Tag: تربت

  • تربت کے طلبہ نے مجرموں کی شناخت کے لیے پولیس ایپ تیار کر لی

    تربت کے طلبہ نے مجرموں کی شناخت کے لیے پولیس ایپ تیار کر لی

    کوئٹہ: پاکستان کے مغربی کونے میں واقع تربت شہر میں 12 سال قبل قائم ہونے والی یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس کے طلبہ نے ضلع کیچ کی پولیس کے لیے جدید موبائل فون ایپ تیار کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دور افتادہ ضلع کیچ کی پولیس کو موبائل ایپ کی ضرورت ہوئی تو کہیں باہر سے نہیں، اپنے ہی ضلع میں تربت یونیورسٹی کے بی ایس کمپیوٹر سائنس کے 4 طلبہ نے بیڑا اٹھایا، اور ’’شناخت‘‘ کے نام سے جدید موبائل ایپلیکشن تیار کر لی۔

    اس ایپ کا ایک لوکل ڈیٹا بیس بنایا گیا ہے، جس میں ضلع بھر کے جرائم پیشہ افراد کی تمام تر معلومات موجود ہیں، اب پولیس اہلکار موبائل فون پر کہیں بھی کارروائی کے دوران جرائم پیشہ افراد اور مفرور ملزمان کا ریکارڈ چیک کر کے شناخت کر سکیں گے۔

    کمپیوٹر سائنس کے طللبہ بخش اللہ وحید، کامل بلوچ، شہک غلام رسول اور عالم معیار نے 4 ماہ کی محنت سے مشترکہ طور پر یہ ایپ تیار کی ہے، جسے گزشتہ دنوں کیچ کے ضلع پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    ڈیجیٹل کرائم کی زد میں آنے سے بچنے کا طریقہ

    ضلع کیچ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس راشد الرحمٰن زہری نے طلبہ کو کامیابی پر تعریفی اسناد سے نوازا، اساتذہ بھی اپنے طلبہ کی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ تربت یونیورسٹی کے پروفسیر ڈاکٹر گل حسن کا کہنا ہے کہ انھیں خوشی ہے کہ دس سال کے کم عرصے میں یونیورسٹی نے کئی دہائیوں کا سفر طے کر لیا ہے۔

    انھوں نے کہا یونیورسٹی کے طالب علم سائنس، ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبوں میں معاشرے کے لیے دوران تعلیم ہی تخلیقی کام کر رہے ہیں، جو تربت یونیورسٹی میں بہتر تعلیم، نظم و ضبط اور اساتذہ کی محنت کو ظاہر کرتی ہے۔

    ایپلیکیشن بنانے والے کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اور بھی آئیڈیاز ہیں، تاہم وسائل کی کمی ہے، وہ اب بلوچی زبان سے متعلق لینگویج لرننگ ایپ بنانے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

  • تربت سے خاتون خود کش بمبار گرفتار

    تربت سے خاتون خود کش بمبار گرفتار

    تربت : ضلع کیچ کے شہر تربت سے خاتون خود کش بمبار کو گرفتار کرلیا گیا ، عدیلہ بلوچ تربت ٹیچنگ اسپتال میں نرس کے طور پر کام کررہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کامیابی سے ضلع کیچ کےشہرتربت سے خاتون خود کش بمبار کو گرفتار کرلیا۔

    عدیلہ بلوچ تربت ٹیچنگ اسپتال میں نرس کےطورپرکام کررہی تھی ، ان کی گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعال انٹیلی جنس کا ثبوت ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہدرند نے بتایا کہ بلوچستان میں گزشتہ کچھ عرصےمیں تخریب کاری میں اضافہ ہوا، کارروائیوں میں خواتین خودکش بمبارکابھی استعمال کیاگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 16تاریخ کوایک شخص نےرابطہ کیاکہ ان کی بیٹی مسنگ ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فیملی کیساتھ انگیج کیا، پتہ چلاکہ تربت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹراسپتال کی نرس مسنگ ہے۔

    شاہدرند نے کہا کہ قانون نافذکرنےوالےاداروں کیساتھ فیملی نےبھی تعاون کیا، ہم چاہیں گےعدیلہ   کیسےمسنگ ہوئی کہانی آپ کے سامنے رکھیں۔

  • پاکستان کے وہ علاقے جنھیں بجلی براہ راست دوسرے ملک سے ملتی ہے

    پاکستان کے وہ علاقے جنھیں بجلی براہ راست دوسرے ملک سے ملتی ہے

    اسلام آباد: آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پاکستان کے چند علاقے ایسے بھی ہیں جن کا بجلی کا نظام قومی گرڈ سے نہیں بلکہ دوسرے ملک سے منسلک ہے۔

    ان علاقوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہے، اور ان میں گوادر، تربت اور مکران شامل ہیں، جہاں ان دنوں بد ترین لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے، اور مقامی لوگ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    اس سلسلے میں آج وفاقی وزیر حماد اظہر نے ایک ٹوئٹ میں کیا ہے کہ گوادر، تربت اور مکران لوڈ شیڈنگ کا شکار ہیں، انھوں نے وجہ بھی بتا دی، کہا کہ ایران میں بجلی کی قلت کی وجہ سے ان علاقوں میں لوڈ شیڈنگ ہے۔

    حماد اظہر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ علاقے قومی گرڈ سے منسلک نہیں ہیں، اور یہ ایرانی بجلی پر انحصار کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایرانی حکام سے رابطہ کر کے ان کے روبرو یہ معاملہ اٹھایا ہے، اور ان سے بجلی کی فراہمی بحال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    حماد اظہر نے بتایا کہ ان علاقوں کو اب قومی گرڈ سے جوڑنے کا کام بھی جاری ہے، اور اس سلسلے میں سیکڑوں کلو میٹر طویل تاریں بچھائی جانی ہیں، تاہم یہ منصوبہ 2 برس میں مکمل ہوگا۔

    ادھر وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ وزیر توانائی حماد اظہر نے ایرانی سفیر کو ٹیلی فون کر کے ایران میں بجلی شارٹ فال کے باعث بلوچستان کے کچھ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر بات چیت کی ہے، ایرانی سفیر نے وزیر توانائی کو بجلی کی جلد بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • قومی ایئر لائن کی طرف سے تربت کے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    قومی ایئر لائن کی طرف سے تربت کے شہریوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: پی آئی اے نے کوئٹہ سے تربت کے لیے دو طرفہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کل سے کوئٹہ سے تربت کے لیے اپنی پروازیں شروع کر رہی ہے، پہلی پرواز دوپہر 12 بجے کوئٹہ سے تربت کے لیے روانہ ہوگی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے تربت کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، تربت کے لیے پروازیں شروع کرنے سے وہاں کے مسافروں کے لیے سفری سہولت میسر ہوگی۔

    خیال رہے کہ تربت عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ تربت کے لیے دوبار ہ پروازیں شروع کی جائیں۔

    پی آئی اے کا عوام کو تحفہ، کرایوں میں زبردست کمی

    واضح رہے کہ پی آئی اے نے موسم سرما کی چھٹیوں کے لیے خصوصی رعائتی کرائے متعارف کراتے ہوئے رواں ماہ فضائی مسافروں کو خوش خبری دی تھی، کرائیوں میں 30 فی صد رعایت تمام اندرون ملک پروازوں پر دی گئی ہے۔

    اس اعلان کے بعد اندرون ملک یک طرفہ کرایہ 12 ہزار 275 سے کم ہو کر 8 ہزار 500 ہو گیا ہے، دو طرفہ کرایہ 24 ہزار 600 سے کم ہو کر 17 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔

  • تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، لانس نائیک شہید، 3 جوان زخمی

    تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، لانس نائیک شہید، 3 جوان زخمی

    راولپنڈی: تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید اور 3 جوان زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صوبہ بلوچستان کے علاقے تربت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک جاوید کریم شہید اور 3 جوان زخمی ہوگئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، سرچ آپریشن جاری ہے، فائرنگ کا واقعہ تربت سے 35 کلو میٹر دور کیچ کے علاقے میں پیش آیا۔

    شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، 4 جوان شہید،4 دہشت گرد ہلاک

    اس سے قبل رواں ماہ 12 جولائی کو شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

    شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ، کیپٹن سمیت 2 جوان شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ سے کیپٹن سمیت 2 جوان شہیداور 2 زخمی ہوگئے تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا تھا۔

  • تربت میں پنجاب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

    تربت میں پنجاب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تربت میں پنجا ب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشین میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریسٹ ہاؤس میں قبائلی وسیاسی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کو زیادہ فنڈ دے رہے ہیں،بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پنجاب اپنا کردار ادا کرےگا،دونوں صوبے مل کر وفاق سے اپنی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ تربت میں پنجا ب حکومت کی جانب سے اسپتال بنانے جا رہے ہیں، تفتان میں زائرین کے لیے کمیونٹی سینٹر قائم کیا جائے گا، کمیونٹی سینٹر کے لیے ایک ارب کی گرانٹ منظور ہوچکی ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے،ماضی میں آتا رہا ہوں،بلوچستان آکر جو خوشی ملی ہے اسے بیان نہیں کرسکتا۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان نے فنڈز فراہم کرنے پر حکومت پنجاب اور عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جذبہ خیر سگالی کو فروغ دینے کے لیے حکومت پنجاب کی معاونت خوش آئند ہے،ایسے کام کر کے جائیں گے جو آنے والی حکومت کے لیے مثال بنیں۔

  • پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

    پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

    گوادر: پاکستان کوسٹ گارڈز نے تربت اور ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے موبائل گشت کے دوران تالار تربت روڈ کے مقام پر ایک مشکوک نقل وحرکت کا تعاقب کیا۔ موبائل گشت کو دیکھ کر ملزمان رات کے اندھیرے اور پہاڑی علاقے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ مشکوک پہاڑی علاقے کی تلاشی کے دوران 1770 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔

    ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق ایک اور کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے ایک کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 9 کلو گرام اعلی کوالٹی کی افیون برآمد کر کے 1 ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ناکہ کھاری چیک پوسٹ (وندر بلوچستان) پرمختلف گاڑیوں سے 2,305 کلو گرام چھالیہ، 1175 پیکٹ انڈین گٹکا،120 پیکٹ نسوار، 136 بیگز چائنا سالٹ،93 عدد مختلف گاڑیوں کے ٹائرز اور غیر ملکی سگریٹ برآمد کیے گئے۔

    ترجمان کے مطابق تمام اسمگل کی جانے والی منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء تحویل میں لے کر مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ پکڑی جانے والی متفرق اشیاء اور منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 1956.86 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20 نومبر کو پاکستان کوسٹ گارڈز کے عملے نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات ، چھالیہ، انڈین گٹکا اور دیگر اشیاء برآمد کرکے تارکین وطن سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

  • لاہور اور تربت میں مختلف حادثات، 3 افراد جاں بحق، کئی زخمی

    لاہور اور تربت میں مختلف حادثات، 3 افراد جاں بحق، کئی زخمی

    لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور بلوچستان کے شہر تربت میں مختلف حادثے کے باعث تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مصطفی آباد کے علاقے میاں میر کالونی کے قریب ایک شخص ٹرین تلے آکر جاں بحق ہوگیا، 65 سالہ شخص ریلوے لان عبور کر رہا تھا کہ ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی، لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان کے شہر تربت سے مشرق کی جانب 90کلومیٹر دور ہوشاب کراس پر 2گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے۔

    لیویز ذرائع کے مطابق بدھ کے روز تربت سے پنجگور جانے والی وین ہوشاپ کراس کے قریب ایرانی ڈیزل بردار گاڑی زمباد سے ٹکرانے کے نتیجے میں زمباد ڈرائیور رحمت اللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

    حادثے میں وین ڈرائیور امیر فداسوردو پنجگور اور اسداللہ زخمی ہوگئے جبکہ زمبادگاڑی پر سوار 2 افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر تربت اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

    علاوہ ازیں قلات میں بھی ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر مزدہ ٹرک اور موٹر سائیکل کی ٹکر سے لطیف نامی شخص جاں بحق ہوا۔

    پو لیس نے فوری کارروائی کرکے ٹرک ڈرائیور کو گر فتار کرکے لاش کو اسپتال منتقل کر دیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوا لے کر دی گئی۔

  • کیچ میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ

    کیچ میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ

    تربت: بلوچستان کے ضلع کیچ میں ڈینگی پریشان کن حد تک پھیلنے لگا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیچ میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے مزید 93 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ تربت میں روزانہ ڈینگی سے متاثر 12 مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔

    کیچ کے ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق نے بتایا کہ تین ماہ میں کیسز کی تعداد 243 ہو گئی ہے، ڈینگی سے متاثرہ تین مریض جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ کیچ میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے، ڈینگی کی روک تھام کے لیے دبئی حکومت سے بھی فنڈ مانگا گیا تھا تاہم وہ تا حال نہیں مل سکا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے علاقے اور گھروں میں اسپرے کیا جا رہا ہے، ان علاقوں کی نشان دہی بھی کی جا چکی ہے جہاں ڈینگی کی افزائش ہو رہی ہے، نیز لوگوں میں آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  4 سال میں 51 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار

    واضح رہے کہ گزشتہ برس 7 نومبر 2018 کو قومی اسمبلی میں ایک رپورٹ پیش کی گئی تھی، جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ 4 سال کے دوران ملک بھر میں 51 ہزار سے زائد افراد ڈینگی جب کہ 6 سو سے زائد افراد کانگو بخار سے متاثر ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق سال 2015 سے اب تک 51 ہزار 764 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے، سب سے زیادہ 28 ہزار 298 افراد صوبہ خیبر پختون خواہ میں متاثر ہوئے، صوبہ سندھ میں 10 ہزار 447 اور صوبہ پنجاب میں 6 ہزار 58 افراد ڈینگی کا نشانہ بنے، اسلام آباد میں 3 ہزار 930 افراد جب کہ بلوچستان میں 1965 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔

  • تربت: گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ، 19 افراد زخمی

    تربت: گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ، 19 افراد زخمی

    تربت: بلوچستان میں پیش آیا افسوس ناک واقعہ جہاں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث 19 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    تربت کے علاقے شاہ بوک گوٹھ کے قریب ایک تقریب جاری تھی کہ اچانک سلنڈر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    اٹک: اسپتال میں‌ سلنڈر دھماکا، چھ افراد جاں بحق

    اس سے قبل کراچی میں گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے شیر شاہ میں جناح روڈ پر دکان میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں اٹک کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں‌ ہونے والے سلنڈر دھماکے میں‌ چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ ماضی میں متعدد بار سلنڈر پھٹنے کے واقعات پیش آچکے ہیں جس کے باعث درجنوں جانیں ضایع ہوچکی ہیں۔