Tag: ترجمان

  • پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، خواتین سمیت تمام کشمیریوں کے خلاف مظالم جاری ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو بھارت کو پاکستان کا منہ توڑ جواب دینے کے 3 سال مکمل ہوگئے، پاکستان نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کر کے مادر وطن کا دفاع کیا۔ پاکستان نیوی نے بھارتی آبدوز کا پتہ چلا کر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی تعیناتی کردی گئی، نئے سفیر کی تعیناتی خوش آئند ہے تعلقات کو فروغ ملے گا۔

    ترجمان نے بتایا کہ یوکرین میں 7 ہزار پاکستانی ہیں جن میں 3 ہزار طلبا ہیں، یوکرین میں پاکستانیوں کی اکثریت پڑوسی ممالک منتقل ہوچکی ہے۔ گزشتہ 9 روز سے یوکرین میں پاکستانی سفارتخانہ انخلا کے لیے کام کر رہا ہے، 14 سو 53 پاکستانی ہنگری، رومانیہ اور پولینڈ منتقل ہوچکے ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ ہم بھارت سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان بھارت سے مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے لیکن بھارت مذاکرات نہیں چاہتا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کی گرفتاری ریاستی دہشت کا کھلا ثبوت ہے، عالمی برادری پر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ بھارت پاکستان میں ریاستی دہشت گردی کروا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم تمام ممالک کے ساتھ متوازن اور وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں، یورپی یونین کے ساتھ اچھے اور متوازن تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

  • افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے: وائٹ ہاؤس

    افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے: وائٹ ہاؤس

    واشنگٹن: ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکی سفارتی دفتر کھولا جا رہا ہے، افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے خطاب کے بعد پریس بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کی حکومت تسلیم کرنے کی کوئی جلدی نہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں امریکی سفارتی دفتر کھولا جا رہا ہے، افغانستان سے نکلنے میں امریکیوں کو دوحا سے مدد فراہم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا کو طالبان پر ہر سطح پر سبقت حاصل ہے، افغان فوج اور اشرف غنی امریکی توقعات پر پورا نہیں اترے۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل سے فوجیوں اور شہریوں کے خطرناک انخلا کا چیلنج پورا کیا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 30 ہزار افغان فوجیوں کو 20 سال میں تربیت دی، افغان جنگ کے خاتمے کا فیصلہ میں نے کیا، کابل کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دی۔

  • موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    موٹر وے پولیس کی عوام کے لیے ضروری ہدایات

    کراچی: صوبہ سندھ میں شدید دند کا راج جاری ہے، موٹر وے پولیس نے عوام سے احتیاط کرنے اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس استعمال کرنے کی تاکید کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس ساؤتھ زون کا کہنا ہے کہ سکھر میں سرحد بائی پاس سے سندھ پنجاب بارڈر تک دھند ہے جہاں حد نگاہ 30 میٹر ہے، سکھر میں سرحد بائی پاس سے روہڑی بائی پاس تک حد نگاہ 20 میٹر ہے۔

    ترجمان کے مطابق سکھر میں روہڑی بائی پاس سے ٹنڈو مستی تک حد نگاہ 0 سے 30 میٹر ہے، ٹنڈو مستی سے ہالانی تک حد نگاہ 80 میٹر ہے۔

    اسی طرح سکرنڈ میں سدھوجا سے ہالانی تک حد نگاہ 20 سے 30 میٹر اور سکرنڈ میں مشاق سے سدھوجا تک حد نگاہ 60 سے 80 میٹر ہے۔

    بھالائی موڑ سے بھان سعید آباد کے مقام پر حد نگاہ 15 سے 20 میٹر ہے، خان پور سے نصیر آباد کے مقام پر حد نگاہ 50 میٹر ہے، نصیر آباد سے رتو ڈیرو ٹول پلازہ تک حد نگاہ 10 سے 20 میٹر ہے۔

    ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور گاڑی کی رفتار کم رکھیں۔

  • پاکستان کی ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت

    پاکستان کی ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت

    اسلام آباد: پاکستان نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، وسطی ویانا میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ ویانا میں 6 مختلف مقامات پر دہشت گرد حملوں میں 2 شہری ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے جبکہ ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

    ایک حملے میں مسلح افراد نے یہودی عبادت گاہ کے قریب فائرنگ کر کے 2 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، حملے کے بعد دہشت گردوں نے قریبی ہوٹل پر قبضہ کر کے ہوٹل میں موجود افراد کو یرغمال بنالیا اور دیگر کئی مقامات پر فائرنگ کی۔

    آسٹریا کے وزیر داخلہ نے علاقے میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آج اسکول بند رہیں گے، شہری عوامی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

    ان کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گرد کی تلاش جاری ہے، سرحدی علاقوں میں تلاشی کے لیے فورسز کی تعداد بڑھا دی ہے، دہشت گرد تربیت یافتہ، منظم اور خطرناک تھے۔

  • مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے: دفتر خارجہ

    مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق پامال کیے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کو ان کی اجتماعی ذمہ داری یاد کروانے اکٹھے ہوئے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر تنازعہ عالمی برادری کی توجہ کا طلبگار ہے، بھارت نے کشمیریوں کے تمام حقوق پامال کیے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انسانی المیے کی تصویر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جنوری 1989 سے 90 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے، بھارت نے کشمیر میں میڈیا بلیک آؤٹ کر رکھا ہے، کشمیری نسل در نسل اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کوسمجھنا ہوگا کہ کشمیر نہ تو بھارت کا حصہ رہا نہ ہی رہے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف پاکستانی و کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی طرف مبذول کروانا ہے۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم یہ دن بھارتی غیر قانونی قبضے کی مذمت کے لیے منا رہے ہیں، آج کے دن ہم کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر انسانی تاریخ کے تاریک باب کو اجاگرکرتا ہے، 73 سال پہلے بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا، جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ بین الاقوامی تنازعہ ہے۔

  • سندھ کے آفت زدہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد کے منتظر ہیں: مرتضیٰ وہاب

    سندھ کے آفت زدہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد کے منتظر ہیں: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 20 اضلاع ہیں جنہیں سندھ حکومت نے آفت زدہ قرار دیا، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔

    خیال رہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کی جانب سے جاری کردہ بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران سندھ میں 28 افراد جاں بحق ہوئے۔

    بارش کے دوران مکانات، کاروبار، فصلوں اور گھریلو آلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

    سندھ حکومت نے بارش سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کا فیصلہ بھی کیا ہے اور اس حوالے سے کراچی سمیت متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

  • وفاقی حکومت نے سمت درست نہ کی تو مزید بحران پیدا ہوں گے: مرتضیٰ وہاب

    وفاقی حکومت نے سمت درست نہ کی تو مزید بحران پیدا ہوں گے: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے کچھ نہ کرنے سے نقصان عوام کا ہو رہا ہے، حکومت نے سمت درست نہ کی تو مزید بحران پیدا ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ دنیا میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن یہاں حکومت نے تاخیر کی، حکومت کو پیٹرول مافیا کے آگے گھٹنے ٹیکنے پڑے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ چینی کے ریٹ میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ چینی بحران کو 55 دن ہو گئے لیکن کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ یہ حکومت کہتی کچھ اور کرتی کچھ ہے، ان کے اپنے مقاصد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کے کچھ نہ کرنے سے نقصان عوام کا ہو رہا ہے، حکومت نے سمت درست نہ کی تو مزید بحران پیدا ہوں گے۔ حکومت کا طریقہ واردت سادہ ہے، طلب اور رسد کا فرق پیدا کر دیا جاتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ دواؤں کی مارکیٹ میں قلت ہوئی تو قیمتوں میں اضافہ ہوا، چینی مارکیٹ میں کم ہوئی تو قیمت زیادہ ہوگئی، لوگوں نے اربوں کمائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹڈی دل کا سامنارہا، وفاقی حکومت کا اس پر کردار سب کے سامنے ہے، سوچیں کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت کو سندھ نے پیسے دیے۔ وفاق کو ٹڈی دل پر جہاز سے اسپرے کرنے کے لیے 10 ملین سندھ نے دیے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ واحد صوبہ تھا جس نے گندم کی پیداوار کا ہدف حاصل کیا، سندھ نے ہدف سے بڑھ کر 3.82 ملین میٹرک ٹن گندم کی پیداوار دی۔ کوویڈ کے زمانے میں گندم کی پیداوار انتہائی اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پختونخواہ اور پنجاب میں گندم کے ریٹ زیادہ ہیں، قیمت بڑھانے کے لیے گندم ذخیرہ کی جارہی ہے۔ پنجاب میں گندم جاری کرنا شروع کردی گئی ہے، ابھی سے گندم جاری کرنا شروع کریں تو اس کی قیمت میں فرق آئے گا۔

  • پنجاب میں کرونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق

    پنجاب میں کرونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق

    لاہور: صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس سے مزید 22 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 77 ہزار 740 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 14 سو 78 نئے کیسز سامنے آگئے، ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 77 ہزار 740 ہوگئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ صرف لاہور میں 1 ہزار 85، راولپنڈی میں 54، فیصل آباد میں 51، گوجرانوالہ میں 44، گجرات میں 42، ملتان میں 27، جھنگ میں 26، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 25 اور بہاولپور میں 19 کیسز سامنے آئے۔

    اسی طرح رحیم یار خان میں 17، ساہیوال میں 12، راجن پور میں 10، مظفر گڑھ اور اٹک میں 9، 9، بہاولنگر میں 7، شیخوپورہ میں 6، ننکانہ صاحب، سرگودھا اور خانیوال میں 5، 5، وہاڑی اور لودھراں میں 4، حافظ آباد، خوشاب اور منڈی بہاؤ الدین میں 3، 3، بھکر، لیہ اور پاکپتن میں 1، 1 کیس سامنے آیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے مزید 22 اموات ہوئی ہیں۔

    صوبے میں اب تک 5 لاکھ 9 ہزار 505 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد بھی 28 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

    پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار 500 ہوچکی ہے، جبکہ اموات بھی 4 ہزار 500 کے قریب پہنچ چکی ہیں۔

    ملک میں کرونا وائرس سے صحتیاب افراد کی تعداد بھی 1 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • سلامتی کونسل اجلاس نے ثابت کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی فہرست میں ہے: دفتر خارجہ

    سلامتی کونسل اجلاس نے ثابت کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی فہرست میں ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل اجلاس نے ثابت کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی فہرست میں ہے اور مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ 164 دن گزرنے کے بعد سلامتی کونسل نے دوسری بار کشمیر پر بات کی، بحث 1 گھنٹے سے زائد جاری رہی، تمام 15 اراکین نے حصہ لیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اراکین کی جانب سے 5 اگست کا بھارتی اقدام تناؤ میں اضافے کی وجہ قرار دیا گیا، پی فائیو اور دیگر ممالک نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اجلاس نے پھر ثابت کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی فہرست میں ہے اور مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کا جارحانہ رویہ کسی مس کیلکولیشن کا سبب بن سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس سے بھی ملاقات کی، سیکریٹری جنرل نے جنوبی ایشیا میں مذاکرات کے ذریعے امن کے فروغ کی بات کی۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اجلاس میں کشمیر کو پھر متنازعہ تسلیم کیا گیا ہے اور وادی میں کرفیو اٹھانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ختم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

  • دسمبر 2019 میں مہنگائی میں کمی، 2020 میں مزید کمی متوقع

    دسمبر 2019 میں مہنگائی میں کمی، 2020 میں مزید کمی متوقع

    اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ دسمبر 2019 میں مہنگائی کے بیشتر اشاریوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، سنہ 2020 میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ عمر حامد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسمبر 2019 میں مہنگائی کے بیشتر اشاریوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) اور ہول سیل پرائس انڈیکس (ڈبلیو پی آئی) میں 0.3 فیصد کمی ہوئی، کمی نومبر 2019 کے مقابلے میں کم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہروں کے لیے فوڈ انفلیشن گزشتہ ماہ کی نسبت منفی 1.7 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں کے لیے گزشتہ ماہ کی نسبت منفی 1.1 فیصد رہی۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ ایک ماہ میں پیاز ساڑھے 12، ٹماٹر ساڑھے 36، مرغی 11.2 فیصد، آٹا 1.1، آلو 2 اور مرچیں 17.6 فیصد سستی ہوئیں۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے اقدامات جاری ہیں، سنہ 2020 میں مہنگائی میں مزید کمی متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ دسمبر کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.34 فیصد کمی ہوئی۔ ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ دسمبر 2018 کی نسبت نومبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.63 فیصد رہی۔

    رپورٹ کے مطابق ایک ماہ کے دوران خشک میوہ جات کی قیمت میں 6.35 فیصد اضافہ ہوا۔ گندم 5.62، انڈے 4.61 اور دالیں 3.80 فیصد مہنگی ہوئیں۔

    اسی طرح ٹماٹر 36، پیاز 12، چکن 11 اور تازہ سبزیاں 4.62 فیصد سستی ہوئیں۔ مجموعی طور پر ایک سال میں ٹماٹر 321، پیاز 170 اور تازہ سبزیاں 84 فیصد مہنگی ہوئی تھیں۔