Tag: تحقیقاتی ٹیم تشکیل

  • کراچی : راشد منہاس روڈ حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات ،  تحقیقاتی ٹیم تشکیل

    کراچی : راشد منہاس روڈ حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات ، تحقیقاتی ٹیم تشکیل

    کراچی: راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات کی تحقیقات کے لئے 4 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب راشد منہاس روڈ پر ڈمپر اور موٹر سائیکل کے خوفناک حادثے کے بعد شر پسندوں کی جانب سے سات ڈمپرز کو اگ لگانے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

    ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل شامل ہیں۔

    ٹیم کو ملزمان کی شناخت، گرفتاری اور ٹھوس شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تحقیقات کی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : راشد منہاس روڈ حادثہ، 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دیے گئے

    اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے امن و امان قائم رکھنے میں ناکامی اور فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او یوسف پلازہ افتخار خانزادہ اور ایس ایچ او فیڈرل بی صنعتی ایریا شاہد بلوچ کو معطل کرکے بی کمپنی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

    یاد رہے کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر گزشتہ شب ڈمپر اور موٹر سائیکل کے خوفناک حادثے میں بہن بھائی جاں بحق اور والد شدید زخمی ہوگئے تھے ، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا شامل تھے۔
    .
    ماہ نور کی آئندہ ماہ شادی طے تھی اور گھر میں تیاریاں جاری تھیں۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے سات ڈمپرز کو آگ لگا دی، پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا تھا.

    بعد ازاں پولیس نے ہنگامہ آرائی اور ڈمپر جلانے کے الزام میں 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • کالج طالبہ سے مبینہ زیادتی، ڈس انفارمیشن پھیلانے پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی

    کالج طالبہ سے مبینہ زیادتی، ڈس انفارمیشن پھیلانے پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی

    لاہور کے نجی کالج میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعے سے متعلق ڈس انفارمیشن پھیلانے پر 7 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل لاہور نے سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا ہے، ایف آئی اے نے نجی کالج کے پرنسپل کی جانب سے کی گئی شکایت پر کارروائی شروع کی ہے۔

    تحقیقاتی ٹیم سوشل میڈیا پر ڈس انفارمیشن پھیلانے، امن و امان کی صورتحال میں خرابی پیدا کرنے کا سبب بننے والوں کی شناخت کریگی۔

    جرم میں ملوث عناصر کی شناخت کرکے انھیں قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، 7 رکنی انکوائری ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر کررہے ہیں۔

    اس سے قبل پنجاب کالج میں مبینہ زیادتی کے واقعے کی متاثرہ طالبہ کے والد کا اہم بیان سامنے آیا تھا، والد کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میری بچی کا نام لیا جارہا ہے جس سے پریشان ہیں۔

    پنجاب کالج میں مبینہ زیادتی کے واقعے کی متاثرہ طالبہ کے والد نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا، پروپیگنڈے میں سوشل میڈیا پر میری بچی کا نام لیا جارہا ہے ، جس سے پریشان ہیں، حالانکہ بچی گھر پر ہے۔

    والد کا کہنا تھا کہ پاؤں پھسلنے سے بچی کے ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ لگی تھی، جس کی میڈیکل رپورٹس پولیس کو دے دی ہیں، ہماری بیٹی کے نام پر احتجاج کیا جا رہا ہے، اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔