لاہور: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کی خبروں پر ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہی ہیں، متحدہ اپوزیشن حکومتی نااہلی کو اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی نے رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی بنانے کی منظوری دی ہے، خواجہ آصف کو پارلیمانی لیڈر بنانے کی منظوری دی گئی ہے، نواز شریف کی مشاورت سے شہباز شریف نے نامزدگی کی لیکن قائد حزب اختلاف شہباز شریف ہی ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ رانا تنویر کی نامزدگی پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لیا اور مشاورت کی۔
مزید پڑھیں: کیا خادم اعلیٰ وطن واپس آئیں گے؟
واضح رہے کہ حالیہ واقعات کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد شہباز شریف کے لندن میں طویل قیام کی خبروں کو تقویت ملی ہے، ن لیگ نے رانا تنویر کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی، یہ عہدہ اس وقت شہباز شریف کے پاس ہے۔
ادھر نیب مقدمات کا سامنا کرنے والے شہباز شریف کی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں آمد ہوئی، جہاں انھوں نے اپنی میڈیکل رپورٹس کی تصدیق کرائی تھی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق نئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پارلیمانی لیڈر کی منظر میں آمد اس بات کا اشارہ ہے کہ شاید اپوزیشن لیڈر فوری وطن واپس نہیں آئیں گے۔