Tag: ترجمان تحریک انصاف

  • عدالتی پابندی کے باوجود شریف خاندان کی شوگر ملیں کام کر رہی ہیں، فواد چوہدری

    عدالتی پابندی کے باوجود شریف خاندان کی شوگر ملیں کام کر رہی ہیں، فواد چوہدری

    لاہور : ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے پابندی عائد کرنے کے باوجود شریف خاندان کی شوگر ملیں اب تک کام کر رہی ہیں جو کہ توہینِ عدالت کے مترادف ہے۔

    تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جنوبی پنجاب میں مزید نئی شوگر ملیں لگانے پر پابندی عائد کرنے کے تاریخی فیصلے کو سراہتے ہیں کیوں کہ یہ فیصلہ مفادِ عامہ میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عہدہ سنبھالتے ہی شوگر ملوں پر لگی پابندی کو اُٹھالیا تھا اور اپنے اہلِ خانہ کو نوازنے کا سلسلہ شروع کردیا تھا جس کا خمیازہ عام کسانوں کو اُٹھانا پڑا۔


    *سپریم کورٹ کا شریف خاندان کی 3شوگر ملزکو بند کرنے کا حکم


    فواد چودھری نے کہا کہ سچ کا بول بالا ہوا اور آج سپریم کورٹ نے جنوبی پنجاب میں مزید نئی شوگر ملیں لگانے پر پابندی عائد کرکے شریف فیملی کی 3 شوگر ملوں کو کام کرنے سے روک دیا جو قابل ستائش عمل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاناما کیس کی سماعت کچھ وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہورہی ہے اور ہمیں امید ہو چلی ہے کہ جلد ہی کیس کا فیصلہ منظر عام پر آئے گا اور کرپٹ حکمرانوں کو قوم کے سامنے بے نقاب ہونے سے کوئی نہیں بچا سکے گا۔

  • تحریک انصاف کا چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    تحریک انصاف کا چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے قومی احتساب بیورو(نیب) کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیب سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

    اس حوالے سے تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب قمر الزماں کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے، چیئرمین نیب لٹیروں کو نہیں پکڑ سکتے تو عہدے سے استعفیٰ دے دیں، اپنی کارکردگی سے متعلق ان کے دعوے مضحکہ خیز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں یومیہ 12 ارب کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں، چیئر مین نیب اپنی ناکامی تسلیم کریں اور رویے پر نظر ثانی کریں،چیئرمین نیب کسی ایک مجرم کا نام بتادیں جسے کٹہرے میں کھڑا کیا گیا ہو۔

    انہوں نے قمر الزماں کو مخاطب کیا کہ وہ بتائیں کہ پاناما لیکس پر آج تک انہوں نے کیا کیا؟نیب وقت گزرنے کے ساتھ اپنی ساکھ اور عوام کا اعتماد کھو رہا ہے،نیب کا کام چھوٹے چور کو پکڑ کرنا بڑے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب بدعنوانی کا تدارک چاہتے ہیں تو وزیر اعظم سے ابتدا کریں اور استعفی دے دیں۔

  • جھوٹ اور نفرت انگیز تقاریر لیگی وزراء کا خاصہ ہے، ترجمان پی ٹی آئی

    جھوٹ اور نفرت انگیز تقاریر لیگی وزراء کا خاصہ ہے، ترجمان پی ٹی آئی

    لاہور : تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ جائز تنقید کے جواب میں نازیبا الفاظ اور الزامات کی بوچھاڑ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا خاصہ بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے بیان کے جواب میں سخت ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ’’ جھوٹ اور نفرت انگیز تقریر مسلم لیگ ن کے وزراء کا خاصہ ہے‘‘۔

    نعیم الحق نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق چاہتے ہیں کہ ملک میں کوئی بھی شخص وزیراعظم پاکستان، مسلم لیگ ن کے وزراء کی کرپشن اور لوٹ مار پر بات نہ کرے مگر قوم کرپٹ عناصر کا احتساب کرنا جانتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ حکمراں جماعت کے اراکین اپنی زبانوں کو قابو میں رکھیں اور مہذب انداز میں گفتگو کریں۔

    دوسری جانب لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ چیئرمین پی ٹی آئی کالا چشمہ اتار کر خیبر پختونخوا سے چوہے اور پولیو کے مرض کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

    مزید پڑھیں : وزیرریلوے نے مخالفین پر ایک بار پھر ٹرین چڑھا دی

     خواجہ سعد رفیق نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’بلاول بھٹو کرپشن کی بات کرنے سے پہلے ماضی میں جھانکیں اور ریڈ لائن کراس نہ کریں‘‘۔

    انہوں نے آصف علی زرداری کی تعریف کرتے ہوئے اپیل کی کہ ’’ سابق صدر معاملہ فہم اور دور اندیش ہیں وہ ٹی اور آرز کے معاملے کو سنبھالیں اور اس مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں‘‘۔