Tag: تحلیل

  • وفاقی حکومت کا وزارت قومی صحت تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا وزارت قومی صحت تحلیل نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وزارت قومی صحت  کو تحلیل کرنے کے بجائے رائٹ سائزنگ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے وزارت قومی صحت کو تحلیل کرنے کے بجائے رائٹ سائزنگ کا فیصلہ کیا ہے، وزارت کو عالمی اداروں اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن کیلئے برقرار رکھا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کے  ماتحت بعض ادارے ضم کئے جائیں گے، ضم شدہ اداروں کے ملازمین ماتحت دیگر اداروں میں بھجوائے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت صحت اور ماتحت اداروں میں ایک ہی نوعیت کی  مختلف آسامیاں آپس میں ضم کی جائیں گی، ماتحت اداروں میں مزید غیر ضروری بھرتیاں نہیں کی جائیں گی۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کے ماتحت ادارے نیشنل ایمرجنسی ہیلتھ سروسز کو قومی ادارہ صحت میں ضم کیا جائے گا، ڈائریکٹوریٹ آف ملیریا کو کامن مینجمنٹ یونٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ شیخ زید اسپتال لاہور کو پنجاب حکومت کے حوالے کیا جائے گا جبکہ راولپنڈی  میں ایک دہائی سے زیرتعمیر زچہ بچہ اسپتال پنجاب حکومت کو دینے  کی تجویز زیرغور  ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی کے زچہ بچہ اسپتال  کا کنٹرول لینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں واقع اسپتالوں اوربنیادی و دیہی مراکز صحت  کے مستقبل سے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہو سکا ہے، اسلام آباد کے اسپتالوں  کے بعض شعبوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت کی ہائی پاور رائٹ سائزنگ کمیٹی نے تاحال  اپنی رپورٹ کو حتمی شکل نہیں دی  ہے، کمیٹی  حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے 5 وزارتوں سے متعلق سفارشات پر مبنی رپورٹ تیار کر رہی ہے جسے حتمی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

  • سندھ اسمبلی آج تحلیل کر دی جائے گی

    سندھ اسمبلی آج تحلیل کر دی جائے گی

    کراچی : سندھ اسمبلی آج تحلیل کر دی جائے گی ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری آج ہی گورنر سندھ کو ارسال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی اپنی آئینی مدت سےدوروز پہلے آج تحلیل کردی جائےگی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آج ہی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر سندھ کو ارسال کریں گے۔

    اسپیکر سندھ اسمبلی نے اسمبلی ختم ہونے سےمتعلق اراکین کو آگاہ کرتے ہوئے ہدایت کی تمام ارکان اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

    آغاسراج درانی کا کہنا ہے کہ آج آخری اجلاس ہے، جس میں الوداعی فوٹوسیشن ہوگا ، اجلاس کےبعداراکین کیلئےپرفارمنس سرٹیفکیٹ رکھے ہیں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت جاری ہے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی جانب سے شعیب صدیقی، یونس ڈھاگا اور ڈاکٹر صفدر عباسی کے نام فیورٹ قرار دیے جارہے ہیں۔

    گذشتہ روز مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کی آئینی مدت اتوار 13 اگست کو مکمل ہو رہی ہے تاہم اسمبلی قبل از وقت تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت یہ جمعہ 11 اگست کو تحلیل کر دی جائے گی۔

    مرتضیٰ وہاب نے بتایا تھا کہ محکمہ قانون سمری طریقہ کار کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھیجے گا اور وہ کل اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس گورنر سندھ کو ارسال کر دیں گے، جن کے دستخط کرتے ہی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔

  • قومی اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کر دی جائے گی

    قومی اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کر دی جائے گی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی 8 اگست کو تحلیل کر دی جائے گی، آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نےدستخط نہ کیے تو 48 گھنٹے میں اسمبلی خود بخود تحلیل ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت سے چار روز قبل تحلیل کردی جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی 8اگست کو تحلیل کر دی جائے گی، قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی جائے گی۔

    آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نےدستخط نہ کیے تو 48 گھنٹے میں اسمبلی خود بخود تحلیل ہوجائےگی۔

    خیال رہے حکومت کی مدت 12 اگست رات بارہ بجے تک پوری ہوگی، آئینی و قانونی ماہرین کے مطابق قبل از وقت اسمبلی کی تحلیل سے نوے دن میں الیکشن کرانا ہوگا، اگر اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کریں تو ساٹھ دن میں انتخابات کرانا ہوتا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ 13 اگست تک قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے گی تاہم سیاسی صورتحال پر قبل ازوقت اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا تھا کہ موجودہ حکومت کی مدت چودہ اگست کوختم ہوجائےگی، الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے گا۔

  • اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ تحلیل کردی

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی اتحادی جماعتوں نے پارلیمنٹ تحلیل کردی

    تل ابیب : اسرائیل کی مخلوط حکومت نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے آئندہ برس اپریل میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں نے اسرائیلی پارلیمنٹ (الکنیست) کو تحلیل کرکے قبل از وقت الیکشن کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کی تصدیق وزیر اعظم نیتن یاہو نے گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کے اسپیکر یوئل ایڈلسٹین پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس طلب کریں گے جس میں آئندہ انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کے شدت پسند وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت حالیہ دنوں شدید مشکلات سے دوچار ہے، 120 ارکان پر مشتمل پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کی حکومت صرف ایک ووٹ کی برتری سے قائم تھی، جس کی تعداد 61 تھی۔

    سابق اسرائیلی وزیر دفاع ایویگڈور لائبر مین کے نومبر میں مستعفی ہونے کے باعث ان کی جماعت نے نیتن یاہو کی حمایت ختم کردی جس کے باعث اسرائیلی وزیر اعظم 61 ارکان پارلیمان کی حمایت سے محروم ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ لائبرمین کی حمایت سے محرومی کے باعث مخلوط حکومت کو قانون میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    خیال رہے کہ اسرائیل میں آئندہ برس نومبر میں الیکشن کا انعقاد ہونا جو اب قبل از وقت اپریل میں ہوگا، بنجامن نیتن یاہو نے سنہ 2015 اقتدار سنبھالا تھا، جو اب نئی کابینہ کے حلف لینے تک حکومت چلائیں گے۔

    یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم پر کرپشن کے مخلتف الزامات عائد کیے گئے۔

  • فلسطینی صدر محمود عباس نے پارلیمنٹ تحلیل کردی

    فلسطینی صدر محمود عباس نے پارلیمنٹ تحلیل کردی

    غزہ : فلسطینی صدر نے دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیے بغیر پارلیمنٹ تحلیل کرکے آئندہ 6 ماہ میں انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے عدالتی حکم کے تحت قانون ساز کونسل ’پارلیمنٹ‘ کو تحلیل کردیا، عدالت نے ملک میں پارلیمانی الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ محمود عباس نے اسمبلی تحلیل کرنے سے قبل دیگر جماعتوں کو اعتماد میں نہیں لیا، فلسطینی صدر کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد ضروری ہے۔

    ہفتے کے روز فلسطینی علاقے رام اللہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس کا کہنا تھا کہ القدس کی سودے بازی نہیں کریں گے وہ فلسطینیوں کا ابدی اور دائمی دارالحکومت ہے، ہم امریکیوں کے اقدامات کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔

    فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام پر امن اور پر عزم شہری ہیں، ہم اسرائیلی مظالم کو مزید برداشت نہیں کرسکتے۔

    فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی نیشنل کونسل اور مرکزی کونسل کے فیصلوں کو نافذ کریں گے۔

    صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے درمیان مصالحت کے حوالے سے پیش کی تجاویز پر کوئی جواب نہیں ملا، تاہم مصالحت کے لیے مصر کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

  • قومی اسمبلی تحلیل ہونے کا نوٹی فکیشن جاری

    قومی اسمبلی تحلیل ہونے کا نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد: وزارتِ پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی کی آئینی مدت مکمل ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے بعد ایوان زیریں 31 مئی 2018 کی رات 12 بجتے ہی تحلیل ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق 31 مئی کی رات 12 بجتے ہی قومی اسمبلی اپنی 5 سال کی آئینی مدت پوری کرلے گی جس کے بعد ملک میں یکم جون سے  ملکی امور اور آئندہ انتخابات کے انعقاد کےلیے نگراں حکومت کا قیام آئینی طور پر عمل میں لایا جائے گا جس کے تحت جسٹس ناصر الملک کل 11 بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    وزارتِ پارلیمانی امور نے آئین کے آرٹیکل 52 کے تحت اسمبلی تحلیل ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جس کی کاپیاں وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر، چاروں صوبوں ، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور قومی اسمبلی و سینیٹ کو ارسال کردی ہیں۔

    مزید پڑھیں: انتخابات وقت پر ہوں‌ گے، کسی ادارے نے نہیں‌ روکا، سیکریٹری الیکشن کمشین

    نگراں وزیراعظم کے تعینات ہونے کے بعد چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوا، خیبر پختونخواہ حکومت نے صوبے کے سربراہ کے لیے حسن عسکری کا نام تجویز کیا جبکہ پنجاب حکومت بھی ناصر کھوسہ کے نام کو فائنل کرچکی تاہم اپوزیشن اس کو ماننے کے لیے کسی صورت تیار نہیں ہے۔

    تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے پارٹی قیادت اور چیئرمین کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے ناصر کھوسہ کا نام نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تجویز کیا تھا مگر پھر اندرونی جھگڑوں کے باعث انہوں نے نام واپس لینے کا اعلان کیا تھا جبکہ پنجاب حکومت اُس نام پر ڈٹ چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ: مزید چار اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار

    دوسری جانب الیکشن کمیشن کے سیکریٹری انتخابات میں تاخیر ہونے کے حوالے سے تمام قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’کسی ادارے نے انتخابی شیڈول جاری کرنے سے نہیں روکا، انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے’۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ اورخیبرپختونخواہ کی اسمبلیاں مدت پوری ہونےکے بعد تحلیل

    سندھ اورخیبرپختونخواہ کی اسمبلیاں مدت پوری ہونےکے بعد تحلیل

    کراچی : سندھ اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلیاں اپنی 5 سالہ مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلیاں اپنی 5 سال کی مدت مکمل کرنے کے بعد تحلیل ہوگئیں تاہم موجودہ وزرائے اعلیٰ، نگراں وزرائے اعلیٰ کی تعیناتی تک اپنے عہدوں پر بحال رہیں گے۔

    سندھ اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلیوں کو رواں ماہ 31 مئی تک ورائے اعلیٰ نامزد کرنے ہیں۔

    وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر دو روز میں نگراں وزیراعلیٰ کے ناموں پراتفاق نہیں ہوا تو یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے دو، دو اراکین ہوں گے۔

    کمیٹی اگر وزیراعلیٰ نامزد کرنے میں ناکام ہوتی ہے تو الیکشن کمیشن آف پاکستان نگراں وزیراعلیٰ کے نام کا فیصلہ کرے گی۔

    سندھ اسمبلی

    سندھ اسمبلی کی پانچ سالہ مدت کا آخری اجلاس اسپیکرآغا سراج درانی کی صدارت میں ہوا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ سندھ کے عوام کی فتح ہے کہ انہوں نے ہمیں ووٹ دے کریہ عہدہ دیا اور ہم نے اپنی قابلیت سے بہترین کام کیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ انفراسٹرکچر کا کام وقت پرمکمل کیا گیا، سندھ کے تقریباََ تمام اضلاع روڈ نیٹ ورک اور پلوں سے جڑے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے اعلان تک وہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

    خیبرپختونخواہ اسمبلی

    خیبرپختونخواہ اسمبلی نے 5 سالوں کے دوران 150 سے زائد قوانین وضع کیےجن میں ناظرہ قرآن کو لازمی قرار دینا اور اطلاعات تک رسائی قانون شامل ہیں۔

    قومی وطن پارٹی پانچ سالوں میں دو بار خیبرپختونخواہ حکومت میں شامل ہوئی جبکہ جماعت اسلامی نے ایم ایم اے کی تشکیل کے بعد پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کیں۔

    دوسری جانب خیبرپختونخواہ میں نگراں وزیراعلیٰ کے لیے منظور آفریدی کے نام پراتفاق کیا گیا فیصلہ واپس لے لیا جبکہ نگراں وزیراعلیٰ کےلیے نئے نام کا فیصلہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور اپوزیشن لیڈرکے درمیان ملاقات میں طے پایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پنجاب اور بلوچستان کی اسمبلیاں 31 مئی کو اپنی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد تحلیل ہوں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی

    لاہور: ایشیا کپ اورورلڈٹی ٹوئنٹی میں بدترین کارکردگی کےبعدپاکستان کرکٹ بورڈ میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہوگئی،بورڈ نے چیف سلیکٹرہارون رشید کی سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کردیاگیا۔

    پی سی بی میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی کے آفٹرشاکس برقرار ہیں کپتان اورکوچ کے بعد کرکٹ بورڈ کی ایک اوروکٹ گرگئی، ہارون رشید کی زیرقیادت سلیکشن کمیٹی کا بوریا بستر گول کردیا گیا۔

    پی سی بی نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں اہم فیصلے کرلئے، نئےکوچ کی کھوج کیلئے وسیم اکرم اورزمیزراجہ پرمشتمل کمیٹی بنادی ہے۔

    کمیٹی کوچ کی تقرری کے لیے پی سی بی کی معاونت کرے گی، نئے کوچ، سلیکشن کمیٹی اور ٹی ٹوئنٹی کپتان کااعلان جلد کیا جائے گا۔

    چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات مان لیں، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کئے۔ وقار یونس، شاہد آفریدی اور سلیکشن کمیٹی کی خدمات پر ان کے مشکور ہیں۔

    پی سی بی کےاعلامیے کے مطابق ورلڈٹی ٹوئنٹی میں شکست کی اہم وجہ کھلاڑیوں کی خراب فٹنس تھی۔ سینٹرل کنٹریکٹ میں اب کھلاڑیوں کی فٹنس کی شق بھی شامل کی جائیگی، پاکستان کرکٹ ٹیم کا کنڈیشنل کیمپ مئی میں ایبٹ آباد میں لگایا جائیگا۔