ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ جمشید روڈ بہار کالونی میں عدم ادائیگیوں کے باعث واجبات 25 ملین سے تجاوز کر چکے ہیں-
تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے ترجمان جمشید روڈ بہار کالونی میں بجلی منقطع کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ عدم ادائیگیوں کے باعث نادہندگان کی بجلی منقطع کی گئی ہے-
ترجمان نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران کے الیکٹرک کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
شرپسند عناصر کےخلاف ایف ائی ار کا اندراج بھی کروایا جاچکا ہے۔ ان عناصر کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
کے الیکٹرک ترجمان نے علاقہ مکینوں سے بلوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وقت پر کی گئی ادائیگیاں علاقے میں لوڈشیڈنگ میں کمی یا خاتمے کا باعث بنیں گی۔
واضح رہے کہ جمشیدروڈ پر مخدوم کالونی نمبر ایک اور 2 کے مکینوں کا 3 گھنٹے سے احتجاج جاری تھا۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا تھا،
اس دوران خواتین کی بڑی تعداد سڑک پر موجود تھی۔ احتجاج کے باعث سینٹرل جیل سے گرو مندر آنے جانیوالی سڑکیں 3 گھنٹے سے بند تھیں۔
مظاہرین کا مؤقف تھا کہ علاقے میں4 دن سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ کےالیکٹرک نے بلوں کی عدم ادائیگی کو جواز بنا کر بجلی منقطع کررکھی ہے۔
مظاہرین کا دعویٰ تھا کہ علاقے کی 80 فیصد سے زائد آبادی بل باقاعدگی سے ادا کر رہی ہے۔ کےالیکٹرک دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک گئے، کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔