Tag: ترجمان دفتر خارجہ

  • پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

    پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار

    پاکستان نے قطر میں قائم امریکی العدید ایئر بیس پر حالیہ حملوں کے بعد خطے میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں تمام ممالک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے اصول کی حالیہ خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی قوانین کے بنیادی اصولوں کی مکمل پاسداری پر زور دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ تمام تنازعات کو پرامن بات چیت اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے۔

    دفتر خارجہ نے تمام متعلقہ فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جو خطے میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتی ہیں۔

    ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے ہر ممکن سفارتی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    واضح رہے کہ جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے جواب میں ایران نے قطر میں امریکا کے بڑے فوجی اڈے پر میزائل ڈاغے جس کے چند گھنٹے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران اور اسرائیل جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں۔

    امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ اسرائیل اور ایران جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے، دونوں ملک باقاعدہ جنگ کے خاتمے کا اعلان کریں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تمام لوگوں کو مبارک ہو، اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل اور جامع سیز فائر پر مکمل اتفاق ہوگیا ہے، بعدازاں ایران اور اسرائیل نے سیز فائر کا باضابطہ اعلان کیا۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

  • دفتر خارجہ کا مودی کی اشتعال انگیز تقریر پر سخت رد عمل سامنے آگیا

    دفتر خارجہ کا مودی کی اشتعال انگیز تقریر پر سخت رد عمل سامنے آگیا

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی کی اشتعال انگیز تقریر قابل افسوس مگرغیرمتوقع نہیں، مودی نے اقلیتوں پر مظالم، تاریخ مسخ کرنے کی روش نظر انداز کرکے اشتعال انگیز تقریر کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آبی وسائل کو ہتھیار بنانے کا حوالہ بین الاقوامی اصولوں سے انحراف ہے، جو قیادت عالمی احترام چاہتی ہے وہ دھمکانے سے پہلے اپنا احتساب کرے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کاغیرملکی قتل وغارت، مداخلت سے تعلق جوڑا جا چکا ہے، بھارت غیر ملکی عوام اور علاقوں پر قابض ہے، جو ریاست خود جبر کر رہی ہے وہ مظلوم ہونے کا دعویٰ نہیں کر سکتی۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت میں موجودہ حکومت کے نظریاتی حامی ہجوم کے تشدد کو معمول بناچکے، بھارت میں نفرت انگیز سوچ اور اقلیتوں کو نشانہ بنانا معمول بن چکا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات اندرونی سیاسی فائدے کیلئے ہو سکتے ہیں مگر عالمی سطح پر قابل قبول نہیں، بھارت معاہدوں کی پاسداری اور زبان و عمل میں ضبط کا مظاہرہ کرے۔

    گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کے شاہین میزائل سے متعلق بے بنیاد دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا حقائق کے منافی ہے۔

    دفتر خارجہ نے بھارت کے شاہین میزائل سے متعلق بے بنیاد دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی میڈیا کا شاہین میزائل سے متعلق پروپیگنڈا حقائق کے منافی ہے۔ بھارتی فوج نے ویڈیو جاری کی اور پھر جھوٹا دعویٰ پکڑے جانے پر خود ہی ڈیلیٹ کر دی۔

    پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتیں بھارت کو روکنے کے لیے کافی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی خاموشی جعلی ویڈیو پر سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ بھارتی ناکامیوں کو چھپانے کیلیے بے بنیاد دعوے کیے جا رہے ہیں۔

  • نریندر مودی کے بیان پر وزارت خارجہ کا شدید ردعمل

    نریندر مودی کے بیان پر وزارت خارجہ کا شدید ردعمل

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر اپنا شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے نفرت انگیز اور پرتشدد قرار دیا ہے۔

    اپنے جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کے بیانات نفرت انگیز، پرتشدد اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نریندر مودی کے بیان کو لاپرواہی اور اشتعال انگیزی سمجھتا ہے، پاکستان اپنی سالمیت، خود مختاری کیلئے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرے گا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کی اس بیان بازی کا نوٹس لینا چاہیئے، بھارت کی اس قسم کی بیان بازی سے خطے کے امن واستحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نریندر مودی کے اس بیان کا مقصد جغرافیائی تبدیلی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قیام امن میں سرکردہ شراکت دار ہے، پاکستان انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں مسلسل کردار ادا کررہا ہے۔

    اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خود مختار اور باہمی احترام کے تحت امن کیلئے پرعزم ہے، ہندوستان کو اپنے ملک کے اندر انتہا پسندی پر غور کرنا چاہیے۔

    مزید پڑھیں : مودی سرکار کی ووٹ کے لیے جھوٹ کی سیاست بے نقاب ہوگئی

    مودی سرکار کی ووٹ لینے کے لیے جھوٹ کی سیاست بےنقاب ہوگئی، دی ایشین ایج میں شائع مضمون میں بتایا گیا ہے کہ پہلگام حملے کو جواز بنا کر مودی سرکار نے بی جے پی صدر کے انتخاب کومؤخر کردیا۔

    تاخیرمودی سرکار کی سیاسی ناکامی اور اندرونی خلفشار کامنہ بولتا ثبوت ہے۔ دی ایشین ایج نے لکھا بی جے پی کو امید تھی پہلگام حملہ اورآپریشن سندور آرایس ایس کو رام کرلیں گے۔

  • پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتیں بھارت کو روکنے کے لیے کافی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتیں بھارت کو روکنے کے لیے کافی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتیں بھارت کو روکنے کے لیے کافی ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ پاکستان شفقت علی خان نے بھارتی وزیر دفاع کے پاکستانی جوہری ہتھیاروں سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع نے اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پاکستان کے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بیان دیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کی موثر دفاعی صلاحیتیں دیکھ کر بھارتی وزیر دفاع کا بیان ان کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی طرح خود ساختہ ’’جوہری بلیک میل‘‘ کی ضرورت نہیں۔ پاکستان کی روایتی دفاعی صلاحیتیں ہی بھارت کو روکنے کے لیے کافی ہیں۔ بھارتی وزیر دفاع کے بیان سے واضح ہے کہ انہیں آئی اے ای اے کی ذمہ داریوں کا ادراک نہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ سال بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر سے چوری تابکار ڈیوائس کیساتھ 5 افراد کو دہرادون میں پکڑا گیا تھا۔ کیلیفورنیم نامی انتہائی تابکار اور زہریلے مواد کی غیر قانونی ملکیت میں ملوث گروہ پکڑا گیا۔ چوری کیے گئے انتہائی تابکار اور زہریلے مواد کی مالیت 100 ملین امریکی ڈالرز تھی جب کہ 2021 میں بھی کیلیفورنیم کی چوری کے 3 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

    شفقت علی خان نے مزید کہا کہ بھارت میں جوہری اور تابکار مواد کی بار بار چوری کے واقعات پر آئی اے ای اے کو تشویش ہونی چاہیے جب کہ عالمی برادری کو بھارت سے غیر قانونی اسمگلنگ کے واقعات پر بھی تشویش ہونی چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوالات اٹھتے ہیں کہ بھارت نےجوہری ودیگر تابکار مواد کے تحفظ کیلیے کیا اقدامات کیے۔ پاکستان ان واقعات کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتا اور بھارت سے جوہری تنصیبات اور ہتھیاروں کا تحفظ یقینی بنانے کی اپیل کرتا ہے۔

  • پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی کے من گھڑت الزامات مسترد کر دیئے

    پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی کے من گھڑت الزامات مسترد کر دیئے

    پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اشتعال انگیز اور من گھڑت الزامات کو مسترد کر دیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیراعظم مودی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز، من گھڑت الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں، مودی کا بیان خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ مودی کا بیان غلط معلومات، سیاسی مفاد پرستی ،عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت جھوٹے بیانیے سے جارحیت کو جواز دینے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ پاکستان سیز فائر معاہدے، خطے میں استحکام کیلئے اقدامات پر اب بھی قائم ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیز فائر کئی دوست ممالک کی سہولت کاری سے ممکن ہوا ہے اور پاکستان پر مایوسی، ناکامی میں سیز فائر مانگنے کا الزام سراسر جھوٹ ہے اس کے علاوہ پہلگام حملے کو بغیر ثبوت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئےاستعمال کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت دہشتگردی کا بہانہ بنا کر فوجی مہم جوئی کو جواز دے رہا ہے، بھارت اندرونی ناکامی سے توجہ ہٹانے کیلئے بیرونی خطرے کا جھوٹا بیانیہ بنارہا ہے، پاکستان نے بھارت کی بلااشتعال فوجی جارحیت کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

    معرکہ حق کے دوران شہدا اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کر دی گئیں

    پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا کر خطرناک صورتحال پیدا کی، بھارت کی حرکتوں سے خطے میں امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں، بھارتی اقدامات جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام کو ختم کرنے کی کوشش ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت خواتین، بچوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل کو معمول بنانے کی کوشش کررہا ہے لیکن پاکستان اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت، شہریوں کے تحفظ کا ہر صورت دفاع کرےگا، بھارت کے اقدامات پر پاکستان اور عالمی برادری گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی فوجی اہداف کیخلاف تھی اور مکمل طور پر جائز تھی، پاکستان نے بھارتی فوجی صلاحیت کو نشانہ بنا کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا اور بھارتی پروپیگنڈا پاکستان کی عسکری کامیابیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔

    سندھ طاس معاہدہ

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت سندھ طاس جیسے کئی بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے لیکن پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت حقوق کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کرے گا۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے جس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، پاکستان کی انسداد دہشتگردی میں قربانیاں اور کردار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔

    مسئلہ کشمیر

    ترجمان نے کہا کہ یواین قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں، پاکستان امریکی صدر ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر کے حل کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، امن ہی اصل طاقت ہے جبکہ فوجی نمائشی اقدامات خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں۔

    ” پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھیں، ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینگے، بھارت کو چاہیے علاقائی استحکام اور اپنے عوام کی فلاح کو ترجیح دے”

  • بھارت کی جانب سے ویزا منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

    بھارت کی جانب سے ویزا منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

    ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کیجانب سے ویزہ منسوخی سے سنگین انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت سے پاکستانی شہریوں کی واہگہ بارڈر کے ذریعے واپسی پر دفتر خارجہ نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا کہ کئی پاکستانی مریض علاج مکمل کیے بغیر واپس آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ ویزے منسوخ کرنے کا بھارتی فیصلہ سنگین انسانی چیلنجز پیدا کر رہا ہے خاندانوں کے بچھڑنے اور بچوں کے والدین سے جدا ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    امریکا کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ واہگہ اٹاری بارڈر کراس کرنے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2025 تھی، میڈیا رپورٹس کے ذریعے اٹاری میں پھنسے پاکستانی شہریوں کا علم ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت پھنسے پاکستانیوں کو جانے کی اجازت دے، ہم ان کے استقبال کے لیے تیار ہیں، واہگہ بارڈر آئندہ بھی پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا رہے گا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے، بھارت نے پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے جبکہ پاکستان  نے اس کی تردید کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

    حملے کے بعد نہ صرف بھارت نے پانی کی تقسیم سے متعلق معاہدہ معطل کر دیا اور دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کر دیں بلکہ سرحد پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لے لیا

    پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے ریمارکس کا نوٹس لیا ہے، احتجاج کرنے والے عام مظاہرین نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کے کارکن تھے۔

    ترجمان نے آج جمعرات کو بریفنگ میں کہا کہ احتجاج کرنے والوں کی دہشت گردی کا بڑا ثبوت سول اسپتال کوئٹہ پر حملہ، اور دہشت گردوں کی لاشوں پر قبضہ ہے، یو این ادارے کی پریس ریلیز دہشت گردی کے خلاف سپورٹ کے برعکس، دہشت گردوں کو تقویت دیتی ہے۔

    ترجمان نے کہا حکومت اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی پابند ہے، مذہبی، نسلی پس منظر سے قطع نظر حکومت شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، اور دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کے لیے کوئی رعایت نہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم کی ہدایت پر نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کابل کا دورہ کیا، 21 مارچ کو محمد صادق کی افغان عبوری وزیر خارجہ و وزیر تجارت سے ملاقات ہوئی، پاکستان اور افغانستان نے اعلیٰ سطح پر رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی ذرائع سمیت کئی سطح پر جامع بات چیت ہوئی ہے، امریکا یا کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات افغانستان کا اپنا معاملہ ہے، بگرام ایئر بیس کے حوالے سے اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں۔


    گوادر : کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے 6 مسافروں کو قتل کردیا


    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا پاکستان روس اور یوکرین کے درمیان محدود جنگ بندی کا خیر مقدم کرتا ہے، امید ہے موجودہ اقدامات سے مستقل اور پائیدار جنگ بندی کی راہ ہموار ہوگی، ترجمان نے کہا پاکستان مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کے گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    ترجمان نے کہا پاکستان امریکی ایوان نمائندگان میں متعارف بل سے آگاہ ہے، پاکستان آزادی اظہار، انسانی حقوق اور آئین پر عمل درآمد کرتا ہے، ایوان نمائندگان میں آنے والا بل ایک رکن کا بل ہے جسے ابھی کئی مراحل سے گزرنا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ مجوزہ بل امریکی انتظامیہ کی پالیسی نہیں ہے۔

    ترجمان نے کہا حکومت پاکستانی صحافیوں کے دورہ اسرائیل کی اطلاعات سے آگاہ ہے، پاکستان کا پاسپورٹ اسرائیل کے لیے کارآمد ہے نہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرتا ہے، دہری شہریت کے حامل شہری کسی دوسرے پاسپورٹ پر سفر کر سکتے ہیں، تکنیکی طور پر پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کا سفر ممکن نہیں۔

  • جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا، ترجمان دفتر خارجہ

    جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ، حملہ بیرون ملک بیٹھی قیادت نے کرایا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے باہر سے پلان کی جانے والی دہشت گردی کا شکار ہے، جعفر ایکسپریس پر حملہ بھی بیرون ملک بیٹھی قیادت نے کروایا،افغان عبوری حکومت سےمطالبہ کیا دہشت گرد گروہوں کواپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے حوالے سے ثبوت افغان حکام سےشیئر کرتا رہا ہے، جعفرایکسپریس حملہ انتہائی سنگین تھا، ابھی صرف ریسکیو آپریشن مکمل ہوا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کثیرالجہتی حکمت عملی پر گامزن ہے، افغانستان پرہماری بنیادی ترجیح دوستانہ وقریبی تعلقات کا فروغ ہے، بہت سے دوست ممالک نے جعفرایکسپریس دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

    شفقت علی خان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جعفرایکسپریس واقعہ کے دوران ٹریس شدہ کالز میں افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ہے۔

    پاکستان پر سفری پابندی کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ امریکا میں پاکستانی شہریوں کے داخلے پر پابندی کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکاسے رابطے میں ہے، وزارت خارجہ اور امریکا میں ہمارا سفارتخانہ امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، سفری پابندی کے حوالے سے اب تک ایسی کوئی معلومات نہیں دی گئی۔

  • یو این قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا، ترجمان دفتر خارجہ

    یو این قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کیا، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد کمانڈر شریف اللہ کی گرفتاری پروزیر اعظم نے سماجی ویب سائٹ پر پیغام دیا، علاقائی امن و استحکام کیلئے امریکا کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھیں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت شریف اللہ کو گرفتار اور امریکا کے حوالے کیا، شریف اللہ کو کس قانون کے تحت امریکا کے حوالے کیا یہ وزارت قانون بہتر بتا سکتی ہے, مجھے اس معاملے پر کسی قسم کی کوئی پریشانی یا خوف دکھائی نہیں دیتا۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی پر مبنی تعاون جاری ہے ، ہمارے امریکا سے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں، امریکا ہمارا بڑا برآمدی شراکت دار ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی پرتعاون ایک جاری عمل ہے ، دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری اور حوالگی پر کوئی فل اسٹاپ نہیں ، شریف اللہ کی گرفتاری اور حوالگی جیسے آپریشن کسی ایک واقعے کی مرہون منت نہیں ، پاکستان اور امریکا کے درمیان قونصلر رابطے جاری رہتے ہیں۔

    شفقت علی خان نے بھارتی وزیر مملکت کی آزاد کشمیر واپس لینے کی ہرزہ سرائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا بگرام ائیر بیس واپس لینے یا نہ لینے کا معاملہ افغان اور امریکی حکومت کا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ افغان سائیڈ نے بارڈر پر پاکستان کی جانب 2 چوکیوں کی تعمیر کی کوشش کی، منع کرنے پر انہوں نے پاکستان کی جانب فائرنگ بھی کی، افغان سرگرمیوں کا نتیجہ پاک افغان سرحد کی بندش میں نکلا ہے۔

  • غزہ کو امداد سے محروم کرنا اسرائیل کا ظالمانہ اقدام ہے، پاکستان

    غزہ کو امداد سے محروم کرنا اسرائیل کا ظالمانہ اقدام ہے، پاکستان

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امداد کی بندش کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    اپنے حالیہ جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں غزہ کے بے سہارا لوگوں کو انسانی امداد سے محروم کرنا اسرائیل کا ظالمانہ اقدام ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کا امداد روکنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری غزہ میں امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

    ترجمان نے کہا کہ ہم 1967 سے قبل کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں، اور سمجھتے ہیں کہ فلسطین کا حل دو ریاستی حل پر مشتمل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے غیرقانونی اقدامات حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

    پاکستان نے فلسطین میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو ظالمانہ اقدامات سے روکے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل اور1967سے پہلے کی سرحدوں پر خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیتا آیا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے فلسطینی تنظیم حماس کی جانب سے جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں توسیع کو قبول کرنے سے انکار کے بعد گزشتہ روز امداد لے جانے والے ٹرکوں اور گاڑیوں کو غزہ جانے سے روک دیا تھا۔

    حماس نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں توسیع کی اسرائیلی تجویز کو مسترد کر دیا تھا کیوں کہ اس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جائے تاکہ مستقل امن قائم ہوسکے، پہلے مرحلے میں توسیع کروا کر اسرائیل جنگ چھیڑنے کا امکان کھلا رکھنا چاہتا ہے۔

    اسرائیل نے اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ میں امریکی حمایت یافتہ تجویز کے مطابق جنگ بندی کی مدت کو رمضان تک توسیع دے گا، اوراس کے بدلے میں غزہ میں موجود نصف یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/hamas-rejects-extending-first-phase-gaza-ceasefire/