Tag: تحریک انصاف

  • جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر اپوزیشن کو عوام کی یاد ستانے لگی، فواد چوہدری

    جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر اپوزیشن کو عوام کی یاد ستانے لگی، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر اپوزیشن کو عوام کی یاد ستانے لگی ہے، کاش انہیں اقتدار میں رہ کر معیشت کی بدحالی نظر آتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپوزیشن رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے لوٹ مار کرنے والوں کو اقتدار سے اٹھا کر باہر پھینک دیا ہے، ان کے کرتوتوں کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن نے معیشت کی جڑیں کھوکھلی کیں، ملک قرض کی دلدل میں دھکیلا، بے رحمی سے قوم کا سرمایہ لوٹنے والے آج معصوم بننے کی کوشش نہ کریں۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشی مسائل کے حل کے لیے اپوزیشن نواز شریف اور زرداری کے خلاف پریس کانفرنس کرے، اپویزشن ارکان انہیں لوٹی ہوئی دولت وطن واپس لانے کا کہیں، اپوزیشن رہنما ایسی پریس کانفرنسز سے اعانت جرم کے مرتکب ہورہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ باتیں کرنے والوں سے مہمند ڈیم کی تعمیر کا عملی اقدام برداشت نہیں ہورہا ہے، اپنا گھر بھرنے والوں کو عوام کے لیے ڈیم کا منصوبہ ہضم نہیں ہورہا ہے۔

    یہ پڑھیں: زرداری صاحب اور نوازشریف کی سیاست دفن ہوچکی ہے: فواد چوہدری

    فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سب سے بڑی شناخت ان کی دیانت داری ہے، بددیانتی کی علامتیں مشورے دینے کی بجائے اپنے اعمال پر توبہ کریں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید کی تھی ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے یا نہیں فیصلہ تو کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تنقید نہیں کررہا حقائق عوام کے سامنے رکھ رہا ہوں، بے روزگاری بڑھنا اور افراط زر میں کمی ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔

  • چوہدری نثار ن لیگ کا فارورڈ بلاک بنائیں گے، فیصل واوڈا

    چوہدری نثار ن لیگ کا فارورڈ بلاک بنائیں گے، فیصل واوڈا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں چوہدری نثار ن لیگ کا فارورڈ بلاک بنائیں گے، پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کا حصہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں چوہدری نثار مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بنائیں گے ہم تو خود ان کو تاش کے پتوں کی طرح بکھرتے دیکھ رہے ہیں۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سارے لوگ بے ایمان اور چور نہیں ہیں، بہت سے لوگوں کو اندر جانا، بہت سے لوگوں کو باہر آنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نئے سال کے تحت بہت ساری خوشخبریاں آئیں گی، پنجاب میں پی ٹی آئی مضبوط ہوگیی یہ سوچ بھی نہیں سکتے ہیں۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزارت کے ماتحت کسی بھی معاملے پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اپنی وزارت میں خود بھی میں کوئی کنٹریکٹ نہیں دے سکتا، میری وزارت سے متعلق کوئی بھی کنٹریکٹ تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہوگا۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک یقینی ہے: فیصل واوڈا کا دعویٰ

    واضح رہے کہ چند روز قبل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کا فارورڈ بلاک یقینی ہے، پیپلزپارٹی کے فارورڈ بلاک میں 20 سے 26 ارکان جاسکتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بچ بھی گئی تو نئے وزیراعلیٰ کا نام بھی شاہ ہی ہوگا، جو لوگ وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں وہ شاہ ہیں اور میرے دوست ہیں۔

  • روٹی، کپڑا، مکان والوں نے مکان کی جگہ بلاول ہاؤس بنائے، ترجمان پی ٹی آئی سندھ

    روٹی، کپڑا، مکان والوں نے مکان کی جگہ بلاول ہاؤس بنائے، ترجمان پی ٹی آئی سندھ

    کراچی: ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا، مکان والوں نے مکان کی جگہ بلاول ہاؤس بنائے، پی ٹی آئی سندھ کی قیادت پی پی کے لیے لوہے کے چنے ثابت ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی رہنما ناصر شاہ کے بیان پر پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ناصر حسین شاہ وزیراعلیٰ کا سن کر خوشی سے پھولے جارہے ہیں، وہ بے فکر رہیں وہ وزیراعلیٰ نہیں بن رہے ہیں۔

    ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ لوٹ مار سامنے آنے کے بعد بھی ناصر شاہ تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ منشی کا کردار ادا کرتے رہے اب سندھ کارڈ یاد آگیا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ سی پیک قوم کا منصوبہ ہے، پیپلزپارٹی کا بلاول ہاؤس نہیں ہے، جن کے کتے عوام کے پیسوں سے کھائیں وہ سندھ کی بات کررہے ہیں۔

    ترجمان پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ ہمارے ممبران کو جو ووٹ ملے وہ عوام نے دئیے، پیپلزپارٹی کی طرح ٹھپہ مافیا نے ووٹ نہیں دئیے۔

    مزید پڑھیں: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری جلد سندھ کا دورہ کریں گے

    واضح رہے کہ پیپلزپارٹی رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ سے انصاف کی امید ہے، پیپلزپارٹی کے رہنما عدالتوں سے سرخرو ہوں گے، یقین ہے ہمیں عدالت سے انصاف ملے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ترقی روکنے کے لیے کیا گیا، مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنا بھی سازش ہے، وزیراعلیٰ سندھ کا بغیر کسی کیس اور ثبوت کے نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ یہ سب قیاس آرائیاں ہیں، سب افواہیں ہیں، کوئی صداقت نہیں، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہی رہیں گے۔

  • ای سی ایل میں نام ہے یا نہیں، بلاول بھٹو سفر کرکے دیکھ لیں، فیصل واوڈا

    ای سی ایل میں نام ہے یا نہیں، بلاول بھٹو سفر کرکے دیکھ لیں، فیصل واوڈا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ای سی ایل میں نام ہے یا نہیں بلاول بھٹو سفر کرکے دیکھ لیں، وہ سفر کے لیے نکلیں گے تو جواب بھی مل جائے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر تمام افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ ہوا ہے، ہم ان کی طرح کرپشن کرپشن کی سیاست نہیں کرسکتے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری نے لاڈلے کا ذکر کیا تو لاڈلے تو نواز شریف ہیں، انہوں نے پھٹے ہوئے ڈھول کی بات کی تو وہ بھی نواز شریف ہیں، والد کہہ رہے ہیں حملہ کریں گے اور بیٹا آلہ کار ہونے کا الزام لگا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے خلاف کسی نے آواز نہیں اٹھائی، 18ویں ترمیم کالا قانون ہے، اکیلا کھڑا ہوں اس کے خلاف لڑوں گا۔

    یہ پڑھیں: نوازشریف نے رہائی کے عوض حکومت کو دو ارب ڈالر کی آفرکی، فیصل واوڈا کا دعویٰ

    فیصل واوڈا نے کہا کہ 2 جماعتیں پارلیمںٹ کی بے حرمتی کی بات کررہی ہوں تو ایسی پارلیمنٹ کو بلڈوز کردیا جائے، ایک سے 13 شوگر ملیں بن گئیں اس بے حرمتی کی بات کریں، ٹریکٹر اسکیم، سبسڈی سے اومنی گروپ کو فائدہ ہوا اس بے حرمتی کی بات کریں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی کے خلاف بات کریں تو ن لیگ جواب دیتی ہے، ن لیگ پر بات ہو تو پی پی جواب دے رہی ہے، جب ان کی کرپشن پر گفتگو کریں تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں اگر مینڈیٹ دلایا گیا ہے تو پیپلزپارٹی کو سندھ کیسے مل گیا، انہیں سندھ مل جائے تو ٹھیک ہمیں وفاق ملا تو ان کو غلط لگتا ہے۔

  • پیپلزپارٹی نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ دشمن بھی نہیں کرسکتا، سینیٹر فیصل جاوید

    پیپلزپارٹی نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ دشمن بھی نہیں کرسکتا، سینیٹر فیصل جاوید

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ دشمن بھی نہیں کرسکتا، قوم غریب ہوتی گئی اور یہ امیر سے امیر ہوتے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے پیپلزپارٹی رہنماؤں کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں دو جماعتوں نے چارٹر آف کرپشن کررکھا تھا، پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن، منی لانڈرنگ کی روک تھام کی۔

    سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ یہ آج اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ڈرے ہوئے ہیں، جے آئی ٹی نے ان کی کرپشن سامنے رکھ دی ہے۔

    یہ پڑھیں: جمہوری طریقے سے الیکشن جیت کر ہم دوبارہ واپس آئیں گے، آصف زرداری

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کرپشن چھپانے کے لیے قانون سازی ہوتی رہی ہے، احتساب کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا، منی لانڈرنگ کرکے جائیداد بنانے والوں کے پیچھے جائیں گے۔

    فیصل جاوید نے کہا کہ چارٹر آف کرپشن دو پارٹیوں کی آپس کی ڈیل تھی، ہمارے یہاں کس طرح کرپشن کرنی ہے اس کے لیے قانون سازی ہوتی تھی، آنے والا وقت پاکستان کے لیے سب سے زبردست ہے۔

    مزید پڑھیں: حکومت کا آصف علی زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

    دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ آصف زرداری نے دراصل لاڈلے کی بات کرکے نواز شریف کو ٹارگٹ کیا ہے، زرداری نے حملہ نواز شریف پر کیا ہے مقدمات ان کے دور میں بنے تھے۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان نے 18 ویں ترمیم یا ون یونٹ پر ایک بار بھی بات نہیں کی، 18ویں ترمیم کے خلاف تو میں پورے پاکستان میں اکیلا گھوم رہا ہوں، عمران خان کو لایا گیا ہے تو پیپلزپارٹی کی سندھ میں حکومت کیسے بنی ہے۔

  • عوام دوست پالیسیوں سے تحریک انصاف مقبول ترین جماعت بن گئی ہے‘ عثمان بزدار

    عوام دوست پالیسیوں سے تحریک انصاف مقبول ترین جماعت بن گئی ہے‘ عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا دور پائیدارترقی اورعوام کی حقیقی خوشحالی کا دور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے شوکت بسرا نے ملاقات کی۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے انقلابی منشور کے باعث شاندار کامیابی حاصل کی، عوام دوست پالیسیوں سے تحریک ا نصاف مقبول ترین جماعت بن گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کا دورپائیدارترقی اورعوام کی حقیقی خوشحالی کا دور ہے، تحریک انصاف نے چند ماہ میں وہ کام کیے جو ماضی میں برسوں میں نہ ہوا۔

    وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو نئی سمت دی ہے۔

    تحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے، 100 دن میں جتنا کام کیا گزشتہ حکومتیں کسی دورمیں نہ کرسکیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہر پسماندہ تحصیل کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے، نئے پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔

  • نوازشریف نے رہائی کے عوض حکومت کو دو ارب ڈالر کی آفرکی، فیصل واوڈا کا دعویٰ

    نوازشریف نے رہائی کے عوض حکومت کو دو ارب ڈالر کی آفرکی، فیصل واوڈا کا دعویٰ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی جان چھڑانے کیلئے دو ارب ڈالر دینے کی آفر دے چکے ہیں، جو اولاد پیسے کے لئے باپ کو پھنسا دے ایسی سیاست کا کیا فائدہ ہے؟

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ’’حضور یہ ہیں وہ ذرائع‘‘ اور پھر وہ ان ہی ذرائع سے لاتعلق ہوگئے۔

    سابق وزیراعظم چاہتےہیں کہ دو ارب ڈالر کے بدلے ان کی جان چھوڑدی جائے،  قید تنہائی کاٹنا ن لیگی قائد کے بس کی بات نہیں, اس کے لیے وہ دو ارب ڈالر دینے کی آفر بھی دے چکے ہیں، نوازشریف نے رشوت کی یہ آفر حکومت کو کی ہے، جو اولاد پیسے کے لئے باپ کو پھنسا دے ایسی سیاست کا کیا فائدہ ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی رہنما نے دمادم مست قلندر کی والی بات کرسمس یا نیوایئرپارٹی سے متعلق کہی ہوگی، آصف زرداری کے خلاف کیس ن لیگ کے دور حکومت میں بنائے گئے اور جےآئی ٹی نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے۔

    دمادم مست قلندر کی بات کی جاتی ہے دونوں جماعتیں مل کر دکھائیں، دمادم مست قلندر وہ کریں کھانا اور گاڑیاں ہم خود فراہم کریں گے۔

    فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ آج سے پہلے ٹو پارٹی رول تھا، پہلے ان کی پھر دوسرے کی باری آتی تھی، شریف خاندان کے ملک اور بیرون ملک بھی رشتے دار ہیں جو پیسے دیتے ہیں۔

    مصدق ملک نے پارٹی کا ایسا دفاع کیا اب تو رونا آگیا، موجودہ کابینہ کام کرکے دکھا رہی ہے تو انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں، ن لیگ اور پی پی کی حکومتوں نے ماضی میں کرپٹ لوگوں کو کیوں نہیں پکڑا؟

  • آصف زرداری کے خلاف پوری چارج شیٹ آگئی ہے، شہزاد اکبر

    آصف زرداری کے خلاف پوری چارج شیٹ آگئی ہے، شہزاد اکبر

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف پوری چارج شیٹ آگئی ہے، جے آئی ٹی تمام حقیقت سامنے لے آئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، شہزاد اکبر نے کہا کہ جے آئی ٹی حکومت نے نہیں سپریم کورٹ نے بنائی ہے، جے آئی ٹی اس لیے بنائی گئی تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما کی جے آئی ٹی بھی پی ٹی آئی پٹیشن پر سپریم کورٹ نے بنائی تھی، اپوزیشن جے آئی ٹی بنانا چاہتی ہے تو جائیں عدالت اور پٹیشن دائر کریں۔

    ایک سوال کے جواب میں شہزاد اکبر نے کہا کہ علیمہ خان نے سرکاری عہدہ کبھی نہیں رکھا۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس پر جے آئی ٹی سپریم کورٹ پر حکم پر بنائی گئی ہے، میں نے کل جو باتیں کیں وہ سب جے آئی ٹی میں لکھا ہے، میں جے آئی ٹی سے نہیں ملا، کئی بار تردید کرچکا ہوں۔

    یہ پڑھیں: جے آئی ٹی نے زرداری سسٹم کو بے نقاب کر دیا ہے: شہزاد اکبر

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شہزاد اکبر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ جے آئی ٹی نے زرداری سسٹم کو بے نقاب کردیا ہے، منی لانڈرنگ سمجھنے کے لیے صدیوں تک آصف زرداری کی داستان کا ذکر رہے گا۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ پیسے ایک سے دوسرے اور پھر تیسرے اکاؤنٹ میں ڈالے جاتے رہے، منی لانڈرنگ کیس دیکھا جائے تو اس کے سامنے نواز شریف کو بے چارہ سمجھتا ہوں، غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر بینک اکاؤنٹس کے بجائے بینک ہی بنا لیا گیا۔

  • نواز شریف اور زرداری کا طریقہ واردات ایک جیسا ہے، فواد چوہدری

    نواز شریف اور زرداری کا طریقہ واردات ایک جیسا ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری کا طریقہ واردات ایک جیسا ہے، دونوں کو ٹھگز آف پاکستان کہتا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کے درمیان چارٹر آف کرپشن تھا، دونوں نے لوٹ مار اور کرپشن کو جمہوریت کا نام دیا تھا۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ سب سے بڑا منی لانڈرنگ کا نیٹ ورک دونوں خاندان مل کر چلا رہے تھے، شریف خاندان ہو یا زرداری رہن سہن شاہانہ ہے، ہمارا مینڈیٹ احتساب کرنا اور چوروں کو پکڑنا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے کمپنیاں بنا کر پاکستان کا پیسہ بیرون ملک منتقل کیا، شریف خاندان نے پاکستان کے پروجیکٹ میں پیسہ کھایا، ان کا ایک ہی کاروبار کرپشن تھا، عدالت یہی پوچھ رہی تھی بتائیں یہ سب پیسہ کہاں سے آیا۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف اور آصف زرداری دونوں بے نقاب ہو چکے: فواد چوہدری

    انہوں نے کہا کہ شریف برادران جنرل ضیا سے پہلے کونسلر بھی نہیں بن سکتے تھے، نواز شریف کے بیٹے کی لندن میں اربوں ڈالرز کی ایکویٹی ہے جو ریکارڈ ان سے مانگا جاتا تھا وہ جل جاتا تھا، ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کی جاتی تھی جس پر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ کے لوگ نیب کے ساتھ تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے تھے، ن لیگ کے رہنماؤں کو نیب سے تعاون نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا، یہ تمام مقدمات ہمارے دور میں نہیں بنے، پی ٹی آئی نے صرف اداروں کو مضبوط کیا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ احسن اقبال بھول گئے نواز شریف کو پاکستان پر کس نے مسلط کیا تھا، وہ ناامیدی اور مایوسی کا شکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کا 35 فیصد ترقیاتی بجٹ زرداری گروپ میں چلا گیا، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے، جب نواز شریف اقتدار سے گئے تو 24 ٹریلین کا قرضوں میں اضافہ ہوا۔

  • عدالتی فیصلے سے ثابت ہوگیا نواز شریف کرپشن کے گاڈ فادر ہیں، خرم شیر زمان

    عدالتی فیصلے سے ثابت ہوگیا نواز شریف کرپشن کے گاڈ فادر ہیں، خرم شیر زمان

    کراچی: تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ نواز شریف کرپشن کے گاڈ فادر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پہلا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہے، وزیراعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف جنگ تیزی سے جاری ہے۔

    خرم شیر زمان نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والے ہر شخص کا احتساب ہوگا، احتساب کا آغاز نواز شریف سے ہوچکا ہے، کرپشن کے گاڈ فادر نواز شریف کے بعد اب گاڈ فادر زرداری کی باری ہے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جلد ہی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی اڈیالہ کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

    یہ پڑھیں: اداروں نے بڑے مگر مچھوں کے احتساب کا فیصلہ کرلیا، خرم شیر زمان

    واضح رہے کہ چند روز قبل خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ نیب آزاد ادارے کی حیثیت سے کام کررہا ہے، اداروں نے بڑے مگرمچھوں کے احتساب کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی پی اور مسلم لیگ ن کا دہرا معیار قابل قبول نہیں ہے، تحریک انصاف کی حکومت کا جرم صرف یہ ہے کہ ہم نے کرپشن کرنے والے شخص کو کرپٹ ہی بولا کیونکہ عوام نے ہمیں کرپشن کے خاتمے اور اداروں کو آزاد کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف کو سات سال قید کی سزا، کمرہ عدالت سے گرفتار

    یاد رہے کہ آج احتساب عدالت کے معزز جج ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا مختصر فیصلہ سنایا، انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا گیا ہے جبکہ العزیزیہ میں سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔