Tag: ترجمان نیب

  • سرکاری ملازم کی کروڑوں روپے مبینہ کرپشن کا انکشاف

    سرکاری ملازم کی کروڑوں روپے مبینہ کرپشن کا انکشاف

    کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازم کی کروڑوں روپے مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں سرکاری ملزم کی کروڑوں روپے مبینہ کرپشن سامنے آئی ہے، محکمہ تعمیرات کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کے 25 کروڑ روپے کے غیرقانونی اثاثے ہیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق غیرقانونی اثاثہ جات میں کوئٹہ، کراچی میں بنگلے، 6 فلیٹ شامل ہیں، ملزم نور لہڑی اور بے نامی دار ملک نوید کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیا گیا۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بے نامی داروں کے نام پر اکاؤنٹس سے 132 ملین روپے کی مشتبہ ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے، قبل ازیں ملزم کی بے بنیاد درخواست کو چیف جسٹس ہائیکورٹ نے مسترد کردیا تھا۔

    ترجمان نیب کے مطابق نیب نے سپرنٹنڈنٹ انجینئر نور لہڑی، بے نامی دار ملک نوید کاسی کے خلاف ریفرنس دائر کردیا، گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نئےعزم واستقلال کیساتھ بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنےکیلئے پرعزم ہیں، نیب افسران بدعنوانی کےخاتمہ کو قومی فرض سمجھ کرادا کررہے ہیں، نیب ملک کو کرپشن فری بنانے کےمشن کی تکمیل کیلئے بھرپورمحنت کررہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ افسران محنت، عزم، شفافیت اورمیرٹ پر فرائض انجام دے رہے ہیں، نیب کی آگاہی مہم کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ جیسے اداروں نےسراہا ہے۔

  • نیب نے فواد چوہدری کے بیان کا نوٹس لے لیا، کارروائی کی ہدایت

    نیب نے فواد چوہدری کے بیان کا نوٹس لے لیا، کارروائی کی ہدایت

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے فواد چوہدری کے بیان احتساب ہم کررہے ہیں نیب نہیں کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کے بیان سے نیب کا تشخص مجروح ہوا۔

    نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فواد چوہدری کا بیان حقائق کے منافی ہے، ان کا بیان جاری تحقیقات میں رکاوٹ پیدا کرسکتا ہے، حکومت کی جانب سے نیب کو آج تک کوئی ریفرنس نہیں ملا۔

    نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیب کے افسران اہلکار ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنے فرائض انتہائی محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں، فواد چوہدری کا بیان ان کے کام کی بھی نفی ہے۔

    ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فواد چوہدری کے بیان پر ڈی جی نیب کو قانونی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

    واضح رہے کہ فواد چوہدری نے دو روز قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ احتساب ہم کررہے ہیں نیب نہیں کررہی۔

  • سیکیورٹی کے تحت آغا سراج درانی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لے جایا گیا، ترجمان نیب

    سیکیورٹی کے تحت آغا سراج درانی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لے جایا گیا، ترجمان نیب

    کراچی: ترجمان نیب نے کہا ہے کہ آغا سراج درانی کو سیکیورٹی کے تحت بکتر بند گاڑی میں عدالت لے جایا گیا، ان کی سیکیورٹی ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آغا سراج درانی کی بکتر بند گاڑی میں عدالت میں پیشی پر پیپلزپارٹی رہنماؤں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نیب نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے تحت آغا سراج کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لے کر گئے، ان کی سیکیورٹی ہمارے لیے سب سے اہم ہے، انہیں سندھ اسمبلی ڈبل کیبن گاڑی میں لے جایا جاتا ہے۔

    ترجمان نیب نے کہا کہ آغا سراج درانی کی گاڑی سے متعلق گفتگو کو مسترد کرتے ہیں، عدالت پہنچانے کے لیے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جاتا ہے، جسمانی ریمانڈ میں آغا سراج کو صاف ماحول میں رکھا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چوبیس اپریل کوجواب طلب کرلیا۔

    مزید پڑھیں: آغاسراج درانی کی درخواست ضمانت پرنیب کونوٹس جاری ،24اپریل تک جواب طلب

    اسپیکرسندھ اسمبلی نے موقف اختیار کیا ہے 18فروری کوکال اپ نوٹس جاری کرکے 25فروری کوطلب کیاگیا، میں شیڈول بناکر 19فروری کواسلام آبادگیا تو 19 فروری کوچیئرمین نیب نے وارنٹ جاری کردیے اور 20فروری کواسلام آباد سےگرفتارکیاگیا۔

    آغاسراج درانی کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری کا طریقہ کار قانون کے برخلاف تھا، مجھے سیاسی انتقام کی خاطرگرفتار کیاگیا، گھر پر چھاپے کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا نیب اب تک میرےخلاف کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا اور استدعا کی نیب ریمانڈلے رہا ہے مگرجوازاب تک پیش نہیں کرسکا، گرفتاری کے طریقہ کار کو غیرقانونی قرار دیا جائے اور میرے خلاف انکوائری کو ختم اور ضمانت پر رہا جائے، تاہم ان کی ضمانت کی استدعا مسترد کردی گئی۔

  • آغا سراج درانی کے گھر کسی سے بد سلوکی نہیں کی، خواتین بھی نامزد ہیں، ترجمان نیب

    آغا سراج درانی کے گھر کسی سے بد سلوکی نہیں کی، خواتین بھی نامزد ہیں، ترجمان نیب

    اسلام آباد : ترجمان نیب نے کہا ہے کہ آغا سراج درانی کے گھر کا سرچ وارنٹ اور خواتین پولیس آفیسرز بھی موجود ہیں، کسی سے بد سلوکی نہیں کی گئی، کیس میں ان کے گھر کی دیگر خواتین بھی نامزد ہیں۔

    یہ بات ترجمان نیب نے اے آر وائی نیوز ٹیم کو وضاحت دیتے ہوئے کہی، ترجمان نیب کا مزید کہنا تھا کہ آغاسراج درانی کے گھر سے لیپ ٹاپ اور کچھ دستاویز ملی ہیں، کیس میں آغا سراج درانی کے گھر کی خواتین بھی شریک ملزم ہیں۔

    اس کے علاوہ کوثر شاہ درانی، ناہید درانی، صنم درانی، ذیشان شوکت، سونیا درانی، آغا شہباز درانی، سامل ملک کامل ملک ،شاہانہ درانی اور سارہ درانی بھی کیس میں نامزد ہیں۔

    نیب ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کے ہمراہ3لیڈی سرچرز موجود ہیں، خواتین سے کوئی بدسلوکی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، آغا سراج درانی کے گھر میں موجود اہل خانہ نیب ٹیم سے تعاون کر رہے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پوری دنیا میں سرچ آپریشن کے کچھ اصول ہوتے ہیں، آپریشن کے دوران کوئی اندر آ سکتا ہے نہ باہر جاسکتا ہے، سرچ آپریشن مکمل ہوتے ہی ٹیم گھر سے باہر آجائے گی، اہل خانہ میں سے کسی کی گرفتاری شیڈول میں نہیں ہے۔

    مزید پڑھیں: آغا سراج درانی کے گھر کی خواتین کو حبس بے جا میں رکھا گیا، سعید غنی

    واضح رہے کہ سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا تھا کہ سب سے اہم صورتحال آغا سراج درانی کے گھر کے اندر ہے، نیب ٹیم کی جانب سے اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، فیملی ڈاکٹر کو بلایا گیا ہے مگر اسے بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی، ان کے گھر کی خواتین کو چھ گھنٹے سے گھر میں حبس بےجامیں رکھا گیا ہے۔

     

  • ڈاکٹرعاصم کی ہمشیرہ کے گھرکوئی چھاپہ نہیں مارا، ترجمان نیب

    ڈاکٹرعاصم کی ہمشیرہ کے گھرکوئی چھاپہ نہیں مارا، ترجمان نیب

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین کی ہمشیرہ کے گھر چھاپے سے نیب کا کوئی تعلق نہیں، کراچی میں ان کی ہمشیرہ کے گھر پر کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان نیب نے واضح کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین کی ہمشیرہ کے گھر چھاپے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے نہ ہی کوئی ایساچھاپہ مارا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعاصم 462ارب روپے کی کرپشن کیسوں کے مبینہ ملزم ہیں اور ڈاکٹرعاصم کیخلاف کرپشن ریفرنس عدالت میں زیرسماعت ہیں۔

    ترجمان نیب کا مزید کہنا تھا کہ نیب کا ادارہ قانون کے مطابق کام کرتا ہے، افسران کو بھی قانون پر سختی سے عملدر آمد کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عاصم حسین کا نیب پر الزام ان پر چلنے والے مقدمات میں دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے، نیب قانون اور قواعد کے مطابق اپنا کام جاری رکھے گا۔


    مزید پڑھیں: ڈاکٹر عاصم کی بہن کے گھر پر چھاپا، مقدمہ درج کرادیا گیا


    واضح رہے کہ ڈاکٹرعاصم حسین نے گزشتہ روز ٹیپو سلطان تھانے میں اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ اُن کی بہن کے گھر پر سادہ لباس اہلکاروں نے گھر والوں کی غیر موجودگی میں چھاپا مارا اور پورے گھر کی تلاشی لی، جس کے بعد ٹیپو سلطان پولیس نے ڈاکٹر عاصم کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔