈی میں اصلاحات لا رہے ہیں، اصلاحات کے خلاف سب سے زیادہ مزاحمت مافیا کرتا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ علاقائی پریس کا کام اپنےعلاقے کے مسائل اجاگر کرنا ہوتا ہے، پی آئی ڈی کو علاقائی صحافت کے مسائل بھی حل کرنے چاہئیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت پی آئی ڈی کو آٹومیشن پر ہونا چاہیے، حق دار کو حق دلانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے، نئی میڈیا اور اشتہارات پالیسی کے لیے روڈمیپ ترتیب دیا جا رہا ہے، ضلعی سطح پر پریس کلبوں کو بااختیار بنا رہے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف قانون کے ساتھ کھڑی ہے، فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف قانون کے ساتھ کھڑی ہے، انصاف کے لیے تحریک انصاف مسلسل جدوجہد کرتی رہی ہے۔

  • مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے، جہانگیر ترین

    مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے، جہانگیر ترین

    لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان کوئی سوچ نہیں سکتا جب کہ مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ نواز شریف کی تیمارداری کیلئےان کےبیٹے موجود ہیں اور جن پرکیسزہیں وہ خودکوبچانےملک سےباہرجارہےہیں، اس لیے یہی کہہ سکتے ہیں کہ مریم نواز کے مائنس ہونےکاوقت آگیاہے۔

    انہوں نے کہا کہ مائنس عمران خان کوئی سوچ نہیں سکتا اور نہ ایساممکن ہے کیونکہ پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے ہی ہے۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پچھلے 10سال کرپشن ہوئی اور اب ہم معیشت کو سنبھالا دےرہےہیں، معیشت کابیڑہ غرق کرنیوالےپی پی اورمسلم لیگ ن ہیں پچھلے 10سال انہوں نےجو بویاہے وہ کاٹناہمیں پڑرہاہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے اس لیے وقت آئے گا تو اپوزیشن سےمل بیٹھ کرقانون منظور کرائیں گے۔

    اتحادیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اخترمینگل سے آج صبح بات ہوئی ہے مل بیٹھ کر مسائل حل کریں گے چوہدری برادران سےبھی میری ملاقات ہوئی ہے ان کو کوئی ایسی ریزرویشن نہیں ہے۔

  • پی ٹی آئی والوں کو ڈرنےکی ضرورت نہیں، ہم پورا ساتھ دیتے ہیں، پرویز الٰہی

    پی ٹی آئی والوں کو ڈرنےکی ضرورت نہیں، ہم پورا ساتھ دیتے ہیں، پرویز الٰہی

    گجرات: وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت کے مرکزی رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کوڈرنےکی ضرورت نہیں، ہم جب ساتھ دیتےہیں پورا دیتےہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ شہبازشریف کے ہاتھ میں گجرات کا نقشہ کسی نےغلط پکڑا دیاتھا، ن لیگ والوں کو کوئی توفیق نہیں ہوئی کہ ایک اینٹ گجرات میں لگاتے۔

    انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں پہلامنصوبہ حسین الٰہی لے کرآیاتھا اور آج کےافتتاح میں حسین الہیٰ کا بڑا کردار ہے، گیس زیادہ نہ ہونےسےصنعتوں کومشکلات کاسامناتھا تاہم اب 65کروڑ روپےکے منصوبے سے گجرات کو گیس ملے گی۔

    چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کابڑاسینٹرگجرات میں بنانے جارہےہیں اور 4 مختلف مقامات پرالگ سینٹرز تعمیرکیے جائیں گے جب کہ صحت،تعلیم ،فلاح وبہبودکیلئےمزیدمنصوبے شروع کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کچھ بھی کہےیہ حکومت5سال پوراکرےگی اور پی ٹی آئی والوں کوڈرنےکی ضرورت نہیں، ہم جب ساتھ دیتےہیں پورادیتےہیں۔

  • پارٹی فنڈنگ کیس میں پی پی اور ن لیگ نے جواب جمع کرا دیے

    پارٹی فنڈنگ کیس میں پی پی اور ن لیگ نے جواب جمع کرا دیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی پارٹیوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی چھان بین کے سلسلے میں آج اِن کیمرا اسکرونٹی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے آج ان کیمرا اسکروٹنی کمیٹی اجلاس میں پیش ہو کر 7 نکاتی سوال نامے کا جواب جمع کروایا، کمیٹی نے سیاسی جماعتوں سے تین روز قبل سوال نامہ دیتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

    الگ الگ اجلاسوں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اسکروٹنی کمیٹی کے سوال نامے کا جواب جمع کرایا، کمیٹی نے ن لیگ کے نمایندے تین دسمبر کو دوبارہ طلب کر لیے۔

    پیپلز پارٹی نے اپنے جواب میں کہا کہ امریکا میں ہماری کمپنی نہیں ہے۔ جب کہ الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی جواب اور تفصیلات کا جائزہ لے گی، اسکروٹنی کمیٹی نے پیپلز پارٹی کے نمایندوں کو بھی 3 دسمبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔

    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی سے سوال نامے میں ڈونرز کی تفصیلات مانگی گئی تھیں، یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ سالانہ گوشواروں کے علاوہ اگر پارٹی اکاؤنٹس ہیں تو آگاہ کیا جائے۔ دوسری طرف تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس میں 2 دسمبر کو کمیٹی کے سامنے پیش ہوگی۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف غیر قانونی فنڈنگ کیس کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر ای سی پی نے گزشتہ ہفتے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا۔

    الیکشن کمیشن نے 26 نومبر سے ہر روز پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرنے کا فیصلہ بھی کیا تھا، اس سلسلے میں اپوزیشن کی درخواست منظور کی گئی تھی، ای سی نے اسکروٹنی کمیٹی کو کام تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ تاہم پی ٹی آئی کا اصرار ہے کہ یہ کیس فارن فنڈنگ کا نہیں بلکہ ممنوعہ فنڈنگ کا ہے، سپریم کورٹ 2018 کے حنیف عباسی کیس میں واضح کر چکی ہے کہ ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے کو وفاقی حکومت دیکھنے کا اختیار رکھتی ہے۔