Tag: تدفین

  • پرنس کریم آغا خان کی مصر کے شہر اسوان میں تدفین کردی گئی

    پرنس کریم آغا خان کی مصر کے شہر اسوان میں تدفین کردی گئی

    قاہرہ : اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی مصر کے شہر اسوان میں تدفین کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی مصر کے شہر اسوان میں ایک نجی تقریب میں تدفین کردی گئی۔

    ان کے جانشین شہزادہ رحیم آغا خان نے اہل خانہ اور معززین کے ہمراہ شرکت کی۔

    مرحوم پرنس کریم الحسینی آغا خان چہارم کی تدفین ان کے دادا مولانا سلطان محمد شاہ کے مزار کے احاطے میں کی گئی ہے، مزار کے ساتھ ملحقہ اراضی پر ان کی آخری آرام گاہ کے طور پر مقبرہ بنایا جائے گا۔

    یاد رہے پرنس کریم آغاخان پانچ فروری کو پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں انتقال کرگئے تھے، ان کی عمر 88 برس تھی، مولانا شاہ کریم الحسینی اسماعیلی کمیونٹی کے 49ویں امام تھے۔

    بعد ازاں لزبن میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں تھیں ، جس میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور اسپین کے بادشاہ ایمریٹس جوآن کارلوس سمیت کئی سربراہان مملکت نے شرکت کی۔

  • خاندان نے غلط شخص دفنا دیا، مرنے والا اگلے دن زندہ نکلا

    خاندان نے غلط شخص دفنا دیا، مرنے والا اگلے دن زندہ نکلا

    اسپتال انتظامیہ کی غلطی کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے، ایسا ہی اس وقت ہوا جب اسپتال انتظامیہ کی غلط اطلاع کے سبب ایک خاندان اپنے بزرگ رکن کی موت کا سوگ مناتا رہا اور اگلے روز اسے علم ہوا کہ زندہ ہیں۔

    وسطی یورپ کے ملک سلووینیا میں اس وقت عجیب وغریب صورت حال پیدا ہوگئی جب شناخت کی غلطی کے باعث ایک خاندان کسی اور کی میت کو دفن کرنے کے بعد سوگ مناتا رہا۔

    سرکاری کیئر ہوم کی اس سنگین غلطی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر وزیر صحت نے مستعفی ہونے کی پیشکش کی، حکام کے مطابق جمعرات کو 2 ایک جتنی عمر کے افراد کو مشرقی سلووینیا کے قصبے زیدانی موسٹ کے ایک کیئر ہوم میں منتقل کیا گیا۔

    شناخت کی غلطی کی ایک وجہ یہ بتائی گئی کہ دونوں عمر رسیدہ افراد کو ایک ہی علاقے سے کیئر ہوم لایا گیا اور دونوں وہیل چیئرز پر تھے۔

    وزیر صحت دانیجل باسک لوریدان نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ایک خاندان نے اپنے والد کو گزشتہ روز دفنایا اور آج معلوم ہوا کہ وہ زندہ ہیں، اسی طرح ایک اور خاندان کو معلوم ہوا کہ گزشتہ روز انتقال کے بعد دفن کیے گئے ان کے والد تھے۔

    اسپتال لائے گئے بزرگ شہریوں میں سے ایک کو ڈیمنشیا کا مرض لاحق تھا جبکہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے صحت سے متعلق دیگر پیچیدگیوں کا بھی شکار ہوگئے تھے۔

    حکام کے مطابق دونوں مریضوں میں ایک کا انتقال ہوگیا تو اسپتال نے غلط خاندان کو اطلاع دے دی، ضروری تصدیق کے بعد متعلقہ خاندان نے انتقال کرنے والے کی آخری رسومات ادا کیں۔

    حکام کے مطابق اس غلطی کا علم بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال کرنے والے کیئر ہوم کو اس وقت ہوا جب ایک مریض صحت یاب ہو کر واپس آیا اور اس کے بازو پر شناخت کے لیے ٹیگ موجود تھا۔

    وزیر اعظم نے معاملے کی تحقیقات کے لیے حکم جاری کر دیا ہے۔

  • کرونا سے جاں بحق مریضوں کی تدفین کے لیے اہم ہدایات آ گئیں

    کرونا سے جاں بحق مریضوں کی تدفین کے لیے اہم ہدایات آ گئیں

    کراچی: محکمہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق مریضوں کے غسل اور تدفین کے سلسلے میں اہم ہدایات آ گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا سے جاں بحق افراد کی نماز جنازہ مساجد اور جنازہ گاہ میں ہوگی، جب کہ ان کی تدفین بھی عام قبرستان میں کی جائے گی۔

    محکمہ صحت نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ کرونا سے جاں بحق مریض کے غسل اور تدفین کے دروان احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں، غسل کے بعد کرونا وائرس دیگر افراد میں منتقل نہیں ہو سکتا، تاہم غسل اور تدفین کے مراحل کو 6 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    اسپتال کی جانب سے میت کے ساتھ پی سی آر رپورٹ بھی فراہم کی جائے گی، میت کے جسم پر چسپاں تمام مشینوں کو اسپتال کا عملہ نکالے گا، میت کو کلیئر کرنے کے بعد پلاسٹک شیٹ میں لپیٹنا ضروری ہوگا، جب کہ میت کی منتقلی کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ کی ہوگی۔

    کراچی، کرونا کے مریض کی لاش لے جانے سے روکنے پر لواحقین آپے سے باہر، اسپتال میں توڑ پھوڑ

    محکمہ صحت کے مطابق غسل اور کفن پہنانے کی ذمہ داری 3 رکنی ٹیم سر انجام دے گی، جب کہ یہ ٹیم غسل، کفن کے دوران پی پی ای کٹس پہن کر فرائض سر انجام دے گی۔

    بچوں اور 50 سال سے زائد عمر والے اور بیمار افراد کو میت والے گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

  • مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    نوشہرو فیروز: زمین کے تنازعے پر قتل کی جانے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ضیا لنجار، عاجز دھامرا، ممتاز چانڈیو اور سرفرازشاہ، پارٹی کارکنوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد کارکنان اور ورثا نے ملزمان کی گرفتاری کے نعرے لگائے، بعد ازاں اسماعیل شاہ قبرستان میں شہناز انصاری کی تدفین کردی گئی۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ ایم پی اے شہناز انصاری کو دن دہاڑے قتل کیا گیا، ایم پی اے قتل ہوگئی لیکن آئی جی سندھ آرام سے سوئے ہوئے ہیں۔ آئی جی کے ٹرانسفر سے روکیں گے تو جرائم پیشہ افراد متحرک ہوجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس پر گرفت نہیں رکھے گی تو ایسے حالات پیدا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو گزشتہ روز نوشہرو فیروز میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، شہناز انصاری کو 3 گولیاں لگیں اور انہیں تشویشناک حالت میں نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

    مقتولہ کو کافی عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہورہی تھیں، واقعے کے وقت وہ بغیر کسی سیکیورٹی کے ایک مجلس میں شریک تھیں۔

  • سجاول: نہرپر پل نہ ہونے کی وجہ سے میت کی تدفین امتحان بن گئی

    سجاول: نہرپر پل نہ ہونے کی وجہ سے میت کی تدفین امتحان بن گئی

    سجاول: نہرپر پل نہ ہونے کی وجہ سے میت کی تدفین امتحان بن گئی، چارسال کی بچی کا جنازہ المیے کی شکل اختیار کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سجاول کے علاقے چوہڑ جمالی میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، چار سالہ  شہزادی بنت غلام مصطفیٰ کونجائی کی میت کو نہر کے پار لے جانے کے لیے لواحقین کو تھرموپول استعمال کرنا پڑا.

    اس افسوس ناک واقعے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل آیا.

    یاد رہے کہ ایک سال پہلے بھی ایک ایسا ہی جنازہ نہرسے گزرا تھا، یہ خبر میڈیا کی زینت بنی، تو حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا.

    اس واقعے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے نہر پر پل بنانےکاوعدہ کیا تھا، لیکن یہ وعدہ پورا نہ ہوا.

    واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے نصرت سحرعباسی نے کہا ہے کہ سندھ نےصرف کتابوں میں ترقی کی ہے.

    پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کا اپنا کوئی نہیں مرے گا، سندھ میں ترقیاتی کام نہیں ہوگا.

  • قبرستان میں تدفین کے لیے موجود لوگوں پر بوکو حرام کی فائرنگ، 65 ہلاک

    قبرستان میں تدفین کے لیے موجود لوگوں پر بوکو حرام کی فائرنگ، 65 ہلاک

    ابوجہ:نائیجیریا کی جنوبی ریاست بورنو میں بوکو حرام کے دہشت گردوں نے ایک قبرستان میں تدفین اور تعزیت کے لیے موجود کم از کم 65 افراد کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بوکو حرام کے حملہ آور موٹرسائیکلوں اور کاروں میں آئے اور قبرستان میں موجود سوگواروں پر فائرنگ کردی،اس سے قبل مئی میں اسی ریاست میں بوکو حرام کے شدت پسندوں نے فائرنگ کرکے 25 فوجی اور متعدد شہریوں قتل کردیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مہم کے دوران جب فوجی گاؤں کے باشندوں کو بچانے کی کوشش کر رہے تو بوکو حرام کے دہشت گردوں نے انہیں گھیرے میں لے کر فائرنگ شروع کر دی تھی۔

    لوکل حکومت کے ترجمان محمد بلوما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‌’میرے خیال میں بوکو حرام نے گاؤں کا دوران تدفین قتل عام کرکے اپنے ساتھیوں کی موت کا بدلہ لیا ہے۔

    محمد بلوما نے بتایا کہ دو ہفتے قبل گاؤں والوں نے بوکو حرام کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا‘۔

    نائیجریا کے صدر محمدو بوہاری نے بورنو میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایئرفورس اور آرمی کو واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران دسیوں ہزار شہری جاں بحق اور بیس لاکھ سے زائد شہری حالیہ تنازعات اور خانہ جنگی کے باعث بے گھر ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ نائیجیریا میں بوکو حرام کے خودکش حملوں اور اغوا کے واقعات آئے دن سامنے آتے ہیں،2009 کے بعد سے فوج نے نائیجر، کیمرون اور چاڈ کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف مہم کا آغاز کر رکھا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جولائی میں نائیجیریا کی نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن (این این پی سی) کی تیل تلاش کرنے والی ٹیم پر بھی بوکو حرام نے حملہ کردیا تھا جہاں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • کرائسٹ چرچ حملے میں شہید باپ بیٹے نعیم رشیداورطلحہ کوسپردخاک کردیا گیا

    کرائسٹ چرچ حملے میں شہید باپ بیٹے نعیم رشیداورطلحہ کوسپردخاک کردیا گیا

    کرائسٹ چرچ : کرائسٹ چرچ میں مساجد حملے شہید باپ بیٹے نعیم رشید اورطلحہ رشید  کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کردی گئی، نوجوانوں نے قبائلی جنگی رقص’’ہکا‘‘پیش کرکے سانحے کے ہیرو نعیم رشید اور ان کے بیٹے کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ کے ایک ہفتے بعد بھی فضا سوگوار ہے، شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین کا سلسلہ بھی جاری ہے ، حملے میں نمازیوں کوبچانے کی کوشش میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید نعیم رشید اوران کے بیٹے طلحہ رشید سمیت آٹھ پاکستانی شہدا کی نماز جنازہ اور تدفین کردی گئی۔

    اس موقع پر نعیم راشد کی والدہ اور بھائی بھی موجود تھے، شہدا کی میت کو پاکستانی اور نیوزی لینڈ کے قومی پرچموں میں لپیٹا گیا تھا۔

    مقامی نوجوانوں نے سانحے میں شہیدباپ بیٹےکوبہادری پرمنفرداندازمیں خراج عقیدت کیا ، نوجوانوں نےقبائلی جنگی رقص’’ہکا‘‘پیش کرکےخراج عقیدت پیش کیا، جنگی رقص ’’ہکا‘‘میں سینہ ٹھوک کرپاؤں زمین پرمارکردشمن کوللکاراجاتاہے۔

    نمازجنازہ اورتدفین میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی، اس موقع پر لوگ ایک دوسرے سے لپٹ کرروتے اوردلاسے دیتے رہے جبکہ مساجد میں دہشت گردی کے دیگر ستائیس شہدا کی بھی تدفین کردی گئیں ہیں۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید 8 پاکستانیوں کی تدفین کردی گئی، ترجمان دفتر خارجہ


    دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید 8 پاکستانیوں کی تدفین کردی گئی، نماز جنازہ اورتدفین میں1500   مسلمانوں سمیت5ہزارافرادنےشرکت کی ، لواحقین کےسفرکےلیےنیوزی لینڈحکومت اوردفترخارجہ نےمعاونت کی۔

    شہیدسیداریب احمدکی میت چنددن میں پاکستان لائی جائے گی، میت لانےسےمتعلق اریب احمدکےاہل خانہ کوآگاہ کردیا، پاکستانی ہائی کمشنراورعملہ متاثرین کی مدد کےلیےکرائسٹ چرچ میں موجودہے۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ میں سفید فام شخص نے دو مساجد پر اُس وقت فائرنگ کی تھی کہ جب وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسلمانوں کا اجتماع شروع ہونا تھا۔

    فائرنگ کے واقعے میں 49 مسلمان شہید جبکہ متعدد نمازی شدید زخمی ہوئے، ملزم نے اپنے گھناؤنے عمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کی تھی۔

    پاکستان کے ہیرو نعیم راشد جنہوں نے کرائسٹ چرچ میں جان پر کھیل کر نمازیوں کو بچانے کی کوشش کی اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑگئے، ان کے بیٹے طلحہ بھی فائرنگ میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • 8 پاکستانی شہدا کی تدفین کل نیوزی لینڈ میں ہوگی‘ معظم شاہ

    8 پاکستانی شہدا کی تدفین کل نیوزی لینڈ میں ہوگی‘ معظم شاہ

    ویلنگٹن: ڈپٹی ہائی کمشنرمعظم شاہ کا کہنا ہے کہ شہید اریب کا جسد خاکی جلد پاکستان پہنچایا جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے 9 میں سے 7 پاکستانیوں کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

    انہوں نے بتایا کہ کل جمعہ کو کرائسٹ چرچ میں 8 پاکستانیوں کو سپردخاک کیا جائے گا جبکہ شہید اریب کی میت کو جلد پاکستان بھجوانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    ڈپٹی ہائی کمشنرمعظم شاہ کے مطابق کرائسٹ چرچ حملے میں 9 پاکستانی شہید ہوئے تھے۔

    سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے افغان باشندے حاجی داؤد اورفجی سے تعلق رکھنے والے حافظ موسیٰ پٹیل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

    دوسری جانب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے آج پریس کانفرنس کے دوران آٹومیٹک اورسیمی آٹومیٹک اسلحے پرپابندی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مساجد پر حملے میں آٹومیٹک اور سیمی آٹو میٹک اسلحہ استعمال کیا گیا۔

    نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا شہدائے کرائسٹ چرچ کوزبردست خراج عقیدت

    یاد رہے کہ 19 مارچ کو سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے حملہ آور کو دہشت گرد، مجرم اور انتہا پسند قرار دیا تھا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حملہ آور دہشت گردی کے اپنے عمل سے بہت کچھ چاہتا تھا جس میں ایک چیز شہرت بھی ہے، اسی وجہ سے اس کا نام میں کہیں نہیں لوں گی۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے اجلاس کے دوران شہید پاکستانی نعیم راشد کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

    نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ‘ 49 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کردی۔

  • سانحہ کرائسٹ چرچ: شام سے تعلق رکھنے والے شہید باپ بیٹے کو سپردخاک کردیا گیا

    سانحہ کرائسٹ چرچ: شام سے تعلق رکھنے والے شہید باپ بیٹے کو سپردخاک کردیا گیا

    کرائسٹ چرچ: سانحہ نیوزی لینڈ میں شام سے تعلق رکھنے والے شہید باپ بیٹے کو سپرد خاک کردیا گیا، اس موقع پر شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں مساجد پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید خالد مصطفیٰ اور بیٹے حمہز کی تدفین کردی گئی، شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    نیوزی لینڈ کے میموریل پارک میں نماز جنازہ کے دوران ہر شخص افسردہ تھا، شہریوں نے آہوں اور سسکیوں میں شہیدوں کی تدفین کی۔

    دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق تمام افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا جاچکا ہے، جاں بحق افراد میں سے 12کی باضابطہ شناخت کی جاچکی ہے، جبکہ 6افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ جمعے نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 50 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے۔

    مرکزی حملہ آور کی شناخت 28 سالہ برینٹن ٹیرنٹ کے نام سے ہوئی ہے اور وہ آسٹریلوی شہری ہے جس کی تصدیق آسٹریلوی حکومت نے کرکھی ہے۔

    حملے کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز رویوں کی بھرپور مذمت کی جارہی ہے، سوشل میڈٰیا پر بھی شہری مسلمان مخالف سرگرمیوں کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

    نیوزی لینڈ میں دہشت گردی، حملہ آور کے پاس اسلحہ کہاں سے آیا؟

    دوسری جانب پولیس گرفتار حملہ آور سے بھی تحقیقات کررہی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گرد نے حملے کے لیے جو اسلحہ استعمال کیا وہ آن لائن خریدا گیا تھا۔

  • کراچی میں مبینہ فوڈ پوائزننگ سے جاں بحق  5 بچوں کو پشین میں سپرد خاک کردیا گیا

    کراچی میں مبینہ فوڈ پوائزننگ سے جاں بحق 5 بچوں کو پشین میں سپرد خاک کردیا گیا

    کوئٹہ : کراچی میں مضر صحت کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والے 5 بچوں کو نماز جنازہ کے بعد پشین میں سپرد خاک کردیا گیا جبکہ بچوں کی پھوپھو  بھی چل بسی  اور والدہ زیر علاج ہے، والدفیصل زمان کا کہنا ہے کہیں غفلت ہوئی تو پردہ نہ ڈالا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں فوڈپوائزننگ سے جاں بحق ہونے والے پانچوں بچوں کی نمازجنازہ خانوزئی عیدگاہ پشین میں ادا کی گئی، نمازجنازہ میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، سیاسی رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نمازجنازہ میں شریک ہوئی۔

    نماز جنازہ کے بعد پشین میں مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔

    دوسری جانب کراچی میں زیرعلاج بچوں کی پھوپھوبھی دم توڑ گئیں، اٹھائیس سالہ بینا کی میت بھی آبائی علاقے روانہ کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : مضر صحت کھانےسے5 بچوں سمیت 6افرادکی ہلاکت، تحقیقاتی ٹیم نےکام شروع کردیا

    مضر صحت کھانےسے5 بچوں سمیت 6افرادکی ہلاکت کے معاملے پر بنائی گئی تحقیقاتی ٹیم نےکام شروع کردیا، ،تفتیشی ٹیم نے قصرنازانتظامیہ سے ڈیوٹی چارٹ اور کیڑے مارنے والی دوائی کےمتعلق تفصیلات بھی طلب کرلیا ہے۔

    تفتیشی ٹیم کے مطابق کمرے سے بریانی کے دو خالی باکسز ملے تھے، دونوں باکسز اسٹوڈنٹ بریانی سے منگوائےگئے تھے، فیصل زمان اپنی فیملی کے لیے دو ڈبل بریانی کے باکس خرید کر لایا تھا،ایک باکس ایچ ای جے کراچی یونیورسٹی اور ایک باکس ایس جی ایس کورنگی بھجوا دیئے ہیں۔

    یاد رہے گزشتہ روز پشین سے آئے اخوندزادہ فیصل زمان کی فیملی کے ساتھ فوڈپوائزنگ کا واقعہ پیش آیا، جنہوں نے صدر کےایک ہوٹل سے بریانی کھائی، بریانی کھانے کے بعد فیصل زمان کی اہلیہ کی طبیعت بگڑگئی، وہ انہیں لےکراسپتال پہنچے تو پیچھے سے بچوں کی موت کی خبرآگئی۔

    جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کاعبدالعلی چار سال کا عزیز چھے سال کی عالیہ، سات سال کا توحید اور نو سال کی صلویٰ شامل ہے، فیصل زمان کے پانچ ہی بچے تھے۔

    پولیس اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے نوبہارریسٹورنٹ اور قصرناز گیسٹ ہاؤس سے بریانی دودھ اور دیگر کھانے کی چیزوں کے سیمپل اکٹھے کرلیے اور ہوٹل سیل کرکے 18 ملازمین کوحراست میں لیا تھا ، جن سے تحقیقات کی جارہی ہے۔