اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹےکی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے محمد اسلم بھوتانی کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا ہے، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کےمطابق کمیٹی میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، چوہدری محمد برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر، سید حسین طارق، ناز بلوچ ، وجیہہ قمر، افضل خان ڈھانڈلہ اور خالد حسین مگسی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی تحقیقات، انکوائری کے سلسلے میں کسی بھی تحقیقاتی ادارےکی مدد کرسکےگی اور جامع تحقیقات کرکے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ چند روز پہلے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈر ابوزر کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی۔
مبینہ آڈیو میں ابوزر نجم ثاقب کو اپنے ٹکٹ سےمتعلق آگاہی دے رہے تھے، ابوزرچدھڑ نے نجم ثاقب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا آپ کی کوششیں رنگ لےآئی ہیں، جس پر نجم ثاقب کا کہنا تھا کہ بابا11 بجے تک دفتر آجائیں گے ان کو ملنے آجانا انہوں نے بہت محنت کی ہے۔
کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہونے والے پولیس آفس حملہ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، حملے میں استعمال کی گئی گاڑی بیچنے والے شوروم مالک اشفاق کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد محکمہ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی آخری مرتبہ 2016 میں فروخت کی گئی تھی، گاڑی بیچنے والے شوروم مالک اشفاق کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔
شوروم مالک کا کہنا ہے کہ گاڑی آخری مرتبہ محمد شفیق نامی شخص کو فروخت کی تھی، محمد شفیق کوئٹہ کا رہائشی تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کی خرید و فروخت کی دستاویز نہ ہونے سے تحقیقاتی حکام کو مشکلات کا سامنا ہے، محمد شفیق سے رابطے اور تلاش کے لیے دیگر تحقیقاتی اداروں سے مدد لی جائے گی۔
خیال رہے کہ جمعہ 17 فروری کی شب کراچی میں پولیس چیف آفس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسز کے بروقت آپریشن میں تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آپریشن میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک خاکروب جان کی بازی ہار گیا جبکہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں میں شامل خودکش بمبارکی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جس کا تعلق وزیرستان سے تھا، دوسرا دہشت گرد لکی مروت کا رہائشی کفایت اللہ اور تیسرا دہشت گرد شمالی وزیرستان کا رہائشی مجید بلوچ تھا۔
اسلام آباد : ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے اسپیشل جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ،جے آئی ٹی اپنی رپورٹ جلد مکمل کرکے آئی جی اسلام آباد کو جمع کرائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف شہید کے قتل کی تحقیقات کے معاملے پر وفاقی پولیس نے اسپیشل جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم تشکیل دے دی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسپیشل جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی ہیڈکواٹر کریں گے، ٹیم میں ڈی پی او صدر، ایس ایچ او تھانہ رمنا،انویسٹیگیشن آفیسر شامل ہوں گے جبکہ ٹیم میں آئی جی کی طرف سے کوئی بھی نامزد آفیسر شامل ہوگا۔
جے آئی ٹی اپنی رپورٹ جلد از جلد مکمل کرکے آئی جی اسلام آباد کو جمع کرائے گی۔ ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی درخواست پر جے آئی ٹی تشکیل دی گئی۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے احکامات پر ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے شہید صحافی ارشد شریف کے قتل کی ایف آئی آر ان کی والدہ کی مدعیت کے بغیر ہی درج کی جبکہ شہید کی والدہ کا کہنا تھا کہ حکومت میری مدعیت میں بیٹے کے قتل کی ایف آئی آردرج کرے۔
نیروبی / مگاڈی: معروف اینکر پرسن اقرار الحسن نے مقتول صحافی ارشد شریف کی جائے شہادت سے گولیوں کے 3 خول دریافت کرلیے، مذکورہ شواہد انڈپینڈنٹ پولیس اتھارٹی کے حوالے کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی ٹیم اور معروف اینکر پرسن اقرار الحسن کینیا کے مضافاتی علاقے مگاڈی پہنچے جہاں معروف صحافی ارشد شریف کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا۔
اقرار الحسن نے ارشد شریف کی جائے شہادت کا جائزہ لیا جس کے بعد کچھ ایسی باتیں سامنے آئیں جو مقامی پولیس کی دی گئی معلومات سے بالکل مختلف ہیں۔
اقرار الحسن جس جگہ پر موجود ہیں وہ پکی سڑک ہے جبکہ کینین پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ارشد شریف کی گاڑی کچی سڑک پر تھی۔
ارشد شریف کی گاڑی کے دونوں طرف گولیوں کے نشانات موجود ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گاڑی کو دو طرف سے اور بہت قریب سے نشانہ بنایا گیا۔
اقرار الحسن کے مطابق نہ تو کرائم سین کو محفوظ کیا گیا اور نہ ہی وہاں سے خاطر خواہ شواہد اکھٹے کیے گئے، مذکورہ مقام سے 18 دن بعد اقرار الحسن کو گولیوں کے 3 خول ملے جو مختلف ہتھیاروں کے معلوم ہوتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ کینیا کی پولیس کے 3 شوٹرز سے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے پوچھ گچھ کی، تینوں اہلکاروں کے بیانات میں گھمبیر نوعیت کا تضاد تھا اور وہ غیر منطقی تھے۔
محسن حسن بٹ کا کہنا ہے کہ کینین پولیس کے 4 میں سے 1 افسر کو پاکستانی تحقیقات کاروں کے سامنے پیش نہیں کیا گیا، جس افسرکو پیش نہیں کیا گیا وہ ارشدشریف پر گولیاں چلانے والوں میں شامل تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلا قدم ارشد شریف کی موت کے مقدمے کا پاکستان میں اندراج ہونا ہے، مقدمے کا اندراج اس وقت ہو گا جب وفاقی حکومت اس کے احکامات جاری کرے گی۔ کینیا پولیس عالمی قوانین کے مطابق صحافی کے سفاکانہ قتل کی تحقیقات میں تعاون کی پابند ہے۔
کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے متروکہ وقف املاک ٹرسٹ بورڈ کی 300 ایکڑ سے زائد زمین جس پر قبضہ کیا گیا ہے، واگزار کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متروکہ وقف املاک ٹرسٹ بورڈ کی 300 ایکڑ سے زائد زمین پر قبضے کی تحقیقات مکمل کرلی گئیں، تحقیقات سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اینٹی کرپشن نے کیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سرجانی نیو کراچی میں 74 ایکڑ، گجو سپر ہائی وے پر 40 ایکڑ، ملیر میں 28 ایکڑ، لانڈھی میں 24 ایکڑ اور گلشن اقبال میں 20 ایکڑ زمین پر قبضہ ہے۔
ڈائریکٹر عامر فاروقی کے مطابق سونگل میں 16 ایکڑ اور منگھو پیر میں 7 ایکڑ زمینوں پر قبضہ ہے جبکہ ببرانو اور ڈرگ روڈ میں بھی متروکہ وقف املاک کی زمینوں پر قبضہ ہے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے زمین وا گزار کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو خط ارسال کردیا ہے۔
خط میں ایف آئی اے نے محکمہ داخلہ سے پولیس اور رینجرز کی مدد مانگ لی، خط میں کہا گیا کہ آپریشن میں انتظامیہ، اینٹی انکروچمنٹ فورس، پولیس اور رینجرز حصہ لے گی۔
سکھر : گھوٹکی ٹرین حادثے کی تحقیقات کیلئے ماہرحادثات ڈاکٹر عمر کی خدمات لینے حتمی فیصلہ کرلیا گیا ، ڈاکٹرعمر ہوائی حادثات اورروڈحادثات میں مہارت رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے حکام نے گھوٹکی ٹرین حادثے کی تحقیقات کیلئے پرائیویٹ ماہر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ، ریلوےکےاعلیٰ حکام کے اجلاس میں ماہرکی خدمات لینےکافیصلہ کیاگیا۔
ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کیلئےماہرحادثات ڈاکٹرعمرکی خدمات لینے حتمی فیصلہ کیا ہے ، ڈاکٹرعمراین ایچ اے سول ایوی ایشن میں خدمات انجام دےچکےہیں۔
ڈاکٹر عمر ہوائی حادثات اورروڈحادثات میں مہارت رکھتےہیں اور شعبہ حادثات کی پرائیویٹ کنسلٹنٹ کمپنی کےسربراہ ہیں۔
واضح رہے 7 جون کو ملت ایکسپریس اورسرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم کا خوفناک واقعہ پیش آیا ، جس میں 63 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے ٹرین حادثہ میں غفلت برتنے والوں اور نااہلی کے مرتکب افسران کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے سکھر ، کراچی اور لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پی آر کے سینئر افسران کو معطل کردیا تھا۔
کراچی: شہر قائد میں ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہونے والے پی آئی اے طیارے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ائیرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ نے ائیرپورٹ رن وے کا دورہ کیا، تحقیقاتی ٹیم نے رن وے پر لگے کیمرے سے لینڈنگ کے مناظر دیکھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوٹیجز میں دیکھاگیا کہ کپتان نے طیارے کے گیئر کو ڈاؤن نہیں کیا،رن وے ایل25 پر طیارے کے انجن کے رگڑ کے نشانات ملے،سی اے اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نے کیمروں کی ریکارڈنگ ٹیم کے حوالے کی۔
کیمروں کی ریکارڈنگ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا پہلا انجن اور پھر دوسرا انجن زمین پر ٹکرایا،بعد میں دونوں انجن زمین پر رگڑتے ہوئے طیارہ اوپر کی جانب اٹھا،طیارہ پھرگو راؤنڈ لینےگا،طیارہ 13منٹ فضامیں رہا اس کے بعدگر کرتباہ ہوگیا۔
دوسری جانب پی آئی اے کی خصوصی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں، طیارے کے وائس ریکارڈر اور دیگر چیزوں کی تلاش جاری ہے، ٹیمیں تمام چیزوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
کراچی: سندھ حکومت نے پولیس فنڈز کے استعمال پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے، کتنے منصوبوں پر کتنا پیسہ خرچ کیا تحقیقات کرائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے پولیس فنڈز کے استعمال پرتحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ایک سال میں استعمال کیے گئے فنڈز پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس ہیڈ آفس کی تزئین وآرائش پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، آئی جی سندھ نے اپنے لیے مہنگا ترین فلور تیار کرایا، پیٹرول کی مد میں کرپشن پر بھی تحقیقات کرائی جائیں گی۔
ذرائع سندھ حکومت کے مطابق کتنےمنصوبوں پر کتنا پیسہ خرچ کیا تحقیقات کرائی جائیں گی، اینٹی کرپشن سے تحقیقات کرانے کا فیصلہ زیرغور ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے آئی جی کلیم امام کی جگہ وفاق کو 3 نام تجویز کیے ہیں، سندھ حکومت کا مطالبہ ہے کہ کلیم امام کو ہٹایا جائے اور صوبے میں نیا آئی جی تعینات کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط میں جو تین نام تجویز کیے گئے ہیں ان میں غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر اور کامران فضل شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے کرائم میں کمی کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ آئی جی سندھ دورمیں کرائم میں 7سے10 فیصد اضافہ ہوا۔
لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کو والدین کے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع نیب کے مطابق جاوید لطیف کی والدہ کے نام کروڑوں روپے کے اثاثے ہیں،لیگی رہنما کی والدہ نے 10 کروڑ سے زائد اثاثہ جات بتا رکھے ہیں، اثاثوں میں ہرسال اضافہ ہوتا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید لطیف سے والدہ کی سورس آف انکم کی تفصیلات طلب کی ہیں، جاوید لطیف نے جواب جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کی مہلت مانگ لی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ والدہ کے نام اثاثوں سمیت طلب ریکارڈ کے لیے وقت درکار ہے، والدہ کی عمر زیادہ ہو چکی، تمام ریکارڈ جمع کرنے میں وقت لگے گا۔