Tag: تحفظات

  • کے پی حکومت کی ’’کرم فریقین‘‘ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

    کے پی حکومت کی ’’کرم فریقین‘‘ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

    مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف سے کرم کے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کی جس میں فریقین کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف سے کرم سے تعلق رکھنے والے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ فریقین نے امن معاہدے کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں پر تبادلہ خیال کیا اور صوبائی مشیر کو اپنے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

    بیرسٹر سیف نے دونوں فریقین کے تحفظات سنے اور انہیں دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کرم معاملے پر حکومت کے مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

    ملاقات میں فریقن نے بنکرز کی مسماری سمیت تمام حکومتی فیصلوں پر عملدرآمد کا اعادہ کیا اور کرم میں قیام امن کے لیے حکومتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس معاملے پر خصوصی دلچسپی لینے پر بیرسٹر سیف کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    اس موقع پر بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں کے پی حکومت کرم معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔ علی امین گنڈاپور نے ایک صدی سے زائد عرصہ سے جاری تنازع کے پُر امن حل میں دلچسپی لی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کرم میں امن کا قیام دونوں فریق اور عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ وہاں کے عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔ دونوں فریق اور عوام شرپسند عناصر سے دور رہیں۔

    مشیر کے پی نے کہا کہ علاقے میں پائیدار امن کی خاطر بنکرز کی مسماری کا عمل جاری ہے اور بلاتفریق دونوں فریقین کے بنکرز مسمار کیے جا رہے ہیں۔ جلد کرم کے لیے امدادی سامان کا بڑا قافلہ روانہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاراچنار اور کرم کے علاقے گزشتہ کئی ماہ سے کشیدگی کا شکار رہے اور درجنوں لوگ جان سے گئے۔ اس معاملے پر وفاقی اور کے پی حکومت نے جرگے اور کوششیں کر کے فریقین میں معاہدہ کرایا۔

  • ن لیگی رہنماؤں نے احسن اقبال پر تحفظات کا اظہار کر دیا

    ن لیگی رہنماؤں نے احسن اقبال پر تحفظات کا اظہار کر دیا

    لاہور: ن لیگی رہنماؤں نے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے بعض رہنماؤں نے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی قیادت کو آگاہ کر دیا ہے۔

    رہنماؤں نے کہا کہ احسن اقبال تنظیم سازی اور کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے موزوں شخص نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تحفظات کا اظہار کرنے والے لیگی رہنماؤں نے مشورہ دیا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں احسن اقبال کی جگہ یہ عہدہ کسی متحرک رہنما کو دیا جائے۔

    مریم نواز کے دورہ ایبٹ آباد سے قبل ہی ن لیگ اختلافات کا شکار

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر احسن اقبال کو اس عہدے سے ہٹایا جاتا ہے تو اس تبدیلی کی صورت میں خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہوں گے۔

  • کرونا وائرس کی ویکسین کب تیار ہوگی اور کب دستیاب ہوگی؟

    کرونا وائرس کی ویکسین کب تیار ہوگی اور کب دستیاب ہوگی؟

    کرونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے حوصلہ افزا خبریں سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، چین اور روس نے مقامی طور پر تیار کردہ ویکسین کا استعمال شروع کردیا ہے۔

    تاہم اس حوالے سے کچھ تحفظات اور سوالات بھی سامنے آرہے ہیں، ذیل میں ہم نے ایسے ہی کچھ سوالات کے جواب دینے کی کوشش کی ہے۔

    ویکسین کے مؤثر ہونے کے بارے میں کب تک علم ہوسکے گا؟

    اس وقت دنیا بھر میں درجن بھر ادارے کرونا وائرس کی ویکسین پر کام کر رہے ہیں جبکہ ہزاروں شرکا پر ویکسینز کے ٹرائلز یا انسانی آزمائش کی جارہی ہے، ان ٹرائلز کے نتائج سال رواں کے آخر تک حتمی طور پر سامنے آجائیں گے جس سے علم ہوسکے گا کہ کون سی ویکسین کتنی مؤثر اور محفوظ ہے۔

    ان سب میں سب سے جلد بننے والی ویکسین سوئیڈش برطانوی فارما سیوٹیکل کمپنی ایسٹرا زینیکا کی ہوسکتی ہے جس کی اسٹڈی اسی ماہ مکمل ہوجانے کی امید ہے۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکی ماہر وبائی امراض ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ امریکی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی ماڈرینا کی ویکسین کے فیصلہ کن نتائج نومبر یا دسمبر تک آجائیں گے۔

    ان کے علاوہ بقیہ تمام ویکسینز اس کے بعد آئیں گی۔

    جس طرح سے ویکسینز کے ٹرائلز جلدی جلدی نمٹائے جارہے ہیں، تو کیا ویکسین کے مضر اثرات کے بارے میں بھی مکمل طور پر اسٹڈی کی جارہی ہے؟ ماہرین اس بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔

    ٹیکسس کے نیشنل اسکول آف ٹراپیکل میڈیسن کے ڈین پیٹر ہوٹز کا کہنا ہے کہ کسی بھی ویکسین کو مکمل طور پر محفوظ ثابت ہونے کے لیے سنہ 2021 کے وسط تک کا عرصہ درکار ہے۔

    ویکسین کی پہلی کھیپ کب تیار ہوگی؟

    ویکسین بنانے میں مصروف ادارے اس حوالے سے بھی کام کر رہے ہیں کہ جیسے ہی ان کی ویکسین کو استعمال کی منظوری مل جائے، وہ اس کی زیادہ سے زیادہ خوراکیں بنانے پر کام شروع کردیں۔

    ان میں سے کچھ اداروں کو امریکی حکومت کے پروگرام آپریشن ریپ اسپیڈ کی سپورٹ بھی حاصل ہے۔

    ڈاکٹر فاؤچی کو امید ہے کہ سنہ 2021 کے آغاز تک ویکسین کی لاکھوں خوراکیں دستیاب ہوسکتی ہیں اور سال کے اواخر تک ان کی تعداد اربوں تک پہنچ سکتی ہے۔

    ماڈرینا، ایسٹرا زینیکا اور فائزر انک سمیت متعدد کمپنیوں کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین کی ایک ارب خوراکیں تیار کرسکتی ہیں، گویا 2021 کے آخر تک ہر ویکسین کی اربوں خوراکیں دستیاب ہوں گی۔

    کرونا وائرس کی ویکسین ہمیں کب تک مل سکے گی؟

    کرونا وائرس کی ویکسین ممکنہ طور پر سال رواں کے آخر یا اگلے برس کے آغاز تک تیار ہوجائے گی اور اس کی پہلی کھیپ امیر ممالک کو جائے گی اور وہاں پر ان افراد کو دی جائے گی جو کرونا وائرس کے خطرے کا زیادہ شکار ہیں۔

    اس میں مختلف بیماریوں کا شکار افراد، ہیلتھ ورکرز اور عسکری اہلکار شامل ہیں۔ کینیڈا، جاپان، برطانیہ اور امریکا نے اس حوالے سے اپنے شہریوں کو لائن اپ کرنا شروع کردیا ہے۔

    کچھ ویکسینز ایسی بھی ہیں جن کی 2 خوراکیں ایک ماہ کے وقفے سے دینی ہوں گی، اور دوسری خوراک لینے کے بعد ہی مذکورہ شخص ویکسی نیٹد قرار پا سکے گا۔

    پوری دنیا کو کرونا وائرس کی ویکسین کب ملے گی؟

    کرونا وائرس کی ویکسین کا انتظار ان ترقی پذیر ممالک کو کرنا پڑ سکتا ہے جنہوں نے تاحال اس کی خریداری کی ڈیل نہیں کی۔ پیٹر ہوٹز کا کہنا ہے کہ مجھے ڈر ہے کہ کرونا وائرس ویکسین ترقی پذیر ممالک تک بہت دیر سے پہنچے گی۔

    گاوی کے نام سے قائم کیا جانے والا ایک ویکسین الائنس (جو ترقی پذیر ممالک تک ویکسین پہنچانے کے لیے قائم کیا گیا ہے) 2 ارب خوراکوں کی ڈیل کرنا چاہتا ہے، اگر وہ اس میں کامیاب رہتا ہے تو ترقی پذیر ممالک کی اس 20 فیصد آبادی کے لیے ویکسین حاصل کرلی جائے گی جو کرونا وائرس کے خطرے کا زیادہ شکار ہیں۔

    اسی طرح سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا بھی ویکسین کو غریب اور ترقی پذیر ممالک کے لیے مقامی طور پر مینو فیکچر کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

    کیا چینی ویکسین پوری دنیا کو مل سکے گی؟

    چینی حکومت نے کچھ تجرباتی ویکسینز کو استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے اور وہ یہ کام کرنے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

    تاہم فی الحال یہ ویکسین چین سے باہر استعمال نہیں ہوسکے گی کیونکہ مغربی ممالک اس ویکسین کے مقامی ٹرائلز کرنا چاہیں گے جس میں وقت لگے گا، ان ٹرائلز کے انعقاد پر کام کیا جارہا ہے۔

    روسی ویکسین کا استعمال

    روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اعلان کیا ہے کہ روس کرونا وائرس ویکسین کی ریگولیٹری منظوری دینے والا پہلا ملک بن چکا ہے، ویکسین کی انسانی آزمائش کو فی الحال 2 ماہ سے بھی کم کا عرصہ گزرا ہے اور اس کا حتمی مرحلہ ابھی باقی ہے۔

    ماہرین اس ویکسین کے استعمال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں، ایک روسی بزنس مین نے اعلان کیا ہے کہ وہ سال رواں کے آخر تک اس ویکسین کی بڑے پیمانے پر مینو فیکچرنگ شروع کردیں گے۔

  • روس اور امریکا کے مابین نیوکلیئر ٹریٹی ختم، جرمنی کے تحفظات

    روس اور امریکا کے مابین نیوکلیئر ٹریٹی ختم، جرمنی کے تحفظات

    برلن : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کا بھی اس ٹریٹی کے ممکنہ خاتمے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرد جنگ کے زمانے میں طے پانے والا یہ معاہدہ اُس دور میں جوہری جنگ کو روکنے میں بہت اہم ثابت ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی نے خبردار کیا ہے کہ آئی این ایف ٹریٹی کے ختم ہو جانے سے یورپ کو سیکورٹی کے بڑے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس طرح خطے میں اسلحے کی دوڑ میں اضافے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے بھی اس ٹریٹی کے ممکنہ خاتمے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ امریکا اور روس کے مابین نیوکلیئر ٹریٹی (آئی این ایف) کا خاتمہ یورپ میں امن اور سکیورٹی سے جڑے معاملات کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔

    انہوں نے اصرار کیا کہ ان ممالک کو ‘انٹر رینج نیوکلیئر فورسز‘ کے خاتمے بعد ان ممالک کو اسلحے کی دوڑ کو روکنے کی خاطر کیے گئے دیگر معاہدوں پر عمل رہنا چاہیے۔

    جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس ڈیل کے ممکنہ خاتمے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ظاہری طور پر روس کو قصوروار قرار دیا ، انہوں نے کہاکہ ہمیں افسوس ہے کہ روس اس ٹریٹی کو بچانے کی خاطر ضروری اقدامات کرنے سے قاصر رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں ممالک کو کوشش کرنا چاہیے کہ اسلحے کی دوڑ سے بچنے کی خاطر کوشش کی جائے۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے بھی اس ٹریٹی کے ممکنہ خاتمے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور مزید کہا کہ سرد جنگ کے زمانے میں طے پانے والا یہ معاہدہ اُس دور میں جوہری جنگ کو روکنے میں بہت اہم ثابت ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمعرات کے دن نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹریٹی کی موت سے بیلسٹک میزائلوں کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

  • ایران پر مزید امریکی پابندیوں کا خطرہ، یورپی یونین کے تحفظات

    ایران پر مزید امریکی پابندیوں کا خطرہ، یورپی یونین کے تحفظات

    برسلز/تہران : امریکی پانبدیوں کے خدشے پر یورپی ممالک نے تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تیل شعبے سے منسلک تجارتی استثنی میں توسیع نہ دینے پر افسوس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران میں 70 کی دہائی میں آنے والے اسلامی انقلاب کے بعد سے امریکا اور ایران میں کشیدگی جاری جس میں وقتاً فوقتاً مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے، سنہ عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے سے امریکی انخلاء اور ایران پر دوبارہ پابندیوں نے دونوں ممالک کے درمیان نئی جنگ چھیڑ دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یورپی یونین نے امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری پروگرام سے منسلک دو خصوصی استثنی میں توسیع نہ دینے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے ممالک فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ تیل کے شعبے سے منسلک تجارتی استثنی میں توسیع نہ دیئے جانے پر افسوس اور امریکی فیصلے پر تحفظات ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی عدالت کی جانب سے امریکا کو ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کا حکم سامنے آنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے تہران کے ساتھ 1955 کا معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

    ایران پر امریکی پابندیاں، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے بعد مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ میں اعلان کر رہا ہوں کہ امریکا 1955 کے اس معاہدے کو ختم کرتا ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔

  • قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا معاملہ، صدر کی ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کا معاملہ، صدر کی ایم کیو ایم کو تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی

    کراچی: صدر پاکستان عارف علوی اور ایم کیو ایم  کے وفد کے درمیان گورنر ہاؤس کراچی میں اہم ملاقات ہوئی ہے.

    تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات کی تناظر میں‌ ہوئی.

    گورنر ہاؤس میں صدرپاکستان عارف علوی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملے، اس موقع گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے.

    ملاقات میں صدر نے ایم کیو ایم کو تمام تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلیں گے ، تمام تحفظات دور کیے جائیں گے.

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی کے بجائے چیئرمین شپ کا مطالبہ کیا ہے. خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایم کیوا یم کو شماریات کی قائمہ کمیٹی کی پیش کش کی گئی تھی، مگر ایم کیو ایم نے اس پیش کش کو قبول کرنے سے انکار دیا.

    مزید پڑھیں: کراچی: صدر عارف علوی کا سی پی ایل سی دفتر کا دورہ

    ایم کیو ایم پاکستان نے نے داخلہ، انسانی حقوق اور توانائی کی کمیٹیوں کا مطالبہ کیا ہے، صدر پاکستان اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے.

    یاد رہے کہ گذشتہ روز نعیم الحق نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی، جس میں عمران خان کا ساتھ دینے اور عثمان بزدار کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا.

  • زمبابوے: صدارتی انتخابات کے بعد ہنگامہ آرائی پر برطانیہ کا تحفظات کا اظہار

    زمبابوے: صدارتی انتخابات کے بعد ہنگامہ آرائی پر برطانیہ کا تحفظات کا اظہار

    لندن: زمبابوے میں دو روز قبل ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد پرتشدد واقعات پر برطانیہ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق زمبابوے میں صدارتی انتخابات میں ایمرسن منانگاگوا کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے نتائج کو جعلی قرار دیا ہے، الیکشن کے بعد پرتشدد واقعات میں چھ افراد مارے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ زمبابوے میں سیکیورٹی فورسز نے طاقت کا غیر ضروری استعمال کیا۔

    برطانیہ نے زمبابوے میں ہونے والے صدارتی الیکشن سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، زمبابوے کی تمام جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ امن قائم رکھنے کے لیے مل کر کام کریں۔

    دوسری جانب ایمرسن منانگاگوا کی جیت پر اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے ووٹوں کی گنتی کے عمل کو جعلی قرار دیا ہے، منانگاگوا کا تعلق حکمران زاؤ پی ایف پارٹی سے ہے۔


    زمبابوے: صدراتی انتخابات میں دھاندلی، پُر تشدد مظاہروں میں 3 افراد ہلاک


    واضح رہے کہ صدارتی انتخابات کے دوران ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد ہنگامہ آرائی میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں وزیر سیاحت کی رشتے دار بھی شامل ہیں۔

    صدر رابرٹ موگابے کے طویل اقتدار کے بعد زمبابوے میں یہ پہلے صدارتی انتخابات تھے۔

    خیال رہے کہ زمبابوے کی آزادی کے بعد یہ پہلا الیکشن تھا جو سابق صدر رابرٹ موگابے کی غیر موجودگی میں ہوا ہے اور موگابے نے مذکورہ الیکشن میں حصّہ بھی نہیں لیا تھا اور اپنے جانشین ایمرسن منانگاگوا کی حمایت سے بھی انکار کردیا تھا۔

  • ن لیگ کے اراکین کی جانب سے نواز شریف کے بیانیہ پر تحفظات کا اظہار

    ن لیگ کے اراکین کی جانب سے نواز شریف کے بیانیہ پر تحفظات کا اظہار

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن میں بھی نوازشریف کے بیانیے پر تحفظات سامنے آگئے، ن لیگ کے اراکین نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیے سے اداروں میں تصادم بڑھ رہا ہے، شہباز شریف نواز شریف تک ہمارے تحفظات پہنچائیں۔

    تفصیلات کے مطابق شہبازشریف کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 100 سے زائد اراکین نے شرکت کی جبکہ چوہدری نثار بھی اجلاس میں موجود تھے۔

    اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے حالیہ متنازع بیان اور چیئرمین نیب کی جانب سے جاری نواز شریف کی مبینہ طور پر بھارت رقوم منتقلی سے متعلق جاری کردہ پریس ریلیز کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔

    ن لیگ کے اجلاس میں ن لیگ کے اراکین کی جانب سے نواز شریف کے بیانیہ پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، اراکین نے کہاکہ نواز شریف کے بیانیے سے اداروں میں تصادم بڑھ رہا ہے، بھارتی حکام کلبھوشن کا الزام اپنے اداروں کو نہیں دیتے، ہم اپنے اداروں پر کیوں الزام لگا رہے ہیں۔

    ن لیگی اراکین نے شہبازشریف سے مطالبہ کیا کہ ان کے تحفظات نواز شریف تک پہنچائیں۔

    ارکان نے ممبئی حملوں سے متعلق نوازشریف کے انٹرویو پر شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت،ملکی امورکےاقدامات مشکلات کاسبب بن رہے ہیں، جس پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جس نے نواز شریف کا انٹرویو کرایا اس نے زیادتی کی۔

    اجلاس میں اراکین نے شہباز شریف کو پارٹی معاملات خود سنبھالے کا مشورہ بھی دیا، اسی دوران ارکان نے سوال کیا چوہدری نثار پارٹی میں ہیں یا نہیں؟ تو شہباز شریف نے کہا کہ چوہدری نثار پارٹی رہنما ہیں، چوہدری نثار پارٹی میں ہیں اور رہیں گے۔

    شہبازشریف نے ارکان کو یقین دہانی کرائی کہ نوازشریف کے بیانیہ میں وقت کے ساتھ نرمی آئے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شہبازشریف کو لیگی اراکین کے مطالبے پر مدعو کیا گیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ روز  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا تھا،  اجلاس میں نواز شریف کے بیان سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعظم نے اراکین کو پارٹی گائیڈ لائن بھی دی جبکہ فاٹا انضمام سےمتعلق آئینی ترمیم کے بل پر ارکان کو اعتماد میں لیا  گیا اور ارکان کو بجٹ منظوری کیلئے ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شام میں ہمرزمیزائل کی تنصیب پرروس کے تحفظات

    شام میں ہمرزمیزائل کی تنصیب پرروس کے تحفظات

    دمشق: روس نے شام میں امریکہ کی جانب سے متعدد راکٹ لانچرز کی تنصیب پرتحفظات کا اظہارکیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق روسی وزارتِ دفاع کاکہناہےکہ یہ ممکن کہ دو ہمرز لانچرز جنھیں التنف میں نصب کیا جا رہا ہے ان فورسز کے خلاف استعمال ہو جائیں جو شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف لڑ رہی ہیں۔

    خیال رہےکہ ان لاکٹ لانچرز کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ انھیں جاپان سے التنف تک لایا گیا ہے اور انہیں باغی اور مغربی اسپیشل فورسز استعمال کررہی ہیں۔

    روسی وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ناممکن ہے کہ اس بار ہمرز کا استعمال کر کے شامی فوجوں پر مستقبل میں حملوں کو جاری رکھا جائے۔

    دوسری جانب شامی حکومت نے اسی ہفتے میں کہا تھا کہ اس نے تنف کے علاقے میں اپنا قبضہ بحال کر لیا ہے۔


    فضائی بمباری میں ابو بکر البغدادی ہلاک، شامی ٹی وی کا دعوی


    واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے شام کی سرکاری ٹی وی کا دعویٰ کیاتھا کہ داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی فضائی بمباری میں ہلاک ہو گئے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • وزیراعلیٰ سندھ کا مردم شماری پر تحفظات کا اظہار

    وزیراعلیٰ سندھ کا مردم شماری پر تحفظات کا اظہار

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مردم شماری کے جو قواعد و ضوابط ہمارے سامنے رکھے گئے تھے اس کے برعکس کام ہو رہا ہے، وفاقی وزیرخزانہ سے مل کر انہیں‌ مردم شماری کے حوالے سے تحفظات سے آگاہ کروں گا.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے مردم شماری کے خدشات سے آگاہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ پہلے بھی اسحاق ڈار سے اس سلسلے میں رابطہ ہوا تھا، اس ملاقات میں ہمیں بتایا گیا تھا کہ بلڈنگ کے ہرفلیٹ کو گنا جائے گا،جبکہ اب اطلاعات ہیں کہ مردم شماری میں ہرگھرکو نہیں گنا جارہا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم اپنے تحفظات سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو آگاہ کریں گے اور ان سے کہیں گے کہ وہ اس قسم کے اقدامات کی فوری روک تھام کریں۔

    ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات

    واضح رہے کہ ملک میں جاری چھٹی مردم شماری کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کو شدید تحفظات ہیں، اسی تناظر میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) سربراہ ڈاکٹر محمدفاروق ستار نے کہا تھا کہ مردم شماری میں کوئی دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔

    علاوہ ازیں سربراہ ایم کیوایم ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے تحفظات کے پیش نظریہ کہا تھا کہ غلط مردم شماری کی وجہ سے سندھ کے شہری عوام میں احساس محرومی پایا جاتا ہے، ہم نے احساس محرومی ختم کرنے کے لئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے.