Tag: تحریک انصاف

  • آئی ایم ایف میں جانے سے عوام پر بوجھ نہ ہو تو پروگرام لے سکتے ہیں، حماد اظہر

    آئی ایم ایف میں جانے سے عوام پر بوجھ نہ ہو تو پروگرام لے سکتے ہیں، حماد اظہر

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مسلسل رابطے میں ہیں، آئی ایم ایف میں جانے سے عوام پر بوجھ نہ ہو تو پروگرام لے سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے معیشت کو سنبھالنے کے لیے اصلاحاتی قدم اُٹھائے ہیں، اگلے 5 سال ہم لوگوں کو خوشخبریاں دیتے رہیں گے، ہماری معیشت استحکام اور ترقی کی طرف جائے گی۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ ن لیگ والے کہتے ہیں ہنستا بستا پاکستان چھوڑا، دودھ کی ندیاں بہہ رہی تھیں، ن لیگ نے قوم کے سامنے غلط اعداد و شمار پیش کیے، انہوں نے پانچ سال پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا، ہماری حکومت آئی تو دیوالیہ اور تباہ حال معیشت کو سنبھالا۔

    مزید پڑھیں: جیسے جیسے معاشی صورتحال بہتر ہوگی ٹیکس بھی کم ہوں گے، حماد اظہر

    انہوں نے کہا کہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والوں کو بے نقاب کریں گے، ن لیگ کے آخری سال میں پاکستان تباہی کے دہانے پر تھا، ان کی حکومت نے پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔

    حماد اظہر نے کہا کہ ہمیں دوست ممالک سے بہت مدد ملی ہے، آئی ایم ایف سے مسلسل رابطے میں ہیں، آج بھی وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف حکام سے فون پر بات ہوئی ہے۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ ایف بی آر کو صاف ستھرا ادارہ بنائیں گے، ایف بی آر 8 سال تک اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکا ہے، ماضی میں کرپٹ لوگوں کا ایف بی آر میں تبادلہ کیا گیا، ایف بی آر کے لوگوں کو مختلف اداروں سے واپس لائیں گے۔

  • علیم خان کی گرفتاری پر حکومت کو کوئی پریشانی نہیں، فیصل واوڈا

    علیم خان کی گرفتاری پر حکومت کو کوئی پریشانی نہیں، فیصل واوڈا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اب دیکھیں گے کہ علیم خان کو شہباز شریف جیسی سہولیات ملتی ہیں یا نہیں، عمران خان کے آنے سے ادارے آزاد ہوئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
    فیصل واوڈا نے کہا کہ علیم خان کی گرفتاری پر حکومت کو کوئی پریشانی نہیں ہے، ان کے خلاف کیس2005کا ہے، نیب آزاد ادارہ ہے اس نے علیم خان کو بلایا اور گرفتار کیا۔

    علیم خان پر الزام ثابت نہیں ہوا، نیب آزاد ادارہ ہے اسے اپنا کام کرنے دیں، علیم خان نے استعفیٰ دیا اور کہا کہ مقدمے کا سامنا کروں گا، گرفتاری کے بعد علیم خان یا پی ٹی آئی دوسروں کی طرح نیب کو گالیاں نہیں دیں گے اور نہ ہی علیم خان کی طبیعت خراب ہوگی نہ وہ یہ کہیں گے کہ مجھے اسپتال لے جائیں۔

    فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ علیم خان کو شہباز شریف کی طرح سہولیات ملتی بھی ہیں یا نہیں؟ اب نیب کا امتحان ہے کہ کیا علیم خان کو منسٹر انکلیو میں لے جایا جائے گا؟ اب علیم خان پھنسیں گے یا پھر نیب کا امتحان ہوگا۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ اپنے قائد عمران خان کی سیاسی تربیت کی بدولت ہمارے لوگ وزارتیں چھوڑ رہے ہیں، وزیراعظم کے آنے سے ادارے آزاد ہوئے، اللہ کے بعد فیصلہ کرنے کی کوئی طاقت ہے تو وہ ملک کے وزیراعظم عمران خان ہیں۔

    فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ مصدق ملک نے کہا ہے کہ اب ان کے کسی اور لیڈر کو پکڑا جائے گا اس کا مطلب بھی انہیں ہی معلوم ہے، گرفتاری کے بعد ایسی ایسی بیماریاں سامنے آتی ہیں جو دور اقتدار میں نہیں آتیں، نواز شریف کی طبیعت خراب ہے، اسپتال انسانیت کے تحت بھیجا گیا۔

    شاہد خاقان عباسی کی ایئربلو ترقی کرتی گئی مگر قومی ایئرلائن ڈوبتی گئی، وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حمزہ شہباز اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ بدل کر کہاں اور کیا کرنے گئے تھے یہ معلوم کریں۔

  • صحت کارڈ لاکھوں افراد کے طبی علاج کو بہتر بنائے گا، جرمن سفیر

    صحت کارڈ لاکھوں افراد کے طبی علاج کو بہتر بنائے گا، جرمن سفیر

    اسلام آباد: جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا ہے کہ کے پی سے باہر صحت کارڈ کا اجراء زبردست اقدام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحت کے شوقین اور پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرانے میں پیش پیش رہنے والے جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے صحت کارڈ کے اقدام کو سراہا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ کے پی سے باہر صحت کارڈ کا اجرا زبردست اقدام ہے، صحت کارڈ لاکھوں افراد کے طبی علاج کو بہتر بنائے گا۔

    جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے لکھا کہ پچھلے سال یہ نظام شندور میں بھی دیکھ کر متاثر ہوا تھا، انہوں نے میڈیکل کیمپ کے دورے کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صحت انصاف کارڈ کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا تھا، صحت کارڈ کے ذریعے عام آدمی سوا 7 لاکھ روپے تک علاج کرواسکے گا، جس میں مریض کی انجیوپلاسٹی، برین سرجری، کینسر اور دیگر امراض کا مفت علاج کیا جائے گا۔

    یہ پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا

    ذرائع کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے ملک کے ڈیڑھ کروڑ غریب خاندان مستفید ہوں گے، کارڈ ہولڈر کو7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کے اخراجات کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ مریض 150 سے زائد سرکاری و نجی اسپتالوں میں علاج کرواسکیں گے۔

    یاد رہے کہ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ پروگرام سے غریبوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، صحت کارڈ سے 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج بالکل مفت ہوگا، 20 فروری سے پنجاب کے 4 اضلاع میں صحت کارڈ پروگرام شروع ہوگا۔

  • ملک لوٹنے والے سارے چور اپوزیشن میں اکھٹے ہوگئے ہیں، فواد چوہدری

    ملک لوٹنے والے سارے چور اپوزیشن میں اکھٹے ہوگئے ہیں، فواد چوہدری

    گوجرانوالہ: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کے خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، ملک لوٹنے والے سارے چور اپوزیشن میں اکھٹے ہوگئے ہیں، ان کے ساتھ جیلوں میں ایسا سلوک ہونا چاہئے جیسا غریبوں کے ساتھ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گوجرانوالہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے مذاق بنادیا ہے، جو پہلے سے اکھٹے تھے وہ اب بھی ایک ہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں سے پوچھو قرضے کی رقم کہاں گئی، کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں ہے، قرضوں کا حساب مانگو تو کہتے ہیں جمہوریت خطرے میں ہے، پچھلے 10 سال میں 70 سال سے زیادہ قرضے لیے گئے ہیں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعد رفیق کو گرفتار کیا گیا تو وہ منسٹر انکلیو میں رہنے لگے، 3 بار وزیراعظم رہنے والے کو سرکاری اسپتال پسند نہیں آرہے ہیں، نواز شریف کو پاکستان کے اسپتالوں میں علاج کرانا پسند نہیں ہے، آپ لوگوں نے ملک پر کئی سال حکومت کی لیکن کوئی اسپتال نہ بناسکے جہاں علاج ہوسکے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ اربوں روپے کا لاڑکانہ پیکیج تھا، 90 ارب روپے دبئی میں نکل آئے، جو پیسے لوگوں کو پر خرچ ہونے تھے وہ دبئی اور لندن سے برآمد ہورہے ہیں، عمران خان وزیراعظم ہونے کے باوجود ایک روپیہ سرکاری خزانے سے نہیں لیتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ای سی ایل سے زرداری کا نام نکالنا زیرِ غور نہیں: فواد چوہدری

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزرا عیاشیاں نہیں کررہے ہیں، حکومت کا مشن ہے غریب اور امیر کے لیے ایک قانون ہو، عمران کی جدوجہد 22 سال پر محیط ہے، حکومت کو گری ہوئی تباہ حال معیشت ورثے میں ملی ہے۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کررہا ہے، تمام ممالک پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان یمن اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کبھی ڈیل نہیں کریں گے، وزیراعظم نے 6 ماہ میں پاکستان کو موثر طاقت بنایا ہے، عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں نہیں بنی گالا میں رہتے ہیں، اخراجات خود برداشت کرتے ہیں، ماضی میں جاتی امرا کی دیوار بنانے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔

  • مسلم لیگ ن گمراہ کن پروپیگنڈہ کررہی ہے، نعیم الحق

    مسلم لیگ ن گمراہ کن پروپیگنڈہ کررہی ہے، نعیم الحق

    راولپنڈی: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن گمراہ کن پروپیگنڈہ کررہی ہے، نواز شریف کو سہولتیں میسر ہیں، شہباز شریف نے آتے ہی وزیراعظم پر فقرے کسنے شروع کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے کہا تھا ملزم کیسے پی اے سی میں شرکت کرسکتے ہیں، ہمیں پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں، پاکستان کے دور دراز علاقوں میں گراؤنڈز آباد کریں گے اور درخت لگائیں گے، چاہتے ہیں نئی نسل ایک صحت مند ماحول میں نشو نما پائے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ وہ ہیرے جو ریت میں چھپے ہیں کھیل سے ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، وزیراعظم انقلابی تبدیلی لارہے ہیں اور مزید گراؤنڈز بھی بنا رہے ہیں، جو نظام ملک میں رائج ہے اس میں مسائل کا حل موجود نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: ملک لوٹنےوالوں کاٹولہ ایک ہوگیا،نعیم الحق کااپوزیشن کےاتحاد پرتبصرہ

    انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر بنانے جارہے ہیں اور اس کا آغاز ہوچکا ہے، ڈگریوں والے افراد کی بے روزگاری کی ذمہ دار گزشتہ حکومت ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔

    نعیم الحق نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر جو اس وقت قومی اسمبلی میں کررہے ہیں وہ افسوس ناک ہے، وزیراعظم نے پارلیمںٹ کے لیے اچھی تقریر تیار کی تھی، اپوزیشن کے شور شرابے کی وجہ سے وزیراعظم تقریر نہ کرسکے۔

    سانحہ ساہیوال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ سانحہ ساہیوال کے قاتلوں پر مقدمہ بن چکا ہے، ملزمان کو قرار واقعی سزا ملے گی۔

  • سوات کو دوسرا سوئٹزر لینڈ کہا جاتا ہے: سوئس سفیر تھامس کولے

    سوات کو دوسرا سوئٹزر لینڈ کہا جاتا ہے: سوئس سفیر تھامس کولے

    سوات: پاکستان میں تعینات سوئٹزر لینڈ کے سفیر تھامس کولے نے ضلع سوات کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوات کو دوسرا سوئٹزرلینڈ بھی کہا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئس سفیر تھامس کولے نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوات آ کر گھر کی طرح محسوس کر رہا ہوں۔

    سوئس سفیر نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اور سوئٹزر لینڈ حکومت گزشتہ 50 سال سے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سوات کو دوسرا سوئٹزر لینڈ بھی کہا جاتا ہے، مجھے بھی یہاں آ کر گھر کی طرح محسوس ہوتا ہے، خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے خیبر پختون خوا ٹور ازم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔

     

    عاطف خان کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کی منظوری کابینہ دے چکی ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے ویزہ پالیسی میں رعایت دے رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستان کے تشخص کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس خطے کے لوگ ترقی اور امن کا فروغ چاہتے ہیں۔

    وزیرِ سیاحت و ثقافت کا کہنا تھا کہ چترال اور ہزارہ میں سکی ریزارٹ بنائے جائیں گے۔

  • آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے درخواستوں پرسماعت آج ہوگی

    آصف علی زرداری کی نااہلی کے لیے درخواستوں پرسماعت آج ہوگی

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اظہرمن اللہ کی سربراہی میں آصف علی زرداری کی نا اہلی کے لیے تحریک انصاف کی درخواستوں پرسماعت آج ہوگی۔

    تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کی طرف سے دائر درخواستوں میں آصف علی زرداری کی بطور پارٹی سربراہ اور رکن قومی اسمبلی تاحیات نا اہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے اپنے اثاثے چھپائے، اس لیے وہ صادق اور امین نہیں رہے اور رکن اسمبلی بننے کے اہل نہیں ہیں، انہیں آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔

    یاد رہے گزشتہ روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی نااہلی کے لیے درخواستوں پر رجسٹرار کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے کیس ابتدائی سماعت کے لیے مقرر کیا تھا اور حکم دیا تھا رجسٹرار آفس دونوں درخواستوں کو نمبر لگا دیں۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے عثمان ڈار اور خرم شیر زمان کے وکیل سے کہا تھا سیاسی درخواست عدالت لے کر کیوں آتے ہیں ؟ درخواست کا متعلقہ فورم الیکشن کمیشن ہے، سیاسی لڑائی سیاسی فورم اور پارلیمنٹ میں لڑنی چاہیے۔ عدالت میں متعدد کیسز زیر التوا ہیں۔

  • ٹکراؤ سیاست کا حصہ ہے مگر ہم چاہتے ہیں یہ نظام چلے، خورشید شاہ

    ٹکراؤ سیاست کا حصہ ہے مگر ہم چاہتے ہیں یہ نظام چلے، خورشید شاہ

    گھوٹکی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی نے سندھ حکومت گرانے کی کوشش کی تو نقصان اس کو ہوگا، ٹکراؤ سیاست کا حصہ ہے مگر ہم چاہتے ہیں یہ نظام چلے۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپوزیشن سے خطرہ نہیں ہونا چاہئے، جو نظام ہم نے چلایا تھا اس کو آگے لے کر جانے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک چلانے کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت کی ہے، اپوزیشن چاہتی یہے حکومت بہتری کی طرف گامزن ہو مگر ایسا ہو نہیں رہا ہے۔

    پیپلزپارٹی رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ منی بجٹ میں کسانوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، بجلی کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: اگربنی گالہ کوریگولرائزکیا جاسکتا ہے تودیگرکوبھی کرنا چاہیے‘ خورشیدشاہ

    واضح رہے کہ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا فرض ہے کہ ان لوگوں کو چھت فراہم کرے جن کے پاس گھر نہیں ہے، حالیہ بجٹ تو صنعت کاروں سے کیے گئے وعدے کے لیے تھا، صنعت کاروں کو ریلیف دینا چاہئے لیکن کیا زراعت کو ریلیف دیا۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگراپوزیشن لیڈر نہیں ہوگا توپارلیمنٹ کیسے چلے گی، ہم نہیں چاہتے کہ کوئی سول نافرمانی کی تحریک چلے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 5 جنوری کو وفاقی وزیردفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان اگلی بار بھی اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

  • کسی سیاسی مخالف کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی، چوہدری سرور

    کسی سیاسی مخالف کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی، چوہدری سرور

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ کسی سیاسی مخالف کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی، عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری سرور نے کہا کہ حکومت نے کرپشن کے خلاف جہاد شروع کر رکھا ہے۔

    ملک میں احتساب کا عمل پٹواری اور سپاہی سے نہیں بلکہ اوپر سے شروع ہوگا، وزیر اعظم سمیت ہم سب خود کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں، کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اپوزیشن بتائے ان کے خلاف کون سا کیس حکومت نے بنایا؟

    ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے، حکومت انصاف کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے کام کررہی ہے، کسی سیاسی مخالف کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی، حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

  • کراچی: تحریک انصاف کے ایم پی اے رمضان گھانچی پرفائرنگ کا مقدمہ درج

    کراچی: تحریک انصاف کے ایم پی اے رمضان گھانچی پرفائرنگ کا مقدمہ درج

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اوررکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر فائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے پرانا حاجی کیمپ میں تحریک انصاف کے رہنما پرفائرنگ کا مقدمہ زخمی ایم پی اے رمضان گھانچی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔

    نیپئرتھانے میں درج مقدمے میں 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا جن میں سے 2 ملزمان گرفتارکرلیے گئے، مقدمہ نمبر16/2019 میں اقدام قتل، لڑائی جھگڑے کی دفعات شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں ایم پی اے رمضان گھانچی پر فائرنگ ان کے دفتر کے باہر ہوئی جس کے باعث وہ زخمی ہوگئے، علاقہ مکینوں نے انہیں سول اسپتال منتقل کیا۔

    کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، پی ٹی آئی رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی زخمی

    سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 109 سے منختب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی کو سول اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ دہشت گردی ہے، شہر کے امن کو دوبارہ خراب کیا جارہا ہے۔

    وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی رمضان گھانچی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔