کراچی : حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کے الیکٹرک کی غفلت کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے، نیپرا نے کے الیکٹرک کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے شہر قائد میں ہونے والی حالیہ بارشوں میں بجلی کی بندش پر کے الیکٹرک کو ذمہ دار قرار دے دیا۔
بارشوں میں کرنٹ لگنے سے اموات سے متعلق نیپرا نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگنے کے35میں سے19واقعات کا ذمہ دار کے الیکٹرک ہے۔
اس کے علاوہ شہر قائد میں بارش کے بعد شہر میں بجلی کی عدم فراہمی کا ذمہ دار بھی کے الیکٹرک ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نیپراحکام کے الیکٹرک کیخلاف1997کے قواعد کے مطابق قانونی کارروائی کرے گا۔
اس حوالے سے نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا، بارشوں میں بجلی کی طویل بندش بھی کے الیکٹرک کی نااہلی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت
دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک اس حوالے سے کہا ہے کہ نیپرا کے نوٹس کا جائزہ لے کر جواب جمع کرادیا جائے گا، کراچی میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے تنصیبات متاثر ہوئیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کے ناجائز کنڈوں اور ارتھنگ وائرز کی چوری کی وجہ سے حفاظتی اقدامات غیر مؤثر ہوجاتے ہیں،
حادثات کی بڑی وجہ اسٹریٹ لائٹ سوئچز کا غیرمحفوظ استعمال بھی ہے،
مزید پڑھیں : کرنٹ لگنے سے اموات ، کے الیکٹرک کی غفلت پر نیپرا کا ایکشن
یاد رہے کراچی میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی اور دو ہفتے میں تقریبا 33 کے قریب افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے ، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جس کے بعد اب تک کے الیکٹرک کیخلاف رجسٹرڈ ہونے والے کیسز کی تعداد 7 تک پہنچ گئی ہیں۔