Tag: ترجمان

  • شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے: دفتر خارجہ

    شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 132 دن سے لاک ڈاؤن ہے۔ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ شہریت کے متنازعہ بل سے بھارت کا چہرہ سامنے آگیا ہے، اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی، افغانستان اور پاکستان کے مسائل پر بھی بات ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کی۔

    ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے ڈپلومیٹک کور سے ملاقات کی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔

    اس سے قبل بریفنگ میں دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز اٹھا رہا ہے، او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ نہیں ہوگا تو مسئلہ بھی حل نہیں ہوگا۔ پاکستان کی کشمیر پالیسی اسی جگہ ہے جہاں تھی، کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

  • مہاجرین پر کانفرنس ، وزیراعظم عمران خان  17 اور 18 دسمبر  جنیوا جائیں گے

    مہاجرین پر کانفرنس ، وزیراعظم عمران خان 17 اور 18 دسمبر جنیوا جائیں گے

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 17 اور 18 دسمبر کو مہاجرین پر کانفرنس میں شرکت کے لیے جنیوا جائیں گے،  پاکستان کی کشمیر پالیسی  میں  کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 126 روز سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، مقبوضہ کشمیر میں ذرائع ابلاغ بند ہیں، بھارتی حکومت کسی کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مسلسل آواز اٹھا رہا ہے، او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ نہیں ہوگا تو مسئلہ بھی حل نہیں ہوگا۔ پاکستان کی کشمیر پالیسی اسی جگہ ہے جہاں تھی، کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

    انہوں نے کہا کہ ممبئی کیس عدالت میں زیر التوا ہے اس پر بات نہیں کر سکتااور  پاکستان کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کا دوبارہ رکن منتخب ہوا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم 17 اور 18 دسمبر کو مہاجرین پر کانفرنس کے لیے جنیوا جائیں گے، یو این ایچ سی آر اور سوئس حکومت مشترکہ میزبانی کریں گے۔ پاکستان امریکا اور طالبان مذاکرات بحالی کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے یکم اور 2 دسمبر کو سری لنکا کا دورہ کیا، وزیر خارجہ نے سری لنکا کی نئی قیادت کو مبارکباد دی۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے بہترین کارکردگی دکھائی، ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے 17 گولڈ میڈل حاصل کیے۔

  • کلبھوشن کیس میں تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے: دفتر خارجہ

    کلبھوشن کیس میں تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں کی جارہی، عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا پاکستانی قوانین کی روشنی میں احترام ہوگا۔ کلبھوشن کے معاملے پر تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں مزید 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں بھارت غیر انسانی اقدامات کر رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کی طرف سے عید میلاد النبی پر مقبوضہ کشمیر میں اجتماعات پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ وادی میں مساجدوں کو عید میلاد النبی پر بند کیا گیا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مذہبی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بابری مسجد کا معاملہ او آئی سی کے ایجنڈے پر موجود ہے، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں عندلیب عباس نے نمائندگی کی۔ سیکریٹری خارجہ پارلیمانی امور نے سائیڈ لائنز پر مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ بابری مسجد فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، مسجد کو ساڑھے 400 برس مسلمان استعمال کرتے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بابری مسجد کے فیصلے کے بعد مساجد کو خطرات لاحق ہوگئے، ہم ہر فورم پر بابری مسجد کے معاملے کو اٹھاتے رہیں گے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے سے اقلیتیں غیر محفوظ ہوگئی ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری میں عام پاکستانی شہری جا سکتے ہیں تاہم میڈیا کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پیشگی اجازت کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں تسلسل کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔ ایل او سی پر ہماری افواج چوکس ہیں، ہر قسم کے دفاع کو تیار ہیں۔ ایل او سی پر جب بھی خلاف ورزی ہوئی اس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ ہم اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر پر ہمارے مؤقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں کی جارہی، آئی ایس پی آر کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔ بھارت کی کمر دیوار کے ساتھ لگ چکی ہے۔ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا پاکستانی قوانین کی روشنی میں احترام ہوگا۔ کلبھوشن معاملے پر تمام فیصلے پاکستانی قوانین کے مطابق ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے کابل کا دورہ کیا ہے۔ حالیہ صورتحال پر افغان حکام سے بات چیت ہوئی ہے۔ اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہے فلسطین پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

  • پانی روکنے کا بھارتی اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا: دفتر خارجہ

    پانی روکنے کا بھارتی اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مودی کا پانی بند کرنے کا اشتعال انگیز بیان قابل مذمت ہے۔ پانی روکنے کا اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا۔ دریاؤں کے پانی کا بہاؤ معاہدے کے مطابق جاری رہنا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر طلبی کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 75 روز ہوچکے ہیں، بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور بربریت جاری ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں مزید 3 کشمیری شہید کر دیے گئے، وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ دواؤں اور اشیائے خوراک کی شدید قلت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے بیرونی دنیا سے رابطے منقطع ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کی حکومت جارحانہ عزائم ظاہر کر چکی ہے، مودی کا پانی بند کرنے کا اشتعال انگیز بیان قابل مذمت ہے۔ پانی روکنے کا اقدام پاکستان پر جارحیت تصور ہوگا۔ دریاؤں کے پانی کا بہاؤ معاہدے کے مطابق جاری رہنا چاہیئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہماری طرف سے کرتار پور راہداری کا کام تقریباً مکمل ہے، بھارت انتہا پسند اور جارحانہ پالیسیوں پر خود تنہائی کا شکار ہے۔ مودی خود اپنی ریاست کو بند گلی میں لے گئے ہیں۔ پاکستان نے مسئلہ کشمیر ہر جگہ اٹھایا اور بھارتی چہرہ بے نقاب کیا۔ بابری مسجد کے معاملے پر بھارت کی عدالت کا فیصلہ آئے گا تو دیکھیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو تک بھارت کو قونصلر رسائی دی جاچکی ہے، معاملے کے مزید قانونی پہلوؤں پر بعد میں بات کی جائے گی۔ پاکستان تسلسل کے ساتھ کشمیر کا مسئلہ اٹھا رہا ہے، یہ جہد مسلسل ہے۔ ہماری بھرپور سفارتی کوششوں سے بھارت پریشانی کا شکار ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 13 اکتوبر کو تہران کا دورہ کیا، وزیر اعظم نے ایران کے روحانی پیشوا اور صدر سے ملاقاتیں کیں۔ ان کا دورہ خطے میں کشیدہ فضا کم کرنے کے لیے تھا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نےایرانی قیادت پر خلیج میں کشیدگی ختم کرنے پر زور دیا، وزیر اعظم نے 15 اکتوبر کو سعودی عرب کا بھی دورہ کیا، انہوں نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتیں کیں۔

    دفتر خارجہ کے مطابق دورے کا مقصد خطے میں کشیدگی ختم کرکے امن کو فروغ دینا تھا۔ وزیر اعظم نے ایران اور سعودی عرب کو بات چیت سے مسائل کے حل پر زور دیا۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ جدہ حادثے میں کسی پاکستانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں، افغانستان میں پاکستانی مہاجرین کی موجودگی یا کسی کیمپ سے متعلق علم نہیں۔

  • طالبان وفد سے ملاقات میں افغان امن عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا: دفتر خارجہ

    طالبان وفد سے ملاقات میں افغان امن عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ طالبان وفد کی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات میں افغان امن کے عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا۔ دونوں جانب سے افغانستان میں امن کے لیے مذاکرات بحالی پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دی، اپنی بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر جاری ہے، درجنوں کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں، 60 روز سے جاری کرفیو کے باعث اطلاعات باہر نہیں آتیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کا اظہار کر چکی ہے، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر دفتر خارجہ طلبی ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا دورہ مصروف رہا، وزیر اعظم نے امریکی صدر سمیت عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے بھی متعدد ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں، وزیر خارجہ نے او آئی سی کشمیر گروپ سمیت دیگر فورمز پر مؤقف پیش کیا۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ طالبان وفد کی پاکستانی وفد کے ساتھ ملاقات ہوئی، دونوں جانب سے افغان امن کے عمل کی بحالی پر اتفاق ہوا۔ دونوں جانب سے افغانستان میں امن کے لیے مذاکرات بحالی پر زور دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان وفد کی آمد کے بہت حساس پہلو ہیں، پاکستان کی امن کے فروغ کی کوششیں قابل قدر ہیں۔ افغان طالبان سے ملاقات کے دیگر حساس پہلو وقت پر سامنے لائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر پوزیشن واضح ہے، امت مسلمہ کا بیان او آئی سی کے اجلاس میں سامنے آچکا ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی مدت ملازمت مکمل ہونے پر سبکدوش ہوئیں۔ ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارت کار منیر اکرم خدمات انجام دیں گے۔

  • کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے: دفتر خارجہ

    کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم سے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد بڑھ رہی ہے، کشمیر پر عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام تر مواصلاتی نظام معطل ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا دنیا بھر سے رابطہ منقطع ہونے کا آج 39 واں دن ہے، بین الاقوامی میڈیا کو کشمیر میں رسائی دی جائے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے 3 کشمیروں کو شہید کیا، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ہے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کو حل کرے۔ بھارتی مظالم سے مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد بڑھ رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کا احترام کرے، ترکی نے بھی اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے، ملائیشیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا۔ چین کا مؤقف واضح ہے وہ کسی یکطرفہ اقدام کی حمایت نہیں کرے گا۔ پاکستان مسلسل عالمی برادری کو صورتحال سے آگاہ کر رہا ہے۔ ہر فورم کو بھارتی غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری پاکستان کے مؤقف سے متفق نظر آرہی ہے، کشمیریوں کو ان کے حقوق عالمی قوانین کے تحت ملنے چاہئیں، پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا، کھوئی رٹہ سیکٹر پر ایل او سی کی خلاف ورزیوں پر احتجاج ریکارڈ کروایا۔ وزیر خارجہ نے جنیوا میں انسانی حقوق کونسل اجلاس میں شرکت کی۔ انسانی حقوق کمیشن کے اجلاس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی پر کوئی اعتراض نہیں، اعتراض بھارت کو ہے وہ راضی ہوگا تو ثالثی شروع ہوگی۔ کل وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد جارہے ہیں، کل اہم پالیسی بیان دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا اور طالبان میں مذاکرات رکنے کا علم ہے۔ فریقین اس معاملے پر تحمل کا مظاہرہ کریں، فریقین واپس مذاکرات کی میز پر آئیں۔ فوجی طاقت سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ بہتر ہے مذاکرات سے دیرپا امن کے لیے بات چیت کی جائے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایسے اقدام کو مسترد کرتے ہیں جو فلسطین میں تناؤ کا باعث بنے، ہم فلسطین کی 1969 سے پہلے والی سرحد کو ہی تسلیم کرتے ہیں۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں لیا جا رہا۔

  • بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے: دفتر خارجہ

    بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے، بھارت موجودہ حالات میں پلوامہ 2 کرنا چاہ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکت کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اجلاس کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ڈیڑھ کروڑ زندگیاں خطرے میں ہیں، مقبوضہ کشمیر میں لوگ 16 دن سے گھروں میں محصور ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے باہر ایک فوجی تعینات ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج 4 ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر چکی ہے، بھارت موجودہ حالات میں پلوامہ 2 کرنا چاہ رہا ہے۔ بھارت موجودہ حالات کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات بہت کشیدہ ہیں، بھارتی فوج ایل او سی پر روزانہ اشتعال انگیزی کر رہی ہے۔ بھارتی فوج ایل او سی پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ایل او سی پر بھارتی جارحیت سے پاک فوج کے جوان بھی شہید ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایل او سی پر بھارت کو بھرپور جواب دے رہی ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے متعدد بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل اور او آئی سی وزرائے خارجہ میں اٹھایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پر بھارت سے سفارتی تعلقات محدود کیے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ جموں و کشمیر میں بد ترین انسانی بحران جنم لے چکا ہے۔ مودی حکومت کی حرکتوں سے خود بھارت والے پریشان ہیں۔

    سینیٹر ڈاکٹر وسیم نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر چھیڑ چھاڑ کرے گا جس پر ترجمان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے میں ورلڈ بینک ضامن ہے۔ کل بھارت نے دریائے ستلج میں بغیر اطلاع پانی چھوڑا۔ پاکستان سندھ طاس معاہدے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ سندھ طاس معاہدے پر کل اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: عازمین حج کے لیے نت نئی سہولیات، کئی زبانیں بولنے والا عملہ تعینات

    سعودی عرب: عازمین حج کے لیے نت نئی سہولیات، کئی زبانیں بولنے والا عملہ تعینات

    ریاض: سعودی حکام عازمین حج کے لیے نت نئی سہولیات فراہم کرنے لگے، ایئرپورٹ پر کئی زبانیں بولنے والے ترجمان تعینات کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے ان اقدامات کا مقصد عازمین حج کو ہر قسم کی پریشانی سے بچانا ہے، دنیا بھر سے مختلف زبانیں بولنے والے لاکھوں مسلمان حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر کئی ایسے ترجمان تعینات کیے گئے ہیں جو مختلف زبانوں پر عبور رکھتے ہیں، جو عازمین کو رہنمائی فراہم کررہے ہیں۔

    بعض اوقات عازمین حج کو اپنا مدعا بیان کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے، کیوں کہ بہت سے افراد انگریزی اور عربی زبان سے ناواقف ہوتے ہیں، ترجمان کی تعیناتی سے یہ مسئلہ حل ہوچکا ہے۔

    ہوائی اڈوں پر ایسے رضاکار اور مختلف زبانوں کے ماہر طلباء کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو دوسرے ممالک سے آنے والے عازمین حج کو ان کی زبان میں رہ نمائی فراہم کر رہے ہیں۔

    سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر جن رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے کہ وہ انگریزی، ہسپانوی، انڈونیشی، جاپانی، فارسی، اردو سمیت ترکی زبان بھی جانتے ہیں، اور باشندوں کو انہیں کی زبان میں گائیڈ کررہے ہیں۔

    حجاج کرام کے استقبال کے لیے ننھے منھے بچے بھی آگے آگے

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں عازمین حج کی خدمت اور ان کے استقبال کے لیے کام کرنے والے زمازمہ کنسولی ڈیڈٹ مرکز کی طرف سے عازمین حج کے استقبال کی ایک نئی مہم شروع کی گئی ہے۔

    زمزمی صغیر کے عنوان سے جاری اس مہم میں مکہ اور مدینہ منورہ کوملانے والی مرکزی شاہراہ پر بچے پھول اور زمزم کی بوتلیں لیے عازمین حج کا استقبال کرتے ہیں، بچے یہ پھول اور زمزم اللہ کے مہمانوں میں تقسیم کرکے ان سے داد تحسین وصول کرتے ہیں۔

  • جنہوں نے لمباعرصہ مال کھایا ان کے معاملات پہلے سامنے آگئے ہیں، شہبازگل

    جنہوں نے لمباعرصہ مال کھایا ان کے معاملات پہلے سامنے آگئے ہیں، شہبازگل

    لاہور: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا ہے کہ آج میں کرولا پرآؤں اور کل جائیدادیں بن جائیں تو کیاعوام احتساب نہیں چاہیں گے؟۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 50 سال یہ دونوں پارٹیاں حکومت میں رہیں۔

    شہباز گل نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اگر کسی نے مال کھایا اسے بھی اندر ہونا چاہیے، اسے بھی آپ ہی کے برابر والی بیرک میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے لمباعرصہ مال کھایا ان کے معاملات پہلے سامنے آگئے ہیں۔

    ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے کہا کہ آج میں کرولا پرآؤں اور کل جائیدادیں بن جائیں تو کیاعوام احتساب نہیں چاہیں گے؟۔

    احتجاج اور ریلی نکالنا ن لیگ کے بس کی بات نہیں، شہباز گل

    یاد رہے کہ 16 مئی کو ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں گزشتہ 10 سالوں میں غریب کی حالت بد سے بدتر ہوتی گئی تھی، ن لیگ نے کمیشن کھانے، ٹی ٹی ٹرانزیکشن کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔

  • حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا: ترجمان دفتر خارجہ

    حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا: ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا، پاکستانی میڈیا کو مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں سفارت کاری بھی بدل رہی ہے، معلومات کے تیز تبادلے کے باعث سفارت کاروں کو بھی آسانی ہوئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا کا کردار کافی اچھا رہا ہے، پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے برعکس حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی۔ پاکستانی میڈیا نے بھارتی جھوٹ کے خلاف نیشنلسٹ طریقہ اپنایا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلق کو مضبوط بنانا ہوگا، پاکستانی میڈیا کو مزید ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ چاہتے ہیں بھارت سے پلوامہ حملے پر قابل عمل معلومات مل جائیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کو کچھ نئے سوالات بھیجے ہیں، بھارت نے پہلے کے سوالات کا جواب بھی ابھی تک نہیں دیا۔