Tag: ترجمان پنجاب پولیس

  • پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ

    پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ

    لاہور سمیت پنجاب بھر میں محرم الحرام میں پولیس کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، 4 محرم کو 32 ہزار سے زائد اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2800 سے زائد اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں، پنجاب بھر میں آج 262 عزاداری جلوس، 3724 مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب بھرمیں 17ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    فوج تعینات کرنے کا فیصلہ:

    ملک میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سول اداروں کی مددکیلئے فوج سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔

    وزارت داخلہ نے اسلامی مہینے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

    آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں چاروں صوبوں، جی بی اور آزادکشمیرمیں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    نوٹی فکیشن میں کہا گیا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی فوج تعینات کی جائے گی، محرم کے دوران سول اداروں کی مدد کیلئے فوج سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی۔

    فوج کی تعیناتی کا مقصد ممکنہ سکیورٹی خطرات سے نمٹنا اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، فوج کے دستے حساس علاقوں میں گشت کریں گے اور حفاظتی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔

    چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی حکومتوں نے محرم میں فوج تعیناتی کی درخواست کی تھی۔

    یاد رہے پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں یکم سے 10محرم تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ اس مہینے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

    محرم الحرام کا آغاز، پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144 نافذ

    دفعہ 144 کے تحت سیکورٹی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں سات قسم کی پابندیاں نافذ کی گئیں ہیں۔

    موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی خاص طور پر 9 اور 10 محرم کو نافذ کی جائے گی۔ دیگر تمام پابندیاں پورے 10 دن کی مدت میں نافذ رہیں گی۔

  • 3 خطرناک اشتہاری ملزمان یواےای سے گرفتار

    3 خطرناک اشتہاری ملزمان یواےای سے گرفتار

    لاہور: آئی جی پنجاب عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے  3 خطرناک اشتہاری ملزمان کو  یو اے ای سے گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب عثمان انور کی ہدایت پر 3 خطرناک اشتہاری ملزمان شعیب غنی، خالد محمود اور عبدالحامد کو یو اے ای سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ تینوں ملزمان سنگین جرائم کے بعد بیرون ملک فرار ہوگئے تھے، پنجاب پولیس کی ٹیم تینوں اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر کے لاہور ائیر پورٹ پہنچ گئی ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ گرفتار اشتہاری خالد محمود قتل کے مقدمے میں خانیوال پولیس کو مطلوب تھا، شعیب غنی اقدام قتل کے مقدمے میں فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا جبکہ عبدالحامد قتل کے مقدمے میں مردان پولیس کو مطلوب تھا۔

    ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ تینوں ملزمان کو انٹر پول کی مدد سے ریڈ نوٹس جاری کروا کرپاکستان لایا گیا، قتل، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر مقدمات میں اشتہاریوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے۔

    آئی جی پنجاب  عثمان انور نے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز  اشتہاری مجرمان کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کریں۔

  • پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    پنجاب میں احتجاج کے دوران کتنی گاڑیاں جلائی گئیں؟

    لاہور: پنجاب پولیس نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران پنجاب میں جلائی جانے والی گاڑیوں اور نقصان پہنچائی جانے والی عمارتوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ حملوں اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث گرفتار شرپسند عناصر کی تعداد 3 ہزار 185 تک جا پہنچی ہے۔۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کی کارروائیوں میں پنجاب بھر میں 152 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے، پنجاب پولیس کے زیر استعمال 94 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔

    ترجمان کے مطابق شرپسند عناصر نے لاہور پولیس کی 27 اور فیصل آباد پولیس کی 21 گاڑیوں کو جلایا، راولپنڈی پولیس کی 19، میانوالی پولیس کی 9، سیالکوٹ پولیس کی 5، ملتان پولیس کی 4، گوجرانوالہ پولیس کی 3 اور اٹک، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کی ایک، ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبلری کی 3 جبکہ 8 نجی گاڑیاں بھی شرپسند عناصر کے ہاتھوں تباہ ہوئیں، پولیس اسٹیشنز اور دفاتر سمیت 22 سرکاری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔

    انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔