Tag: ترامیم

  • سندھ میں رائج کن 7 قوانین کا خاتمہ یا ترامیم کر دی گئیں؟

    سندھ میں رائج کن 7 قوانین کا خاتمہ یا ترامیم کر دی گئیں؟

    سندھ اسمبلی نے آج اگلے مالی سال کے لیے بجٹ اور فنانس ترمیمی بل کو منظور کر لیا اس کے ساتھ 7 قوانین میں ترامیم یا خاتمے کی بھی منظوری دے دی۔

    سندھ اسمبلی کے خصوصی بجٹ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اگلے مالی سال 26-2025 کے بجٹ اور فنانس ترمیمی بل کی منظوری دی۔ بجٹ میں کئی ٹیکسز کا خاتمہ، متعدد میں کمی اور کئی شخصیات کی سرکاری خدمات کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی سندھ اسمبلی نے صوبے میں رائج 7 قوانین میں ترامیم یا خاتمے کی منظوری بھی دے دی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے 1958 سے نافذ العمل سندھ انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی ایکٹ کو مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ہی سندھ فنانس ایکٹ 1964 سیکشن 11، پروفیشنل ٹیکس کے مکمل خاتمے کا بھی اعلان کیا۔

    سندھ اسمبلی نے مراد علی شاہ کی پیش کردہ تجاویز کی کثرت رائے سے منظوری دے دی۔ اس کے علاوہ اسٹامپ ایکٹ، موٹر وہیکل ایکٹ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ، سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں نافذ 7 پرانے قوانین میں ترامیم یا خاتمہ کر کے نظام کو سادہ بنایا گیا ہے۔ پرانے اور غیر ضروری قوانین کا خاتمہ عوامی ریلیف کی راہ ہموار کرتا ہے۔ نئے مالی سال سے دو پہیہ گاڑیاں لازمی انشورنس سے مستثنیٰ ہوں گی۔ سینما، ڈراما تھیٹر، آرٹ کونسل، واٹر پارکس، ثقافتی تقریبات پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔

    سندھ میں کن افراد کی سرکاری خدمات کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا؟

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ سیلز ٹیکس نظام کو جدید خطوط پر منتقل کر رہے ہیں۔ اسٹامپ ڈیوٹی میں کمی، تھرڈ پارٹی موٹر انشورنس پر اسٹامپ ڈیوٹی صرف 50 روپےہے۔ وفاق، آئی ایم ایف کے ساتھ نیشنل فسکل پیکٹ 2024کے تحت سندھ پازیٹو لسٹ سے نگیٹو لسٹ پر منتقل ہو رہا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sindh-budget-2025-26-approved/

  • عوام کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز کا اہم اقدام

    عوام کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز کا اہم اقدام

    عوام کی سہولت کے لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب  نے گاڑی کی منتقلی کے لیے بائیو میٹرک مزید آسان کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی کابینہ نے موٹر وہیکلز رولز میں ترامیم کی منظوری دے دی اس حوالے سے ترجمان محکمہ ایکسائز کا بتانا ہے کہ گاڑی کی منتقلی کیلئے بائیو میٹرک مزید آسان کر دی گئی۔

    ترجمان کے مطابق پہلے گاڑی بیچنے اور خریدنے والے کیلئے اکٹھے بائیو میٹرک کی شرط تھی تاہم اب صرف گاڑی بیچنے والا بائیو میٹرک کراکے منتقلی کی درخواست دے سکے گا۔

    ترجمان محکمہ ایکسائز کا بتانا ہے کہ خریدار مقررہ فیس اداکر کے 30 دن میں بائیو میٹرک کراسکے گا 30 دن میں بائیو میٹرک نہ کرانے پر ہر ماہ خریدار کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

    ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق  120 دن تک بائیو میٹرک نہ کرانے پر جرمانے کیساتھ نئی بائیو میٹرک کرانا ہو گی۔

    ترجمان محکمہ ایکسائز کا بتانا ہے کہ دوسری ترمیم کے تحت وراثتی سرٹیفکیٹ کے علاوہ اب نادرا کا فیملی سرٹیفکیٹ بھی قابل قبول ہوگا۔

  • نیب قوانین میں ترامیم ذاتی مفاد کے لیے ہیں: شاہ محمود قریشی

    نیب قوانین میں ترامیم ذاتی مفاد کے لیے ہیں: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نیب ترامیم کا مقصد پی پی اور مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کو بچانا ہے، قوانین میں ترامیم ذاتی مفاد کے لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت میں شامل لوگوں کی منزل ایک نہیں، ایک غیر فطری قسم کا انتظام ہے زیادہ دیر نہیں چل سکے گا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کا مقصد پی پی اور مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کو بچانا ہے، پی ٹی آئی کی استدعا ہے کہ نیب ترامیم پر سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لینا چاہیئے۔ نیب قوانین میں ترامیم ذاتی مفاد کے لیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کو گرفتار کرنے میں چیئرمین نیب بے اختیار ہوگیا ہے، صدر کا اختیار واپس لے کر وفاقی حکومت کو دے دیا گیا ہے، یہ ساری مشق ایک خاص مقصد کے لیے ہے۔

    سابق وزیر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا اوور سیز کو ووٹنگ کا حق دینے کا عمل موجودہ حکومت کو پسند نہیں آیا، اوور سیز پاکستانی معیشت کے لیے بہت اہم ہیں ان کی ترسیلات سے ملک چل رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 25 مئی کو ہمارے کارکنان اور خواتین سے بدسلوکی کی گئی، شیشے بچھا کر سڑکیں بند کی گئیں، اسلام آباد میں شیلنگ کی گئی۔ ان سب میں وکلا پر جو تشدد ہوا اس کی مثال نہیں ملتی۔

  • بلدیاتی قانون میں ترامیم، وزیر اعلیٰ سندھ کا اہم اعلان

    بلدیاتی قانون میں ترامیم، وزیر اعلیٰ سندھ کا اہم اعلان

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ نے بلدیاتی قانون میں ترامیم کے لیے اسمبلی سیشن بلانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج جماعت اسلامی کے مرکز ادارۂ نور حق پہنچ کر رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی قانون میں ترامیم کے لیے اسمبلی سیشن بلا رہے ہیں، میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا ترامیم کے لیے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو 2 ہفتوں میں تجاویز تیار کریں گی۔

    وزیر اعلیٰ کے مطابق ترامیم سے متعلق سامنے آنے والی تجاویز کی بنیاد پر صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کی جائے گی۔

    ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کا مقدمہ لڑتے ہوئے کہا کہ وفاق نے زیادتی کی کہ 650 ملین گیلن پراجیکٹ کو 260 ملین گیلن کر دیا، وفاق اگر ہمیں اگنور کر رہا ہے توصوبائی حکومت ہمیں اون کرے۔

    واضح رہے کہ جماعت اسلامی کو بلدیاتی قانون میں ترامیم کے لیے پی پی حکومت کو آمادہ کرنے کے لیے مہینہ بھر سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینا پڑا تھا، جس کے بعد فریقین کے مابین معاہدہ ہوا۔

    تاہم وزیر اعلیٰ سندھ نے ملاقات کے بعد نیوز کانفرنس میں کہا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ 28 دن تک بیٹھیں، ہم نے تو پہلے دن کہا تھا کہ بات چیت کر لیں، ہمیں 30 نومبر سے پہلے الیکشن کمیشن کو قانون دینا تھا، اور لوگوں سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد قانون لائے، سندھ واحد صوبہ ہے جہاں قانون اسمبلی میں لاکر پاس کیا گیا۔

    انھوں نے کہا میں نے اسمبلی میں بھی کہا تھا ہم اس میں ترامیم کے لیے تیار ہیں، گورنر سندھ نے قانون واپس بھجوا دیا، میں پھر الیکشن کمیشن گیا اور بلدیاتی قانون کی منظوری کے لیے وقت مانگا، گورنر سندھ نے جو اعتراض لگائے اور تجاویز دیں، وہ ہم نے مان لیں، اب 2 ہفتے کا وقت دیا ہے، ناصر شاہ کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی، اس کے بعد ہم اسمبلی سیشن بلائیں گے تاکہ قانون میں ترامیم ہو جائیں۔

  • ضابطہ فوجداری میں کون کون سی ترامیم شامل ہیں؟

    ضابطہ فوجداری میں کون کون سی ترامیم شامل ہیں؟

    اسلام آباد: ضابطہ فوجداری میں ترامیم کی تفصیلات سامنے آ گئیں، ملزمان کے معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ میں ماہر نفسیات بھی شامل ہوں گے۔

    حکومت کی جانب سے کریمنل قوانین میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں، آج فوجداری قانون اور نظام انصاف میں اصلاحات کے حوالے سے اسلام آباد میں افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

    فوجداری قانون میں جو ترامیم تجویز کی گئی ہیں ان میں ایس ایچ او کے لیے گریجویشن کی ڈگری لازمی قرار دی گئی ہے، جہاں مقدمات کا بوجھ زیادہ ہوگا وہاں ایس ایچ او اے ایس پی رینک کا ہوگا۔

    مجوزہ ترامیم کے مطابق مفرور ملزمان کے شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹس بلاک کیے جائیں گے، جلسے، جلوسوں میں اسلحہ لے کر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    دفعہ 161 کے تحت بیانات کی آڈیو، ویڈیو ریکارڈنگ بھی ہوگی، پراسیکیوٹر مطمئن نہ ہو تو مزید یا ازسرنو تحقیقات کا کہہ سکے گا، فوجداری مقدمات کا ٹرائل 9 ماہ میں ہوگا، ہر ماہ ہائیکورٹ کو پیش رفت رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔

    مجوزہ ترامیم کے مطابق غیر سنجیدہ مقدمہ بازی پر سیشن کورٹ 10 لاکھ تک جرمانہ کر سکے گی، 9 ماہ میں ٹرائل نہ ہونے پر ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کو وضاحت کی پابند ہوگی، ٹرائل کورٹ کی وضاحت قابل قبول ہوئی تو مزید وقت دیا جائے گا۔

    ٹرائل کورٹ میں گواہان کے بیانات کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ ہوگی، گواہ بیان کے ٹرانسکرپٹ سے اختلاف کرے تو ریکارڈنگ سے استفادہ ہوگا۔

  • سعودی عرب میں موجود وکیلوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب میں موجود وکیلوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں غیر سعودی شہریوں کو سعودی بار ایسوسی ایشن کا حصہ بنانے کے لیے تنظیمی ڈھانچے میں درکار ترامیم کے لیے غور کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی بار ایسوسی ایشن کے معاہدے سے یہ شق نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت صرف سعودی شہری ہی ایسوسی ایشن کی رکنیت کا حصہ ہوں گے۔

    تاہم یہ شرط رکھی گئی ہے کہ مملکت میں وکالت کی پریکٹس صرف سعودی شہری ہی کرسکیں گے۔

    دوسری جانب شوریٰ کونسل نے کوڈ آف لا پریکٹس کے مذکورہ حصے میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب اس کا متن ہے، ریاست میں موجود ہر وہ شخص جس کے پاس وکالت کا لائسنس ہو اسے سعودی بار ایسوسی ایشن کا حصہ بننا لازمی ہوگا۔

    وزارت انصاف کے مطابق اس وقت مملکت میں 18 ہزار وکلا وکالت کی پریکٹس کر رہے ہیں جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

  • انشورنس سیکٹر کے قواعد میں ترامیم کیلئے ایس ای سی پی کی تجاویز

    انشورنس سیکٹر کے قواعد میں ترامیم کیلئے ایس ای سی پی کی تجاویز

    انشورنس سیکٹر کے قواعد 2002 ء میں متعدد ترامیم تجویزسکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن(ایس ای سی پی )نے ملک میں بیمہ کاری کی صنعت کے فروغ اور پالیسی ہولڈروں کے سرمائے کے تحفظ کے پیش نظرانشورنس سیکٹر کے قواعد 2002ء میں متعدد ترامیم تجویز کردی ہیں۔

    یہ ترامیم انشورنس سروئیرز کے لائسنس اور رجسٹریشن سے متعلق ہیں ،ایس ای سی پی حکام کے مطابق ان ترامیم میں دلچسپی رکھنے والے افراد اورانشورنس کمپنیاں تجویز کردہ ترامیم پر اپنی آراء تیس دن کے اندر ایس ای سی پی کو جمع کروا سکتے ہیں۔

    مجوزہ ترامیم جائزہ کے لئے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہیں،ایس ای سی پی کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا ہے کہ مجوزہ ترامیم ملک میں انشورنس کی صنعت کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گی۔

     

  • سندھ ہائیکورٹ:لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترامیم غیرقانونی قرار

    سندھ ہائیکورٹ:لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترامیم غیرقانونی قرار

    سندھ ہائی کورٹ نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی ترامیم کو غیرآئینی قرار دے دیا، بلدیاتی انتخابات کے لئے کی جانے والی نئی حد بندیاں بھی کالعدم ہوگئیں۔

    سندھ ہائیکورٹ نے لوکل باڈیز ایکٹ میں کی جانے والی تمام ترامیم کو غیر قانونی قراردے دیا، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے کی جانے والی نئی حد بندیوں کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔

    لوکل گورمنٹ ایکٹ ترامیم کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ سمیت دیگر سیاسی اور سماجی تنظیموں نے چیلنج کیا تھا، ایم کیو ایم نے موقف اختیارکیا کہ نئی حد بندیاں آئین سے متصادم ہیں، حکومتی وکیل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نےعدالت میں دلالئل دیئے کہ حد بندیاں آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔

    صوبائی حکومت کو ترامیم کا اختیار ہے،عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد گزشتہ ہفتے محفوظ کیا جانے والا فیصلہ سنا دیا ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ ترامیم کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں دس سے زائد درخواستیں دائر کی گئیں تھیں، جماعت اسلامی کی جانب سے پورے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو چیلنج کیا گیا ہے، جس پر فیصلہ آنا باقی ہے۔