Tag: تحریک انصاف

  • اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی کیلئے ووٹنگ کے بعد فردوس شمیم نقوی کا نام فائنل

    اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی کیلئے ووٹنگ کے بعد فردوس شمیم نقوی کا نام فائنل

    کراچی : تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے فردوس شمیم نقوی کا نام فائنل کرلیا، اس منصب کیلئے حلیم عادل شیخ بھی امیدوار تھے، خرم شیر زمان اپوزیشن لیڈر کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن سندھ اسمبلی کی تقرری کیلئے تحریک انصاف کے ایم پی ایز کا اہم اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے دو نام فائنل کیے گئے جس کیلئے ووٹنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    فردوس شمیم نقوی اور حلیم عادل شیخ کےدرمیان مقابلہ تھا، ووٹنگ میں فردوس شمیم نقوی نے15ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل حلیم عادل شیخ 13ووٹ لے سکے۔

    جیتنے والے امیدوار فردوس شمیم نقوی کا نام منظوری کیلئے چیئرمین تحریک انصاف کو بھیجا جائے گا، اپوزیشن لیڈرکے نام کاحتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

    مزید پڑھیں: سندھ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حلیم عادل شیخ کے نام پر پی ٹی آئی ارکان کے تحفظات

    واضح رہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے حلیم عادل شیخ کے نام پر تحریکِ انصاف کے ایم پی ایز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، پی ٹی آئی ایم پی ایز کو حلیم عادل شیخ کا نام بطور اپوزیشن لیڈر منظور نہیں تھا۔

  • عارف علوی کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ اور سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ

    عارف علوی کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ اور سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ

    اسلام آباد : صدارتی امیدوار عارف علوی نے اراکین پارلیمنٹ اور سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اتحادی اراکین نے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروادی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، عشائیے میں تحریک انصاف اورحکومتی اتحاد کے ارکان اسمبلی اورسینیٹرز شریک ہوئے۔

    تقریب میں شیخ رشید، اخترمینگل، ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت بھی موجود تھی، تمام اراکین کا عارف علوی، قاسم سوری اور فرخ حبیب نے استقبال کیا۔

    اس موقع پر اتحادی اراکین کی جانب سے عارف علوی کی مکمل حمایت کااعلان کیا گیا، اتحادی اراکین کا کہنا تھا کہ کل صدارتی انتخاب میں عارف علوی کو ہی ووٹ دیں گے اور عارف علوی ہی اگلے صدر پاکستان ہوں گے۔

    عارف علوی نے تمام اراکین کی آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اراکین اوراتحادیوں کی حمایت کامشکور ہوں، صدر پاکستان بننے کے بعد سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے تیرہویں صدر کا انتخاب کل چار ستمبر کو ہوگا، صدارتی انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے عارف علوی ، پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن اور مسلم لیگ ن سمیت متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمن میدان میں ہیں۔

    مزید پڑھیں: عمران خان نے ڈاکٹرعارف علوی کو صدارتی امیدوارنامزد کردیا

    اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں، اسلام آباد اور چاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس کو پریزائیڈنگ افسران مقرر کیا گیا ہے۔

  • عارف علوی بہترین صدر ثابت ہونگے، پی ٹی آئی اشرافیہ کو عہدے نہیں دیتی، چوہدری سرور

    عارف علوی بہترین صدر ثابت ہونگے، پی ٹی آئی اشرافیہ کو عہدے نہیں دیتی، چوہدری سرور

    لاہور : پنجاب کے گورنر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ عارف علوی پاکستان کے لئے بہترین صدر ثابت ہوں گے، پی ٹی آئی میں اشرافیہ کو عہدے نہیں دیئے جاتے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ عارف علوی کی نامزدگی پر پی ٹی آئی کارکنان خوش ہیں، پارٹی ممبرز بھرپور طریقے سے صدارتی انتخاب کی مہم چلارہےہیں۔

    عارف علوی پاکستان کےلئے بہترین صدر ثابت ہوں گے، عارف علوی پی ٹی آئی کے بانی ممبرز میں سے ہیں، پی ٹی آئی میں اشرافیہ کو عہدے نہیں دیئے جاتے۔

    چوہدری سرور نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کیلئے کے پی سے اسد قیصر کو چنا گیا، وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے تمام صوبوں کی نمائندگی کرنی ہے، انشااللہ صدارتی انتخاب اکثریت کےساتھ جیتیں گے، چار ستمبر کو پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن میں اتحاد ہوتا ہے تو وہ کسی نظریے کی بنیاد پرہوتا ہے، اپوزیشن میں شامل جماعتوں کے الگ الگ منشور ہیں، اپوزیشن صرف ایک بار اکٹھی ہوئیں مگر اس میں بھی قیادت شامل نہ تھی۔

    چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان کےعوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے، پاکستان کے عوام کسی قسم کے تخریبی احتجاج کو قبول نہیں کریں گے، عوام پی ٹی آئی کی حکومت کو مسائل کے حل کیلئے بھرپور موقع دے گی، سینیٹ الیکشن کے وقت کہا تھا یہ پی ٹی آئی کی پہلی فتح ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سےایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ہوئی ہے جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ایرانی وزیرخارجہ نے وزیر اعظم کو ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے ایران کے سپریم لیڈر کی طرف سے مسئلہ کشمیر کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے، وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام مخالف سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔

    آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات

    یاد رہے کہ ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سربراہ کانفرنس آئندہ ماہ اکتوبر میں ایران میں ہورہی ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد شریف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجو ہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔

     

  • ہیلی کاپٹر کا کرایہ پچپن کے بجائے پینسٹھ روپے دینے پر تیار ہوں، سردار ایاز صادق

    ہیلی کاپٹر کا کرایہ پچپن کے بجائے پینسٹھ روپے دینے پر تیار ہوں، سردار ایاز صادق

    لاہور : سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے ہیلی کاپٹر سروس چلائیں وہ پچپن کے بجائے پینسٹھ روپے کرایہ دینے کے لئے تیار ہوں، لاہور آج بھی ن لیگ کا قلعہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ہیلی کاپٹر استعمال کے حوالے سے تحریک انصاف کی وضاحتیں سن کر سابق اسپیکر بھی طنز سے باز نہ آئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بغیر پروٹوکول کے دعوے دار اب حکومت ملنے پر ہیلی کاپٹر سے نیچے اترنے کا نام ہی نہیں لیتے۔ گاڑیوں کے قافلے میں اسپتال جائیں تو بچے پروٹوکول کی نذر ہو جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں ہیلی کاپٹر کا کرایہ55کے بجائے پیسنٹھ روپے دینے کے لئے تیار ہوں، سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے متحدہ اپوزیشن کے نام پر دھوکہ دیا۔ مشاورت کے بغیر ہی صدارتی امیدوار میدان میں اتار دیا۔

    شیخ رشید نے ریلوے افسران کے خلاف جیسی بات کی انہیں ویسا ہی جواب مل گیا۔ دریں اثناء سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ این اے131میں چودہ اکتوبر کو ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے۔ ن لیگی شیر کو ووٹ دے کر ثابت کریں گے کہ لاہور آج بھی ن لیگ کا قلعہ ہے۔

  • صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کریں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کریں گے: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کرے گی، وفد کو عارف علوی کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح پاکستان تحریک انصاف کا وفد بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچا۔ وفد میں صدارتی امیدوار عارف علوی، وزیر دفاع پرویز خٹک، اور جہانگیر ترین شامل تھے۔

    تحریک انصاف وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی۔

    ملاقات کے بعد مشترکہ بریفنگ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے وفد کی آمد پر مشکور ہیں۔ تحریک انصاف کے ساتھ اچھے ماحول میں حکومتی سازی کا حصہ بنے۔ بلوچستان پاکستان کا زمینی لحاظ سے بڑا صوبہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پسماندگی کے لحاظ سے بلوچستان بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ بلوچستان کے حالات کی تبدیلی کے لیے تحریک انصاف کے اتحادی بنے، پیکج، ترمیم یا مذاکرات کے ذریعے بلوچستان تبدیل نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ نئے بلوچستان کے لیے محنت کریں گے۔ بلوچستان عوامی پارٹی صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کرے گی، وفد کو عارف علوی کی حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    صدارتی امیدوار عارف علوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت کرنے پر مشکور ہوں۔ بلوچستان کے نمائندے کہتے تھے وعدہ ہوتا ہے لیکن عمل نہیں ہوگا۔ عمران خان کو جانتاہوں وعدہ کرتے ہیں تو پورا کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بدلنے کے لیے تحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کوشاں ہے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ بلوچستان کے حالات تبدیل کریں۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو حصہ مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، حالات ایسے ہوں گے کہ وفاق بلوچستان میں حصہ ڈالے گا۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پروٹوکول میں دوستوں کی گاڑیاں ہوتی تھیں۔

    وزیر دفاع پرویز خٹک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال وزیر اعلیٰ رہا 2 گاڑیوں میں گھوما کرتا تھا۔ پروٹوکول سے متعلق اہم اقدامات کرنا ہوں گے۔ پروٹوکول کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہونی چاہئیں۔

  • خیبر پختونخوا کی 15رکنی کابینہ کے وزراء کو قلمدان سونپ دیے گئے

    خیبر پختونخوا کی 15رکنی کابینہ کے وزراء کو قلمدان سونپ دیے گئے

    اسلام آباد : خیبرپختونخوا کابینہ کیلئے وزراء اور ان کے محکموں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا، محمد عاطف خان کو سینئر وزیر اور سیاحت کا قلمدان دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی 15رکنی کابینہ تشکیل کی تشکیل کا مرحلہ بھی آخر کار مکمل ہوگیا، پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے کے پی کے کابینہ کے اراکین کی منظوری دے دی۔

    ابتدائی طور پر پندرہ رکنی کابینہ میں عاطف خان سینئر وزیر ہیں اور سیاحت کاقلمدان بھی ان کے پاس رہے گا۔

    دیگر وزراء میں شہرام تراکئی وزیر بلدیات، تیمور سلیم جھگڑا وزیر خزانہ، اشتیاق اڑمڑ وزیر جنگلات مقرر کیے گئے ہیں اس کے علاوہ حاجی قلندرخان لودھی کو وزیرخوراک، شکیل احمد ریونیو،،محب اللہ خان وزیر زراعت، امجد علی کو معدنیات اور سلطان خان کو وزارت قانون کا قلمدان سونپ دیا گیا۔

    ہاشم خان وزیر صحت ، کامران بنگش وزیر برائے آئی ٹی، ضیاء اللہ بنگش اور عبدالکریم اور شاہ محمد خان وزیر اعلیٰ کےپی کے مشیر مقرر کیے گئے ہیں جبکہ اختر ایوب خان کے محکمے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

  • پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

    پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان

    کراچی : پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کی تین اہم وکٹیں گرا دیں، حاجی مظفرشجرہ، عبدالقادربلوچ، عبدالباری جیلانی نے تحریک انصاف میں شمولیت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کراچی صدر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملیر سے اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہوئی ہیں، حاجی مظفرشجرہ، عبدالقادربلوچ اور سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی عبدالباری جیلانی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    حاجی مظفر شجرہ بہت نرم دل اور دیانت دار انسان ہیں، پاکستان تحریک انصاف میں جو بھی آتا ہے وہ نئے پاکستان کا عزم کر کے آتا ہے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مظفرحسین شجرہ نے کہا کہ نے کہا کہ عزت کی خاطر پی ٹی آئی میں شامل ہوا ہوں مجھے امید ہے کہ عزت ملے گی، محنت اور لگن سے پی ٹی آئی میں کام کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی جدوجہد متاثر کن ہے، عبدالقادربلوچ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے10سالہ دور میں سندھ مسائل کا گڑھ بن گیا۔ اب پاکستان پیپلز پارٹی کے بس کی بات نہیں کہ وہ سندھ کے مسائل حل کرسکے، ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے وژن کو پورا کریں گے اور خصوصاً کراچی اور سندھ کے مسائل حل کریں گے۔

    دوسری جانب اس حوالے سے ترجمان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ مظفرشجرہ کو پارٹی سے نکال دیا گیا تھا، مظفرشجرہ نے پارٹی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی، بلاول بھٹو نے مظفرشجرہ کی بنیادی رکنیت خود ختم کی تھی، ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عبدالباری جیلانی کبھی بھی پیپلز پارٹی میں نہیں رہے۔

  • پنجاب کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت مکمل، وزراء کا اعلان دو روز بعد کیا جائے گا

    پنجاب کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت مکمل، وزراء کا اعلان دو روز بعد کیا جائے گا

    اسلام آباد : پنجاب کابینہ پر وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب کی مشاورت مکمل ہوگئی، صوبائی کابینہ میں کون سے وزراء کون سے محکمے لیں گے اس کا اعلان دو روز میں کر دیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کابینہ کی تشکیل کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مشاورت کی ہے، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پندرہ وزراء کو قلمدان سونپے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے نظریاتی اور سینئر ارکان کو بھی وزارتیں دی جائیں گی، محمودالرشید کو ہاؤسنگ اور سی اینڈ ڈبلیو، علیم خان کو بلدیات کا محکمہ ملنے کا امکان ہے۔

    یاسمین راشد وزیر صحت، سبطین خان وزیر زراعت، سمیع اللہ کو چیف وہپ بنائے جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ہاشم جواں بخت تعلیم جبکہ حسنین بہادر خزانے کا محکمہ سنبھالیں گے۔

    میاں اسلم اقبال یا فیاض الحسن چوہان کو اطلاعات کا قلمدان ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، راجہ بشارت پارلیمانی امور اور جہانزیب کچھی کو لائیو اسٹاک، راجہ یاسر کو ہائر ایجوکیشن کا محکمہ دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق مراد راس، اجمل چیمہ اور حافظ عمار کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے گا، اطلاعات کے مطابق وزراء کے نام اور ان کے محکموں کا اعلان دو روز بعد کردیا جائے گا۔

  • شہری پر تشدد، پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد

    شہری پر تشدد، پی ٹی آئی کے ایم پی اے عمران شاہ پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد

    کراچی : تحریک انصاف کی ڈسپلنری کمیٹی نے ڈاکٹر عمران شاہ کو آخری بار تنبیہ کرتے ہوئے ان پر5لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا، 20افراد کا مفت علاج بھی کرنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شہری کو تھپڑ مارنے کے جرم میں پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ پر5لاکھ روپےجرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

    یہ بات کراچی میں تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پی ٹی آئی کی ڈسپلنری کمیٹی کے اراکین کی بھی موجود تھے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ڈاکٹرعمران شاہ نے پارٹی کے سامنے اپنا جرم قبول کرلیا ہے، لہٰذا کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ڈاکٹر عمران شاہ بطور جرمانہ اولڈ پیپلز ہوم میں5لاکھ روپے چندہ دیں گے۔

    اس کے علاوہ وہ ایدھی ہوم میں20بزرگوں کا مفت علاج بھی کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپلنری کمیٹی نے تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹر عمران شاہ نے دوبارہ اس قسم کا ایسا کچھ کیا تو ان کی پارٹی رکنیت منسوخ کرکے سے نکال دیا جائے گا۔

    یاد رہے چند روز قبل تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران علی شاہ نے کراچی میں سڑک پر ایک شہری کو سرعام تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد سے انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا، بعد ازاں نو منتخب رکن نے شہری کے گھر جاکر ان سے معافی مانگی تھی۔

    مزید پڑھیں: شہری پر تشدد ، تحریک انصاف نے ڈاکٹرعمران علی شاہ کی پارٹی رکنیت معطل کردی

    اس کے علاوہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے تحریکِ انصاف کے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ کے ہاتھوں شہری پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور شہریوں کی جانب سے احتجاج اور اپیلوں پر ازخود نوٹس لیا، چیف جسٹس نے عمران شاہ کو تین دن میں عدالت کے روبرو جواب جمع کرانے کا حکم صادر کیا تھا۔