Tag: ترجمان

  • اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن، 33 کروڑ کی منشیات برآمد

    اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن، 33 کروڑ کی منشیات برآمد

    اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 33 کروڑ روپے کی منشیات برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جہاں 6 کاروائیوں کے دوران 2 افغانی غیر ملکی باشندوں سمیت 6 ملزمان گرفتار کرلئے گئے۔

    ترجمان اے این ایف ہیڈ کوارٹر کے  مطابق کاروائیوں میں 33 کروڑ 68 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تقریباً  248  کلو گرام منشیات، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر برطانیہ جانے والے افغانی نژاد برطانوی شہری سے 990 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

    اپر مال لاہور میں واقع کوریئر آفس میں قطر بیجھے جانیوالے پارسل سے 800 گرام آئس، سہراب گوٹھ بس ٹرمینل کراچی کے قریب افغان باشندے سے 3.600 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

    موٹروے ٹول پلازہ اسلام کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ 2 ملزمان گرفتار کر لئے گئے، نیازی اڈہ لاہور کے قریب 2 ملزمان کے سامان سے 700 گرام آئس، کلی دمان چمن میں اسمگلنگ کیلئے چھپائی گئی 240 کلوگرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • نیب نے 6 ماہ میں کتنی ریکوری کی؟ رپورٹ جاری

    نیب نے 6 ماہ میں کتنی ریکوری کی؟ رپورٹ جاری

    لاہور(9 اگست 2025): قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے رواں سال کے 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون کے دوران نیب نے 456 اعشاریہ 3 ارب کی ریکارڈ ریکوری کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلی دو سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر 547 اعشاریہ 31 ارب کی ریکوری کی گئی، 532.33 ارب مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں  اداروں کے سپرد کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق دھوکا دہی کے مختلف مقدمات میں 12,611 متاثرین کو رقوم واپس دلوائی گئیں، نیب راولپنڈی نے اسلام آباد سیکٹر ای گیارہ میں 51 کنال سرکاری اراضی وا گزار کرائی جبکہ 29 ارب مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کر کے سی ڈی اے کے حوالے کی گئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب مالیت کی زمین واگزار کرائی، سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کی 127 کنال و 15 مرلہ اراضی واگزار کرائی گئی۔

    نیب لاہور نے ہاؤسنگ کیس میں 3.9 ارب کی 8 جائیدادیں واگزار کرائیں، کیس کے 2500 متاثرین کو رقم کی صورت میں فراہمی کی جائے گی۔

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کے 3 ملزمان گرفتار

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم نیٹ ورک کے 3 ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے کاروائی کرکے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے 3 اہم ملزمان گرفتار کرلئے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا، کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں صدام، داریش محمد اور محمد الیاس شامل ہیں، ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں دین ٹریڈ سینٹر پشاور سے گرفتار کیا گیا۔

     ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم صدام پشاور سے لیبیا اور لیبیا سے یورپ انسانی اسمگلنگ میں ملوث تھا، ملزم متاثرہ افراد سے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پایا گیا۔

    چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے 5 پاکستانی پاسپورٹ برآمد کیے گئے، ملزم صدام کی نشاندھی پر دریش محمد اور محمد الیاس کو موٹر بارگین پشاور سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کے قبضے سے انسانی اسمگلنگ کے شواہد، برآمد کر لیے گئے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان سے بین الاقوامی سمگلنگ نیٹ ورک رابطے اور یورپ روانگی کے منصوبوں سے متعلق شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار کاروائیاں جاری ہیں۔

  • انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

    انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے نے گوجرانوالہ سے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں امجد حسین، رضوان ڈار، رفاقت علی، مختار احمد اور عاقب عباس شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پھالیہ، وزیر آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، رفاقت اور مختار نے شہری کو اسپین بھجوانے کیلئے 45 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے شہری کو ملازمت کیلئے اسپین کے بجائے موریطانیہ بھجوا دیا، موریطانیہ میں شہری کو بذریعہ کشتی یورپ بھجوانے کی کوشش کی گئی، شہری نے کشتی کے ذریعے یورپ جانے سے انکار کر دیا اور واپس آ گیا۔

    ترجمان کے مطابق امجد حسین نے شہری کو اٹلی بھجوانے کے لیے 16 لاکھ روپے ہتھیائے، رضوان ڈار نے شہریوں کو اٹلی میں ملازمت کا جھانسہ دیکر 26 لاکھ ہتھیائے، عاقب عباس نے شہری کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے 2 لاکھ 85 ہزار روپے لیے، یہ تمام ٓملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقم لیکر روپوش ہوگئے۔

  • کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

    کراچی: ماڑی پور سے کالعدم بلوچ ریپبلکن آرمی سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم عبدالرحمان عرف عبداللہ عرف چارلی کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ماڑی پور کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کی، کارروائی کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق ملزم عبدالرحمان عرف عبداللہ عرف چارلی سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے، پانچ سو کوارٹرز کا رہائشی عبداللہ 2022 میں کالعدم تنظیم میں شامل ہوا، ملزم نےکالعدم تنظیم کے کارندے جمعہ خان کی ہدایات پر ٹارگٹ کلنگ کی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ قتل میں ساتھی عبداللہ، مظفر عرف نو نو، اوصاف اور سمیع بلوچ شامل تھے، شہری آفتاب احمد کو 24 جون 2023 میں قتل کیا گیا، گلشن بے نظیر میں قتل ہوا جس کا مقدمہ موچکو تھانے میں درج ہوا، ملزم کو جمعہ خان اور علی حسن عرف راجو ہدایات دیتے تھے۔

    عبدالرحمان قانون نافذ کرنے والے اداروں سے متعلق ڈیٹا اکھٹا کرتا تھا، ڈیٹا اکھٹی کرکے جمعہ خان اور علی حسن عرف راجو کو دیتا تھا، ملزم خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کارندہ ظاہر کرتا تھا۔

    ترجمان رینجرز سندھ نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم جعلسازی سے اپنے ساتھیوں کی مدد کر تا رہا، ملزم عبدالرحمان بلوچ کالعدم تنظیموں کیلئے سہولت کاری کر رہا تھا۔

  • رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

    رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور سٹی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقہ کھارادر سے لیاری گینگ وار (کمانڈر ایاز زہری گروپ )سے تعلق رکھنے والے اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث انتہائی مطلوب 2 ملزمان گرفتار کرلئے۔

      ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت امیر حمزہ اور حارث عرف ناک کٹا کے ناموں سے ہوئی، ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ وایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم حارث عرف ناک کٹا لیاری گینگ وار عبدالصمد عرف عرفان کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھا، ملزم نے اس کے کہنے پر بھتہ وصولی کی، ملزم فائرنگ کرنے والے مختلف ملزمان کو اسلحہ و ایمونیشن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سہولت کاری میں بھی ملوث رہا ہے۔

     ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم نے جنوری 2024 کو عبدالصمد عرف فرحان کے کہنے پر کمانڈر ایاز زہری گروپ میں شمولیت اختیار کی، 6 جولائی 2024 کو ملزم امیر حمزہ اپنے دیگر ساتھیوں یوسف عرف موٹا، لیاری گینگ وار کمانڈر ایاز زہری، ارسلان پٹنی اور عبدالصمد عرف فرحان کے ساتھ ملکر کھارادر پنجاب کلب زیر تعمیر عمارت میں فائرنگ کی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں ایک مزدور غلام حیدر نبی زخمی ہوا تھا، ملزم کے ساتھی ایاز زہری نے بلڈر سے 2 کروڑ بھتے کی ڈیمانڈ کی تھی اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ کی تھی۔

    ترجمان رینجرز نے کہا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، ملزمان کے خلاف تھانہ کھارادر میں ایف آئی آر بھی درج ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کارروائی کے لیے سٹی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • کوئی بھی مہم پی ٹی آئی کی بڑھتی مقبولیت کو کم نہیں کر سکتی، ترجمان

    کوئی بھی مہم پی ٹی آئی کی بڑھتی مقبولیت کو کم نہیں کر سکتی، ترجمان

    پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوئی بھی مہم پی ٹی آئی کی بڑھتی مقبولیت کو کسی طور بھی کم نہیں کر سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی آئین و قانون کی پاسداری پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ کسی بھی طرح کی مہم پاکستان تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو کم نہیں کر سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئےجدوجہد کی۔ پی ٹی آئی کی بنیاد قانون کی حکمرانی اور انصاف کے نظریے پر قائم کی گئی۔

    ترجمان کا سیاسی جماعتوں کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دیگرسیاسی جماعتیں سیاسی جدوجہد کےتصور سے مکمل نابلد ہیں۔

    پی ٹی آئی قائدین و کارکنان نے ریاستی جبر کے باوجود آئین کو مقدم رکھا۔ ملک کی مقبول ترین جماعت کیخلاف پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے۔

  • بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم کا مرتکب ہے: پاکستان

    بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے جرائم کا مرتکب ہے: پاکستان

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق متنازعہ بیان نہ صرف جھوٹ پر مبنی بلکہ گمراہ کن ہے، بھارت 9 لاکھ فوج کے ساتھ انسانی حقوق کے جرائم کا بھی مرتکب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان مسترد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کا متنازعہ بیان نہ صرف جھوٹ پر مبنی بلکہ گمراہ کن ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت کشمیر پر ناجائز طور پر قابض ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ فوج کے ساتھ بھارت انسانی حقوق کے جرائم کا بھی مرتکب ہے، عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ وادی میں جبر کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعے کا واحد حل کشمیری عوام کا حق خود ارادیت ہے۔

  • پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں ہوتا ہے: وزارت خزانہ

    پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں ہوتا ہے: وزارت خزانہ

    اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 3 سالہ دور حکومت میں بہترین معاشی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سنہ 2018 سے 2022 کے دوران 9 ہزار 500 ارب سود کی مد میں ادا کیے گئے، اس میں 6 ہزار ارب کا اضافہ روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے ہوا، اضافی طور پر کوئی قرضہ نہیں لیا گیا۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس 1200 ارب روپے کا ڈپازٹ موجود ہے، زرمبادلہ میں 1 ہزار ارب روپے اضافہ ہوا، قرض کی شرح نمو سنہ 2018 میں 71 فیصد تھی جو سنہ 2022 تک 65 فیصد ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 3 سالہ دور میں 55 لاکھ نوکریاں دی گئیں یعنی سالانہ 18.4 لاکھ کی اوسط، مسلم لیگ ن کے دور میں یہ سالانہ شرح 11 لاکھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں 14 لاکھ تھی۔

    مزمل اسلم کے مطابق ملک میں 4 فیصد بے روزگاری کی شرح ہے جو پڑوسی ممالک میں سب سے کم ہے، صرف 4.8 فیصد افراد غربت کی لکیر سے نیچے ہیں اور یہ شرح بھی پڑوسی ممالک میں سب سے کم ہے، پاکستان کا شمار ایشیا کے خوشحال ترین ممالک میں کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں فی فرد اوسط آمدنی 16 سو 50 ڈالر رہی جو کہ تاریخی شرح آمدن ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ درحقیقت حکومت نے سود اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ کے علاوہ صرف 3 ہزار 900 ارب روپے کا قرض لیا اور اپنے تقریباً 4 سالہ دور حکومت میں اس میں سے 17 سو 50 ارب روپے صوبوں کو اضافی دیے۔

  • 3 ماہ میں نئے انتخابات: الیکشن کمیشن نے وضاحت جاری کردی

    3 ماہ میں نئے انتخابات: الیکشن کمیشن نے وضاحت جاری کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے 3 ماہ میں نئے انتخابات کے اعلان کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وضاحت جاری کردی، ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن تیاریوں سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات 3 ماہ میں نہ کروانے کی خبروں میں صداقت نہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، ہم ہر وقت تیار ہیں۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے الیکشن تیاریوں سے متعلق ہنگامی اجلاس بلایا ہے، اجلاس میں عام انتخابات کی صورت میں تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق ذمہ داری پوری کرے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے 3 اپریل کو صدر مملکت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھجواتے ہوئے 3 ماہ میں نئے انتخابات کروانے کا اعلان کیا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قوم کو کہتا ہوں الیکشن کی تیاری کریں، آپ کا مستقبل کیا ہوگا یہ عوام نے فیصلہ کرنا ہے۔